سرطان، اسد اور عقرب اور دیگر بروج کا انداز محبت
برج سرطان کا انداز محبت
برج سرطان کا حاکم سیارہ قمر ہے،یہ برج ”مامتا“ کے جذبے کے لیے مشہور ہے ، ماں، بچے اور گھر سرطانی افراد کی زندگی کا عمر بھر محور رہتے ہیں لہٰذا یہ لوگ حسن و عشق کے معاملات میں بھی اس محور سے باہر نہیں نکلتے،بنیادی طور پر روایات کے اسیر ہوتے ہیں،تبدیلیوں کو نا پسند کرتے ہیں۔
سرطان میں شمس (15 جولائی سے 15اگست ) ایسے رومانوی عزائم کی نشان دہی کرتا ہے جو گھر بسانے اور گھر بنانے سے متعلق ہوتے ہیں،ان لوگوں کو شریک حیات کے طور پر ایسے رومانوی تعلق کی ضرورت ہوتی ہے جو انہیں ایک معقول ، من پسند گھریلو زندگی دے سکے اور اس حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کو شیئر کرسکے۔
ایک سرطان مرد یا عورت گھریلو سکون کا متلاشی ہوتے ہےں اور انھیںہر صورت میں اپنا ذاتی ایسا گھر چاہیے جس میں اُس کی ضروریات کی تمام چیزیں موجود ہوں اور ساتھ ہی ہر طرح کا گھریلو آرام و سکون میسر ہو، تقریبا یہی معاملہ سرطان خواتین کے ساتھ ہے،وہ کبھی کرائے کے مکان میں خوش نہیں رہ سکتیں،معاشی پریشانیاں بھی ان لوگوں کی رومانی زندگی کو بے مزہ کردیتی ہیں۔
سرطان میں قمر تحفظ کے احساس کو بہت زیادہ بڑھا دیتا ہے اور اس حوالے سے بھی ذاتی گھر کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے،بچوں کے معاملات بھی نہایت حساس ہوجاتے ہیں،ایسے لوگ اکثر اپنے شریک حیات سے یہ شکوہ کرتے نظر آتے ہیں کہ وہ بچوں کی دیکھ بھال اچھی طرح نہیں کر رہے،سرطان میں قمر محبوب سے اپنے خیالات کا محفوظ طریقے سے اظہار کرنے کے قابل بناتا ہے لیکن اس حوالے سے بعض عجیب پیچیدگیاں بھی پیدا ہوتی ہیں،مثلاً ایک سرطان مرد یا عورت کسی جارحانہ اظہار کے قائل نہیں ہوتے،وہ اپنے شریک حیات سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کی پسند نا پسند یا خواہشات کا وہ خود خیال رکھے، انہیں اس سلسلے میں کوئی تقاضا نہ کرنا پڑے،عام طور پر ان کا فلسفہ یہ ہوتا ہے ۔
”ہم نے کہا اور آپ نے کیا تو کیا، کیا؟بات تو تب ہوتی کہ ہمارے بغیر کہے آپ کو ہمارا خیال ہوتا“
اسی طرح ایک سرطان شوہر یا بیوی کو یہ یقین دلانا بھی کافی مشکل کام ہوتا ہے کہ اُسے فریق ثانی کی بھرپور محبت حاصل ہے یا نہیں، اکثر سرطان خواتین کو اس حوالے سے شکایت رہتی ہے۔وہ محبت کے بار بار اظہار کی متقاضی رہتی ہیں۔
رومانی تعلقات میں قمر در سرطان بڑا حساس اور جذباتی ہوتا ہے، بڑی بڑی باتوں کو نظر انداز کرسکتا ہے لیکن کسی چھوٹی سی بات کو مسئلہ بناسکتا ہے اور بقول شاعر اک ذراسی بات پر برسوں کے یارانے گئے۔
