اس میں کوئی شک نہیں کہ اعداد کا علم ایک نہایت دقیق وعمیق علم ہے۔ اعداد کی بازی گری کی آج ساری دنیا معترف ہے۔ بیس ویں صدی کو اگر علم ریاضی کے کمال کی صدی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ سب اعداد و شمار کا ہی تو کھیل ہے کہ انسان‘زمین تو کیا خلا کی وسعتیں ناپ رہا ہے۔ کروڑوں نہیں اربوں میل کے فاصلے پر واقع خلا میں تیرتے ہوئے ستاروں کے حدود اربعہ کا جامع حساب پیش کر رہا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ علم ہندسہ میں کمال حاصل کئے بغیر انسان زندگی کے کسی بھی شعبے میں اور علم کی کسی بھی شاخ سے انصاف نہیں کر سکتا تو بجا ہوگا۔
قدیم ماہرین علم الاعداد نے اعداد کے باطنی خواص اور اسرار پر جو تحقیق وتجربات ماضی میں کیے تھے، جدید دور کے ماہرین علم الاعداد اس کی تصدیق کرتے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بابل و مصر اور یونان کی قدیم تہذیبیں علوم و فنون کے میدان میں کیا مقام رکھتی تھیں۔
آج ہم اعداد سے کام لینے کا ایک ایسا ہی قدیم طریقہ بیان کر رہے ہیں جو صدیوں سے مروج ہے اور ماہرین علم الاعداد نے اسے تجربے کی کسوٹی پر بارہا پرکھا ہے، اس طریقے سے آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ کوئی تعلق آپ کے لیے کیسا ہے؟ وہ تعلق کسی جاندار شے سے ہو یا بے جان شے سے مثلاً اگر آپ یہ جاننا چاہیں کہ کسی شخص سے آپ کے تعلقات کیسے رہیں گے اور مستقبل میں ان کی نوعیت کیا ہوگی تو یہ طریقہ اس میں بھی مددگار ثابت ہوگا یا اگر آپ یہ معلوم کرنا چاہیں کہ کون سا شہر، ملک یا مکان آپ کے لیے کیسا رہے گا تو اس سلسلے میں بھی اس طریقہ کار سے مدد لی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ طریقہ زندگی کے کسی بھی سال، مہینے، ہفتے یا دن کے بارے میں بھی آپ کو مناسب رہنمائی دے سکتا ہے جس سے آپ یہ جان سکیں گے کہ فلاں سال آپ کے لیے کیسا رہے گا؟
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ایک نہایت ہی سادہ و آسان طریقہ ہے، اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے آپ کو کوئی بہت زیادہ محنت بھی نہیں کرنی پڑے گی، آئیے ہم آپ کو اس کا بنیادی اصول سمجھاتے ہیں۔
ہر انسان کی زندگی پر کچھ اہم اعداد اثرانداز ہو رہے ہیں جن میں سرفہرست اس کی تاریخ پیدائش کے اعداد ہیں اور اس کے بعد نام کے اعداد‘ تاریخ پیدائش کے اعداد کو ہم پہلے نمبر پر اس لئے رکھتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے مقرر کردہ ہوتی ہے جب کہ نام انسانوں کا رکھا ہوا ہوتا ہے جسے تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے مگر تاریخ پیدائش کبھی تبدیل نہیں ہو سکتی۔
آپ کامقسومی عدد
