سال کے آخری چاند اور سورج گہن کے اوقات

گہن کے موقع پر اہم ضروریات کے لیے اعمال و وظائف

سال کے آخری چاند اور سورج گہن 18 ستمبر اور 2اکتوبر کو لگ رہے ہیں، پہلا چاند گہن ویدک سسٹم کے مطابق برج حوت میں اور زائچہ پاکستان کے گیارھویں گھر میں لگے گا جہاں پیدائشی مریخ موجود ہے اور ٹرانزٹ کرتا ہوا نیپچون بھی کسی پوائنٹ پر ہے، یہ گہن معاشی صورت حال پر مزید ناخوش گوار اثرات ڈالے گا۔مزید یہ کہ مہنگائی میں اضافے کا باعث بھی ہوگا۔ اس موقع پر دہشت گردی کے واقعات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے اور اس حوالے سے بیرونی مداخلت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ہماری سیکورٹی فورسز کو زیادہ فعال ہونے کی ضرورت ہوگی۔چاند گہن کا اثر ایک ماہ پہلے سے شروع ہوتا ہے اور ایک ماہ بعد تک رہتا ہے۔

چاندگہن

اس سال کا دوسرا جزوی چاند گہن 18ستمبر بہ روز بدھ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 05:41:07  سے شروع ہوگا جب کہ مکمل گہن 07:44:18  اور گہن کا خاتمہ 08:15:38  پر ہوگا۔یہ گہن ابتدائی طور پر پاکستان کے کچھ علاقوں میں نظر آسکتا ہے۔ البتہ یورپی اور افریقی ممالک میں مکمل طور پر دیکھا جاسکے گا۔مزید یہ کہ امریکا، کینیڈا، میکسیکو، برازیل ، انگلینڈ وغیرہ میں بھی نظر آئے گا۔

سورج گہن

اس سال کا آخری جزوی سورج گہن پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق برج سنبلہ کے 16درجے پر لگے گا، اس کی ابتدا 2 اکتوبر کو رات 08:42:59  پر ہوگی۔مکمل گہن شب 11:45:04 پر ہوگا، اس کا خاتمہ 3 اکتوبر کو 01:39:15  پر ہوگا جب کہ اس کے مکمل اثرات 02:47  پر ختم ہوں گے۔ یہ گہن 6 گھنٹہ 5منٹ 59 سیکنڈ تک رہنے والا طویل گہن ہے جو پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
زائچہ پاکستان میں یہ پانچویں گھر میں لگے گا جس کا تعلق انٹرٹینمنٹ، تفریحات ، زندگی کی خوشیاں ، تعلیمی امور اور بچوں کے معاملات سے ہے، بہتر ہوگا کہ اس دوران میں خصوصی طور پر صدقات و خیرات کیے جائیں اور کثرت سے استغفار کا ورد کیا جائے۔
حسب دستور اس بار بھی عام نوعیت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اعمال و وظائف دیے جارہے ہیں، حاجت مند ان سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، اس کے لیے اجازت عام ہے۔

عمل برائے دشمن

اگر کسی دشمن سے جان کا خطرہ ہو اور وہ مسلسل پریشان کرتا ہو تو 41 کالی مرچیں لے کر گہن کے وقت یہ عمل کریں،خیال رہے کہ باوضو بیٹھیں اور رجال الغیب کی طرف پشت کریں یا انھیں بائیں ہاتھ پر رکھیں،قریب ہی کسی انگیٹھی میں کوئلے دہکا کررکھیں، سب سے پہلے تین بار یہ اسمائے الٰہی پڑھیں اور اپنے سینے پر دم کریں اور دونوں ہاتھوں پر دم کرکے ہاتھوں کو چہرے پر پھیر لیں، یا حافظ یا حفیظ یا رقیب یا وکیل۔
بعد ازاں ایک بار بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ کر پوری سورئہ لہب پڑھیں اور دشمن کا نام مع والدہ لیں پھر اس کالی مرچ پر دم کرکے اسے آگ میں ڈال دیں، اسی طرح 41 کالی مرچوں پر سورئہ لہب مع نام مع والدہ دشمن کا لے کر دم کریں اور اسے آگ میں ڈالتے جائیں، عمل ختم کرنے کے بعد کچھ مٹھائی پر فاتح دیں اور اسے لوگوں میں تقسیم کردیں، چاول اور باجرہ برابر وزن میں ملاکر پرندوں کو ڈالیں، ان شاءاللہ آپ کا دشمن تباہ و برباد ہوگا۔

