شادی میں تاخیر ، ازدواجی زندگی میں تلخیوں کے اسباب

جاہل پیر فقیر بندش اور اثرات کے نام پر گمرہی پھیلا رہے ہیں

پاکستان ہی کیا دنیا بھر میں لڑکے لڑکیوں کی شادیوں میں تاخیر یا رکاوٹ اور اکثر شادی کے بعد ازدواجی زندگی میں تلخیاں، ناچاقی اور پھر طلاق یا خلع کے مسائل عام ہیں۔ پاکستان میں ہمارے جعلی اور جاہل پیروں فقیروں یا عاملوں کاملوں نے بندش ، اثر ، سحر و جادووغیرہ کے نام پر ایک زبردست پروپیگنڈا پھیلا رکھا ہے جس کی کوئی حقیقت نہیں ہے۔ ہماری پاکستانی خواتین لڑکی کے بالغ ہوتے ہی اس کی شادی کی فکر میں مبتلا ہوجاتی ہیں اور بیس سال کی عمر کے بعد بھی اگر شادی نہ ہورہی ہو تو پیروں فقیروں کے پاس پہنچ جاتی ہیں اور وہ صرف ایک ہی بات جانتے ہیں بندش یا کسی قسم کے اثرات جب کہ ایسا نہیں ہے کیوں کہ کسی کی شادی میں رکاوٹ ڈالنا یا تعویذ گنڈوں کی مدد سے سحری اثرات طاری کرنا ایک گناہ کبیرہ ہے جو اللہ تعالیٰ کو سخت ناپسند ہے لہٰذا جو ماہرین سحرو جادو اس قسم کا فتویٰ لگاتے ہیں ان کی جہالت میں کوئی کلام نہیں ہے ۔ وہ یہ نہیں جانتے کہ ایسے عملیات کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہوتے اور ایسے کام کرنے اور کرانے والے دونوںہی ہمیشہ ذلیل و خوار ہوتے ہیں، ایسے فتوے بے اولادی، بے روزگاری، بیماری وغیرہ کے معاملے میں بھی لگائے جاتے ہیں اور میاں بیوی میں ناچاقی اور ازدواجی مسائل کے حوالے سے بھی کہہ دیا جاتا ہے کہ کسی دشمن نے تعویذ کرائے ہیں، وغیرہ وغیرہ۔
عزیزان من! ایسے کیسوں میں اگر علم نجوم سے مدد لی جائے تو زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں ۔جس طرح اللہ نے ہر انسان کی پیدائش کا ایک وقت مقرر کیا ہے اسی طرح زندگی کے دوسرے کاموں میں بھی ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے۔اس حوالے سے نبی اکرم ﷺ کی حدیث مبارکہ بھی موجود ہے کہ ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے، اس سے پہلے وہ کام ہونا ممکن نہیں ہے۔اگر درست تاریخ پیدائش ، وقت پیدائش اور پیدائش کا شہر معلوم ہو تو ایک مکمل زائچہ یقینا ہماری رہنمائی کرتا ہے کہ شادی کے امکانات کب تک ہیں،بعض لڑکے لڑکیوں کی شادی کم عمری میں ہوجاتی ہے جب کہ بعض کی تاخیر سے ہوتی ہے۔ یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے جسے مسئلہ کشمیر بنایا جائے ۔البتہ شادی میں تاخیر یا رکاوٹ اور ازدواجی زندگی میں تلخیوں یا ناچاقیوں کی وجوہات کچھ اور ہی ہوتی ہیں اور یہ بھی کسی کے پیدائشی زائچے سے با آسانی معلوم کی جاسکتی ہیں، آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ لڑکا لڑکیوں کی شادی میں یہ مسائل کیوں جنم لیتے ہیں ۔