علم الاعداد کے اس طریقِ کار میں سب سے پہلے آپ کو اپنی تاریخ پیدائش کی ضرورت ہوگی۔ یعنی پیدائش کے دن کی تاریخ اور مہینہ چاہیے ہوگا کیوں کہ تاریخ اور مہینے کے عدد کی حاصل جمع سے جو عدد حاصل ہوگا وہ اس طریق کار میں کلیدی کردار ادا کرے گا مثلاً آپ کی تاریخ پیدائش کسی بھی سال میں اگر 27 فروری ہے تو ہم 27 تاریخ کا مفرد عدد معلوم کریں گے جو 9=7+2 ہوگا۔ اب فروری کا عدد ہمیں معلوم ہے‘ 2 ہے کیوں کہ یہ سال کا دوسرا مہینہ ہے لہٰذا اسے بھی تاریخ پیدائش کے مفرد عدد میں جمع کر لیں گے اور 11=9+2 ہوگا، اسے ایک مرتبہ اور جمع کیا گیا تو 2=1+1 کا عدد حاصل ہوا، چناں چہ معلوم یہ ہوا کہ 27 فروری کو پیدا ہونے والے شخص کا کلیدی مقسومی عدد 2 ہے۔
اب اگر ہم یہ معلوم کرنا چاہیں کہ فلاں شخص سے اس کلیدی مقسومی عدد کے مالک کے تعلقات یا مستقبل کی شراکت یا ازدواجی رفاقت کیسی رہے گی تو اس کے نام کا عدد معلوم کریں۔ نام کا عدد نکالنے کا طریقہ ہم کئی بار لکھ چکے ہیں اور اس سلسلے میں اردو اور انگریزی کی جو ابجد استعمال ہوتی ہے وہ بھی کئی بار دے چکے ہیں، ہماری کتاب مسیحا حصہ اوّل میں بھی اس کا تمام طریقہ کار موجود ہے لہٰذا اسے یہاں دہرانے کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہے۔
فرض کریں کہ جس شخص سے آپ اپنے تعلق کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اس کے نام کا عدد4 ہے تو اس عدد کو اپنے کلیدی مقسومی عدد میں جمع کر دیں یعنی 6=2+4 ہوگا۔
اب نیا عدد 6 سامنے آیا، یہی وہ عدد ہے جو اس شخص سے یعنی متعلقہ فریق سے آپ کے تعلقات کو ظاہر کرے گا، چناں چہ عدد 6 کی خصوصیات اور منسوبات کا مطالعہ کیجیے مختصراً یہ کہ 6 کا عدد دوستی تعلقات اور محبت کا عدد لہٰذا یہ شراکت یا تعلق خاصا جذباتی نوعیت کا ہو سکتا ہے اس کے علاوہ بھی عدد 6 کی خصوصیات کا تفصیلی مطالعہ اس تعلق کے دیگر پہلوؤں پر روشنی ڈالے گا۔ اسی طرح کسی بھی مکان‘ شہر‘ ملک‘ کاروبار وغیرہ سے متعلق عدد معلوم کرکے اپنے کلیدی مقسومی عدد میں جمع کریں اور پھر جو مفرد عدد حاصل ہو اس سے رہنمائی حاصل کریں۔
اگر یہ معلوم کرنا مقصود ہوکہ زندگی کا فلاں سال کیسا ہوگا تو اس سال کا عدد حاصل کریں مثلاً موجودہ سال 2021 ء کا مفرد عدد 5 ہے، اب اگر مثال میں دیے گئے عدد 2 کو 5 میں جمع کریں تو عدد 7 سامنے آتا ہے گویا وہ لوگ جن کی تاریخ پیدائش اور مہینے کا عدد 2 ہے، ان کے لیے سال 2021 ء عدد 7 کے زیر اثر ہوگا، آپ بھی اپنا کلیدی مقسومی عدد معلوم کریں اور نیا سال 2021 ء کے عدد میں جمع کریں پھر دیکھیں کہ نیا عدد کون سا ظاہر ہوتا ہے، اسی عدد کے تحت اپنے پورے سال کی مجموعی صورت حال سے آگاہی حاصل کریں۔
اعداد کے مخصوص خواص
ہم 1 سے 9 تک اعداد کی مخصوص خصوصیات دے رہے ہیں جن سے آپ اپنی زندگی کے کسی بھی سال کے بارے میں جان سکتے ہیں کہ یہ کیسا ہوگا یعنی اس سال میں کیسے حالات پیش آئیں گے اور آپ کو کس نوعیت کی کامیابیاں یاناکامیاں پیش آ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ذاتی خوبیوں اور خامیوں کی صورت حال کیا ہوگی؟