عمل برائے سحروآسیب

اکثر لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ کسی سحر و جادو یا آسیب و جنات کی وجہ سے پریشان ہیں یا ان کے گھر میں ایسے اثرات موجود ہیں، ان کے لیے ایک عمل دیا جارہا ہے،گہن کے وقت پاک صاف ہوکر ایک سفید کاغذ پر بسم اللہ کے ساتھ چاروں قل لکھ لیں، لکھنے کے لیے بلیک یا بلیو پین استعمال کرسکتے ہیں، اس طرح کے پانچ نقش تیار کریں، ایک نقش اپنے پاس رکھیں اور باقی چار نقش اپنے گھر کے چاروں کونوں میں دفن کردیں، ان شاءاللہ ہر قسم کے اثرات کا خاتمہ ہوگا اور آئندہ بھی حفاظت رہے گی۔

برائے جسمانی و ذہنی کمزوری

اکثر لوگ جسمانی و ذہنی کمزوری کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں، ایسے لوگوں کے لیے ایک عمل دیا جارہا ہے، گہن کے وقت پوری سورئہ التین (والتین والزیتون) مع بسم اللہ سفید کاغذ پر زعفران اور عرق گلاب کی روشنائی بناکر لکھیں اور ایسے 14 نقش تیار کریں، ایک نقش اپنے بازو پر باندھیں اور باقی 13 نقش روزانہ ایک نقش عرق گلاب میں دھوکر تھوڑا سا شہد ملاکر صبح نہار منہ پی لیا کریں، ان شاءاللہ تھوڑے ہی دن میں ذہنی و جسمانی کمزوری دور ہونے لگے گی۔

میاں بیوی میں محبت کے لیے عمل خاص

زن و شوہر میں اختلافات، مزاجی ناہمواری، باہمی لڑائی جھگڑا، محبت کی کمی وغیرہ کے لیے یہ ایک مجرب طریقہ ہے اور صرف شادی شدہ خواتین و حضرات ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نہایت آسان بھی ہے۔ گرہن کے درمیانی وقت میں ایک سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے پوری بسم اﷲ لکھ کر سورہ الم نشرح پوری لکھیں پھر یہ آیت لکھیں۔
والقیت علیک محبة فلاں بن فلاں (یہاں مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں) علیٰ محبة فلاں بنت فلاں (یہاں طالب کا نام مع والدہ لکھیں) کما الفت بین آدم و حوا و بین یوسف و زلیخا و بین موسیٰ و صفورا و بین محمد و خدیجة الکبریٰ و اصلح بین ھما اصلاحاً فیہ ابداً
اب تمام تحریر کے ارد گرد حاشیہ ( چاروں طرف لکیر) لگا کر کاغذ کو تہہ کر کے تعویز بنا لیں اور موم جامہ کر کے بازو پر باندھ لیں یا پھر اپنے تکیے میں رکھ لیں۔
خیال رہے کہ مندرجہ بالا نقوش لکھتے ہوئے باوضو رہیں، پاک صاف کپڑے پہنیں، علیحدہ کمرے کا انتخاب کریں، لکھنے کے دوران مکمل خاموشی اختیار کریں اور اپنے مقصد کو ذہن میں واضح رکھیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، رجال الغیب کا خیال رکھیں کہ آپ جس طرف رخ کر کے بیٹھے ہوں وہ آپ کے سامنے نہ ہوں، رجال الغیب کا نقشہ ہماری ویب سائٹ پر موجود ہے ، اس سے مدد لیں۔

