انسان کی فطری خوبیوں، خامیوں اور جذباتی ،احساساتی زندگی پر قمری اثرات
شمس سے لاتعلقی
اس پوزیشن کا انحصار اس بات پر ہے کہ زائچے میں کون سا سیارہ سب سے زیادہ طاقت ور ہے اورقمر اور شمس کے درمیان کوئی رابطہ یا نظر ہے یا نہیں، تاہم عام طور پر یہ بے مقصدیت، انتشار، تنہائی اور اکثر ڈپریشن لاتا ہے۔ اگر آپ کے قمر اور شمس میں کوئی رابطہ نہیں تو آپ اپنا کافی وقت بے معنی حرکتوں میں گزارتے ہیں جن کا آپ کی بامقصد زندگی سے کوئی خاص تعلق نہیںہوتا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کافی سوچنے کے باوجود آپ اپنے وقت کا معقول استعمال ظاہر نہیں کر سکتے۔ آپ مزید دوستوں کی اور بہتر ملازمت کی خواہش کر سکتے ہیں لیکن آپ کی سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ اپنے مقاصد کی تکمیل کس طرح کریں۔ آپ اپنے جسم کی ضروریات کی طرف پوری طرح توجہ نہیں دیتے، چناں چہ آپ کی جسمانی صحت اور جذباتی صحت متاثر ہو سکتی ہے۔ زندگی کی ضروریات کا حصول آپ کے لیے بے حد دشوار ہوتا ہے اور اس سلسلے میں آپ عام طور پر دوسروں کے محتاج رہتے ہیں، آپ کے زائچے میں سیارہ قمر اگر کسی دوسرے سیارے سے کوئی تعلق یا رابطہ رکھتا ہے تو یہ بہتر بات ہوگی،اگر آپ اس قسم کے مسائل سے دوچار ہیں تو آپ کو متاثرکن رویے سیکھنے کے لیے بہتر ہوگا کہ سائیکوتھراپی کرالیں۔
عنصری اثرات
عزیزان من! قمر یعنی چاند ہماری زندگی پر کس قدر اہم اور گہرے اثرات ڈالتا ہے، اس کا اندازہ آپ کو مندرجہ بالا تحریر سے ہوگیا ہوگا لیکن صرف اتنا ہی کافی نہیں ہے،قمر کی مزید رنگ برنگی صورتیں بھی موجود ہیں،دائرئہ بروج کے بارہ برج کی عنصری تقسیم بھی بڑی اہم ہے،چار عناصر آتش،آب،خاک اور ہوابارہ بروج پر محیط ہے،آپ کا پیدائشی قمر اس مناسبت سے جس گھر میں ہوگا، اس کے مطابق ہی آپ کی شخصیت و فطرت میں نت نئے رنگ بکھیرے گا۔
آتشی قمر
(Fire Moon)
برج حمل ،اسد اور قوس آتشی برج ہیں،اگر آپ کی پیدائش کے وقت قمر ان تینوں بروج میں سے کسی ایک برج میں ہے تو آپ توانا، خوش امید، بے صبرے اور جارح ہیں۔ آپ دنیا سے شہوانیت، گرم جوشی لیکن بے صبرے پن کے ذریعے تعلق قائم کرتے ہیں۔ اگر آپ کے جذبات کچل دیئے جائیں اور ان کا رخ آپ کے باطن کی طرف کر دیا جائے تو آپ بیمار ہو سکتے ہیں اور یہ ڈپریشن کا نتیجہ ہوگا۔ ایسے مواقع پر ضروری ہوگا کہ آپ کے احساسات کا رخ باہر کی طرف جسمانی اظہار کے ذریعے موڑا جائے۔