ہم یہاں 1 سے 9 تک تمام اعداد کے جو اثرات لکھ رہے ہیں وہ صرف مندرجہ بالا قاعدے کے لیے مخصوص ہیں، علم الاعداد کے کسی اور قاعدے کے لیے کارآمد نہ ہوں گے، کسی بھی سال کے عدد اور اپنی تاریخ پیدائش اور مہینے کے عدد کے حاصل جمع سے جو مفرد حاصل ہوگا اس کے نتائج مندرجہ ذیل ہوں گے۔
نمبر 1 کے اثرات
اس عدد کے تحت آپ کی خود اعتمادی اور حوصلے میں اضافہ ہوگا اور آپ کوئی نمایاں اور بڑا کام کرنے کے خواہش مند ہوں گے مگر ضروری ہوگا کہ مکمل غوروفکر اور منصوبہ بندی کے ساتھ کوئی قدم اٹھائیں اور اپنی توانائیاں اور صلاحیتوں کو کسی ایک ہدف پر مرتکز رکھیں، تب ہی یہ سال آپ کو کسی بڑی کامیابی سے ہم کنار کر سکتا ہے۔
اس سال آپ کے لیے یہی ضروری ہوگا کہ بعض معاملات کا ازسرنو جائزہ لیں اور بعض کاموں کو دوبارہ ابتدا سے شروع کریں، زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ اپنے کام میں نیاپن لائیں اور کوئی نیا آغاز کریں اس سال کچھ نئے لوگ اور کچھ نئے راستے آپ کے سامنے آئیں گے لیکن آپ کسی شراکت کے موڈ میں نہیں ہوں گے بلکہ اکیلے ہی کام کرنا پسند کریں گے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 1‘ 10‘ 19‘ یا 28 ہے تو اس صورت میں یہ سال آپ کے لیے مزید اہمیت کا حامل ہوگا، آپ یقیناً کسی نئے کاروبار کی بنیاد رکھیں گے یا نئی ملازمت شروع کریں گے، یہ بھی ممکن ہے کہ آپ پہلے سے اگرکسی منصوبے پر کام کررہے تھے تو اس سال اسے پایہء تکمیل تک پہنچائیں گے، یہ سال ذاتی تعلقات کے حوالے سے بھی اہم ثابت ہوگا، آپ ایسے لوگوں سے ربط و ضبط بڑھانا پسند کریں گے جو معاشرے میں کوئی اعلیٰ مقام اور مرتبہ رکھتے ہیں، اس کے ساتھ ہی اپنے سے چھوٹے لوگوں سے بھی بہتر تعلقات کی ضرورت محسوس کریں گے، اگر آپ کی زندگی میں اس سے پہلے کسی تعلق یا رشتے میں اختلافات اور تنازعات موجود ہیں تو ان کا خاتمہ کرنے کے بارے میں سوچیں گے۔ ایسے اختلافات محبت کے سلسلے میں پیدا ہوئے ہوں یا کاروباری نوعیت کے ہوں۔
1 نمبر کے زیراثر سال میں آپ کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہو سکتی ہے جو برج حمل‘ اسد یا دلو سے تعلق رکھتے ہوں یا پھر جن کے نام اور تاریخ پیدائش کا عدد 1‘ 4‘ 9‘ 10‘ 13‘ 18‘ 19‘ 22 اور 28 ہو۔
عدد 1 کے تحت یہ ایسا سال ہے جس میں آپ آزادی پسند ہوں گے اور اپنے کرئر کے لیے نئے اور تازہ منصوبوں کو اپنائیں گے، آپ کے ارادے اور حوصلے بلند ہوں گے، اس سال کامیابی کے لیے ضروری ہوگا کہ آپ کسی معاملے میں پہل کرتے ہوئے ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہ کریں اور اپنے مفادات و مطالبات کے حصول کے لیے پوری خود اعتمادی کے ساتھ قدم آگے بڑھائیں، یہ بھی امکان ہے کہ اس سال آپ اپنے مقاصد و مطالبات کے لیے اتنے زیادہ پرجوش ہوجائیں کہ دوسروں سے جھگڑے مول لیں، بہرحال کوئی بھی صورت ہو آپ کامیاب رہیں گے اور دوسروں کو اپنی صلاحیتوں کے ذریعے متاثر کریں گے۔
