لوح مشتری کے حوالے سے مزید وضاحت ‘ اہم سوالات کے جوابات

یہ عشق نہیں آساں، بس اتنا سمجھ لیجیے

لوح مشتری کے حوالے سے مزید وضاحت ‘ اہم سوالات کے جوابات

 گزشتہ کالم میں لوح مشتری نورانی کا نقش اور موکلات و طلسم دیے گئے تھے، ساتھ ہی لوح کی تیاری کے طریقہ ءکار پر بھی روشنی ڈالی گئی تھی، اس حوالے سے فون، ای میلز اور خطوط کے ذریعے بہت سے سوالات پوچھے گئے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسے تمام سوالات کا جواب فوری طور پر دے دیا جائے، بعض سوالات ایسے بھی ہیں جو ذاتی نوعیت کے تھے ان کا براہ راست جواب دیا جارہا ہے ۔

 اکثر لوگوں نے یہ سوال ضرور کیا ہے کہ کیا ” لوح مشتری “ کو کاغذ پر بھی بنایا جاسکتا ہے یا نہیں؟ تو اس کا جواب یہی ہے کہ شرفِ مشتری بارہ ، تیرہ سال میں ایک بار آتا ہے اور کاغذ پر تیار کی گئی لوح زیادہ پائیدار ثابت نہیں ہوسکتی، یہ زندگی بھر کام آنے والی اور فائدہ پہنچانے والی چیز ہے۔ کاغذ پر خراب ہونے اور ضائع ہونے کا اندیشہ بہت زیادہ ہے، دوسری نہایت اہم بات یہ ہے کہ جس طرح ہر سیارے سے متعلق اعداد، اسمائے الٰہی، موکلات، طلسمات اور حروفِ مقطعات مخصوص ہیں اسی طرح ہر سیارے کے لیے مخصوص دھاتیں، خوشبو، رنگ، خوراک، صدقات وغیرہ بھی مخصوص ہیں اور ان کی پابندی کرنا سارے عمل کو موثر بناتا ہے لہٰذا ہمارے نزدیک تمام بنیادی اصول و قواعد کی پابندی لازمی ہے تاکہ شرفِ مشتری کا جو روحانی اثر عالمِ علوی میں پیدا ہوگا وہ مشتری کی موافق دھات پر ہی دُرست انداز میں جذب ہوسکے گا۔

 مشتری کی دھات سونا اور قلعی ہے اور اسی مناسبت سے چاندی کو بھی اہمیت حاصل ہے مگر چاندی پر اسے تیار کرنے کے بعد سونے کا پانی چڑھوانا یعنی گولڈ پلیٹنگ بھی ضروری ہے اور یہ سب اہتمام کاغذ پر ممکن نہیں ہے، البتہ ایسے لوگ جو سونا چاندی، قلعی وغیرہ پر بنانے کی استطاعت نہ رکھتے ہوں وہ کسی ایسے کاغذ پر جس کی ایک سائیڈ گولڈن کلر کی ہو۔ بناسکتے ہیں مگر یہ طریقہ اول تو بہت زیادہ موثر ثابت نہیں ہوگا۔

دوسری بات وہی کہ تھوڑے ہی دن میں اس کے خراب ہونے کا اندیشہ موجود ہے ، گولڈن کاغذ پر لکھنے کے لیے عرقِ گلاب اور زم زم میں زعفران ملاکر روشنائی بنالی جائے اور اُس روشنائی سے لوح تیار کی جائے ، عام طور پر یہ روشنائی زیادہ عرصے تک قائم نہیں رہتی اور بعد میں حروف مٹ جاتے ہیں ۔

 لوحِ مشتری نورانی دو حصوں پر مشتمل ہے، سامنے والا رُخ اسمائے الٰہی اور حروف مقطعات کا ہے اور دوسرا رُخ موکلات و طلسمات کا ہے،پہلے حصے کے حوالے سے بعض لوگوں نے اس پریشانی کا اظہار کیا ہے کہ نقش کا ڈیزائن خاصا پیچیدہ اور مشکل ہے، اسے مکمل دُرستگی کے ساتھ بنانا آسان نہیں ہے تو کیا جیسا بھی ہم سے بن سکے ، بنالیں ؟