ناجائزو ناپسندیدہ تعلق کا خاتمہ

اکثر والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی ایسی محبت یا وابستگی سے پریشان رہتے ہیں جو ان کے نزدیک ناپسندیدہ ہوتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا لڑکا یا لڑکی ایک غلط راستے پر چل رہے ہیں۔
ایسی صورت میں طریقہ یہ ہے کہ گہن کے وقت کسی علیحدہ کمرے میں باوضو بیٹھ کر مندرجہ ذیل سطور کسی سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں اور کا غذ کو تہہ کر کے تعویذ کی شکل بنا لیں اور پھر اس کاغذ کو کسی بھاری وزنی چیز کے نیچے دبا دیں یا قبرستان میں دفن کردیں، اگر ایسے دو نقش تیار کیے جائیں اور دونوں کو لڑکا اور لڑکی کی گزرگاہ میں دفن کردیا جائے تو انشاءاللہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوجائے گی۔
”احد رسص طعک لموہ لادیا یا غفور یا غفور بستم تعلق فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں عَقدَت قُلوبِھم ابداً یا حراکیل بحق یا قابض یا مانع العجل العجل الساعة الساعة“

بھاگنے والے کو روکنا یامفرور کی واپسی

اگر کوئی بچہ یا بڑا گھر سے بھاگتا ہو یا گھر چھوڑ کر چلا گیا ہو تو اس کے لیے سورج یا چاند گہن کے وقت نقش بنانے کا طریقہ یہ ہے۔
حسب دستور علیحدہ کمرے میں بیٹھ کر سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے اس طرح نقش لکھیں۔ حروف صوامت کی چار سطریں دائیں بائیں اور اوپر نیچے اس طرح لکھیں کہ درمیان کی جگہ خالی رہے اور حروف کی سطروں سے ایک چوکور خانہ بن جائے۔ پھر اس خانے کے درمیان بیچ میں بھاگنے والے کا نام مع والدہ لکھیں۔ اس کے بعد حروف صوامت کی سطور کے اوپر سات سات مرتبہ یہ چار آیات لکھ دیں۔
صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَرجعُون ۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَعقِلُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یُبصِرُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لایُتکَلِمُون۔
اب اگر بھاگنے والے کو روکنا مقصود ہے تو بیچ کے خانے میں اس کے نام کے ساتھ اس جملے کا اضافہ کردیں ” بستم قدم درون خانہ“۔ اس تعویذ کو اس کے تکیے میں یا سرہانے کسی جگہ رکھ دیں۔ انشاءاللہ گھر سے بھاگنے سے باز آجائے گا اور زیادہ وقت گھر میں ہی گزارے گا۔ اگر بھاگے ہوئے کو واپس بلانا مقصود ہے تو اس نقش کو کسی لکڑی کے تختے یا موٹے گتےّ پر چپکادیں اور پھر اسے گھر کی جنوبی دیوار پر ایک کیل ٹھونک کر لٹکادیں۔ بھاگنے والے کا نام جو درمیان میں لکھا ہے،اس کے پہلے حرف پر کوئی سوئی یا آل پن چبھو دیں۔ انشاءاللہ 13 دن میں واپس آئے گا یا اس کی کوئی خبر ملے گی۔ عمل کے بعد مٹھائی پر فاتحہ ضرور دیں اور 300روپے خیرات کردیں۔

