روحانیت کے نام پر فراڈ
مذہب اور روحانیت کے نام پر فریب اور فراڈ ہمارے ملک میں کوئی نئی بات نہیں ہے،ایسا بھی نہیں ہے کہ یہ سلسلہ نیا ہو، برسوں سے یہی کچھ ہورہا ہے، یہ الگ بات ہے کہ گزشتہ 25,30 سال سے اس میں زیادہ شدت آگئی ہے اور اس کی وجہ بھی ظاہر ہے،آج سے 25,30 سال پہلے تک یا شاید چالیس سال پہلے تک جعلی عاملوں،پیروں اور مولویوں کی اتنی بھرمار نہیں تھی جتنی آج نظر آتی ہے،ہر گلی، ہر محلہ، ہر گاوں، ہر شہر ان سے بھرا پڑا ہے،اخبارات و رسائل میں ان کے اشتہارات بہ آسانی شائع ہوجاتے ہیں اور اب تو ٹی وی چینلز پر بھی ایسے لوگ بہ کثرت نظر آنے لگے ہیں،ایسی صورت حال میں کم فہم ، کم عقل، سادہ لوح افراد ان کے چنگل میں پھنس کر اپنا وقت بھی ضائع کرتے ہیں اور پیسا بھی، اس وقت ہمارے پیش نظر ایک طویل ای میل ہے، آئیے آپ بھی دیکھیے کہ ہمارے معاشرے میں ایسے لوگوں کا طریقِ واردات کیا ہے؟
ثنائ، نامعلوم مقام سے لکھتی ہیں ”میری شادی کا مسئلہ ہمارے گھر میں بہت بڑا ایشو بن چکا ہے جو کہ حل ہونے میں بھی نہیں آرہا، چند سال پہلے تو یہ تھا کہ کوئی رشتہ وغیرہ ہی نہیں آرہا تھا، ہماری ایک رشتے دار ہیں،ان کی امی پر جن وغیرہ ہیں تو انہوں نے ان سے پوچھا تو جواب ملا کہ کسی اپنے نے کسی کالے علم سے بہت سخت بندش کروائی ہے کہ کبھی میری شادی نہ ہو اور میں گھر میں ہی بوڑھی ہوجاوں پھر انہوں نے کسی عالم کا بتایا تو ان سے رابطہ کیا گیا، انہوں نے ہزاروں روپے لے کر بندش ختم کی، مجھے تعویذ گلے میں پہننے کے لیے اور پینے کے لیے دیے،اس کے ٹھیک 6 ماہ کے بعد جنوں والی رشتے دار نے پھر سے پیش گوئی کی کہ بندش پھر سے کروادی گئی ہے ،جس نے بندش کروائی ہے، وہ روز چیک کرتے ہیں کہ کہیں بندش ختم تو نہیں ہوگئی،یہی بات ان عالم صاحب نے بھی بتائی لہٰذا پھر ہزاروں روپے خرچ ہوئے اور دوبارہ تعویذ پینے اور پہننے کے لیے دیے گئے اور کہا کہ اس بار تو دنیا کی کوئی طاقت بندش نہیں کرسکے گی اور یہ کہ چالیس دن میں شادی ہوجائے گی مگر آج دس مہینے ہوچکے ہیں مگر کچھ نہیں ہوا، سب کزنز اور دوستوں کی شادیاں ہوچکی ہیں،سب کے بچے بھی بڑے ہوچکے ہیں، وہ سب دبی دبی ہنسی کے ساتھ مجھ سے اور میری امی سے پوچھتے ہیں کہ شادی کیوں نہیں کی؟میں یہی جواب دیتی ہوں کہ جب اللہ پاک چاہے گا تو ہوجائے گی،والدہ بہت دکھی رہتی ہیں،والدہ کو جس نے جو بھی عالم بتایا ، وہ وہاں گئیں مگر کچھ نہیں ہوا، آپ کو بھی ایک سال پہلے میں نے لکھا تھا تو آپ نے بھی کہا تھا کہ کوئی بندش نہیں ہے جس کو سن کر میں بہت زیادہ خوش اور مطمئن ہوگئی تھی،تین چار سال پہلے میں نے آپ کے کالم میں لوح زحل کا پڑھا تھا،پاس رکھنے سے رشتوں میں بندش ختم ہوجاتی ہے ، وہ جب سے پاس رکھی تھی ، تب سے رشتے آنے لگے اور بہت اچھے اچھے آئے مگر سر بات کہیں بھی نہیں