پیدائشی زائچے کے بارہ گھروں میں چاند کا ماہانہ سفر
پوری تاریخ میں اور بہت سی تہذیبوں میں چاند کو نسوانیت کا نمائندہ اور مادر اصول سمجھا جاتا رہا ہے، اسے ہمیشہ چاہا گیا ہے اور اس کی پوجا کی گئی ہے۔ مصر کی قدیم تہذیب میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا رہا ہے۔ تقدیس کے نسوانی پہلو سے چاند کو ان تمام مسالک کا مورث اعلیٰ سمجھا گیا ہے ،اسے زراعت اور زرخیزی کی دیوی تسلیم کیا گیا ہے،انسانی جسم میں اس کا تعلق خون کی گردش اور جسمانی غدودوں کی رطوبات سے ہے،ذہنی اور دلی طور پر اس کا تعلق جذبات و احساسات سے ہے،چاند دائرئہ بروج میں (حمل سے حوت تک)اپنا ایک چکر تقریباً 28 دن میں مکمل کرلیتا ہے،گویا یہ روزانہ ہی ہمارے جذبات و احساسات پر مختلف رنگ ڈھنگ سے اثر انداز ہوتا رہتا ہے،اگر ہم اس کی روز مرہ گردش کا مطالعہ کرتے رہیں تو ہمیں اپنے ذاتی معاملات میں روزانہ کی بنیاد پر قیمتی آگاہی حاصل ہوتی رہے گی اور اس کے مطابق ہم اپنے روز مرہ کے معاملات کو باآسانی انجام دینے کے قابل ہوں گے۔
جب چاند ہمارے پیدائشی چارٹ میں اچھی پوزیشن میں ہوتا ہے تو ہمارا ماضی اچھا گزرتا ہے۔ ایک اچھی پوزیشن والا چاند بہت سی سطحوں پر غذا میں افراط عطا کرتا ہے نیز ہمیں بے خوف، کشادہ دل اور جذباتی طور پر مستحکم بناتا ہے۔ جب کہ وہ دوسری طرف ایک متاثرہ چاند ہمارے اندر ایک انجانا اور بے نام خوف اور دہشت پیدا کرتا ہے۔ یہ ایسے احساس کو جنم دیتا ہے کہ کچھ ہونے والا ہے۔ یہ سوچ میں قنوطیت کو جنم دیتا ہے (خاص طورسے اگر عطارد یا اس کے بروج سنبلہ اور جوزا ملوث ہوں)
چاند کا سفر خاصا باقاعدہ اور اس کی گردش یقینی ہے۔ چاند ہمارے پیدائشی چارٹ کا ایک چکر 28 دنوں میں پورا کرتا ہے اور بارہ گھروں سے ہر گھر میں 2.5 دن (60 گھنٹے) اوسطاً قیام کرتا ہے تو آئیے دیکھتے ہیں اپنے اس سفر میں یہ ہم پر کس قسم کے اثرات چھوڑتا ہے۔
پہلے گھر میں چاند کی گردش
اب آپ اپنے ماحول اور گرد و نواح کی طرف سے بے حد حساس ہیں۔ یہ بے حد ضروری ہے کہ دوسرے لوگ آپ کے احساسات سے باخبر ہوں یا انھیں آگاہ کیا جائے اور وہ آپ کے احساسات کو قبول کرتے ہوئے ان کی حمایت اور تائید کریں۔ گھریلو معاملات اور گھریلو حالات سے با خبر ہوں یا انھیں آگاہ کیا جائے اور وہ آپ کے احساسات کو قبول کرتے ہوئے ان کی حمایت اور تائید کریں۔ گھریلو معاملات اور گھریلو حالات کو بڑی آسانی سے اولیت حاصل ہو سکتی ہے۔ اس گردش کا ایک سب سے مثبت اثر یہ ہے کہ آپ اپنے رشتہ یا تعلق کو اپنے ماحول میں ڈھال سکتے ہیں جو آپ کے لیے سب سے زیادہ اطمینان بخش ہو۔ اس کا ایک سب سے منفی اثر یہ ہو سکتا ہے کہ آپ اس احساس سے دوچار ہو جائیں کہ آپ کے قریب ترین لوگوں نے آپ کو غلط سمجھا ہے یا وہ آپ کی طرف سے غلط فہمی کا شکار ہو گئے ہیں،اپنی ذاتی اور نجی زندگی پر اس عرصے میں آپ کی گہری نظر ہوگی۔