نمبر 2 کے اثرات
نمبر 2 کے تحت اس سال تعلقات پر زور رہے گا اور آپ دوسرے لوگوں سے تعلقات قائم کرنے میں کوئی دشواری محسوس نہ کریں گے، آپ کے لیے یہ ایک ایسا سال ہے جو ڈپلومیسی کے ذریعے کامیابی کے راستے دکھائے گا یعنی اس سال میں مصلحت آمیز دہرے پن‘ مفاہمت اور اپنی قابلیت سے کام لینا ہوگا، آپ نے گزشتہ سال جو بھی کام شروع کیے تھے انہیں تیزی سے آگے بڑھانے میں مدد ملے گی مگر کسی معجزے کے انتظار میں نہ رہیں اچانک اس کی رفتار کم ہو سکتی ہے۔
دراصل عدد 2 تبدیلیوں کا مظہر ہے لہٰذا اس سال آپ کی زندگی میں کچھ نئی تبدیلیاں خصوصاً آپ کے کام یا رہائش کے حوالے سے آ سکتی ہیں، یہ بھی ممکن ہے کہ آپ ایک جگہ سے دوسری جگہ ہجرت کر جائیں یعنی شہر یا ملک ہی تبدیل کر لیں یا اپنی کاروباری جگہ میں کوئی تبدیلی لائیں اس سال آپ کے روحانی جذبات واحساسات بھی عروج پر ہوں گے، مخالف جنس کی طرف سے آپ زیادہ کشش محسوس کریں گے، محبت‘ منگنی اور شادی کے مسائل میں کامیابی ہو سکتی ہے اور آپ کو اپنے خوابوں کی پسندیدہ تعبیر مل سکتی ہے۔
اگر آپ کی تاریخ پیدائش 2‘ 20 یا 29 ہے تو اس بات کا یقین کر لیں کہ اس سال آپ کی زندگی میں یقیناًکوئی بڑی تبدیلی یا بڑا واقعہ رونما ہوگا۔
جیسا کہ ابتدا میں ہم لکھ چکے ہیں کہ اس سال تعلقات کا موضوع زندگی میں زیادہ اہم ثابت ہوگا لہٰذا آپ دوسرے لوگوں سے گہرے اور جذباتی تعلقات قائم کریں گے مگر اسی وقت جب اس کی ضرورت محسوس ہوگی خصوصاً محبت‘ دوستی اور کاروباری معاملات میں تعلقات کی اہمیت بڑھ جائے گی، اس کے ساتھ ہی آپ کے معاملات میں جنس مخالفت کی مداخلت بھی بڑھے گی، اس سال ایسے لوگوں سے آپ کی ملاقات ہو سکتی ہے جو برج سرطان‘ ثوریامیزان سے تعلق رکھتے ہوں۔ اس کے علاوہ ایسے لوگ بھی زندگی میں آپ کے زیادہ قریب آسکتے ہیں جن کے نام یا تاریخ پیدائش کا عدد 2‘ 6‘ 7‘ 11‘ 15‘ 20‘ 24‘ 25 یا 29 ہو۔
کام اور کرئر کے حوالے سے یہ سال کسی بڑی تبدیلی کی نشان دہی کر رہا ہے، ممکن ہے وہ تبدیلی عارضی طور پر آپ کے لیے سخت پریشانی کا باعث ہو مگر آپ کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ تبدیلیاں ہی ترقی کے نئے راستے کھول سکتی ہیں، اس سال اگر آپ کو ملازمت میں ٹرانسفر یا کاروبار میں کسی انقلابی اتارچڑھاؤ سے واسطہ پڑے تو تعجب کی بات نہ ہوگی، بہرحال آپ کے لیے ضروری ہے کہ اپنی زندگی کو آسان بنانے پر توجہ دیں اور ایسے کام نہ کریں کہ مشکلات میں اضافہ لانے کا سبب ہوں کیوں کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ آپ کچھ زائد ذمہ داریاں قبول کر لیں یا وہ آپ پر زبردستی ڈال دی جائیں، ایسی صورت میں پسپائی اختیار کرنا بھی درست نہ ہوگا کیوں کہ اس سے آپ کی ساکھ اور حیثیت کو دھچکا پہنچ سکتا ہے، بہتر ہوگا کہ ایسے چیلنجوں کو قبول کرنے سے پہلے مستقبل کے فوائد کے بارے میں ضرور سوچ لیں، اگر وہ معقول نظر آئیں تو پھر محنت سے نہ گھبرائیں۔