دو افراد کے درمیان عداوت و دشمنی

اکثر دو افراد کے درمیان عداوت یا دشمنی اس قدر بڑھ جاتی ہے اور پورے خاندان کے لیے عذاب بن جاتی ہے،اس کا خاتمہ ضروری ہے، اکثر تو اس بنیاد پر باہمی قریبی رشتوں میں دراڑیں پڑجاتی ہیں، ایسی صورت حال کے لیے درج ذیل عمل مفید ثابت ہوگا، دیکھنا یہ ہوگا کہ دونوں میں سے حق پر کون ہے اور ناحق کون کر رہا ہے؟ لہٰذا نقش لکھتے ہوئے پہلے اُس فریق کا نام مع والدہ لکھیں جو ظلم و زیادتی کر رہا ہو اور بعد میں اس کا نام لکھیں جو حق پر ہو اور اس ساری دشمنی میں اپنا دفاع کر رہا ہو۔
احدرسص طعک لموہ لادیایا غفور یا غفور بستم اختلاف و عداوت فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں بحق صمُ بکمُ عمیُ فہم لایعقلون یا حراکیل العجل العجل العجل الساعة الساعة الساعة الوحا الوحا الوحا
کسی صاف کاغذ پر نیلی یا کالی روشنائی سے دو نقش گہن کے وقت لکھیں اور موم جامہ یا اسکاچ ٹیپ لپیٹ کر اُس راستے میں دائیں بائیں کسی سائیڈ دفن کردیں، جہاں سے اُن کا گزر ہوتا ہو، زمین میں دفن کرنے سے پہلے نقش پر کوئی وزنی پتھر بھی رکھ دیں، بعد ازاں کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے کر بچوں میں تقسیم کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

مخالف کی زبان بندی

عین گہن کے وقت مندرجہ ذیل سطور کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں یا سیسے کی تختی پر کسی نوکدار چیز سے کندہ کریں اور پھر کسی بھاری چیز کے نیچے دبا دیں یا کسی نم دار جگہ دفن کر دیں۔ انشاءاﷲ وہ شخص آپ کی مخالفت سے باز آجائے گا۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور عقد اللسان فلاں بن فلاں فی الحق فلاں بن فلاں یا حراکیل

بندشِ طلاق

اکثرایسی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے کہ شوہر یا شوہر کے گھر والے طلاق دینے پر آمادہ ہوجاتے ہیں،بعض شوہر ذرا ذرا سی بات پر بیوی کو طلاق کی دھمکی دیتے رہتے ہیں ، ایسی صورت حال میں طلاق کو روکنے کے لیے درج ذیل نقش لکھ کر وزنی چیز کے نیچے دبائیں۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور بستم ارادہ طلاق فلاں بن فلاں (یہاں اس کا نام مع والدہ لکھیں جس سے طلاق کا خطرہ ہو) فی حق فلاں بن فلاں( اپنا نام مع والدہ) یا حراکیل العجل العجل العجل الساعة الساعة الساعة۔

برائے خواب بندی

خواب بندی سے مراد یہی ہے کہ کسی کی توجہ حاصل کی جائے یعنی وہ ہمیشہ آپ کے لیے بے چین اور بے قرار رہے ، اس مقصد کے لیے درج ذیل نقش لکھ کر کسی وزنی چیز کے نیچے دبائیں ،یہ نقش قمر در عقرب یا سورج یا چاند گہن میں لکھا جائے گا۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور بستم خواب و خود فلاں بن فلاں (یہاں اس کا نام مع والدہ لکھیں جس کے دل میںمحبت پیدا کرنا ہے) علے حب فلاں بن فلاں( اپنا نام مع والدہ) یا حراکیل
عزیزان من! بے شمار مقاصد ایسے ہیں جنھیں حروف صوامت کے اعمال کے ذریعے پورا کیا جاسکتا ہے لیکن ہر صورت میں جائز و ناجائز کا خیال رکھیں، چھوٹی چھوٹی ناراضگیوں اور ناچاقیوں کی بنیاد پر ایسے عمل نہیں کرنے چاہئیں۔ مندرجہ بالا امور کے علاوہ بھی بہت سے مقاصد اس طریقے سے حل ہوسکتے ہیں۔مثلاً کوئی بری عادت ختم کرنا ، جوا، شراب یا کوئی نشہ وغیرہ ، جھوٹ بولنا، چوری کی عادت وغیرہ ۔بہتر ہوگا کہ کسی خصوصی مسئلے میں کوئی عمل کرنے سے پہلے فون پر مشورہ کرلیں۔