زندگی کے اونچے نیچے راستوں پر سفر کرتے ہوئے ہمیں اکثر وقت کی سعادت و نحوست سے سابقہ پڑتا رہتا ہے،سعد اوقات معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں اور نحس اوقات رکاوٹ یا پریشانیوں کا باعث بنتے ہیں،سوال یہ ہے کہ وقت کی سعادت و نحوست سے آگاہی کیسے ممکن ہے؟
اس مسئلے کو سمجھنے کے لیے ، یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ وقت درحقیقت کیا ہے؟
ہمارے نظام شمسی میں موجود سیاروی گردش وقت کے تعین میں معاون و مددگار ہیں، چاند اور سورج کی گردش سے صبح و شام اور دن اور رات پیدا ہوتے ہیں، اسی صبح و شام اور رات دن کے درمیان وقت کی مزید تقسیم بھی سیاروی گردش کے مطابق گھنٹوں ، منٹوں اور سیکنڈوں میں کی جاتی ہے، اسی کی بنیاد پر علم الساعات کا علم ہمیں بتاتا ہے کہ اس وقت ہم کس سیاروی گھنٹے سے گزر رہے ہیں، گویا یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ علم نجوم سے رہنمائی لیے بغیر ہم وقت کی سعادت اور نحوست سے واقف نہیں ہوسکتے۔
تقریباً اپریل سے سیاروی گردش مسلسل کسی نہ کسی طور نحس اثرات کی حامل رہی ہے لیکن اگست کے آخر سے سیاروی پوزیشن سعد اور موافق اثرات کا باعث ہوگی، ایسے اوقات اس دوران میں آئیں گے جو بعض اوقات برسوں میں بھی نصیب نہیں ہوتے، چناں چہ ضروری سمجھا کہ ایسے اوقات کی نشان دہی کی جائے اور ان سے فائدہ اٹھانے کے طریقے بھی بتائے جائیں، اس حوالے سے پہلا غیر معمولی اور سعد وقت 24 اگست 2020 کو ہوگا،نیا چاند ہوچکا ہوگا، خیال رہے کہ یہ اوقات ویدک سسٹم کے تحت دیے جارہے ہیں۔
اس وقت سیارہ زہرہ اپنے اوج کے برج جوزا میں نہایت باقوت ہوگا اور سیارہ مشتری اپنے ذاتی برج قوس میں باقوت پوزیشن رکھتا ہوگا، دونوں کے درمیان سعد نظر ہوگی یعنی ایک دوسرے کو تقویت بھی دے رہے ہیں، زائچے کے مطابق طالع برج جوزا طلوع ہوگا اور دوسرے گھر کا حاکم قمر برج میزان میں طاقت ور ہوگا ، عروج ماہ ہوگا، تیسرے گھر کا حاکم شمس بھی اپنے ہی گھر میں طاقت ور ہوگا۔
اس موقع پر سیارہ زہرہ سے متعلق الواح و طلسم کی تیاری نہایت ذود اثر اور کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔
شادی کے لیے مجرب
ہمارے موجودہ معاشرے میں معاشی مسائل کے بعد اگر کوئی مسئلہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے تو وہ لڑکیوں کی شادی اور ازدواجی زندگی سے متعلق ہے، اس مسئلے کے پیچیدہ اور گمبھیر ہونے کی معاشرتی وجوہات سے قطع نظر جو بات نہایت اہم ہے وہ مقدرات ہیں، ہم دیکھتے ہیں کہ یہ مسئلہ صرف ان گھرانوں اور خاندانوں تک محدود نہیں جہاں معاشی پریشانیاں موجود ہیں بلکہ ان خاندانوں کے لیے بھی یہ مسئلہ ایک عذاب کی صورت اختیار کرلیتا ہے جہاں ہر طرح کی معاشی سہولیات اور خوش حالی موجود ہے لہٰذا ہمارے نظریے کے مطابق اس کو صرف معاشیات سے منسلک کرنا مناسب نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے اکثر و بیشتر مختلف طریقے پیش کیے جاتے رہتے ہیں جس میں موافق پتھر، صدقات، وظائف و عملیات اور نقش و طلسم شامل ہوتے ہیں، اکثر لوگ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور بعض پھر بھی ناکام رہتے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ مایوسی گناہ ہے اس لیے کوشش و جدوجہد سے غافل نہیں رہنا چاہیے، بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق اصلاح احوال ضروری ہے ، ضروری نہیں ہے کہ ہم آج اللہ کے حضور کوئی درخواست پیش کریں اور وہ فوری منظور کرلے، اس میں کچھ تاخیر بھی ہوسکتی ہے اور وہ نامنظور بھی ہوسکتی ہے کیوں کہ ہم نہیں جانتے ہمارے لیے کیا بہتر ہے، بس اللہ ہی جانتا ہے کہ ہمارے لیے کیا بہتر ہے۔