بہرحال آپ کا سب سے بڑا مسئلہ جذبات اور احساسات کی گھٹن ہے۔ آپ کو شدید ترین غصہ آتا ہے لیکن پانچ منٹ بعد آپ کو یاد بھی نہیں رہتا کہ آپ کو غصہ آیا بھی تھا۔ آپ کسی اور جانب متوجہ ہو جاتے ہیں۔ عام طور پر زندگی کے بارے میں آپ کا نکتہ نظر مثبت ہوتا ہے۔ عام طور پر آپ زندگی کی دل چپسیوں پر جان دیتے ہیں۔ آپ کو بڑی اور عظیم چیزوں میں کشش محسوس ہوتی ہے۔ آپ بڑے جوش اور شدت سے محبت کرتے ہیں حالاں کہ ایسا عمر بھر کے لیے نہیں ہوتا۔ کبھی کبھی ہیجانی معاملات آپ کو اپنی طرف کھینچ لیتے ہیں آپ کے احساسات جذبات کے شدید سیلاب کی صورت اختیار کر لیتے ہیں اور آپ کو سوچنے تک کا موقع نہیں ملتا۔ تب آپ اندھا دھند عمل کر بیٹھتے ہیں۔
کبھی کبھی آپ کو ہیجان کی شدید طلب ہوتی ہے اور آپ خطرناک حد تک بے صبرے پن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آپ کو تجربات کے چیلنج سے بہت محبت ہے اور آپ ایسے معاملات میں پھنس جاتے ہیں، جن میں آپ کو خوشی نہیں ملتی۔ تاہم جب آپ عمل کرنے سے پہلے کسی بھی تصویر کے دونوں رخ دیکھنے کی عادت ڈال لیں تو آپ کو اس فیصلے سے نہ صرف فائدہ پہنچتا ہے بلکہ آپ کی عمر بھی درا زہو جاتی ہے۔
ہوائی قمر
(Air Moon)
اگرآپ کا پیدائشی قمر جوزا ،میزان یا برج دلو میں ہے تو آپ جذباتی سے زیادہ ذہنی ہیں۔ آپ تجربات کو دل سے محسوس کرنے کے بجائے ان کا تجزیہ کرتے ہیں۔ آپ اپنے وجدان سے زیادہ اپنی ذہنی صلاحیت پر انحصار کرتے ہیں۔ آپ سوشل اور ملنسار ہیں۔ آپ لوگوں سے ملنے کے شائق ہیں۔ آپ کے دوستوں اور ملاقاتیوں کا حلقہ وسیع ہے اور آپ سرگرم معاشرتی زندگی سے پوری طرح لطف اٹھاتے ہیں۔
ممکنہ طور پر آپ بے انتہا ذہین ہیں اور جذباتی طور پر خارجی ہیں۔ کسی بھی سچویشن میں آپ کسی کی مذمت کرنے میں صرف اپنے احساسات پر بھروسا نہیں کرتے بلکہ اس سچویشن کو پہلے پوری طرح سمجھتے ہیں۔ آپ وسیع القلب، دیانت دار اور خیالات کا برملا اظہار کرنے والے ہیں۔ آپ احساسات پر گفتگو کرنا پسند کرتے ہیں۔ آپ کو اپنے پسندیدہ لوگوں کا تجزیہ کرنا پسند ہے۔ کیوں کہ آپ اتنے تجزیہ پسند اور سمجھنے والے ہیں اس لیے آپ میں درگزر کا مادہ دوسروں سے زیادہ ہے۔
آپ کا ذہن مطابقت پذیر، ہر فن مولا اور بے چین ہے۔ امکان ہے کہ آپ مطالعہ کرنا پسند کرتے ہوں گے۔ آپ کو گفتگو کرنا اور لکھنا بھی پسند ہوگا۔ آپ اچھے سامع بھی ہوں گے۔ اگر آپ کے زائچے میں پانی زیادہ نہیں ہے (آبی عنصر)تو آپ آزادی پسند، خود سے لاتعلق اور کبھی کبھی اپنے گہرائی میں چھپے احساسات کے تجسس سے خوف کھانے والے ہوں گے۔ یہ رجحان بھی ہوسکتا ہے کہ زندگی سطحی طور پر گزاری جائے اور سچے تجربوں سے گریز کیا جائے۔ آپ تیس سال کی عمر تک مکمل رومانی اطمینان حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ تعلقات کے حقیقی تجربے کے بجائے اس شخص سے مسحور ہو جانے کا رجحان رکھتے ہیں، جس سے آپ کے تعلقات ہوں۔
