ستمبر کے ستم گر مہینے کی سیاروی گردش کا احوال

ستمبر کے ستم گر مہینے کی سیاروی گردش کا احوال

شرف عطارد اور لوح عطارد نورانی کی تیاری کا طریقہ

ستمبر کے مہینے کی ستم گری مشہور ہے اور اس بار ستمبر ہی میں چاند اور سورج گہن بھی واقع ہورہے ہیں۔ خصوصاً چاند گہن نہایت اہمیت کا حامل ہے کہ اول تو مکمل گہن ہے، دوم یہ کہ پاکستان میں نظر بھی آئے گا۔ دوسرا سورج گہن 21,22ستمبر کو لگے گا جو پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔

چاند گہن برج دلو میں جب کہ سورج گہن برج سنبلہ میں لگے گا۔ زائچہ پاکستان میں برج دلو دسواں گھر ہے جس کا تعلق حکومت ، اسمبلی اور وزیراعظم سے ہے۔ جب کہ سورج گہن زائچے کے پانچویں گھر میں لگے گا، اس کا تعلق ترقیاتی امور ، انٹرٹینمنٹ اور شعوری امور سے ہے۔

پاکستان اس وقت بارشوں اور سیلاب کی صورت حال کا سامنا کر رہا ہے ۔ خیبر پختونخوا کے بعد اب پنجاب سیلاب کی زد میں ہے اور اس کے بعد ظاہرہے، سیلابی ریلے کا رخ سندھ کی طرف ہوگا۔ دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ ہر سال دو سال بعد برسوں سے پاکستان کو سیلابی تباہیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بے شمار قیمتیں جانیں ضائع ہوتی ہیں، لوگوں کے گھر تباہ ہوتے ہیں، فصلیں تباہ ہوتی ہیں لیکن برسوں گزر جانے کے باوجود ایسی تدابیر اختیار نہیں کی جاتیں جوآنے والے سالوں میں اس تباہی سے نجات مل سکے۔ سیلابی صورت حال میں ڈیم بنانے اور دیگر حفاظتی اقدامات کی باتیں کی جاتی ہیں مگر بعد میں کسی کو یاد بھی نہیں رہتا کہ سیلاب دوبارہ بھی آسکتا ہے ۔

زائچہ پاکستان میں زحل اور نیپچون برج حوت میں جب کہ مشتری برج جوزا میں اور سیارہ مریخ برج سنبلہ میں حرکت کررہے ہیں، تینوں برج ذوجسدین ہیں اور یہ تینوں سیارے ملکی اور غیر ملکی حالات و واقعات میںعدم استحکام اور اہم تبدیلیوں کی نشان دہی کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اس وقت اہم تبدیلیوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔خارجی امور میں بھی اور داخلی امور میں بھی، بھارت کا طالع پیدائش (لگن) بھی وہی ہے جو پاکستان کا ہے، چناں چہ یہی صورت حال بھارت میں بھی ہے۔

عزیزان من! ہم پہلے بھی کئی بار نشان دہی کرچکے ہیں کہ پاکستان میں اکثر اہم تبدیلیاں ستمبر تا دسمبر آتی رہی ہیں اور اس بار بھی کچھ ایسا ہی نظر آرہا ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان محاذ آرائی ایک نیا رخ اختیار کرنے جارہی ہے جس میں حکومت کی پوزیشن روز بہ روز کمزور ہوتی جارہی ہے۔ سیلاب کی صورت حال نے حکومت کے لیے مزید نئے چیلنج پیدا کردیے ہیں ، کیا حکومت ایسی صورت میں مزید سروائیو کرسکے گی؟