علم نجوم کے مطابق سیارہ زہرہ شادی اور ازدواجی زندگی کی خوشیوں کا نمائندہ ہے ۔ زائچے میں اس کی پوزیشن شادی کے اسباب و عوامل پر بھرپور روشنی ڈالتی ہے۔اگر کسی لڑکی یا لڑکے کے زائچے میں زہرہ کمزور یا خراب پوزیشن میں ہوگا تو شادی میں تاخیر کے علاوہ ازدواجی زندگی میں خوشیوں سے بھی محرومی کا سبب بنے گا۔اس کی خرابی کی کوئی ایک وجہ نہیں ہے ،بہت سی وجوہات ہیں ، مثلاً زہرہ اپنے برج ہبوط سنبلہ میں ہو یا زائچے میں کسی دوسرے منحوس اثر رکھنے والے سیارے سے متاثر ہو۔ زائچے کے خراب گھروں میں ہو۔وغیرہ وغیرہ۔
راہو کیتو بھی زائچے میں شادی اور اس سے متعلقہ معاملات میں مسائل پیدا کرتے ہیں۔اگر وہ زائچے کے ایسے گھروں کو متاثر کر رہے ہوں جن کا تعلق شادی اور ازدواجی زندگی سے ہے تو لازمی طور پر شادی میں تاخیر ہی نہیں بلکہ ازدواجی زندگی کے معاملات بھی ڈسٹرب ہوتے ہیں۔ مرد کے زائچے میں زہرہ بیوی کا نمائندہ ہے جب کہ عورت کے زائچے میں سیارہ مشتری شوہر کا نمائندہ ہے۔چناں چہ زہرہ کی خرابیاں ایک ناپسندیدہ یا خراب بیوی کو ظاہر کرتی ہےں جب کہ عورت کے زائچے میں مشتری کی خرابیاں ایک کمزور ، نا اہل ، ناکارہ ، محبت نہ کرنے والا یا دیگر مسائل پیدا کرنے والے شوہر کی نشان دہی کرتی ہے۔ان خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ریمیڈیز بھی ہیںاور صدقات بھی ،ان پر عمل کیا جائے تو مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔
اس موقع پر ایک اور بھی وجہ شادی میں تاخیر کی اکثر دیکھنے میں آئی ہے لیکن اس کا تعلق پیدائشی برج یا لگن سے ہے۔عام لوگ اپنی تاریخ پیدائش کے مطابق اپنا برج یا سن سائن دیکھتے ہیں اور اسی کو سب کچھ سمجھ لیتے ہیں جو غلط ہے ۔ ہم کئی بار اس حوالے سے لکھ چکے ہیں کہ آپ کا سن سائن اتنا اہم نہیں ہے جتنا آپ کا پیدائشی برج یعنی برتھ سائن اہم ہے جو مکمل تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش کے مطابق ہوتا ہے۔یہی وہ سائن ہے جو آپ کے کردار و عمل اور آپ کی پسند نا پسند یا زندگی کی ترجیحات کی نمائندگی کرتا ہے۔چناں چہ بعض سائن ایسے ہیں جن کے تحت پیدا ہونے والے افراد اپنی شادی میں تاخیر کا سبب خود ہوتے ہیں ، ان میں سر فہرست اسد ، سنبلہ ، قوس ، جدی اور دلو ہےں۔ان لوگوں کو شادی سے زیادہ کچھ دوسرے معاملات کی زیادہ فکر ہوتی ہے۔مثلاً ایک اسد شخصیت کی پسند نا پسند دوسروں سے کافی مختلف ہوتی ہے، وہ اسٹیٹس کو بڑی اہمیت دیتے ہیں ، مزید یہ کہ ان کی اولین ترجیح اپنی ذات اور کرئر ہوتی ہے۔