لڑکیوں کی شادی کے سلسلے میں اپنا ایک مجرب طریقہ یہاں لکھ رہے ہیں، یہ اسم الٰہی ”العلی“ کا طلسماتی نقش مثلث ہے، برسوں پہلے بھی یہ نقش عام کیا تھا اور ہماری کتاب مسیحا حصہ دوم میں بھی موجود ہے،بے شمار لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے۔
علی کے معنی سب سے زیادہ بلند مرتبے کے ہیں لہٰذا اس اسم کا ورد بلند مرتبہ اور قوت و اقتدار کے لیے موزوں ترین خیال کیا جاتا ہے، اس کے ذاکر کے درجات دینوی اور دنیاوی طور پر اللہ بلند کرتا ہے، ہر حاجت اس کی پوری ہوتی ہے، اس کا نقش پاس رکھنے سے لوگ اس کی عزت کرتے اور اس سے مرعوب رہتے ہیں، اعلیٰ حکام و افسران بالا اس کی عزت کرتے ہیں۔
علمائے جفر اس امر پر متفق ہیں کہ اسم الٰہی ”علی“ کا نقش اگر چاندی کی لوح پر شرف یا اوج زہرہ میں یا شرف قمر میں کندہ کرکے ایسی لڑکی کے گلے میں ڈالا جائے جس کا رشتہ ہی نہ آتا ہو تو اس کی برکت سے نصیب کھل جاتا ہے اور جلد ہی شادی کا انتظام ہوجاتا ہے کیوں کہ ہم جانتے ہیں کہ سیارہ زہرہ انسانی زندگی میں شادی اور ازدواجی زندگی کی خوشیوں کا نمائندہ ہے لہٰذا ہم اس نقش کو سیارہ زہرہ کے سعد اوقات میں تیار کرنے کو افضل سمجھتے ہیں اور جو وقت اس ماہ 24 اگست کو آرہا ہے یہ بہت ہی مو¿ثر اور مناسب ترین وقت ہے۔
یہ نقش ہر مرد اور عورت کے لیے اس کے نام کے پہلے حرف کی مناسبت سے تیار ہوگا، پے چیدہ حسابی عمل سے آپ کو بچانے کے لیے ہم نے اس کی ترتیب و تدوین خود کردی ہے، اس طرح یہ کل آٹھ نقش مرتب ہوئے ہیں، اس میں ہر فرد اپنے نام کے پہلے حرف کے مطابق اپنا نقش منتخب کرکے خود وقتِ مقررہ پر تیار کرسکتا ہے، تیاری کا درست طریقہ بھی تفصیل سے لکھا جارہا ہے، پہلے آپ نقوش ملاحظہ فرمائیے۔
اسم ”علی“ کے اعداد ابجد قمری سے ایک سو دس ہیں اور مفرد عدد دو ہے، ان آٹھوں نقوش کے اندر چار خانوں میں موجود اعداد کی کل میزان 110 ہے، دائرے میں دو مثلث ہیں، درمیانی چھوٹی مثلث میں سیارہ زہرہ کا نشان ہے، اس نقش کو چاندی کی گول پلیٹ پر یا عقیق وغیرہ کی تختی پر لکھا جائے، اس کے علاوہ چاندی کی انگوٹھی پر بھی کندہ کرسکتے ہیں، فوری طور پر اگر یہ سہولت میسر نہ ہو تو ہرن کی جھلّی پر لکھ لیں اور بعد ازاں اس جھلّی کو تعویذ کی طرح تہہ کرکے موم جامہ کریں یا پلاسٹک کوٹڈ کرلیں، چاندی کی انگوٹھی بنوائیں جو نیچے سے بند ہو، اس میں نقش رکھ کر اس کے اوپر عقیق کا نگینہ جڑوالیں، انگوٹھی کو دائیں ہاتھ کی رنگ فنگر میں جو سب سے چھوٹی انگلی کے برابر والی انگلی ہے، پہن لیں۔
پہلے 786 کے اعداد لکھیں پھر 110 لکھیں، اس کے بعد 195 اور پھر 278 لکھیں۔