اپوزیشن لیڈر نے اپنے موقف میں مزید سختی پیدا کرلی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ تمام ممبران اسمبلی استعفے دے کر اسمبلیوں سے باہر آجائیں ۔ برج دلو میں لگنے والا چاند گہن حکومت کے لیے خاصا نحس ثابت ہوسکتا ہے، امکان یہی ہے کہ اس صورت حال میں حکومت جن قدموں پر کھڑی ہوئی ہے انہی کی طرف دیکھے گی، زائچے کے مطابق 14ستمبر کے بعد سے صورت حال کوئی نئی کروٹ بدلے گی جو حکومت کے لیے مزید پریشانی کا باعث بنے گی۔ شاید حکومت پر بھی کوئی سخت دباو سامنے آئے اور وہ بعض ایسے فیصلوں اور اقدام پر مجبور ہوجائیں جو انھیں نہیں کرنے چاہئیں۔صورت حال میں نیا ٹرننگ پوائنٹ 15اکتوبر کے بعدسامنے آئے گا۔ بہر حال اس سال دسمبر تک کا وقت خاصا نت نئے تماشوں سے بھرپور نظر آتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ جمی جمائی پوری بساط ہی الٹ جائے ۔ واللہ اعلم بالصواب۔

ستمبر کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج اسد میں حرکت کر رہا ہے۔ 17ستمبر کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا۔

سیارہ عطارد بھی برج اسد میں حرکت کر رہا ہے۔ 15ستمبر کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا۔

سیارہ زہرہ برج سرطان میں ہے، 14ستمبر کو برج اسد میں داخل ہوگا۔

سیارہ مریخ برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے، 13ستمبر کو برج میزان میں داخل ہوگا۔

سیارہ مشتری برج جوزا میں پورا مہینہ رہے گا جب کہ زحل بحالت رجعت برج حوت میں حرکت کر رہا ہے ، سیارہ یورینس برج ثور میں ہے ، 8ستمبر کو اسے رجعت ہوجائے گی۔ سیارہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں اور پلوٹو بھی بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کریں گے، راہو اور کیتو بالترتیب برج دلو اور اسد میں حرکت کریں گے۔

شرف قمر

سیارہ قمر پاكستان اسٹینڈرڈ ٹاءم كے مطابق جمعہ 12 ستمبر كو شام 5 بجے اپنے شرف كے برج ثور میں داخل ہوگا اور 14 ستمبر بروز اتوار 07:35 تك اپنے شرف كے برج میں رہے گا۔

قمر اپنے درجہ ء شرف پر 12 ستمبر كو شب 08:1 سے 09:58 تك رہے گا۔

یہ سعد اور موافق وقت ہے ، اس وقت عبادات و وظائف کرنا چاہئیں خصوصاً اپنی جائز ضروریات کے لیے۔

قمر در عقرب

سیارہ قمر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 26 ستمبر بہ روز جمعہ 02:53 پر اپنے ہبوط كے برج عقرب میں داخل ہوگا اور29 ستمبر بہ روز پیر قبل طلوع آفتاب 03:24 تك ہبوط زدہ رہے گا۔ یہ نہایت نحس وقت ہے، اس وقت میں نئے کام شروع نہیں کرنی چاہئیں خصوصاً شادی بیاہ و منگنی وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے، کوئی نیا معاہدہ یا نئی جاب بھی اس وقت میں شروع نہیں کرنی چاہیے۔

قمر اپنے درجہ ء ہبوط پر 26 ستمبر كو شام 06:54 سرات 08:56 تك ہوگا۔اس وقت میں بری عادت سے نجات یا بندش  وغیرہ كے اعمال و وظاءف كیے جاتے ہیں۔

شرف عطارد ( بہ حساب یونانی)

یونانی سسٹم كے مطابق سیارہ عطارد 10 ستمبر كو رات12:21 سے 12:5 تك اپنے درجہ شرف پر ہوگا۔

سیارہ عطارد کا تعلق ذہانت، علمی سرگرمیوں، ٹرانسپورٹ ، سفر ، امتحان میں کامیابی یا دیگر علمی مشاغل میں عروج و ترقی وغیرہ سے ہے۔ اس کے علاوہ تحریر و تقریر یا زبان میں لکنت وغیرہ سے متعلق مسائل کے حل میں بھی سیارہ عطارد کی سعد قوت سے کام لیا جاتا ہے۔ اس موقع پر لوح عطارد یا خاتم عطارد عطارد وغیرہ تیار کی جاتی ہے جس کا طریق کار ہم یہاں دے رہے ہیں ۔