اسی طرح برج سنبلہ والے بھی شادی کے سلسلے میں زیادہ فکر مند نظر نہیں آتے وہ بھی اپنے کرئر اورمالی پوزیشن کو اولیت دیتے ہیں یا ان کی زندگی کے جو بھی مقاصد ہیں وہ پہلے ان کی تکمیل چاہتے ہیں اس کے بعد ہی شادی کے بارے میں سوچتے ہیں۔برج سنبلہ کا نشان کنواری دوشیزہ ہے، اکثر یہ لوگ نہ صرف یہ کہ شادی میں کسی جلد بازی کا شکار نہیں ہوتے بلکہ بعض اوقات زندگی بھر شادی ہی نہیں کرتے، قوس افراد کی زندگی میں فلسفے کو بڑی اہمیت ہے اور یہ فلسفہ ان کی اپنی سمجھ بوجھ اور سوچ بچار کے مطابق ہوتا ہے۔ضروری نہیں ہے کہ دوسرے اس سے اتفاق کریں، یہ لوگ گھومنے پھرنے اور سیر و سیاحت کے بڑے شوقین ہوتے ہیں۔ ان کی بے چین فطرت انھیں کسی ایک جگہ ٹکنے نہیں دیتی اور اسی طرح کسی ایک خیال یا کسی ایک چوائس پر بھی آسانی سے مطمئن نہیں ہونے دیتی، چناں چہ انھیں لائف پارٹنر کے انتخاب میں کافی مشکل درپیش رہتی ہے۔جہاں تک برج جدی کا تعلق ہے تو یہ لوگ بھی برج سنبلہ کے مانند ہوتے ہیں یعنی پہلے یہ دنیا میں اپنا کوئی مقام بنانا چاہتے ہیں پھر گھر داری کی زندگی اپناتے ہیں، انھیں بھی شادی کی کوئی جلدی نہیں ہوتی۔ برج دلو والے دائرئہ بروج میں سب سے انوکھے ہیں ، انھیں اپنی آزادی بہت عزیز ہے۔یہ کوئی پابندی برداشت ہی نہیں کرسکتے لہٰذا اکثر شادی سے فرار کا راستہ اختیار کرتے ہیں، نہایت ہمدرد اور دوسروں کے کام آنے والے لوگ ہوتے ہیں لیکن ایسے ہر کام سے بھاگتے ہیں جس میںانھیں پابند ہوکر رہنا پڑے۔اپنی مرضی سے یہ گدھے پر بھی بیٹھ جائیں گے لیکن ان کی مرضی نہ ہو تو یہ تخت و تاج پر بھی لات مار کر آگے بڑھ جائیں گے۔برج سنبلہ کے بعد سب سے زیادہ غیر شادی شدہ افراد برج دلو میں نظر آتے ہیں۔

مثالی زائچہ

 

زیر نظر زائچہ ایک خاتون کا ہے۔ پیدائشی برج جدی پہلے گھر میں طلوع ہے جہاں سیارہ مریخ اپنے شرف کے گھر میں ہے لیکن راہو کیتو کے محور میں پھنساہوا ہے۔سیارہ زحل پانچویں گھر میں ہے اور اس پر مشتری کی نظر ہے جو زائچے کے بارھویں گھر کا حاکم ہونے کی وجہ سے نحس اثر رکھتا ہے۔عطارد ، شمس اور زہرہ نویں گھر برج سنبلہ میں ہےں۔زہرہ نہ صرف ہبوط زدہ ہے بلکہ شمس کی قربت کی وجہ سے غروب بھی ہے اور عطارد بھی غروب ہے جو قسمت سے متعلق ہے ، زہرہ پر راہو کی پوری نظر ہے۔سیارہ مشتری زائچے کے گیارھویں گھر میں تیسرے اور بارھویں کا حاکم ہوکر براجمان ہے ، اس پر سیارہ زحل کی نظر ہے۔بارھویں گھر میں سیارہ قمر ساتویں گھر کا حاکم ہوکر قابض ہے جو شوہر کی کمینگی اور غیر قانونی حرکتوں کی نشان دہی کرتا ہے۔