بنی، کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہوجاتی ہے اور انکار ہوجاتا ہے،آپ نے مجھے کہا تھا کہ ہر منگل کو لال دال کا صدقہ دوں تو وہ میں باقاعدگی سے دیتی ہوں، اسٹون پہننے کا کہا تھا تو سر میں بہت ڈرتی ہوں، اسٹون پہننے سے،والد بھی اجازت نہیں دے رہے، میری ایک دوست نے کوئی بلیو کلر کا اسٹون پہنا تھا، کسی کے کہنے پر، اس اسٹون کو پہننے کے بعد اس کی لائف میں جو تباہی آئی، وہ بیان سے باہر ہے،اس کا آٹھ سال پرانا رشتہ ختم ہوا، بہن مرتے مرتے بچی، خود اس پر بہت مصیبتیں آئیں، آپ سے درخواست ہے کہ میرے بارے میں کچھ تفصیل سے بتائیں اور یہ بھی کہ میری شادی کب ہوگی؟“
جواب: جیسا کہ ابتدا میں ہم نے لکھا ہے کہ کم عقلی اور کم فہمی کے ساتھ جہالت آپ کے شادی کے مسئلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، آپ کی جو رشتے دار جنات کا ڈراما کر رہی ہے وہ یقیناً اُس نام نہاد عالم کی ایجنٹ ہے جس نے آپ کو دو مرتبہ زبردست مالی نقصان پہنچادیا، اپنا کمیشن بھی وصول کیا ہوگا،ایسی عورتیں اور مرد بہت ہیں جو آج کل کے نام نہاد جعلی عاملوں، پیروں کے ایجنٹ کا کردار ادا کرتے ہیں اور اپنا کمیشن وصول کرتے ہیں، اگر اس عورت پر واقعی کوئی جن ہے تو گویا ایک شیطان اس پر مسلط ہے اور آپ کی والدہ اس شیطان سے مشورہ کرنے پہنچ گئیں، وہ تو خود بیمار ہے،اس کا علاج ہونا چاہیے، پہلے وہ اپنے جاننے والے عالم سے اپنا علاج تو کرالے، اپنے جن سے تو نجات پالے، حقیقت یہ ہے کہ یہ سب ایک فریب اور فراڈ ہے،آپ نے جس دوسرے عالم کا حوالہ دیا ہے، وہ یقیناً کوئی نیک اور شریف آدمی ہوں گے جنہوں نے آپ کو صرف دعا دی اور کوئی وظیفہ شادی کے لیے پڑھنے کی ہدایت کردی، بندش کے سوال پر مسکراکر چپ ہوگئے، ہم نے بھی آپ کو پہلے سمجھایا تھا کہ کوئی بندش وغیرہ نہیں ہے، مزید اصل خرابی کی نشان دہی کرتے ہوئے صدقات اور اسٹون یا کوئی لوح وغیرہ تجویز کی ہوگی مگر آپ نے صدقے کے سوا کسی چیز پر عمل نہیں کیا اور یہاں بھی ایک احمقانہ اور جاہلانہ دلیل کے طور پر واقعہ پیش کردیا ہے، یاد رکھیں درست طور پر تشخیص کردہ دوا سے فائدہ ہوگا اور غلط دوا کا استعمال نقصان پہنچائے گا، آپ کی دوست نے یقیناً کسی کے غلط مشورے پر کوئی غلط پتھر پہن لیا ہوگا جس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، بہر حال اس بار ہم آپ کے زائچے کا تفصیلی تجزیہ پیش کر رہے ہیں۔
