مئی کی سیاروی گردش، ایک سخت اور مشکل ترین مہینہ

شرف زہرہ کا خصوصی وقت اور لکی طلسمی انگوٹھی کی تیاری کا طریقہ

مئی کی سیاروی گردش، ایک سخت اور مشکل ترین مہینہ

انتیس مارچ کو ایک بڑا سیاروی اجتماع برج حوت میں واقع ہوا تھا اور اسی روز سورج کو بھی گہن لگا تھا۔ چناں چہ ہم نے نشان دہی کی تھی کہ یہ سیاروی اجتماع غیر معمولی واقعات و حادثات کو جنم دے گا۔

ہم دیکھتے ہیں کہ اپریل کا مہینہ مشکل ترین مہینہ ہے۔  مئی کی سیاروی گردش کے حوالے سے یہ مہینہ ایسے حادثات وواقعات سے عبارت ہے اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اگرچہ زائچہ پاکستان کے مطابق راہو کیتو کی تقریباً 3درجے پر اسٹیشنری پوزیشن فروری ہی سے شروع ہوگئی تھی اور زائچے کے پہلے، دوسرے، پانچویں، ساتویں، نویں اور گیارھویں گھر بری طرح متاثر تھے لیکن اس سیاروی اجتماع نے جلتی پر تیل ڈالنے والا کام کیا ہے اور مار چ، اپریل نہایت عدم اطمینان لانے والے مہینے ثابت ہوئے۔

واضح رہے کہ یہ صورت حال ابھی تک جاری ہے کیوں کہ سیارہ شمس اب زائچے کے بارھویں گھر میں حرکت کر رہا ہے اور مئی میں عطارد اور مرکری بھی بارھویں گھر میں آجائیں گے۔

سیارہ زحل جس کا تعلق زائچے میں دسویں حکومت اور کابینہ کے گھر سے ہے، وہ بدستور پورا مہینہ راہو کیتو محور میں پھنسا رہے گا اور ایسا محسوس ہوتا رہے گا کہ موجودہ حکومت سکون کا سانس بھی نہیں لے پارہی بلکہ غلطی پر غلطی کرتی چلی جارہی ہے ۔

کچھ ایسی ہی صورت حال ہماری سول و ملٹری بیوروکریسی کی بھی رہے گی جس کے نتیجے میں ملکی صورت حال کے بہتر ہونے کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔

بلوچستان اور کے پی کے کے حالات سے سب ہی باخبر ہیں لیکن اب سندھ میں بھی بے چینی کی لہر پیدا ہوگئی ہے اور آج جب یہ سطور لکھی جارہی ہیں سندھ اور پنجاب کی سرحد پر احتجاجی اجتماع جاری ہے، راستے بند کردیے گئے ہیں۔

حکومت وفاقی ہو یا صوبائی پریشانی کا شکار ہے کہ اس معاملے کو کس طرح سنبھالا جائے ۔

سیارہ زحل کی راہو کیتو کے ساتھ متاثرہ پوزیشن ظاہر کرتی ہے کہ اسے سنبھالنا اسی صورت میں ممکن ہے جب عوام کے جائز مطالبات کو تسلیم کرلیا جائے، خیال رہے کہ سیارہ زحل زائچے کے نویں گھر کا بھی حاکم ہے جس کا تعلق آئین و قانون اور مذہب سے ہے۔

لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ مذہبی جماعتیں فلسطین کا پرچم ہاتھ میں لے کر سڑکوں پر آنے کی تیاری کر رہی ہیں اور بعض علماء نے تو جہاد کا اعلان بھی کردیا ہے۔ قصہ مختصر یہ کہ اپریل کے بعد مئی کا مہینہ بھی امن و سکون کے فقدان کا اعلان کرتا ہوا نظر آتا ہے۔

جیسا کہ نشان دہی کی گئی ہے کہ سیارہ عطارد و زہرہ بھی مئی کے پہلے ہفتے تک مسلسل راہو کیتو کے محور میں پھنسے رہے ہیں لہٰذا میڈیا اور سول و بیوروکریسی بھی مسائل و پریشانیوں کا شکار رہیں گے۔

ایک تازہ خبر کے مطابق تقریباً ایک لاکھ سے زائد سول بیوروکریٹس کے خلاف ایک عدالتی حکم کے تحت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے یعنی وہ اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے دوبارہ ایک امتحان سے گزریں گے اور جہاں تک میڈیا کا تعلق ہے تو وہ پہلے ہی عتاب کا شکار تھا اور آئندہ بھی رہے گا۔

سیارہ مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں زائچے کے تیسرے گھر میں حرکت کر رہا ہے اور قمری برج سے ساتویں گھر میں ہیں۔ مریخ کا تعلق فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے یا دفاعی اداروں سے ہے لیکن زائچے میں یہ غیر ملکی امور اور خفیہ معاملات کی بھی نشان دہی کرتا ہے۔