عزیزان من! جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے کہ برج جدی والے شادی کے لیے بے تاب اور بے قرار نہیں ہوتے ، چناں چہ لڑکی نے تعلیم حاصل کرنے اور کرئر بنانے کو اولیت دی لیکن والدین نے حسب معمول ایک ایسے شخص کے ساتھ شادی کردی جو انتہائی بد فطرت اور کمینہ تھا۔اس سے دو بچے پیدا ہوئے ، ایک لڑکا اور ایک لڑکی ۔لیکن کچھ ہی عرصے بعد شوہر نے طلاق دے دی اور گھر سے نکال دیا، وہ اپنے بچوں کو لے کر ماں کے گھر آگئی، اس عرصے میں اس کے باپ کا انتقال ہوچکا تھا۔ماں نے ایک بار پھر اسے کسی ٹھکانے لگانے کا پروگرام بنایا اور ایک فراڈی شخص کے ساتھ شادی کردی جو اسے شادی کے بعد کسی دوسرے شہر لے گیا، دوسرے شوہر کے گھر والوں نے اس رشتے کو قبول نہیں کیا لہٰذا ایک بار پھر فتنہ و فساد شروع ہوگیا جس میںمار پیٹ وغیرہ شامل تھے۔ آخر کو اس نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور خلع کی درخواست دائر کردی جس کے نتیجے میں اسے خلع مل گئی اور وہ ایک دوسرے بڑے شہر میں رہائش پذیر ہوئی کیوں کہ والدہ نے کہہ دیا تھا کہ اب دوبارہ واپس نہ آنا، خلع حاصل کرنے میں آسانی اس لیے ہوئی کہ مقدمے کے دوران میں ہی شوہر ایک کیس میں مطلوب ہوکر ملک سے راہ فرار اختیار کرچکا تھا۔
برج جدی والے بڑے با ہمت اور محنتی لوگ ہوتے ہیں ، اس نے کوشش کرکے پہلے ایک جاب حاصل کی اور کچھ عرصہ بعد اپنا ایک اسٹور کھول لیا جس سے معقول آمدن ہونے لگی اور وہ بچوں کی تعلیم و تربیت کرنے لگی۔کئی سال گزر گئے کہ اچانک سابقہ شوہر جس سے خلع لی تھی ، واپس آیا اور اپنے چند دوستوں کے ہمراہ اسے زبردستی اغوا کرکے لے گیا، مارا پیٹا اور خلع کا فیصلہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ہمیں یاد نہیں کہ وہ کس طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوئی اور دوبارہ عدالت جا پہنچی ، قصہ مختصر یہ کہ خاصے فساد کے بعد عدالت کے ذریعے اس کمینے شخص سے نجات ملی ۔ اب ماشاءاللہ بچے جوان ہوچکے ہیں، تعلیم یافتہ ہیں ، وہ اپنا اسٹور چلا رہی ہے ۔قصہ مختصر یہ کہ شادی اور ازدواجی زندگی کا سکھ اسے کبھی نہ مل سکا، ان سارے عذابوں کی وجہ سے اس کی صحت بھی متاثر ہوئی اور کئی بیماریوں نے مستقل طور پر ڈیرا ڈال دیا۔
عزیزان من! زائچے کی سب سے بڑی خرابی سیارہ زہرہ کا اپنے برج ہبوط سنبلہ میں ہونا اور شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب ہونا ہے۔اس پر طرفہ تماشا زہرہ پر راہو کی نظر ہے ۔ساتویں گھر کے حاکم قمر کا بارھویں گھر میں ہونا ایک خراب شوہر کی نشان دہی ہے۔قصہ مختصر یہ کہ پہلے شوہر یا دوسرے شوہر کے ساتھ ازدواجی زندگی مکمل طور پر تباہ و برباد رہی ۔ اب اس کی زندگی میں بچوں کی نعمت ہی اس کا سرمایہ ہے۔طالع برج جدی ، شمسی برج سنبلہ اور قمری برج قوس اس کی ثابت قدمی ، ہمت و حوصلہ اور جوش و ولولے کی نشان دہی کرتے ہیں۔