نمبر3کے اثرات
اگر آپ کی تاریخ پیدائش، مہینہ اور مطلوبہ سال مثلاً 2019 کے اعداد کی حاصل جمع سے مفرد عدد3 برآمد ہو تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ اس سال کے دوران میں آپ کی تخلیقی اور تصوراتی صلاحتیں عروج پر ہوں گی اور اپنے آپ کو وسعت دینے اور نکھارنے کے مواقع ملیں گے، آپ گہرا تاثر دینے کے لیے یعنی دوسروں پر گہرا اثر ڈالنے کے لیے اپنی شخصیت کونمایاں کرسکتے ہیں۔
جان لیجیے کہ آگے بڑھنے اور اپنے آپ کو وسعت وترقی دینے کی راہ پر ڈالنے کے لیے یہ ایک اچھا سال ہے، آپ کے لیے سماجی اور فنکارانہ فروغ دلچسپ اور سود مند ثابت ہوگا اور خوشیوں کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا، آپ کے اندر اپنے آپ کو فروغ دینے یا اپنے امیج کو بہتر بنانے، اپنے وقار میں اضافہ کرنے یا اپنے ذہن کو نکھارنے کی زبردست خواہش جنم لے گی، آپ کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوگا اور آپ اپنی مقبولیت سے خوش ہوں گے، کسی تخلیقی کام سے وابستگی فائدہ مند ثابت ہوگی اور اس سے آپ کوذاتی طور پراطمینان وسکون حاصل ہوگا لیکن بہر حال یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے مزاج کوخوش گوار رکھیں، اس سے لوگ آپ کی طرف متوجہ ہوں گے اور آپ کی تمام صلاحیتوں کو سراہا جائے گا، جو کام آپ نے دو سال پہلے شروع کیے تھے، اس سال آپ اس کا پھل کھائیں گے۔
اگر آپ برج حوت یا قوس کے تحت پیدا ہوئے ہیں یا آپ کی تاریخ پیدائش3،12، 21 یا 30 ہے تو یہ سال آپ کی کامیابی کے لیے بالخصوص بے حد اہم ہوگا۔
کام اور کرئر
جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ یہ سال عدد 3کے تحت آگے بڑھنے اور ذاتی فروغ کا ہے لہذا کسی بھی نئی بات یا نئی چیز کے لیے تیار رہیں، اس میں کوئی تعجب نہیں کہ آپ کا کرئر بہت روشن اور تاب ناک نظر آتا ہے، آپ یقیناً بہت پرعزم ہوں گے۔ اپنی سوچ مثبت رکھیں اور مواقع سے فائدہ ا ٹھائیں، اپنے فرائض سے نظریں نہ چُرائیں اس سال اپنے تمام فرائض اور ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔
آپ کوئی نیا کورس شروع کرسکتے ہیں یا نئی ملازمت تلاش کرسکتے ہیں، اس سال جمعرات اور جمعہ آپ کے لیے اہم دن ثابت ہوں گے، یہ دونوں آپ کے موافق اور بہترین دن ہیں، خاص طور پر فروری،مارچ، جون، جولائی اور نومبر میں یہ دونوں دن نہایت مبارک ثابت ہوں گے، اپنی زندگی میں وسعت کی توقع رکھیں اور ان اوقات میں کوئی چانس لیں۔
آپ کی صحت