برج سرطان میں زہرہ کی موجودی رومانی تعلقات میںاظہار محبت کی شدت ظاہر کرتی ہے گویا روایتی یا افسانوی محبت سے زیادہ محبت کے عملی اظہار پر توجہ ہوتی ہے، اگر زہرہ کسی طور بھی متاثرہ ہو تو یہ صورت حال خاصی خطرناک اور بے راہ روی کے رجحان کا مظہر ہوگی۔خصوصاً زہرہ پر راہو کی نظر خواتین کے زائچے میں شہوانیت کو بڑھاوا دیتی ہے، ایسی لڑکیاں جلد از جلد شادی کے لیے کوشش کرتی ہیں۔
گھریلو زندگی کے معاملے میں بھی سرطان در زہرہ والے اپنے رومانی جوش و خروش اور جذباتی رویے میں شہوانیت کو نظر انداز نہیں کرتے، ذہنی رومانس سے زیادہ جسمانی اظہار نمایاں رہتا ہے لیکن اپنے محبوب کے لیے اپنے دل میں ہمدردی اور اچھے جذبات رکھتے ہیں۔
برج اسد کی محبت کے رنگ
برج اسد کا حاکم سیارہ شمس ہے،اس برج میں شمس کی عمدہ پوزیشن انانیت ، معیار اور اعلیٰ صفات کی مظہر ہے، عام طور پر اسد افراد کی زندگی میں گھٹیا اور کم تر درجے کی چیزوں یا لوگوں کی گنجائش نہیں ہوتی،شمس کی اس برج پر حکمرانی (16اگست سے 16ستمبر)اسد افراد کو محبت کی زندگی میں بہت بے قراری اور حاکمیت پسندی عطاءکرتی ہے، زندگی کے اس شعبے میں ایک اسد کا عزم ایک روح پرور، رومانوی محبت کو فتح کرنا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ یہ سب کچھ نہایت ڈرامائی اور سنسنی خیز ہو۔
برج اسد مذکر ہے ، یہ حقیقی معنوں میں ”عاشق“ ہے، معشوق نہیں ہے، لہٰذا کسی پر مر مٹنے کا جذبہ رکھتا ہے اور اپنی محبت کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے، اس حوالے سے عورت یا مرد کی قید نہیں ہے،یہ لوگ اپنی پسند میں معیار اور حیثیت کو بھی بہت اہمیت دیتے ہیں ، ایک اسد عورت ہر گز کسی ایسے شریک حیات کے ساتھ خوش نہیں رہ سکتی جس کے طور طریقے گھٹیا یا کمتر درجے کے ہوں، یہی صورت مرد کے ساتھ بھی ہے لیکن محبت کے معاملے میں یہ دونوں ہی اس وقت خاصے کمزور ثابت ہوتے ہیں جب کسی کی محبت میں بری طرح مبتلا ہوجائیں پھر یہ بہت سی ناپسندیدہ باتوں کو بھی نظر انداز کردیتے ہیں اور اپنے محبوب کے ناز نخرے اٹھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔
برج اسد میں قمر انا کے احساس کو مزید گہرا کرتا ہے اور اس صورت میں محبت کا اظہار بھی مشکل ہوجاتا ہے،محبت دراصل عجزوانکسار کا نام ہے اور حد سے بڑھی ہوئی انانیت کسی دوسرے کی تعریف اور خوبیوں کے اعتراف کی اجازت نہیں دیتی،اپنی برتری کا احساس قمر در اسد میں نمایاں رہتا ہے لہٰذا بعض اوقات زبانی اظہار مشکل ہوجاتا ہے مگر یہ لوگ اس کی تلافی اپنے عمل سے کرتے ہیں ، ان کی فیاضی کا مظاہرہ قابل دید ہوتا ہے،محبوب کی خاطر سب کچھ لٹانے پر آمادہ ہوجاتے ہیں اور نہایت بہادری اور جانفشانی کا مظاہرہ کرکے اپنے محبوب کو پالیتے ہیں،ممکن ہے مشہور رومانی جوڑی پرتھوی اور سنجوگتا کا قمر اسد ہی میں ہو کیوں کہ دونوں نے جس حوصلے اور ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قابل دید تھا،پرتھوی عین سوئمبر کے وقت گھوڑے پر سوار آیا اور سنجوگتا کو اٹھا کر لے گیا۔