طالع میزان (Ascendent Libra)
حاکم سیارہ زہرہ (Venus)
اگر آپ کی پیدائش ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اُفق شرقی پر برج میزان طلوع تھا تو آپ کا حقیقی برج میزان ہے، جس کا حاکم سیارہ زہرہ ہے جو توازن اور ہم آہنگی، محبت و دوستی، سفارت کاری اور باہمی صلح و آشتی کا سیارہ ہے۔
برج میزان ایک ہوائی برج ہے، منقلب ہے یعنی اس کا تعلق حرکت سے ہے، انصاف کا ترازو اس کا نشان ہے، خیال رہے کہ 12 بروج میں یہ واحد برج ہے جس کا نشان بے جان ہے، چناں چہ میزانی افراد غیر جذباتی ہوکر فیصلے کرنے کے لیے مشہور ہیں۔
جسمانی شخصیت: آپ طویل قامت اور متناسب جسم کے مالک ہو سکتے ہیں۔ آپ کے ہاتھ پاؤں دبلے پتلے لیکن مضبوط ہوں گے۔ آپ کی وضع قطع دلکش، چہرے پر مسکراہٹ اور خدوخال پر کشش ہیں۔ آپ کی بھویں آپ کے حسن میں اضافہ کرتی ہیں۔ آپ کی ناک طوطے کی چونچ کی طرح تھوڑی سی خمیدہ ہو سکتی ہے۔
کردار و عمل: آپ کی زندگی میں ہر شے کا تعلق توازن سے ہے، آپ کے احساس کو ایک مضبوط دماغ متوازن رکھتا ہے جو کہ آگے چل کر ایک ٹھوس اور غیر لچک دار عزم بن جاتا ہے۔ آپ کا برج میزان انصاف کی علامت ہے اور ایک ایسے شخص کی نشان دہی کرتا ہے جو ہر چیز کو عمدگی سے متوازن رکھتا ہے اور اچھے ارادوں اور دوستی کو فروغ دیتا ہے۔ حسن اور ہم آہنگی سے محبت آپ کی فطرت میں شامل ہے۔ وجدان آپ کی رہنمائی کرنے والی طاقت ہے جو اکثر آپ کو دھوکے اور غیر سنجیدگی کو کھود کر نکالنے کی اہلیت دیتی ہے۔ اگر آپ کسی شخص کے بارے میں پہلے سے اندازہ لگا لیتے ہیں یا کسی ایسے شخص کی بات سنتے ہیں جس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں یا جس سے بے حد ہمدردی رکھتے ہیں تو گمراہ ہو سکتے ہیں۔ آپ کسی دوست یا گھر کے کسی فرد کی درخواست پر کبھی کان بند نہیں کرتے یا بہرے نہیں ہو جاتے اور اگر آپ حق دار کو حق دلانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوں تو مجبوروں اور بے کسوں کی داد رسی کرتے ہیں۔
ہوائی برج ہونے کی وجہ سے آپ کا ذہن تصوراتی ہے اور مادی آسائشوں‘ آرام و آرائش کا نمائندہ ہے‘ سخت محنت اور نظم و ضبط کا سیارہ زحل اس برج میں شرف یافتہ ہے اور قوت حیات اور حیثیت کا نمائندہ شمس ہبوت یافتہ ہے‘ اگر شمس جو روح پر حکومت کرتا ہے‘ اس برج میں قابض ہوجائے جو تعیشات اور رنگ رلیوں پر حکومت کرتا ہے تو روحانیت کے فروغ میں رکاوٹ پیدا ہوگی اور یہی وجہ ہے کہ شمس اس برج میں ہبوت یافتہ ہوجاتا ہے۔
اگر زحل اس برج میں واقع ہو تو شرف یافتہ ہوجاتا ہے کیوں کہ خدام پر حکومت کرنے والا زحل تعیشات اور رنگ رلیوں کے برج پر قابض ہوجاتا ہے اور اس طرح ”ساسا یوگ“ تشکیل دیتا ہے، یہ عوامل میزان لوگوں کو زہرہ کے مضبوط ہونے کی صورت میں ایک مقناطیسی شخصیت عطا کرتے ہیں‘ ایسا شخص دوسروں کے رابطہ کے لیے جسمانی حرکات کو استعمال کرتا ہے۔