طلسمی مثلثِ سلیمانی

 واضح رہے کہ ہم نے عرض کیا تھا کہ یہ نقش ” مثلثِ سلیمانی “ ہے اور بہ ذاتِ خود ایک طلسمی اثر رکھتا ہے ، اس میں مخصوص زاویے موجود ہیں جو اپنی مخصوص ڈگری رکھتے ہیں ، نقش کے اصل خانوں کی تعداد سات ہے اور سات کا عدد بھی اپنی پراسراریت کے لیے مشہور ہے۔

دنیا بھرمیں تمام مذاہب سات کے عدد کو نہایت مبارک اور مقدس تسلیم کرتے ہیں، بے شمار چیزیں ایسی ہیں جو اپنی تعداد کے اعتبار سے سات کے عدد کی پابند ہیں مثلاً سات آسمان، سات رنگ، ہفتے کے سات دن، سات سمندر، عبادات کے دوران میں سات چکر لگانا یا اکثر اوراد و وظائف میں عدد سات کی اہمیت مسلم الثبوت ہے ، خیال رہے کہ تاریخِ اسلام کے اولین اور اہم ترین معرکہ ءحق و باطل میں مجاہدینِ اسلام کی تعداد 313 تھی جس کا مفرد عدد بھی سات ہے اور یہ تعداد بھی اللہ رب العزت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے اور وہی اس عدد کی حکمت سے خوب واقف ہے ۔

 قصہ مختصر یہ کہ نقش کے ڈیزائن کو پوری احتیاط اور چابک دستی کے ساتھ بنانا ضروری ہے اور اس کے لیے پہلے سے تھوڑی سی پریکٹس کرلی جائے تو بہتر ہوگا، مزید آسانی کے لیے آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ پہلے سے مشتری کی کسی ساعت میں ڈیزائن تیار کرلیں اور اوپر 786 ، یا حی القیوم، چاروں ملائکہ کے نام اور دائیں بائیں حٰمٓعٓسٓقٓ اور کٓھٰیٰعٓصٓ وغیرہ بھی لکھ لیں اور بعد میں کسی دوسری ساعت میں نقش کے اندرونی خانے بھر لیے جائیں۔

اگر یہ کام ایک سے زیادہ ساعتوں میں کرنا پڑے تو بھی کوئی حرج نہیں ہوگا۔ اسی طرح لوح کے دوسرے رُخ کی تیاری میں بھی ایک سے زیادہ ساعتوں میں کام کیا جاسکتا ہے ، بس صرف اتنی احتیاط ضروری ہوگی کہ جب ساعت کا وقت ختم ہونے لگے تو لوح کو کسی چھوٹے ڈبے وغیرہ میں بند کرکے محفوظ جگہ رکھ دیں اور پھر دوسری ساعت میں کام شروع کرتے وقت نکال لیں ، دوسرے رُخ پر موکلات و طلسم لکھتے ہوئے زیادہ احتیاط صرف طلسم کو نقل کرتے ہوئے کرنا پڑے گی۔ باقی اس الجھن میں نہ پڑیں کہ پہلے کیا لکھا جائے اور بعد میں کیا لکھاجائے۔ ایسی ہی پیچیدگیوں اور مشکلات کے پیش نظر ایسے نقوش و طلسمات کے لیے سانچا یا ڈائی ضروری ہوتی ہے تاکہ ہر معاملے میں کاملیت پیدا ہو۔

بخور اور خوشبویات

 اکثر افراد نے ” بخور “ کا مطلب پوچھا ہے ، اگر وہ کبھی مڈل ایسٹ گئے ہوتے اور وہاں رہنے کا موقع ملا ہوتا تو شاید یہ سوال نہ کرتے ، بخور عربی زبان میں ایسی خوشبویات کو کہا جاتا ہے جنہیں جلاکر کمرے وغیرہ کو خوشبودار بنایا جاتا ہے ، عربوں میں یہ طریقہ ءکار آج بھی عام ہے اور مڈل ایسٹ کے تقریبا تمام ہی ممالک میں ” بخور “ کی مختلف ورائٹیز عام ملتی ہیں اور اب ایسے الیکٹریکل بخوردان بھی ملتے ہیں جنہیں آن کرکے بخور کی ٹکیا وغیرہ اس پر رکھ دی جاتی ہے۔