دوسرے گھر میں چاند کی گردش
اس وقت ذاتی مالی امور نمایاں ہوں گے، آپ پر یہ بات عیاں ہو سکتی ہے کہ گھریلو اور فیملی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیسوں کی ضرورت ہے۔ اگر ان دنوں میں چاند، مشتری، زہرہ، شمس اور پلوٹو کا اچھا اور مثبت ناظر ہو تو اکثر مالی معاونت حاصل ہوتی ہے۔ اگر چاند ان سیاروں سے تربیع یا مقابلہ تشکیل پارہا ہو تو ترنگ میں آ کر فضول خرچی سے گریز کریں، دوسروں کو قرض نہ دیں، دوسرے گھر میں اگر چاند ،زحل یا نیپچون کا خراب ناظر ہو تو آپ مزید مقروض ہو سکتے ہیں۔ اس خراب نظر کو اپنے لیے خطرے کی گھنٹی سمجھیں۔ اس وقت آپ کو جو سب سے اہم پیغام موصول ہو گا وہ آپ کی عزت نفس اور مالی معاملات کے درمیان تعلق ہے یعنی وہ لوگ بھی آپ کو پریشان کرسکتے ہیں جن کے آپ مقروض ہیں۔
تیسرے گھر میں چاند کی گردش
بچوں اورقریبی احباب سے تعلقات نمایاں ہوتے ہیں، ایسے افراد سے بہت قریبی، جذباتی تعلقات کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ان سے گھل مل کر ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں،اس وقت میں کچھ کرنے کی خواہش پیدا ہوتی ہے،کوئی فیصلہ یا اقدام سامنے آتا ہے لیکن اگر اس پوزیشن میں سفر کرتے ہوئے چاند کو دوسرے سیارے متاثر کریں تو آزمائش اور مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں،آپ کے فیصلے یا اٹھائے گئے قدم مشکوک یا غلط ہوسکتے ہیں، ان چیلنجوں کو نظر انداز نہ کیا جائے جبکہ حقیقت پسندانہ طریقے سے انھیں حل کرنے کی کوشش کی جائے۔ اس دوران آپ کی فیملی کا دوسروں کو وزٹ کرنا یا دوسری فیملی کا آپ کو وزٹ کرنا ایک عام سی بات ہو گی۔
چوتھے گھر میں چاند کی گردش
یہاں آپ کی جَڑوں اور بنیادوں کی اہمیت ہے۔ اپنے اندر جھانکنے اور اپنا جائزہ لینے کا یہ ایک اچھاموقع ہے۔ اس کا مطلب اپنا تنقیدی جائزہ لینا نہیں۔ اس وقت چاند اپنے گھر آیا ہے۔ لہذا آپ کے لیے یہی بہتر ہے کہ آپ بھی ایسا کریں یعنی اپنے نہایت قریبی رشتوں،خاص طور پر والدین ،رہائشی امورپر توجہ دیںاور اپنی حرکات پر غور کریں۔ اس سے آپ کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ اس وقت آپ کی جذباتی اور گھریلو زندگی کے علاقے بہت حساس ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے “اندر کے بچہ” کی بہت اچھی طرح دیکھ بھال کریں۔ یہ سیکھنا کہ خود کو کیسے نکھارا جا سکتا ہے، زندگی بھر آپ کے کام آئے گا۔
پانچویں گھر میں چاند کی گردش