22 اپریل کو مریخ پر راہو اور نیپچون کی نظر تھی جب کہ قمر سے مقابلے کی نظر قائم تھی جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کا ایک حادثہ سامنے آیا۔

بھارتی میڈیا اس کا الزام پاکستان پر لگارہا ہے اور بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے سے بھی منہ موڑنے کا اعلان کردیا ہے، دیگر بھی کئی سخت اقدام کیے گئے ہیں، گویا بھارت و پاکستان کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بھی شروع ہوچکی ہے اور اس خدشے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ اس موقع پر بھارت کسی نوعیت کی کوئی شر انگیزی کرے۔

 اگرچہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی شرانگیزی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں لیکن بہر حال یہ صورت حال کسی طور بھی مناسب اور بہتر نہیں ہیں۔ دعا کرنا چاہیے کہ اللہ تعالی ٰ ملک و قوم کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور کسی بھی بیرونی مداخلت سے بچائے ۔

مئی کی سیاروی گردش

سیارہ شمس اپنے شرف کے برج حمل میں حرکت کر رہا ہے۔ 14مئی کو برج ثور میں داخل ہوگا۔ سیارہ عطارد برج حوت میں حرکت کر رہا ہے۔7مئی کو برج حمل میں داخل ہوگا۔

سیارہ زہرہ اپنے شرف کے برج حوت میں حرکت کررہا ہے اور راہو کیتو کے محور سے متاثرہ ہے۔5مئی کو اس نحوست سے نجات پائے گا اور 31مئی کو برج حمل میں داخل ہوگا۔

سیارہ مریخ برج سرطان میں حرکت کررہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں گزارے گا۔

سیارہ مشتری برج ثور میں حرکت کر رہا ہے۔ 14مئی کو برج جوزا میں داخل ہوگا۔ یہ اس سال کی دوسری بڑی سیاروی تبدیلی ہے۔

سیارہ زحل برج حوت میں داخل ہوچکا ہے اور راہو کیتو کے محور سے بری طرح متاثر ہے۔یہ اس سال کی پہلی بڑی تبدیلی ہے۔

سیارہ یورینس برج ثور میں اور نیپچون برج حوت میں جب کہ پلوٹو برج جدی میں حرکت کر رہے ہیں۔ 5مئی کو پلوٹو کو رجعت ہوجائے گی۔

راہو کیتو بالترتیب برج حوت اور سنبلہ میں حرکت رہے ہیں، 29مئی کو برج اسد اور دلو میں داخل ہوں گے۔

شرف زہرہ

عزیزان من! ہم نے پہلے بھی نشان دہی کی تھی کہ اس بار جن لوگوں نے جنوری میں یونانی حساب سے شرف زہرہ سے متعلق اعمال کیے ہیں، وہ ناقص رہے کیوں کہ شرف کے وقت بہ حساب یونانی یا ویدک زہرہ راہو کیتو کے محور میں تھاجس کے سبب اس کی قوت کمزور پڑ گئی تھی۔

مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے اکثر عامل و جفار علم نجوم سے واجبی سی واقفیت رکھتے ہیں، وہ صرف جنتریاں دیکھ کر وقت کا تعین کرلیتے ہیں۔ انھیں اس بات کا شعور ہی نہیں ہوتا کہ شرف یافتہ سیارہ بھی کسی نہ کسی سبب سے کمزور ہوسکتا ہے یا نحوست کا شکار ہوسکتا ہے۔

ہم نے وعدہ کیا تھا کہ جب شرف یافتہ زہرہ راہو کیتو کی نحوست سے نکل جائے گا تو کسی مناسب اور باقوت وقت کی نشان دہی کریں گے لہٰذا درج ذیل تاریخیں اور وقت نوٹ کرلیں۔اس وقت میں زہرہ نہایت باقوت اور پرتاثیر ہوگا۔

دس مئی کو بہ روز ہفتہ رات 10:07 سے 10:47 تک۔

گیارہ مئی بہ روز اتوار صبح 07:52 سے 08:36 تک۔

بارہ مئی بہ روز پیر کی شب 12:03 سے 12:34 تک۔ پھر اسی تاریخ کو صبح 07:52 سے 08:35 تک اور اسی تاریخ کو ہی رات 10:05 سے 10:45 تک۔

مندرجہ بالا اوقات عام نوعیت کے نہیں ہیں۔ یہ نہایت خاص اوقات ہیں جنھیں وہی لوگ سمجھ سکتے ہیں جو علم نجوم پر بھرپور دسترس رکھتے ہوں۔ اس موقع پر جو طلسم یا نقش تیار کیا جائے گا، اس کی تاثیر میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی دیگر قواعد عملیات کی پابندی بھی لازم ہیں۔

ہم یہاں لکی انگوٹھی کا ایک نادر نقش دے رہے ہیں ، اسے انگوٹھی کے علاوہ گول لوح پر بھی کندہ کیا جاسکتا ہے اور اسے لاکٹ کے طور پر گلے میں بھی پہنا جاسکتا ہے یا کسی اور طور سے پاس رکھنا بھی فائدہ بخش ہوگا۔