ہمارے ہاں بخور کا قدیم متبادل ” دھونی “ ہے اور عام طور پر گھر یا دکان وغیرہ میں کالا دانہ ، لوبان یا صندل وغیرہ کی دھونی کا رواج رہا ہے ، مشتری کے متعلقہ بخورات ہم نے لکھ دیے تھے ان میں سے جو بھی میسر ہو اسے جلاکر کمرے کو معطر کرلیا جائے ، اگر صندل کی اگر بتیاں جلالی جائیں تو یہ بھی کافی ہوگا ، نقش لکھتے وقت باوضو رہیں اور رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھ کر بیٹھیں ، کپڑوں پر مشتری سے متعلق خوشبو لگائیں ۔

 لوح کی تیاری کے بعد ساتوں خانوں کے اسمائے الٰہی اور حروفِ مقطعات سات بار اور یا حی القیوم 205 بار پڑھ کر لوح پر دم کردیں اور کوئی زرد رنگ کی شیرینی جو پہلے سے موجود ہو ، اس پر فاتحہ دے کر ایصال ثواب کریں پھر لوح کو خوشبودار ریشمی زرد رنگ کے کپڑے میں لپیٹ کر محفوظ کرلیں،اسمائے الٰہی کو پڑھنے کی ترتیب یہ ہوگی ” یا اللہُ یا محیطُ یا حَکَمُ یا طٰسٓ یا یٰسٓ یا الٓمٓ یا باسطُ“

گولڈ پلیٹنگ اور تنجیم

 اس کے بعد کسی وقت ، اگر لوح چاندی پر بنائی ہے تو اس پر گولڈ پلیٹنگ کرالیں اور سات راتوں میں لوح کی ” تنجیم “ کریں یعنی ایسے دنوں میں جب مشتری طلوع ہو تو اسے چاند کی روشنی میں اس طرح رکھیں کہ طلسم والا رُخ چاند کے سامنے رہے ، بہتر ہوگا کہ اُس وقت بھی مشتری کا بخور جلایا جائے ، اس کے بعد لوح مشتری استعمال کے لیے تیار ہوگی۔

طریقہءاستعمال

 کسی بھی نوچندی جمعرات کو ( چاند کی پہلی تاریخ کے بعد جو پہلی جمعرات آئے وہ نوچندی کہلاتی ہے ) مشتری کی ساعت میں اس لوح مبارک کو گلے میں پہن لیں یا جیب وغیرہ میں رکھیں لیکن بہتر ہوگا کہ پہلے موم جامہ یا پلاسٹک کوٹنگ کرالی جائے۔ لوح پہننے کے بعد جمعرات کو ہی تین کلو چاولوں کا زردہ پکواکر کسی ایسے مدرسے میں بھجوادیں جہاں بچے قرآن پڑھتے ہوں۔ اگر اتنی توفیق نہ ہو تو تین کلو چنے کی دال یا زرد رنگ کی کوئی مٹھائی کسی ایسے غریب عالم کو دیں جو بچوں کو تعلیم دیتا ہو۔

اب روزانہ فجر یا عشاءکے بعد یا حی القیوم اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ 205 مرتبہ پڑھ کر اللہ سے خیروبرکت ، ترقی اور کشادگی ءرزق کے لیے دعا کیا کریں یا آپ کا اگر کوئی اور جائز مقصد بھی ہے تو اس کے لیے بھی دعا کیا کریں ، اس ورد کو اپنا معمول بنالیں ۔