ہم تفریح کے لیے کیا کرتے ہیں جس میں ہمارے جذبات شامل ہوں اور ہمیں زندگی کے تناو¿ سے نجات ملے اور ہم کچھ وقت کے لیے سکون حاصل کرسکیں، اس گھر سے گزرتا ہوا چاند اس قسم کے سوال کا جواب دے سکتا ہے۔ اگر وہ پیدائشی چاند، مریخ، شمس اور پانچویں گھر کے حاکم کا ناظر ہو تو ہم یہ دیکھیں گے کہ اس قسم کی کوششوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ ہم کسی ذہنی انتشار کا شکار ہوسکتے ہیں، کوئی بات ہماری مرضی کے خلاف ہوسکتی ہے یا ہم لاشعوری طور پر کسی نامناسب دلچسپی کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں ، اس موقع پر زہرہ یا مشتری سے چاند کے سعد زاویے اطمینان بخش اور پرلطف وقت کی نشان دہی کریں گے،انعامی اسکیموں میں حصہ لینا فائدہ بخش ثابت ہوگا،جو چیز آپ کو خوش کرتی ہے یا وہ شے جو آپ کے خیال میں آپ کو مسرت سے ہمکنار کرتی ہے، اس کے بارے میں مثبت رہیں۔ اگر اس پڑاو¿ کے دوران چاند اچھا ناظر ہوا تو آپ دیکھیں گے کہ مہینے کہ یہ ایام آپ کے لیے بے حد مسرت انگیز ہوں سکتے ہیں۔ اس عرصہ کے دوران محبوب اور بچوں کے ساتھ تعلقات پر بھی زور ہے۔
چھٹے گھر میں چاند کی گردش
تعلقات سے متعلق تمام معاملات اس وقت ایک خاص اہمیت رکھتے ہیں،اختلاف یا اتفاق اب نمایاں ہوں گے، ایک بار پھر جذباتی واقفیت پسندی چاند کی کسی بھی پوزیشن میں زیادہ سے زیادہ سودمند ثابت ہو سکتی ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ جائزہ لیا جائے ،کام اور صحت سے متعلق معاملات سے آپ کس حد تک مطمئن ہیں اور اس حوالے سے ضروریات کیسے پوری ہو رہی ہیں یا کیوں نہیں ہوری ہو رہی ہیں۔ آپ زندگی کے اس حصے میں دوسروں کی کس طرح تائید کر رہے ہیں اور دوسرے کس طرح آپ کی تائید کر رہے ہیں یا پھردوسروں سے اختلافات کی صورت حال کیا ہے؟ چھٹے گھر سے ہو کر چاند کی اس گردش میں صحت ایک اور علاقہ ہے جو متاثر ہوتا ہے۔ لہذا اسی دوران لوگوں کا ڈاکٹروں یا دندان سازوں سے رجوع کرنا یا اپنی صحت کے مسائل پر توجہ دینا عام ہے۔
ساتویں گھر میں چاند کی گردش
چاند جب بھی تعلقات کے اس گھر سے ہو کر گزرتا ہے، جذباتی اور نفسیاتی مسائل ابھر کر سامنے آتے ہیں۔ اس وقت سودمند قمری گزرگاہ کا ہونا ضروری ہے یعنی چاند ایسے برج سے نہ گزر رہا ہو جو اس کے لیے موزوں نہیں ہیں مثلاً عقرب ،اس موقع پر دوسرے سیارگان سے اس کے تعلقات بھی اہمیت اختیار کرتے ہیں، وہ ان کے ساتھ منفی زاویے تشکیل دیتا ہے یا مثبت؟ اس کی بڑی اہمیت ہے، مثبت زاویے اطمینان بخش تعلقات اور ان میں پیش رفت لاتے ہیں جب کہ منفی زاویے خرابیاں پیدا کرتے ہیں، اپنی ذات کے اندر کی کشمکش اور آزمائشوں کی عکاسی اسی عرصے میں ہوتی ہے جس کی نوعیت انتہائی فطری ہے۔ ہم ہر ماہ چاند کی اس پوزیشن میں اپنی اور دوسروں کی جذباتی طلب اور ضروریات کو جتنا زیادہ سمجھنے کی کوشش کریں اتنا ہی اچھا ہے۔
آٹھویں گھر میں چاند کی گردش