ایک خاص بات یہ ہے کہ آپ غیرحقیقی خوابوں میں اپنا کافی وقت برباد کرتے ہیں۔ آپ کے بہت سے منصوبے صرف شوق کی حد تک محدود رہ جاتے ہیں کیوں کہ آپ درمیان میں ہی اپنا خیال تبدیل کر دیتے ہیں۔ آپ ذہنی انتشار کا شکار ہوتے رہتے ہیں جو آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کو محدود کر دیتا ہے۔ آپ کو اپنی شخصیت میں حقیقت پسندی اور نظم و ضبط کو فروغ دینا چاہیے۔ تب آپ اپنے خیالات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آبی قمر
(Water moon)
اگر آپ کا قمر سرطان ، عقرب یا برج حوت میں ہے تو آپ جذباتی، حساس، وجدانی اور غیرمحفوظ ہیں۔ آپ میں جذبات کو خود تک محدود رکھنے کا رجحان موجود ہے اور آپ جذبات کا اظہار پسند نہیں کرتے کیوں کہ آپ نے برسوں میں اسی بنیاد پر اپنا دفاعی نظام ترتیب دیا ہے تاکہ کوئی آپ کو اذیت نہ پہنچا سکے۔ آپ بہت گہرائی میں اور بہت شدت سے سوچتے ہیں اور جذباتی تجربات کو طویل عرصے تک گہرائیوں میں محفوظ رکھتے ہیں۔ آپ میں کینہ پروری کا رجحان بھی ہو سکتا ہے کیوں کہ آپ ماضی میں اپنے ساتھ ہوئی کسی بھی زیادتی کو فراموش نہیں کرتے۔ اگر آپ کی شخصیت کی نشوونما بہت اچھے انداز میں ہوئی ہے تب بھی آپ درگزر تو کر سکتے ہیں مگر بھول نہیں سکتے۔
آپ کی یادداشت بہت عمدہ اور ذہن تغیر پذیر ہے۔آپ کے اردگرد جو کچھ بھی ہے، آپ اسے سمجھتے ہیں، وہ لوگ ہوں یا آپ کی دل چسپی حاصل کرنے والا کوئی فلسفیانہ خیال۔ آپ کے نزدیک کائنات پُر اسرار اور مسحور کن ہے اور آپ کے لیے اسے سمجھنے کی کوشش بہت پُرکشش۔
آپ فطری طور پر لوگوں کے مقاصد تک سمجھ لیتے ہیں۔ اگر آپ اپنے محسوسات کے خلاف عمل کرنے والے ہیں تو یہ ایک الگ بات ہے۔ آپ لوگوں کے جذباتی ردعمل کو سمجھنے کے لیے خود کو باآسانی ان کی جگہ رکھ سکتے ہیں۔ آپ کو فکشن لکھنے میں عام طور پر کامیابی ہوتی ہے۔ تخلیقی صلاحیتوں کی آپ میں فطرتاً فراوانی ہے، بس ذہنی نظم و ضبط اختیار کرنا ضروری ہے تاکہ آپ انہیں بروئے کار لا سکیں۔ کبھی کبھی آپ کا جوش و جذبہ کسی منصوبے کے بارے میں سوچنے سے آگے تک نہیں جاتا کیوں کہ آپ کے ذہن میں کوئی نیا تصور، کوئی نیا خیال در آتا ہے۔