لوح شرف عطارد نورانی

 سیارہ عطارد کو منشی فلک کہا جاتا ہے اور اس کا تعلق ذہانت، قوت حافظہ، علمی سرگرمیوں، کمیونی کیشن، پرنٹنگ، نشر و اشاعت، محکمہ ڈاک و ٹیلی فون، سفر اور ذرائع سفر، ٹرانسپورٹ کے کاروبار وغیرہ سے ہے، اس وقت لوح شرف عطار د نورانی تیار کی جاتی ہے جو تسخیر اہل قلم، قوت حافظہ، مباحثہ علمی میں برتری کا حصول، حصول علم وحکمت‘ فصاحت وبلاغت ‘ امتحان میں کامیابی‘ بچوںکی کند ذہنی یا علم بے رغبتی کو دور کرنے کے لیے اور دماغی کمزوری سے نجات کے لیے موثر ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ لوح ان ملازمین کے لیے بھی مفید ثابت ہوتی ہے جن کی ترقی رکی ہوئی ہو یا کسی افسر سے کوئی کام اٹکا ہوا ہو‘ کسی وزیر یا مشیر سے غرض ہو‘ عہدے اور مرتبے سے تنزلی ہو گئی ہو‘ ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوتی ہوں یا انہیں اس کام سے خاطر خواہ مالی فوائد حاصل نہ ہو رہے ہوں‘ انشاء اللہ اس لوح کی برکت سے انہیں ضرور فائدہ ہوگا ۔

 بعض پے چیدہ ذہنی امراض بھی سیارہ عطارد کے حلقہ اثر میں آتے ہیں، خاص طورپر یادداشت کی کم زوری ، ذہنی قوت کی کمی اور زیادہ پے چیدہ امراض میں مرگی ، مالی خولیا ، ہسٹیریا یا دیگر نفسیاتی بیماریاں، چناں چہ شرف عطارد کے وقت ان امراض سے نجات کے لیے بھی نقش و طلسم تیار ہوتے ہیں۔

 سیارہ عطارد دائرئہ بروج میں برج جوزا اور برج سنبلہ کا حاکم ہے ، لہٰذا جوزا اور سنبلہ والوں کا ستارہ ہے ، آپ کا شمسی برج یا پیدائشی برج یا قمری برج اگر جوزا یا سنبلہ ہے تو سیارہ عطارد آپ کی صلاحیتوں پر لازمی اثر انداز ہوگا ، اگر زائچے میں ناقص پوزیشن میں ہے یا کم زور ہے تو تعلیمی یا دیگر ذہنی سرگرمیوں میں خرابیاں پیدا ہوں گی۔ تعلیم کے حصول کا رجحان کم ہوگا یا تعلیمی میدان میں ناکامیاں سامنے آئیں گی، صاف بات یہ ہے کہ اگر آپ کا ستارہ ہی پیدائشی طورپر کم زور ہے تو آپ بھی کم زور ہیں۔

زندگی کی جدوجہد میں آپ کی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی ، ایسے لوگوں کے لیے بھی ” لوح شرفِ عطارد “ تیار کی جاتی ہے یا ” خاتم عطارد “ پہننے کی تاکید کی جاتی ہے تاکہ عطارد کی شرف یافتہ قوت اور عطارد سے متعلق اسمائے الٰہی کی سعادت حاصل ہوسکے ۔خیال رہے کہ سیارہ عطارد سال بھر میں کم از کم تین بار رجعت کا شکار ہوتا ہے اور اس کی رجعت اکثر بنتے ہوئے کاموں کو بگاڑنے کا باعث بنتی ہے۔

اس دوران میں کوئی کام شروع کیا جائے تو اُس کے نتائج مرضی کے مطابق نہیں ہوتے یا اُسے دہرانا پڑتا ہے گویا سال بھر عطارد کی کمزور یا طاقت ور پوزیشن ہماری زندگی کے معاملات پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے،لوحِ عطارد اس صورتِ حال میں بھی معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے۔