چوں کہ اس کا امکان ہے کہ آپ بہت مصروف ہوں گے لہذا کام کی زیادتی اور تھکن کے باعث صحت کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں لیکن یہ آپ کے کنٹرول میں ہوں گے، البتہ اس کا بھی امکان ہے کہ کام کی زیادتی کے سبب آپ کے مزاج میں چڑچڑا پن آجائے اور کچھ جذباتی مناظر دیکھنے کو ملیں لیکن آپ اتنے ہوش مند ضرورہوں گے کہ ایسی صورت حال کو شدت کومحسوس کرتے ہوئے ان پر قابو پانے کی کوشش کریں، آپ کے لیے بہترین مشورہ یہ ہے کہ انتہا پسندی سے گریز کریں جو آپ کے جسم اور ذہن دونوں کو متاثر کرسکتی ہے۔جنوری، مارچ، جون اوراکتوبر میں اپنا زیادہ خیال رکھیں خاص طور سے سردیوں کے مہینوں میں۔
نمبر 4کے اثرات
کلیدی مقسوی نمبر4 کے تحت اس سال بنیاد پر زور ہے۔ کم زوربنیادوں پر کوئی کام شروع نہ کریں، اپنے آپ کو منظم کریں اور معمول سے زیادہ محنت کرنے کے لیے خود کو تیار کریں، اسی طرح آپ اپنی بڑی مشکلات پر قابو پاسکیں گے۔
آپ کے لیے کوئی جامع منصوبہ بندی بہت ضروری ہے، بے سوچے سمجھے عجلت میں اور نتیجے کی پروا کیے بغیر کوئی کام نہ کریں، اسی طرح دل کے بہلاوے کے لیے بھی کوئی کام یا مشغلہ اختیار نہ کریں، اس بات کا امکان ہے کہ آپ بہت سی ذمہ داریاں اکٹھی کرلیں گے اور وقتاً فوقتاً ان سے الجھ کر اپنے بوجھ میں ا ضافہ کرلیں گے، یہ کہنا درست ہوگا کہ یہ سال آپ کی انفرادی زندگی میں ایک خاص حدود وقیود متعین کرے گا،چاہے یہ جسمانی ہو، نفسیاتی ہو یا مالی۔ اب آپ کواپنی ہمت مجمع کرکے مزید ٹھوس بنیادوں پر خود کو استوار کرنا ہے، اس وقت آپ کے لیے اپنا تحفظ بہت ضروری ہے۔
جب کسی منصوبے، آئیڈیے یا جاب کی بات ہوتو آپ کے لیے ضروری ہے کہ صحیح سوال پوچھیں، یعنی حقیقت سے نظریں نہ چرائیں دوسرے لفظوں میں اپنا ہوم ورک کریں اور آنکھیں بند کرکے کنوئیں میں چھلانگ مت لگائیں ورنہ پریشانیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اگر آپ کا برج دلو یا اسد ہے یا آپ کسی مہینے کی 4،13،22یا 31تاریخ کوپیدا ہوئے ہیں تو یہ سال انفرادی طور پر آپ کے لیے بے حد اہم ثابت ہوگا جسے آپ مدتوں یاد رکھیں گے۔
دوسروں سے تعلقات
آپ دیکھیں گے کہ اس مخصوص سال کے دوران میں خلاف معمول غیر روایتی، سنکی اور بے حد عجیب وغریب لوگ یا چیزیں آپ کی طرف کھینچی چلی آرہی ہیں، اس کا بھی قوی امکان ہے کہ وہ لوگ جن سے آپ کچھ عرصے سے نہیں ملے، دوبارہ آپ کے حلقے میں داخل ہورہے ہوں یا کوئی بزرگ ہستی یا آپ کے سماجی حلقے سے باہر کی کوئی مذہبی شخصیت بھی آپ کی جانب متوجہ ہوجائے، جہاں تک آپ کی زندگی کے جذبات اور رومانوی پہلو کا تعلق ہے آپ ایک بار پھراس طرف کھینچیں گے جو خلاف معمول ہوگا۔ آپ کسی ایسی شخصیت سے بھی تعلقات استوار کرسکتے ہیں جو شاید آپ کے لیے اجنبی یا دور پار کا اور بالکل ہی مختلف پس منظر کا حامل ہوگا، ان لوگوں میں کوئی ایسی خلاف معمول بات ہوگی جو آپ کو بہت دلچسپ لگے گی اور آپ کے اندر تحریک پیدا ہوگی جو آپ کو بہت دلچسپ لگے گی۔ یہ بھی امکان ہے کوجوزا،اسد اور دلو اوراس کے ساتھ ساتھ 1،4، 5 یا 7کے پیدائشی عدد والے آپ کے پسندیدہ لوگ ہوں گے،فروری، اپریل، اگست اور نومبر رومانس کے اعتبار سے بے حد پر جوش مہینے ہوں گے،غیر شادی شدہ افراد کی اس دوران میں منگنی یا شادی کے لیے کی گئی کوششیں بارآور ثابت ہوسکتی ہیں، گویا ان مہینوں میں عملی طور پر کچھ بھی پیش آسکتا ہے اس کے لیے تیار رہیں۔