جوشِ آرزو آپ کی زندگی میں بے حد اہمیت رکھتا ہے اور اس کی تسکین ایک طوفانی محبت اور اس کے نتیجے میں ملنے والے جذباتی تحفظ ہی سے ممکن ہے۔ اگر یہ جوش آپ کی ازدواجی زندگی سے عنقا ہو جائے تو آپ اسے کہیں اور حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، وہ خواہ دوسرے رومانی تعلقات ہوں، اسپورٹس ہو یا آپ کا کام۔ کیوں کہ آپ کسی بھی جذباتی تجربے سے پہلے حسن سے مسحو رہو جاتے ہیں لہٰذا آپ اکثر ایسے تجربوں سے محروم رہ جاتے ہیں جن کا حسن سطح کے بجائے گہرائی میں ہو۔
آپ کی ہیجان پسندی آپ کا بڑا مسئلہ ہے۔ آپ خود لذتی کے عادی ہو سکتے ہیں لیکن اگر آپ پختہ ہیں تو یہ تجربہ آپ کو ایک نئے رومانی تجربے سے روشناس کرا سکتا ہے۔
خاکی قمر
(Earth Sign)
اگر قمر آپ کے زائچے میں برج ثور،سنبلہ یا جدی میں ہے تو آپ عملی، مادی اور منطقی ہیں۔ آپ کی فطرت میں استقلال ہے۔ امکان ہے کہ ذہنی طور پر آپ نظم و ضبط پسند کرتے ہوں۔ زندگی کے بارے میں آپ کا رویہ صابرانہ ہے۔ آپ زندگی بے سوچے سمجھے نہیں بلکہ قدم قدم نظم و ضبط کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں اور اپنی محنت کے پھل کے لیے انتظا رکر سکتے ہیں۔ آپ سخت ترین محنت کر سکتے ہیں، پے چیدہ ترین تفاصیل سے الجھ سکتے ہیں، اپنی زندگی اور اپنے کام کو اس طرح منظم کر سکتے ہیں کہ کارکردگی بہترین ہو۔ آپ مادی اشیا کا حصول چاہتے ہیں اور مالی معاملات میں بہت تیز ہیں۔ جبلی طور پر آپ رقم سے مزید رقم حاصل کر سکتے ہیں۔
بہت سے لوگ غربت میں فنکارانہ زندگی گزار سکتے ہیں لیکن آپ نہیں۔ آپ اصول، فن یا کسی بھی چیز کی خاطر کسی بھی قسم کی محرومی پسند نہیں کرتے۔ آپ آہستہ آہستہ لیکن استقلال کے ساتھ اپنی منزل کی طرف بڑھتے ہیں اور تیز رفتار لوگوں کو بھی پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔ آپ اپنی منزل کا یقین بھی لازمی طور پر کرتے ہیں۔ آپ کی تعیش پسندی بے وقعت چیزوں سے نہیں ظاہر ہوتی بلکہ کوئی خوب صورت پینٹنگ اور کوئی قدیم زیور آپ کو برسوں مسحور رکھتا ہے۔ یہ بھی ایک طرح کی سرمایہ کاری ہے۔ آپ کو منفعت کا احساس غیرمعمولی طور پر ہو جاتا ہے۔
محبت کے معاملات میں آپ وفادار، ذمے دار، تیزرفتار ہیں اور جذباتی اور مادی دونوں طرح کے تعلقات چاہتے ہیں۔ آپ کھیلوں سے متنفر ہیں۔ جذباتی ناپختگی آپ کو بری لگتی ہے اور الجھے ہوئے لوگوں سے زیادہ نہیں مل سکتے۔ جذباتی طور پر غیرمستقل مزاج لوگ بھی آپ کو نہیں بھاتے۔ اکثر مواقع پر آپ تحفظات کو غیرمعمولی اہمیت دیتے ہیں جو بعض اوقات آپ کو ناخوش گوار تعلقات بنانے پر مجبور کر دیتا ہے۔(جاری ہے)