باہمی تعلقات میں شادی کے بعد بھی قمر در اسد کی اکڑ ختم نہیں ہوتی لیکن محبت میں بھی کوئی کمی نہیں آتی،شریک حیات کو اس کی محبت کے اسٹائل کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے ورنہ بہت سی غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔عورت ہو یا مرد دونوں اپنی تعریف سے خوش ہوتے ہیں لہٰذا اپنے لائف پارٹنراسد پر تنقید نہ کریںبلکہ وقتاً فوقتاً اس کے اچھے کاموں پر اس کی تعریف کرنے سے غافل نہ ہوں۔اس طرح آپ اس کے دل میں اپنا مقام زیادہ محفوظ بنالیں گے۔
برج اسد میں زہرہ بے تحاشا جذباتی اظہار کا تقاضا کرتا ہے اور بہت زیادہ رومان پسند بناتا ہے،حسن پرستی بھی بڑھ جاتی ہے جو کبھی کبھی بے راہ روی کی حد تک دراز ہوسکتی ہے،ایسے لوگ حسن و خوبصورتی اور جذب و مستی کے رسیا ہوتے ہیں اور حسن کا کوئی بھی شاہکار دیکھ کر فوراً پھسل پڑتے ہیں، اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنی محبت بدلتے رہیں گے بلکہ آپ ایک سے زیادہ محبت کے تجربات کرسکتے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی محبت کی شدت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔
زہرہ در اسد کی محبت سب سے زیادہ جذباتی تصور کی جاسکتی ہے، یہ لوگ اپنے محبوب کے لیے کوئی نہ کوئی قربانی دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ زیر بارِ احسان ہوجائے لیکن جب ان سے بے وفائی کی جائے تو یہ اس کا نہایت گہرا اور منفی اثر قبول کرتے ہیں ، ان پر ہسٹیریا کے دورے پڑ سکتے ہیں اور ان کی سائیکی تبدیل ہوسکتی ہے،ہمیشہ کے لیے صنفِ مخالف سے نفرت ہوسکتی ہے اور اس نفرت کا اظہار بھی کسی عجیب انداز میں ہوسکتا ہے،بہر حال یہ لوگ نہایت جوش و خروش سے کسی معاشقے میں شامل ہوتے ہیں اور خود کو اس کے لیے وقف کردیتے ہیں ایسا لگتا ہے”محبت ہی زندگی ہے، محبت ہی سرخوشی ہے“ اگر بے وفائی یا نظر انداز کیے جانے کا صدمہ نہ اٹھانا پڑے اور محبت میں ناکامی عام نوعیت کی ہو تو یہ لوگ حیرت انگیز طور پر سنبھل بھی جاتے ہیں۔
برج عقرب کی محبت
محبت کی بات ہو اور عقرب کا ذکر نہ ہو،یہ ممکن نہیں۔
مگر خرابی یہ ہے کہ عقرب کی محبت کا اختتام سیکس پر ہوتا ہے،جنسی تجربات کو عقربی محبت میں اولیت حاصل ہے،عقرب میں شمس ہو، قمر ہو یا زہرہ ، تینوں صورتوں میں شہوانیت مقدم ہے،برج عقرب اس حوالے سے بہت ہی عجیب اور پیچیدہ کردار رکھتا ہے،انتہا پسندی اور شدت عقربی افراد کے ہر معاملے میں نمایاں رہتی ہے، مختصر الفاظ میں صرف اتنا کہنا کافی ہوگا کہ برج عقرب کی محبت کا جذبہ نسل انسانی کے ارتقائی عمل کو فروغ دیتا ہے،اس کی تفصیلات میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