اب اندرونی نقش کو اس طرح مکمل کریں کہ پہلے سب سے کم عدد والا خانہ بھریں یعنی پہلے نقش میں جو الف، ب وغیرہ کا ہے، سب سے چھوٹا عدد 19 ہے لہٰذا پہلے اسے لکھیں پھر 20 پھر 30 اور پھر 41 لکھیں گے، بس نقش مکمل ہوگیا، شروع کرنے سے پہلے اور بعد میں گیارہ گیارہ بار درود شریف پڑھ لیں، کام ختم ہونے پر کچھ سفید مٹھائی پر فاتحہ دیں اور مٹھائی بچوں میں تقسیم کردیں، خود بھی کھائیں، تمام کام علیحدہ کمرے میں کریں، صندل کی خوشبو جلائیں یعنی اگر بتی وغیرہ اور عطر سہاگ(حنا) لباس پر لگائیں، رجال الغیب کا خیال کرکے بیٹھیں، رجال الغیب کی سمت معلوم کرنے کا نقشہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے، عام لوگوں کی سہولت کے لیے 24 اگست کی شب سے رجال الغیب مغرب کی سمت ہوں گے لہٰذا مشرق کی سمت رُخ کرکے بیٹھنا ہوگا۔
نقش تیار کرنے کے بعد چھپا کر رکھ دیں اور جمعہ کے روز سورج نکلنے کے فوراً بعد ایک سو دس بار یا علی اول و آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نقش پر دم کریں اور اپنے مقصد کے لیے دعا کریں پھر گلے میں پہن لیں یا بازو پر باندھیں، چھ فقیروں کو اس روز کھانا کھلادیں یا چھ سو روپے خیرات کردیں۔
اب روزانہ کسی وقت اسم الٰہی یا علیُ ایک سو دس مرتبہ مقصد حاصل ہونے تک پڑھ لیا کریں، انشاءاللہ جلد مقصد پورا ہوگا۔
مختلف شہروں کے لیے اوقات
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق مختلف شہروں کے اوقات میں کچھ نہ کچھ فرق ہوتا ہے، اس لیے اسلام آباد اور چاروں صوبوں کے دارالحکومت کے مطابق خصوصی اوقات کی نشان دہی کی جارہی ہے،یاد رہے کہ درست وقت کی اہمیت اپنی جگہ نہایت اہم ہے جو لوگ مندرجہ ذیل اوقات پر نقش یا طلسم تیار کرلیں گے وہ حیرت انگیز نتائج بھی ملاحظہ کریں گے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور اردگرد کے قریبی شہروں کے لیے نقش لکھنے کا وقت 24 اگست بہ روز پیر 01:45 am سے 02:25 am تک ہوگا۔
لاہور، فیصل آباد، قصور اور قریبی شہروں کے لیے 01:45am سے 02:25 am تک ہوگا۔
پشاور اور قریبی شہروں کے لیے 01:50 pm سے 02:30 pm تک ۔
کراچی، کوئٹہ اور دیگر قریبی شہروں کے لیے 02:25am سے 03:05 am تک۔
طلسم زہرہ
اس موقع پر زہرہ کا ایک مخصوص طلسم بھی لکھا جاسکتا ہے جو اپنی افادیت میں نہایت اہمیت کا حامل اور لوگوں میں مقبولیت کے لیے تیر بہ ہدف ہے، اسے پاس رکھنے والا دوسروں کی محبت اور خلوص حاصل کرتا ہے، اس سے مزاج میں نرمی پیدا ہوتی ہے، غصے پر کنٹرول کرنے میں کامیابی ہوتی ہے، سوشل حلقوں میں لوگ اسے پسند کرتے ہیں، دوسروں کے ساتھ معاملات طے کرنے میں آسانی ہوتی ہے، طلسم یہ ہے۔
اس طلسم کی تیاری کا طریقہ یہ ہے کہ اسے کسی بھی رنگ کے عقیق پر کندہ کیا جائے یا تانبے کی چھوٹی تختی پر لکھا جائے، بعد ازاں سات روز تک سیارہ زہرہ کے سامنے رکھ کر اس کی تنجیم کی جائے اور اس وقت صندل سفید کا بخور جلایا جائے، جب یہ کام مکمل ہوجائے تو طلسم کو عطرِ حنا سے معطر کرکے کسی بھی نوچندے جمعے کو صبح زہرہ کی پہلی ساعت میں اپنے پاس رکھیں اور بعد ازاں 6 کنواری غریب لڑکیوں کی دعوت کریں ، انھیں عمدہ قسم کا کھانا کھلائیں، اگر صاحب توفیق ہیں تو ان کے لیے اس سے زیادہ بھی کچھ کرسکتے ہیں تو ضرور کریں۔
وہ لوگ جو اپنی مصروفیت یا کسی مجبوری کے تحت اسم الٰہی العلی کا نقش اپنے نام کے مطابق تیار نہ کرسکیں یا طلسم زہرہ خود تیار نہ کرسکیں تو وہ براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