وہ لوگ جو یہ کام خود نہ کرسکیں ، وہ ہمارے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں اور وقت سے پہلے اپنا آرڈر نوٹ کراسکتے ہیں، خیال رہے کہ ہم لوح مشتری چاندی پر گولڈ پلیٹنگ کے ساتھ ، یلو جیڈ کے اسٹون اورقلعی پر بھی تیار کریں گے۔ ان شاءاللہ۔ اس کے علاوہ طلسمی خاتم مشتری چاندی پر گولڈ پلیٹنگ کے ساتھ اور زرد عقیق پر تیار کی جائے گی۔ اس حوالے سے رابطے کے لیے واٹس ایپ نمبر یہ ہیں 03002107035۔۔0370874043

 آیئے اپنے خطوط اور ان کے جوابات کی طرف

مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی

 ل،و، ن۔ میرپور خاص سے لکھتے ہیں ” میری بیٹی پیدائش سے ہی بیمار ہے۔ شروع میں سینے میں تکلیف، نمونیا ڈاکٹر بتاتے تھے، اب سال میں دو مرتبہ ملیریا اور ٹائیفائیڈ ہوتا ہے، دو سال میں گلے میں آواز میں کھڑکھڑاہٹ رہتی ہے۔ ہر دس دن بعد بخار محسوس ہوتا ہے، پیناڈول ٹیبلٹ کھانے سے معمولی آرام ہوجاتا ہے۔

بخار میں سردی لگتی ہے، بھوک بہت کم لگتی ہے، پیاس بہت کم لگتی ہے، پورے دن میں ایک گلاس پانی پیتی ہے، نمکین چیز اچھی لگتی ہے ، ہلکی کھانسی شروع سے ہے۔ پچھلے مہینے گردے میں درد ہوا تو ڈاکٹر نے الٹر ساﺅنڈ کرایا، رپورٹ بالکل کلیئر تھی۔

دوسرے ڈاکٹر نے ہاضمے کی دوائی دی، گردے میں ہلکا درد کافی عرصے سے ہے، نا چاہتے ہوئے بھی میڈیکل علاج کرانا پڑتا ہے جو عارضی ہوتا ہے ، تقریباً 6 سال سے بلڈ پریشر بہت زیادہ لو ہوجاتا ہے ، پھر ڈاکٹروں کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ، کسی صاحب نے یاقوت کا نگینہ پہننے کا مشورہ دیا تھا ، یاقوت درجہ دوم نگینہ ہمارے پاس ہے جسے بر وقت پہننے سے فائدہ محسوس ہوتا ہے ، اب ایک مہینے سے خواب ڈراﺅنے آرہے ہیں اور اپنی موت ، عزیزوں وغیرہ کی موت کے خواب آتے ہیں ، آپ علم نجوم کی روشنی میں حال و مستقبل کے لےے ہماری رہنمائی فرمائیں ، اللہ تعالیٰ آپ کو اجر عظیم عطا فرمائے ۔“

 جواب: اگرچہ بچی میں پیدائشی طورپر کوئی بیماری نہیں ہے لیکن ابتدا ہی میں نمونیا ہونے کی وجہ سے ساری خرابیوں کا آغاز ہوا ، واضح رہے کہ نمونیا، ملیریا، ٹائفائیڈ، پیچش ایسی بیماریاں ہیں جن کا مستقل اور پائیدار علاج ایلو پیتھک طریقہ علاج میں نہیں ہے بلکہ حکمت میں بھی نہیں ہے، صرف ہومیو پیتھی کے ذریعے ہی ان بیماریوں کو جڑ سے ختم کیا جاسکتا ہے۔

ابتدا ہی میں ان سارے مسائل کی وجہ سے اینٹی بایوٹکس کا بے تحاشا استعمال ہوا ہوگا جس کے نتیجے میں جگر، معدہ اور دیگر جسمانی فنکشنز متاثر ہوئے ہوں گے اور اب جو صورت حال سامنے ہے وہ خاصی تشویش ناک ہے، اتنی چھوٹی سی عمر میں گردوں کے مسائل بھی پیدا ہوگئے ہیں، ہمیں شک ہے کہ معاملہ ٹی بی تک چلا گیا ہے، اس طرح مسلسل بخار کا رہنا ، بھوک نہ لگنا ، پیاس نہ لگنا اور وزن کم ہونا عام طورپر ٹی بی کی علامتوں میں شامل ہیں۔ بہتر ہوگا کہ کسی بہت تجربے کار ہومیو پیتھک ڈاکٹر سے لمبے عرصے تک علاج کرائیں تاکہ تمام خرابیوں کا مکمل علاج ہوسکے ۔