آپ کا شمسی برج جدی اور پیدائشی برج سنبلہ ہے،پہلے بھی کئی بار یہ بات ہم لکھ چکے ہیں کہ برج سنبلہ اگر پیدائشی برج ہو اور زائچے میں ستارے اچھی اور مضبوط پوزیشن نہ رکھتے ہوں تو ایسے لوگ زندگی کی سختیاں جھیلتے ہیں،آپ کا قمری برج اسد ہے جس کی وجہ سے آپ کے ہاں انا ، خود پسندی اور عدم اطمینان کے مسائل بھی شدت سے موجود ہیں، جب رشتے آنا شروع ہوئے تو بعض رشتے آپ نے یا آپ کے گھر والوں نے نظرانداز کیے اور حقیقت کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی، خاص طور پر وہ رشتہ جو پہلے سے شادی شدہ تھا اور بیوی کو طلاق دینے پر آمادہ تھا کیوں کہ دونوں میں شاید عملی طور پر علیحدگی تھی ، اسے سنجیدگی سے لینا چاہیے تھا مگر آپ نے اُسے بری طرح رد کردیا، کبھی اس حقیقت پر بھی غور کرنے کی ضرورت ہے کہ اب آپ عمر کی کون سی منزل میں ہیں اور اس عمر میں کنوارہ رشتہ ڈھونڈنا کتنا درست ہوگا؟
آپ کے زائچے میں شادی کا ستارہ زہرہ ہے جو انتہائی خراب پوزیشن میں ہے اور اس بات کی نشان دہی کر رہا ہے کہ آپ کی شادی کسی بڑی عمر کے بندے سے ہوگی یا وہ شادی شدہ ہوگا یا طلاق یافتہ ، رنڈوا ہوگا، آپ کا اپنا ستارہ برج سنبلہ کے حوالے سے عطارد ہے جو زائچے میں غروب ہے ، شوہر کی نشان دہی کرنے والا سیارہ مشتری بھی نہ صرف کمزور ہے بلکہ بڑھاپے کی عمر میں ہے،آپ کے زائچے میں شادی سے متعلق ستاروں کا دور جاری ہے،اگر آپ حقیقت پسندانہ فیصلے کریں اور اپنی انا اور ضد کو پس پشت رکھیں تو آپ کی شادی اپنوں میں نہیں ، غیروں میں ہوجائے گی، جس رشتے پر آپ کی نظر ہے یا آپ کے گھر والوں کی نظر ہے ، اس کا خیال بہتر ہوگا کہ چھوڑ دیں، آپ کو جو ریمیڈیز تجویز کی جارہی ہیں، ان پر سختی سے عمل کریں، عمدہ قسم کا سفید پکھراج کا نگینہ دائیں ہاتھ کی رنگ فنگر میں کسی مناسب ٹائم پر مشورہ کرکے پہننا ہوگا،اسی طرح عمدہ قسم کا پیلا پکھراج بھی کسی اچھے وقت پر پہننا ضروری ہوگا، بہت پابندی سے ہفتہ، اتوار اور منگل کے روز اپنا صدقہ دیا کریں، ہفتے کے روز بوڑھے یا معذور افراد کی مدد کیا کریں،اتوار کے روز کسی غریب بال بچے دار کی مدد کریں اور منگل کے روز گوشت یا لال دال وغیرہ کا صدقہ دیا کریں تو انشاءاللہ اس سال یا آئندہ سال تک آپ کی شادی ہوجائے گی۔
بندش و سحری اثرات
ہمارے ایک پرانے قاری لکھتے ہیں ”دسمبر میں شادی ہوگئی ہے لیکن طاقت ہونے کے باوجود وائف سے تعلقات قائم نہیں ہوسکے،ایک سال پہلے میں نے رزق کی تنگی ، بہنوں کی شادی وغیرہ کا مسئلہ لکھا تھا، آپ نے ایک وظیفہ بھی تجویز کیا تھا، اللہ کا کرم ہوا دونوں بہنوں کی شادی ہوئی لیکن صورت حال کچھ ایسی پیدا ہوئی کہ ہمارے ایک قریبی عزیز جن کی ہم سے کبھی نہیں بنی، وہ اچانک آگئے،جب بہنوں کا رشتہ طے ہورہا تھا اور بہنوں کا رشتہ اپنے بیٹوں کے لیے اور ہم دونوں بھائیوں کا رشتہ اپنی بیٹیوں کے لیے مانگنے لگے جب کہ ہم دونوں بھائیوں کی بھی منگنی ہوچکی تھی،ہم نے جواب دیاکہ اتنے سال تم لوگ کہاں رہے، جب ہمارے رشتے نہیں ہورہے تھے؟ آپ لوگ ہم پر ہنستے تھے، اب جب کہ رشتے طے ہوگئے ہیں تو آگئے ہو، رشتہ مانگنے، اگر پہلے آتے تو کچھ بات ہوسکتی تھی لہٰذا وہ ناراض ہوکر چلے گئے اور ہمارے خلاف تعویذ وغیرہ کرانے لگے، انہوں نے ہمارے رشتے ختم کرانے کے لیے بھی کوشش کی اور ان لوگوں کے پاس گئے جہاں ہمارے رشتے ہوئے تھے لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں ہوئی تو وہ تعویذ کرانے لگے اور کہا کہ ہم یہ رشتے نہیں ہونے دیں گے،خیر بہنوں کی شادی بھی گزشتہ سال ہوئی اور میری بھی،شادی کے بعد یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے اور یہی صورت حال میرے بہنوئی کے ساتھ بھی ہے،اس نے طرح طرح کے یونانی اور انگریزی علاج کرائے ہیں مگر کوئی فرق نہیں ہوا، میں نے بھی ایک بزرگ حکیم سے رابطہ کیا اور انہوں نے دوائیں بھی دیں لیکن پھر مشورہ دیا کہ روحانی علاج کراو، تمہیں دوا کی ضرورت نہیں ہے، تم بالکل صحت مند ہو، تب میں ایک قاری صاحب کے پاس گیا جو اہل علم ہیں،انہوں نے ایک نقش میرے ہاتھ میں دیا اور کچھ پڑھنے لگے ، ہاتھ میں خارش اور گرمائش ہونے لگی، انہوں نے کہا تم پر سخت بندش کی گئی ہے،پھر پانی کی بوتل پڑھ کر اس میں ایک نقش لکھ کر ڈالا اور کہا اس میں سے سات دن پانی پیو اور ایک اور نقش بھی لکھ کر دیا جو روزانہ صبح نہار منہ پانی میں گھول کر پینا تھا، اس علاج سے کچھ فرق ہوا ہے لیکن مکمل طور پر بندش کے اثرات ختم نہیں ہوئے ہیں،ہمارے مخالف لوگ اب بھی اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں،ذہنی طور پر پریشانی بڑھ رہی ہے،گھر میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑا ہوتا ہے، ہم دونوں بھائی بھی آپس میں لڑنے لگے،میں نے تہجد کی نماز پڑھنا شروع کی اور اللہ سے دعا کرنے لگا تو صورت حال کچھ بہتر ہوئی اور لڑائی جھگڑا ختم ہوا، اب آپ سے رہنمائی کی درخواست ہے“
جواب: ایسے معاملات میں خصوصاً برادری سسٹم میں اگر جہالت بھی موجود ہو تو ایسی ہی صورت حال دیکھنے میں آتی ہے،بے شک آپ کے مخالفین کی کارروائیاں اثر انداز ہورہی ہیں، اس حوالے سے ایک مشہور عمل ہم لکھ رہے ہیں، اس عمل سے یہ بھی تصدیق ہوگی کہ سحری اثرات ابھی تک ہیں یا ختم ہوگئے ہیں اور اگر اثرات ہیں تو اس عمل سے مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے ، ویسے ہمارا اندازہ یہ ہے کہ آپ نے جو قاری صاحب کے مشورے پر عمل کیا ہے اور جو علاج کیا ہے اس سے اثرات ختم ہوگئے ہیں،باقی جس کمزوری کی آپ نے شکایت کی ہے،وہ زیادہ اہم نہیں ہے اور اس کا طبی علاج ہوسکتا ہے۔
نیلے رنگ کا سوتی دھاگا لیں اور عصر و مغرب کے درمیان پیشانی پر جہاں بال ختم ہورہے ہیں، وہاں رکھ کر پاوں کے انگوٹھے تک ناپ لیں پھر اس دھاگے کے برابر دس دھاگے اور لے لیں ، اس طرح گیارہ دھاگوں کا ایک دھاگا بن جائے گا، اس دھاگے میں ایک پھندا بنائیں اور سورئہ فلق ایک بار پڑھ کر پھندے کے سوراخ میں پھونک مارتے ہوئے اس طرح گانٹھ لگادیں جیسے پھونک کو گانٹھ میں باندھ دیا ہے،دھاگے کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک تھوڑے تھوڑے فاصلے پر اسی طرح گیارہ گانٹھیں لگائیں اور ہر مرتبہ ایک بار سورئہ فلق پڑھ کر گانٹھ کے پھندے میں پھونک ماریں اور گانٹھ لگادیں ، اب اس ڈورے کا ایک گولا سا بنالیں اور کوئلے جلاکر پہلے سے پاس رکھیں، پھر یہ دھاگا ان پر ڈال دیں اور دیکھیں کہ دھاگا نارمل انداز میں جل رہا ہے یا کوئی ایب نارمل بات دھاگے کے جلنے میں محسوس ہورہی ہے ، ایب نارمل بات یہ ہوسکتی ہے کہ دھاگے کے جلنے سے کوئی بدبو پھیلے، بہت زیادہ دھواں پیدا ہو، دھاگا جلتے ہوئے چٹ پٹ کی آوازیں دے وغیرہ وغیرہ ، اگر ایسا ہورہا ہے تو اثرات موجود ہیں ، مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے اگر دھاگا نارمل انداز میں جل جائے تو سمجھ لیں کہ اب کوئی سحری اثرات نہیں ہیں اور جو بھی کمزوری ہے وہ جسمانی تقاضوں کے مطابق ہے،اگر دھاگے کے جلنے میں ایب نارملٹی ہے تو یہی عمل روزانہ عصر و مغرب کے درمیان گیارہ روز تک کریں ، تاوقت یہ کہ دھاگا جلنے کا عمل نارمل نہ ہوجائے، اس دوران میں ہفتے کے روز صبح کووں کو خوراک ڈالیں اور منگل کے روز آوارہ کتوں کو گوشت وغیرہ ڈالیں،سورئہ فلق 111 مرتبہ فجر کی نماز کے بعد پڑھ کر پانی پر دم کرلیں اور یہ پانی صبح، دوپہر ، شام دو دو گھونٹ آپ بھی پئیں اور اپنی بیوی کو بھی پلائیں،انشاءاللہ ہر قسم کی بندش اور سحری اثرات ختم ہوجائیں گے، یہی عمل کرنے کی تاکید بہن بہنوئی کو بھی کریں،ایک اور اہم بات بھی ذہن میں رکھیں، بعض اوقات ایسے لوگ جن پر واقعی سحری اثرات ہوں، خود سے یہ کام نہیں کرپاتے،ایسی صورت میں دھاگے میں گانٹھ لگانے اور سورئہ فلق پڑھنے کا کام آپ کی بیوی یا کوئی اور بھی کرسکتا ہے۔
جو لوگ اس رشتے کے مخالف ہیں، ان کی کمینگی اور جہالت ظاہر ہے اور وہ آئندہ بھی ایسی مزید کارروائیاں کرسکتے ہیں ، ان کے شر سے بچنے کے لیے بسم اللہ کے ساتھ سورئہ فلق اورسورئہ الناس تین مرتبہ روزانہ صبح و شام پڑھ کر سینے پر دم کرلیا کریں اور دونوں ہتھیلیوں پر دم کرکے چہرے اور بدن پر ہاتھ پھیر کر اپنے بائیں جانب تُھتکار دیا کریں،یہ عمل آپ کی بیوی کو بھی پابندی سے کرنا چاہیے ، رات کو سونے سے پہلے گیارہ بار آیت الکرسی پڑھ کر اپنے اوپر اور بیوی پر دم کردیا کریں اور تین بار تالی بجادیا کریں،احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک خصوصی نقشِ تحفظ ہمارے ہاں سے مل جاتا ہے اور کئی بار سورج یا چاند گہن کے موقع پر ہم اس نقش کے بنانے کا طریقہ بھی شائع کرچکے ہیں،اسے پاس رکھنے سے پھر کسی قسم کا خطرہ نہیں رہتا۔
وہ لوگ جن کو اپنے مسائل کے سلسلے میں یہ شک و شبہ رہتا ہے کہ ان پر کسی نے تعویذ کیے ہیں یا کسی قسم کے سحری اثرات کا شکار ہیں تو وہ بھی مندرجہ بالا عمل کرسکتے ہیں تاکہ حقیقت کا علم ہوسکے اور یہی عمل علاج بھی ہے۔