کام اور کرئر
زندگی کے اس پہلو میں بھی ایک بار پھر ”خلاف معمول“ کا عمل دخل نظر آتا ہے۔ آپ اپنی پرانی ڈگر پر چل رہے ہوں گے کہ اچانک جیسے بجلی کو ند جائے اور آپ پر ہر طرف سے پیشکش کی بارش ہونے لگے گی۔ آپ یقیناً اس صورت حال پر بوکھلا اٹھیں گے اورآپ کی سمجھ میں نہیں آئے گا کہ کیا کریں‘ کیا نہ کریں ِ؟ جب کہ ایسا وقت بھی گزرے گا جب کسی بھی معاملے میں کوئی خاص پیش رفت نظر نہیں آئے گی مگر پھر اسی دوران اچانک آپ کا پروموشن یا کوئی سنسنی خیز چیلنج آپ کو ایک خوش گوار شہرت سے دوچار کردے گا، زندگی کے اس خاص چکر کے دوران میں آپ کے ساتھ عملی طور پرکچھ بھی پیش آسکتا ہے۔
نمبر 4کے زیر اثر یہ سال آپ کو نئی ذمہ داری بھی سونپ سکتا ہے لیکن آپ کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ وہ ذمہ داریاں دوسروں کے سر پر نہ تھوپ دیں یا ان سے بچ نکلنے کی کوشش نہ کریں کیوں کہ آپ کواس کا اضافی حصہ ملے گا اور اس سے نہ صرف آپ کے تجربات میں اضافہ ہوگا بلکہ آپ کی ترقی کی راہ بھی ہم وار ہوگی۔
اگر آپ کسی قسم کی میٹنگ‘ گفت وشنید یا مذاکرے میں شرکت کرنا چاہتے ہں یا کسی بھی قسم کی مراعات چاہتے ہوں تواس کے بہترین نتائج کے لیے پیر یا بدھ کا دن مقرر کریں۔ خاص طورسے جنوری‘ فروری‘ اپریل‘ اکتوبر اورنومبر وہ مہینے ہیں کہ جب آپ ہر صورت میں موقع پرستی کا ثبوت دیں اور دفتر میں یا اپنے کاروبار میں ہر کام انجام دینے کے لیے تیار رہیں، انکار کرنا فائدہ مند نہ ہوگا۔
آپ کی صحت
اس سال آپ کو جن بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اس کا تعلق ذہنی تناؤ سے ہے لہذا آپ کے لیے بہت ضروری ہے کہ وقت پرکھانا کھائیں‘ الجھے ہوئے معاملات کو ذہن پر سوار نہ کریں اور خود کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں، اس بات کابھی امکان ہے کہ وہ لوگ بدکردار اور بددیانت ہوں جنہیں آپ اپنے تئیں بہت اچھا سمجھتے تھے یا جنہیں آپ اچھی طرح جانتے تھے، چناں چہ کوئی ایسا انکشاف آپ کے قدم ڈگمگادے گا۔
ڈاکٹر کے پاس جاتے ہوئے بھی احتیاط برتیں، یاد رکھیں کہ ڈاکٹر بھی انسان ہوتے ہیں اور انسان ہونے کے ناطے وہ بھی غلطیاں کرسکتے ہیں، جب تک آپ سو فیصد مطمئن نہ ہوں، کسی اہم مسئلے پر آگے قدم نہ بڑھائیں، دوبارہ غوروفکر کریں اور دوسروں سے تبادلہ خیال کریں،خود اپنے بارے میں شک وشبہے کی گنجائش رکھیں اور بہت زیادہ پراعتمادی کا مظاہرہ نہ کریں کیوں کہ آپ معمول سے زیادہ متلون مزاج ہوں گے، فروری‘مئی اور ستمبر آپ کی خصوصی توجہ چاہتے ہیں۔(جاری ہے)