 جہاں تک بچی کے زائچے کی بات ہے تو شمسی برج حوت ، قمری اور پیدائشی برج دونوں جدی ہیں۔ زائچے میں ایک ایسا یوگ موجود ہے جس سے ” ارشٹا یوگ “ کہتے ہیں ، یہ جسمانی اور دیگر معاملات میں نقصان پہنچاتا ہے۔ اس کا توڑ یہ ہے کہ ہر جمعرات کو 3 کلو چنے کی دال کا صدقہ دیا کریں یا کسی ایسے غریب شخص کی مدد کیا کریں جو بچوں کو تعلیم دیتا ہو ، اس کے علاوہ اتوار کے روز گندم یا سرخ چاول کا صدقہ دیا کریں، یہ صدقات لمبے عرصے تک دینا چاہےے ۔

 یاقوت اس بچی کے زائچے کے مطابق سخت نقصان دہ پتھر ہے اور زرد یا سرخ رنگ کا کوئی بھی پتھر یا کپڑا وغیرہ بھی اس کو نہ پہنائیں۔ اس کے لےے سبز، ہلکا نیلا، سفید، کریم کلر وغیرہ فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

اس کا لکی اسٹون زمرد یا فیروزہ ہے ، ” لوح زحل“ توانائی دینے والی لوح ہوگی ، آخری بات یہ کہ ٹی بی ٹیسٹ بھی ضرور کرالیا جائے اور ایلو پیتھک علاج سے گریز کیا جائے ۔

سحری زکام

 الف، ف، کورنگی کراچی سے لکھتی ہیں ” مجھے 9 سال سے زکام ہے، زکام ناک پر چوٹ لگنے سے ہوا تھا، میں نے ہر ڈاکٹر ، ہر حکیم اور ہر ٹوٹکا کرکے دیکھ لیا پر کوئی فرق نہیں ہوا ، میں 9 سال سے ٹیبلٹ پر ہوں ، میں نے کسی سے پتہ کروایا تھا تو کہا گیا ہے کہ مجھ پر سحر ہے جس کی وجہ سے یہ زکام نہیں جارہا اور مجھے خود بھی اپنے اوپر ایسا ہی کچھ محسوس ہوتا ہے، میں 5 وقت کی نماز پابندی سے پڑھتی ہوں اور ہر وقت درود شریف کا ورد رکھتی ہوں ، زکام کی وجہ سے میری زندگی معطل ہوگئی ہے ، میری تکلیف اللہ کے حکم سے آپ ہی دور کرسکتے ہیں ۔“

 جواب: بعض لوگوں کے خط پڑھ کر ہنسی بھی آتی ہے اور افسوس بھی ہوتا ہے ، آخر ہم جہالت کی کون سی دنیا میں رہ رہے ہیں، خدا کی بندی! تمہارا اپنے نماز، روزہ اور درود شریف کے ورد پر کوئی ایمان نہیں ہے، کسی جاہل نے جیسا کہ آج کل ہر گلی کوچے میں نام نہاد قسم کے بابا لوگ اور باجی اللہ والیاں بیٹھی ہیں، یہ کہہ دیا کہ تم پر سحر ہے ، اس لیے زکام نہیں جارہا اور تم نے یقین کرلیا بلکہ یہ سنتے ہی فوراً ہی ایمان لے آئیں کہ ہاں خود مجھے بھی ایسا ہی کچھ محسوس ہوتا ہے،یہ اور کچھ نہیں تمہارے ایمان کی کمزوری ہے،کثرت سے استغفار پڑھا کرو۔