لوحِ شرفِ عطارد کی تیاری کے بہت سے طریقے مروج ہیں اور مخصوص ضروریات کے تحت سیارہ عطارد سے متعلق اعمال کی بھی کمی نہیں ہے لیکن ہم اس لوح مبارک کو حروف مقطعات یعنی حروف نورانی سے تیار کرتے ہیں یہ ہمارا مخصوص طریق کار ہے جو آپ کو کہیں اور نہیں ملے گا ۔

تیاری کا طریقہ

 واضح رہے کہ قرآن کریم میں حروف مقطعات کی اصل تعداد 14 ہے اور یہی حروف نورانی ہیں، اللہ رب العزت نے ان حروف سے قران کریم کی حفاظت فرمائی ہے، 14 حروف نورانی میں سے 2 کا تعلق سیارہ عطارد سے ہے، طٰہٰ اور قٓ  اس کے علاوہ دو حروف مقطعات سیارہ شمس کے ہیں اور ہم نے ان حروف نورانی کی روحانی توانائی سے مدد لی ہے۔

 اس لوح میں دیگر بھی بہت سے راز پوشیدہ ہیں جنہیں اہل علم و نظر ہی سمجھ سکتے ہیں ۔

 برج جوزا اور سنبلہ والوں کے لےے تو یقینا یہ ” لوح عروج و ترقی “ ہے مگر دیگر افراد بھی جو اپنی ذہنی صلاحیتوں میں کمی یا زائچے میں عطارد کی کم زوری سے پیدا ہونے والی خرابیوں سے پریشان ہیں اس لوح مبارک سے فیضیاب ہو سکتے ہیں۔ ” لوح مبارک “ یہاں دی جا رہی ہے ۔

لوح کی پیشانی پر حروفِ نورانی طٰہٰ، حٰمٓ، آلٓمٓرٰ اور قٓ قائم ہیں،نقش کی میزان 433 ہے جو ”اسمع السامعین“ اور ”محی الباقی المنعم“ کے اعداد ہیں،نقش کی چال ذوالکتابت ہے، شرف کے اوقات میں سیارہ عطارد کی ساعات کارآمد ہوں گی جو اپنے شہر کے طلوع و غروبِ آفتاب کو مدنظر رکھ کر استخراج کی جائیں۔

ساعتِ عطارد میں باوضو ہوکر چاندی کی پلیٹ پر کندہ کریں یا ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر بھی زعفران، عنبر اور عرقِ گلاب کی روشنائی سے لکھ سکتے ہیں ،عمدہ قسم کے عطرِ مجموعہ کی خوشبو سے معطر کریں، نقش لکھتے ہوئے لوبان یا صندل کی اگر بتی جلائیں ، رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھیں کہ وہ پُشت پر یا بائیں ہاتھ پر ہوں۔نقش کی پُشت پر موکلاتِ علوی و سماوی و ارضی کے نام لکھیں ۔

”اَقسمتُ عَلَیکُم یا جبرائیل یا نوائیلُ، ابوالعجائب، برقانُ،بحق طٰہٰ،حٰمٓ، الٓمٓرٰ،قٓ، ترقی و عروج، صحتِ کاملہ وحل المشکلات، العجل الساعة“

نقش کی تیاری کے بعد قاعدے کے مطابق کچھ سبز شیرینی پر فاتح دےں اور نقش پہننے کے بعد حسبِ توفیق صدقہ و خیرات کریں خصوصاً معصوم بچوں کو،سمجھ لیں ایک ایسا تحفہ آپ نے پالیا ہے جو زندگی بھر معاون و مددگار رہے گا۔

نقش کو پہلی بار پہننے یا پاس رکھنے کے لیے نوچندے بدھ کی پہلی ساعت کا انتخا ب کریں یعنی سورج نکلنے کے بعد ایک گھنٹے کے اندر پہن لیں، اپنے روزانہ کے ورد و وظائف میں اسمائے الٰہی یا اسمع السامعین اور یا محی الباقی المنعم 433 مرتبہ پڑھا کریں،انشاءاللہ کوئی مسئلہ، مسئلہ نہیں رہے گا۔