آپ ہمدرد، بامروت اور دوسروں کے نقطہ نظر کو سمجھنے کے خواہش مند ہیں لیکن کبھی کبھی زندگی کے عملی پہلو آپ کی نظروں سے اوجھل ہو جاتے ہیں۔ ایسی صورت میں گھریلو معاملات، دوستوں سے تعلقات وغیرہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ آپ ان لوگوں کے لیے نرم چارہ ہیں جن سے آپ متاثر اور مرعوب ہو جاتے ہیں اور ان کے طور طریقوں کی نقل کرنے لگتے ہیں۔ آپ اپنے خاندان اور اپنے دوستوں کی تصویروں میں خوب رنگ آمیزی کرتے ہیں یعنی ان کے بارے میں کچھ بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہیں۔ آپ کی تنقید میں بھی تعمیر کا پہلو ہوتا ہے۔ آپ کو جتنی جلدی غصہ آتا ہے اتنی ہی جلدی ٹھنڈا بھی ہو جاتا ہے۔ آپ ایک خوش گوار زندگی گزارنا چاہتے ہیں تاکہ زندگی کے تمام فوائد سے لطف اندوز ہو سکیں۔ آپ بے حد ذہین ہیں دوسروں کو سرہاتے ہیں اور کھلے ہوئے ذہن کے نفیس اور شائستہ انسان ہیں۔ آپ کسی بھی منصوبے کے بارے میں خوب سوچ بچار کر کے درست اور صحیح مشورہ دیتے ہیں اور اچھے مشیر ثابت ہوتے ہیں۔ آپ کی فطرت میں شرمندہ پن اور انسانیت نوازی موجود ہے۔
محبت اور رومان:آپ بنیادی طور پر رومانیت پسند ہیں اور زندگی میں کئی معاشقے کر سکتے ہیں۔ آپ پر خلوص محبت سے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں اور وہ آپ کو پسند کرنے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کی خوش لباسی اور عمدہ فیشن، ساتھ ہی میٹھی مسکراہٹ بڑی دلفریب ہے۔ آپ کا جذبہ عشق اچانک بڑھ سکتا ہے لیکن جلد ہی یہ شعلہ بجھ بھی جاتا ہے۔ آپ جنس مخالف کی صحبت سے بے انتہا لطف اندوز ہوتے ہیں۔ آپ میٹھے لہجے میں اپنا مطلب و مقصد صاف صاف بیان کرتے ہیں کیوں کہ آپ کو اچھے بحث و مباحثے سے خوشی ہوتی ہے۔
بحیثیت شوہر:آپ کو خوش کرنا یا خوش رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ آپ بہت خوش باش، خوش امید اور خوش رہنے والے، بامروت، ایڈجسٹ ہونے والوں میں سے ہیں۔ ایک پرامن اور خوش گوار دوستانہ ہم آہنگی کا ماحول آپ کی ضرورت ہے۔ بہ صورت دیگر آپ خوش نہیں رہ سکتے۔
آپ عشق و محبت کے معاملات میں انتہائی بے تاب رہتے ہیں اور اپنی محبت کے اظہار میں بلندیوں کو چھو لیتے ہیں۔ اگر اتفاق سے آپ کو خاطر خواہ مثبت جواب نہیں ملتا تو بے حد مایوس ہوجاتے ہیں۔ اپنی شادی شدہ زندگی میں اختلافات کے باوجود ایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور علیحدگی یا طلاق سے گریز کرتے ہیں یعنی خاصے صلح جو اور با مروت ہیں۔
گھریلو زندگی:آپ چونکہ گھر کا سکون برباد نہیں ہونے دیتے لہذا آپ کی فیملی خوش و خرم رہتی ہے۔ آپ کا گھر صاف ستھرا اور خوب صورتی سے سجا ہوا ہونا چاہیے اور عیش و عشرت کا تمام سامان موجود ہونا چاہیے۔ آپ اپنے گھر، خاندان اور جائیداد سے محبت کرتے ہیں۔ عام طور سے آپ کو اپنے ماتحتوں یا گاہکوں اور کاروباری پارٹنر سے گھر پر ملنا پسند نہیں کرتے۔ آپ سارا کام اپنی دکان یا دفتر ہی میں انجام دینا چاہتے ہیں۔
مالی امور:آپ کا فلسفہ اپنی ضروریات کے معاملہ میں دوسروں سے مختلف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کبھی کبھی فضول خرچی پر اتر آتے ہیں اور اپنے آرام و آسائش کی چیزوں پر کھلے ہاتھ سے خرچ کر ڈالتے ہیں۔ آپ کو کفایت شعار نہیں کہا جا سکتا۔ اس طرح آپ کے ہاتھ سے کافی رقم نکل جاتی ہے اور آپ کے لیے بچت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ آپ اکثر کسی اچھے مقصد یا نظریے کے لیے فراخ دلی سے چندہ دیتے ہیں اور فیاض اور لبرل ہوتے ہیں۔