یہ اکثر ہم سب کے لیے کوئی اچھا وقت نہیں ہوتا کیونکہ چاند آٹھویں گھر میں خوش نہیں رہتا،الاّ یہ کہ چاند اپنے ذاتی برج میں ہو، یہ وہی گھر ہے جس میں اسے (اور ہمیں) جذباتی چیلنج پیش آتے ہیں۔ ہم دوسروں کے جذباتی اور مالی ضروریات اور خواہشات کی دنیا میں رہ رہے ہیں اور کس طرح ان باتوں سے نمٹتے ہیں اس کے لیے فہم اور ادراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ہم دوسروں کا خیال کرنے کے بجائے اپنی ضروریات اور خواہشات کو سب سے مقدم سمجھیں تو تنازع پیدا ہو گا۔ یہ خاص طور سے اس وقت زیادہ شدید ہوگا جب چاند ہمارے پیدائشی چاند، زہرہ، مریخ، یا پلوٹو کا اچھا ناظر نہ ہو۔ چاند کے اس آٹھویں گھر میں ہونے کے دوران اگر ہم دوسروں کی جذباتی ضروریات اور خواہشات کو اولیت دیں اور انھیں پورا کرنے کے لیے بالکل چوکنا رہیں تو اچھے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
نویں گھر میں چاند کی گردش
یہ اپنے روحانی سفر کا اندازہ لگانے کا ایک اچھا وقت ہے،ترقی کی راہ میں کس قسم کی سرگرمیاں ہمیں سب سے زیادہ سپورٹ کرسکتی ہیں، ہم کس طرح اپنے آپ کو زیادہ سے زیادہ نکھار سکتے ہیں؟ ہم اپنی زندگی کو کس طرح بہتر بنا سکتے ہیں۔ یہ اور ان سے متعلق دوسرے سوالات اس گھر میں قمری گردش کے دوران معائنہ کے لیے ابھر کر سامنے آتے ہیں؟ یہ مزید تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں سوچنے اور اپنے ذہن کو وسیع کرنے والی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اچھا موقع ہے، خیال رہے کہ نواں گھر نہایت اہمیت کا حامل ہے،ہر ماہ اس گھر میں چاند کی موجودگی ہمیںنئی توانائی اور نئی جہت فراہم کرتی ہے،کسی مہینے میں اگر چاند کی موجودگی میں شمس بھی یہاں موجود ہو ،گویا نیا چاند اسی گھر میں ہو تو یہ صورت زندگی میں کوئی نئی شروعات لاتی ہے،مستقبل میں آگے بڑھنے کے نئے راستے کھلتے ہیں، اگر چاند، زہرہ اور نویں گھر کے حاکم سیارہ کا اچھا ناظر ہو (اور عطارد مستقیم ہو) تو یہ سفر کرنے اور تعطیل کی منصوبہ بندی کرنے کا بہترین وقت ہے۔
دسویں گھر میں چاند کی گردش
اس وقت ہمارے سماجی رتبہ، کیرئیر، اور تعلقات کو (خاص طور سے اپنے والد کے ساتھ تعلقات) کو کوئی نیا رخ مل سکتا ہے،یہ وقت نئی کوششوں اور جدوجہد کے لیے بہتر ہے، اگر آپ اپنی موجودہ جاب یا کاروباری صورت حال سے مطمئن نہیں ہیں تو اس بارے میں غوروفکر کریں اور اپنی جدوجہد کو تیز کریں،کیا ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری اچھی پرورش کی گئی اور ایسے اہداف مقرر کیے گئے جن سے ہماری زندگی بہتر ہوتی؟ کیا ہم ان لوگوں کو سپورٹ کر رہے ہیں جو ہمارے عزائم کو آگے بڑھا سکتے ہیں؟ کیا یہ مقاصد ہمارے لیے بہتر ہیں یا کہ ہم محض جذباتی تحفظات کی خاطر اپنی بیرونی زندگی کی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور ہمیں باطنی گہری تسکین کی ضرورت نہیں ہے؟ ان تمام سوالات پر غور کرنے کا بہترین وقت یہی ہے، مزید یہ کہ ہم اس دوران میں نئے معاہدے ، نئے کاروباری تعلقات بھی اس دوران میں قائم کرسکتے ہیں، ہمارے عزت و وقار میں اضافہ ہوگا، اگر چاند، ہمارے پیدائشی چاند، زحل اور دسویں گھر کے حاکم کا اچھا ناظر بنے یا انھیں متاثر کر رہا ہے تو ہمارے اندر اس قسم کی کشمکش پیدا ہو سکتی ہے۔ ان عناصر کے درمیان ہم آہنگ نظرات عام طور سے دسویں گھر کے ان معاملات کو سپورٹ کرتے ہیں اور ان میں بہتری لاتے ہیں۔