زکام ایک ایسی بیماری ہے جو ہمارے جسم کی زکواة ہے، اس کو روکنا سخت نقصان دہ ثابت ہوتا ہے اور تم مستقل ٹیبلیٹس کھاکے یہی کام 9 سال سے کر رہی ہو، نتیجے کے طور پر موجودہ بدترین حالت تک پہنچ گئی ہو،اچھے حکیم کبھی بھی نزلے کو روکنے کی فوری کوشش نہیں کرتے لیکن ایلوپیتھک علاج میں ایسی دوائیں موجود ہیں جو فوری طور پر نزلہ روک دیتی ہیں اور یہی خرابی بالآخر ناک کا گوشت بڑھانے یا ناک کی ہڈی کو بڑھانے اور سڑانے کا کام کرتی ہیں۔

اس کا علاج ایلوپیتھک ڈاکٹروں کے پاس ناک کا آپریشن ہے مگر یہ بھی کوئی شافی اور کافی علاج نہیں ہے،صرف ہومیو پیتھک طریقہ ءعلاج اس معاملے میں مدد کرتا ہے مگر اب آپ نے اپنا کیس بہت خراب کرلیا ہے ، کم سے کم ایک سال علاج اور پرہیز کرنا ہوگا،چاول ، دہی، آئسکریم، برف کا پانی،کولڈ ڈرنگس اور بادی چیزیں اپنے اوپر حرام کرلیں ، کسی پرانے تجربہ کار ہومیو پیتھک ڈاکٹر سے علاج کرائیں۔

ایک اور اہم بات بھی نوٹ کرلو، تم اگرچہ پانچ وقت پابندی سے نماز پڑھتی ہو تو ظاہر ہے وضو بھی کرتی ہو لیکن ہمارا دعویٰ ہے کہ تم صحیح طرح سے وضو نہیں کرتیں،اگر پانچ ٹائم وضو کے دوران میں ناک میں دُرست طریقے سے پانی چڑھایا جائے تو ایسے شخص کو کبھی زکام کی بیماری پریشان نہیں کرسکتی لہٰذا وضو کے دوران دُرست طریقے پر ناک میں پانی چڑھایا کرو۔

رشتے کی پریشانی

ن،ف، کورنگی کراچی سے لکھتی ہیں ”چھوٹا بھائی چاہتا ہے کہ وہ باہر ملک چلا جائے لیکن کامیابی نہیں ملتی،آپ کوئی وظیفہ بتائیں کہ وہ نوکری کے لیے باہر چلا جائے، میرے لیے کوئی رشتہ نہیں آتا اگر کوئی رشتے کا کہتا بھی ہے تو کچھ ایسا ہوجاتا ہے کہ وہ لوگ دیکھنے نہیں آتے، امی میری وجہ سے بہت پریشان رہتی ہیں،آپ میرے لیے بھی کوئی وظیفہ بتایئے اور جس سے ہوگی اس کا نام کس حرف سے آتا ہے؟گھر میں سکون نہیں ہے ، بھائی ماں سے بدتمیزی کرتے ہیں اور گھر چھوڑ دینے کی دھمکی دیتے ہیں

جواب: اگر ان بھائیوں میں آپ کا وہ بھائی بھی شامل ہے جو بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو اُس کے لیے کوئی بھی وظیفہ فائدے مند ثابت نہیں ہوگا جس گھر میں بیٹے ماں کے ساتھ بدتمیزی اور بے ہودگی کے ساتھ پیش آرہے ہوں انہیں کبھی کسی کام میں کامیابی نہیں مل سکتی بلکہ در بدری اور خواری ان کی قسمت میں لکھ دی گئی ہے۔

ان سے کہو کہ ماں کی عزت کریں اس کا دل نہ دکھائیں تو پھر سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا،ہمارے پاس ایسے لوگوں کے لیے کوئی وظیفہ نہیں ہے ۔

آپ نے اپنی مکمل تاریخ پیدائش اور پیدائش کا وقت بھی نہیں لکھا ، ایسی صورت میں آپ کا زائچہ بھی نہیں بنایا جاسکتا اور کوئی معقول جواب بھی نہیں دیا جاسکتا،والدہ سے کہیں کہ نوچندے دنوں میں جمعرات، جمعہ ، اتوار یا پیر کو صبح فجر کی نماز کے بعد 41 بار سورئہ فاتحہ پڑھ کر پانی پر دم کرلیا کریں اور یہ پانی سب بچوں کو پلایا کریں۔