کاروبار:آپ بڑی بلند سوچ کے مالک ہیں اور اپنی اس سوچ پر خوب صورتی سے عمل کر کے اکثر اونچی پوزیشن پر پہنچ جاتے ہیں۔ اسی طرح اپنے ماتحتوں سے آپ کی اچھی انڈراسٹینڈنگ ان کے لیے ایک طاقت ور سرمایہ ثابت ہو سکتی ہے۔ وہ آپ کے ساتھ کام کرتے ہوئے بہتر محسوس کرتے ہیں۔ آپ کی عمدہ وجدانی صلاحیت آپ کو ایک عمدہ تاجر بننے اور سٹہ بازی یا اسٹاک مارکیٹ میں فائدہ پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔ شراکتی کاروبار کے لیے آپ سب سے زیادہ موزوں رہتے ہیں۔
اصلاح و درستگی کی ضرورت:آپ کو اپنی شرط لگانے کی فطرت پر قابو پانا چاہیے۔ بظاہر یہ بہت عجیب سی بات ہے کہ سکون اور ہم آہنگی چاہنے والے اور اپنے گھر سے محبت کرنے والے میزانی افراد اپنی ہی بنائی ہوئی دنیا میں خوف ناک حد تک نا خوش ہو جاتے ہیں۔ جب آپ کو نظر انداز کیا جاتا ہے تو آپ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ کسی جنس مخالف کو اپنی سیکریٹری نہ بنائیں۔ آپ کاروبار اور خوش فعلیوں کو آپس میں ملا دیتے ہیں۔ آپ لباس پر بھی بہت خرچ کرتے ہیں۔
پیشے: بینکنگ، گارمنٹس بزنس، جیولرز، ڈیزائنر، گلوگار، موسیقار، مؤرخ، انجینیئر، ڈرگسٹ، کمپاونڈر، موجد، محقق، کیمسٹ، ایکٹر، پینٹر، ٹرانسپورٹر، سیلز مین، دودھ یا کھانے کے بیوپاری۔
صحت و بیماریاں: اگرچہ آپ کابرج میزان لمبی تندرست زندگی کی ضمانت دیتا ہے تاہم آپ کو چھوٹی موٹی بیماریاں پریشان کرتی رہتی ہیں۔ آپ کے مثانے اور پاؤں کو بہت مضبوط نہیں سمجھا جاتا۔ ہاتھ اور پاؤں کے زخم، آنتوں کی تکالیف، گردوں کا متاثر ہونا چند بیماریوں میں شامل ہے۔ غصہ میں آپے سے باہر ہو جانا صحت کی خرابی کا سبب بن سکتا ہے۔
میزان بیوی: میزان خواتین بہت پرکشش شخصیت کی مالک اور خوش اخلاق ہوتی ہیں، مصلحت اور مصالحت ان کے پیش نظر رکھتی ہیں لہٰذا اپنی ازدواجی زندگی کو پرسکون رکھنے کے لیے وہ بہت سی ناگوار اور ناپسندیدہ باتوں کو بھی برداشت کرتی ہیں، اپنی ہر ممکن کوشش سے شوہر کے دل میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کرتی ہیں، ساتھ ہی سسرالی رشتے داروں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات رکھنے کی خواہش مند ہوتی ہیں، وہ باشعور ہوتی ہیں، اچھی طرح جانتی ہیں کہ ان کے لیے کیا درست ہے اور کیا غلط؟انھیں رومانس پسند ہے چناں چہ شوہر سے رومانی طور طریقوں کی توقع رکھتی ہیں لیکن اگر شوہر کا رویہ خشک ہو تو اس کی سرد مزاجی ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ہوگی، وہ اپنی تعریف سننا چاہتی ہیں، مزید یہ کہ برج میزان کی بنیادی خصوصیت کے مطابق گھریلو ہم آہنگی ان کے لیے بہت ضروری ہے۔
موافق ناموافق
موافق دھات: چاندی اور تانبا
ناموافق دھات: پلاٹینم، ایلمونیم
موافق عدد: 3
ناموافق عدد: 5
موافق اسٹون: یلو سفائر، ڈائمنڈ، وہائٹ سفائر، روبی، مرجان، بلیو سفائر وغیرہ
ناموافق اسٹون: زمرد، فیروزہ اور پیری ڈوٹ
موافق رنگ:پیلا‘ نیلے رنگ کے تمام شیڈ‘ سرخ‘ گلابی‘ نارنجی‘ سنہرا‘ سفید‘ نقرئی اور ملے جلے رنگ
ناموافق رنگ: ہرا‘ دھوئیں میں مٹیالا‘ اسٹیل گرے‘ پھیکا بھورا اور مرجھائے ہوئے رنگ
ہر سال کے ناموافق اوقات
ہر سال 15 ستمبر سے 15 اکتوبر، 15 مارچ سے 15 اپریل اور 15 مئی سے 15 جون تک کا وقت کچھ نہ کچھ مسائل، پریشانیاں، الجھنیں، رکاوٹ یا صحت کی خرابی لاسکتا ہے۔