گیارہویں گھر میں چاند کی گردش
اس گھر میں چاند کی گردش کے دوران میں دوستی اورہمارے مفادات کو ایک خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ یہ وہ وقت ہے جب اپنے دوستوں کو سہارا دنیا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس دوراں ہمیں خود بھی اپنے رفقاءکے تعاون کی ضرورت ہو سکتی ہے،اس گھر میں قمری گردش اجتماعی نوعیت کی سرگرمیاں اور دلچسپیاں لاسکتی ہے،کاروباری فوائد کے حصول کا یہی وقت ہے، دوسروں سے لین دین میں کامیابی مل سکتی ہے،اس وقت جو دوسرے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، ان کا تعلق اس بات سے ہے کہ ہم مستقبل کے لیے اپنے وژن اور اپنی امیدوں کو کس طرح آگے بڑھا رہے ہیں۔ اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے ہمیں دوسروں کی کیسی سپورٹ چاہیے؟ یہ اس سوال کا جواب دینے کا بہت اہم وقت ہے تاکہ ہم یہ دیکھ سکیں کہ آیا جو سماجی تدابیرہم اختیار کر رہے ہیں وہ درست بھی ہےں یا نہیں،اس گھر میں چاند کی گردش ہماری جذباتی زندگی اور رومانی سرگرمیوں پر بھی خوش گوار اثرات ڈالتی ہے۔
بارہویں گھر میں چاند کی گردش
آرام کا وقت ،بارھویں گھر میں چاند کی گردش ہمیں عام سماجی رابطوں سے دور لے جاسکتی ہے۔ ایسے وقت میں ہم اپنے اردگرد کی دنیا سے تھوڑا لا تعلق رہ کر تنہائی اور تخلیے میں رہنے میں زیادہ راحت محسوس کرتے ہیں، اس گھر کا تعلق بستر کی لذت سے بھی ہے،ہمیں ایک بھرپور اور پرسکون نیند کی ضرورت ہے،ہماری زندگی کے بعض خوف بھی اس وقت بے دار ہوتے ہیں، منافع کے بعد نقصانات پر بھی غوروفکر ہوسکتا ہے،مستقبل کی کوئی خواہش یا فکر ذہن پر مسلط ہوتی ہے،چناں چہ ذہنی سکون اور آرام کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوتا ہے، آپ چاہتے ہیں کہ آپ اپنی ذمہ داریوں سے اور ساتھ ہی ان ذمہ داریوں سے تھوڑی سی فراغت حاصل کریں جو دوسروں نے آپ پر مسلط کر رکھی ہیں اور آپ سکھ کا سانس لیں سکیں۔ لہذا بارہویں گھر میں چاند کا یہ گردش آپ کو سکھ کا سانس لینے کا موقع دیتی ہے۔ چاند کی یہ پوزیشن کچھ لوگوں کو تحقیق کرنے اور گھر کی صفائی کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ آپ کچھ بھی کرنا چاہیں یا نہ کرنا چاہیں، یہ وقت بیرونی سرگرمیوں کے لیے یقینامناسب نہیں ہے،بہتر ہے کہ اس وقت کو اپنے پسندیدہ مشاغل کے لیے مخصوص کریں اور زیادہ آرام اور سکون حاصل کرکے زندگی کے آنے والے چیلنج کے لیے تیار کریں۔