محبت کی جو شدت برج عقرب میں ظاہر ہوتی ہے وہ شاید کسی اور برج میں نظر نہیں آتی، حد یہ کہ یہ لوگ عورت ہو یا مرد، محبت میں جان دینے یا لینے سے بھی گریز نہیں کرتے، بے وفائی سے انھیں شدید نفرت ہوتی ہے، حسد اور جیلسی اپنے عروج پر رہتی ہے، وہ اپنے محبوب کی چھوٹی چھوٹی باتوں اور حرکات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔
شمس برج عقرب میں (15نومبر سے 15دسمبر) محبت میں شائستگی اور وقار پیدا کرتا ہے ، یہ لوگ محبت کے معاملات میں کسی بھی نوعیت کے گھٹیا پن کو پسند نہیں کرتے، ان کے اظہار محبت میں بھی ایک وقار پایا جاتا ہے لیکن شدت اور انتہا پسندی برقرار رہتی ہے۔محبت میں ناکامی برداشت نہیں ہوتی، بے وفائی ناقابل معافی ہے ، اس کا نتیجہ شدید نفرت کی صورت میں ظاہر ہوسکتا ہے۔درحقیقت عقربی افراد محبت میں بھی اور نفرت میں بھی انتہا پسند ہوتے ہیں ، ان کے ہاں درمیان کا کوئی راستہ نہیں ہوتا۔
قمر در عقرب میں حساسیت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے اور یہ لوگ گھر بنانے اور ایک گھریلو زندگی گزارنے پر زیادہ زور دیتے ہیں لیکن یہاں بھی شدت اور انتہا پسندی عروج پر ہوتی ہے۔ان کی محبت میں پاکیزگی کا احساس بھی نمایاں رہتا ہے اور محبت کے انجام میں شادی ان کے لیے باعث اطمینان ہوتی ہے اور ناکامی گہرے صدمے یا کسی نفسیاتی مسئلے کا باعث بنتی ہے۔ ان لوگوں کو اپنی ماں اور فیملی کے دیگر افراد سے بھی گہرا لگاو رہتا ہے۔ اگر ان کی طرف سے محبت میں کمی محسوس ہو تو یہ اسے نہایت شدت سے محسوس کرتے ہیں اور اس کے بھی منفی اثرات کا شکار ہوتے ہیں۔
زہرہ برج عقرب میں شہوانیت کو بڑھاوا دیتا ہے، گویا یہ وہ لوگ ہیں جن کے بارے میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ ان کی محبت کا مقصد ہی سیکس ہے۔ یہ محبت میں جنسی تعلق کو ضروری سمجھتے ہیںاور اکثر کسی نہ کسی بے راہ روی کا شکار ہوتے ہیں۔شدت اور انتہا پسندی اس حوالے سے بھی نمایاں رہتی ہے یعنی نت نئے جنسی تجربات کی طرف راغب ہوتے ہیں اور اپنے لائف پارٹنر کے لیے بھی بعض اوقات مسائل پیدا کرتے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ جنسی ہوس ان کی آنکھوں میں چمکتی نظر آتی ہے۔
دیگر بروج کی محبت
دائرئہ بروج کے باقی ماندہ بروج حمل، جوزا، سنبلہ، قوس ، جدی اور دلومحبت میں مختلف نوعیت کی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں،حمل کے نزدیک فتح پانا ہی محبت ہے،جوزا اور سنبلہ کی محبت کو بمشکل تمام ہی محبت کہا جاسکتا ہے،خاص طور سے مضبوط کلاسیکل رومانی محبت کے معنوں میں۔
قوس کے نزدیک انسانیت سے محبت کو محبت کہتے ہیں ، دلو کے نزدیک زندگی کے اصول سے محبت کرنا ہی محبت ہے اور جدی کے نزدیک صرف اپنی ذات سے محبت کرنے کا نام محبت ہے
جملہ اسباب جہاں پر ہے تغیّر حاوی
اک محبت ہے کہ ہر وقت جوان رہتی ہے