واضح رہے کہ شرف زہرہ میں حُب و تسخیر کے اعمال بہت موثر ثابت ہوتے ہیں۔اس حوالے سے اگرچہ بہت سے نقوش و طلسم مروج ہیں لیکن ہم یہاں جو نقش دے رہے ہیں وہ اپنی اہمیت کے اعتبار سے غیر معمولی کا حامل ہیں۔ یہ بیس کا نقش ہے۔

کہتے ہیں کہ بیس کا بلاکسر نقش نایاب ہے۔ اگر کسی کو مل جائے تو اس کی زندگی بدل دے۔ یہ نقش بلاکسر ہے۔

بیس کا عدد کئی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمارے رسول پاک کے اسم مبارک محمد کے اعدادبیس ہیں اور خیال رہے کہ یہ وہ نام ہے جو روایات کے مطابق اللہ رب العزت نے تجویز فرمایا تھا اور حضرت عبدالمطلب کے ذہن میں اتاردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اسم الٰہی ہادی اور ودود کے اعداد بھی بیس ہیں۔

ابجد میں بیس کے عدد کو علم الحروف کی مثبت قوت تسلیم کیا جاتا ہے۔ چناں چہ یہ نقش نہ صرف یہ کہ عزت و شہرت اورتسخیر کی قوت رکھتا ہے اور معاشرے میں معزز مقام کے حصول میں مددگار ثابت ہوتا ہے بلکہ حامل نقش کی اپنی شخصیت میں بھی موجود بہت سی خرابیوں کو دور کرتا ہے۔

نقش کا حامل اگر سخت مزاج ہے تو نرم مزاج ہوجائے گا، لوگوں سے بہتر انداز میں پیش آئے گا اور محبت اور خلوص سے رابطہ رکھے گا۔ اس کی منفی خصوصیات میں کمی آئے گی۔

 خواتین کے لیے اس نقش کی خصوصیات بہت زیادہ فائدہ بخش ہے ، شادی میں رکاوٹ، ازدواجی زندگی میں تلخیاں اور مالی تنگی سے نجات وغیرہ جیسے مسائل کا خاتمہ ۔

لکی انگوٹھی

لکی انگوٹھی

اس نقش کی اوپر سے نیچے اور دائیں سے بائیں اعداد کی میزان 20 ہے، اندر کے چار خانوں کی میزان بھی 20 ہے، نقش کی چال آسان ہے، خانہ نمبر 1 سے شروع کریں اور 9 تک بالترتیب تمام خانے بھرتے چلے جائیں، نقش مکمل ہوجائے گا۔

نقش کے چاروں کونوں پر سیارہ زہرہ کا مخصوص طلسمی لفظ ”ھے“ ہے۔اسے بھی چاروں کونوں پر لکھ لیا جائے، اس نقش کو چاندی کی انگوٹھی پر بھی کندہ کیا جاسکتا ہے اور چاندی کی گول لوح پر بھی، دونوں صورتیں کارآمد ہوں گی اس کے علاوہ ہرن کی جھلّی پر زعفران اور مشک و عنبر کی روشنائی سے لکھ کر چاندی کی انگوٹھی میں رکھیں اور اوپر سفید عقیق کا نگینہ جڑوالیں۔

لکی انگوٹھی یا لوح اگر آپ خود تیار نہ کرسکیں تو براہ راست رابطہ کرکے ہمارے دفتر سے منگواسکتے ہیں۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں 13مئی بہ روز منگل کی شب 01:57 پر داخل ہوگا اور 15 مئی بہ روز جمعرات کی دوپہر 01:37 تک ہبوط زدہ رہے گا۔

قمر اپنے درجہء ہبوط پر 13 مئی کو صبح 05:56 سے 07:56 تک ہوگا۔ عملیات کے لیے یہ زیادہ موثروقت تسلیم کیا جاتا ہے۔

 یہ تمام عرصہ نحوست آثار ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں ، کسی ضروری دستاویز پر دستخط نہ کریں، شادی ، بیاہ یا منگنی وغیرہ سے بھی گریز کریں۔

اس وقت میں علاج معالجہ کرانا یا بری عادت و اطوار سے نجات کے لیے عمل و وظائف کرنا بہتر ہوتا ہے۔ مخالفین کی زبان بندی یا دشمنوں کے خلاف کارروائی بھی اس دوران کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے ضروری اعمال ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 26 مئی کو دوپہر 01:10 پر داخل ہوگا اور 28 مئی بہ روز بدھ کی دوپہر 01:16 تک رہے گا۔

اس دوران میں اپنے درجہ ء شرف پر 29 مئی کو شام 04:19 سے 05:54 تک ہوگا۔

سیارہ قمر کی شرف یافتہ پوزیشن سعد اور مبارک اثر رکھتی ہے۔ اس دوران میں اپنی جائز اور نیک خواہشات کے لیے اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں جو ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