جمعتہ الوداع کے مبارک موقع پر ایک نادر وظیفہ اور نقش

جمعتہ الوداع کے مبارک موقع پر ایک نادر وظیفہ اور نقش

راہو کیتو کی اسٹیشنری پوزیشن اور جعفر ایکسپریس کا سانحہ

رمضان کا مبارک مہینہ نصف سے زائد گزر چکا ہے، پاکستانی عوام اس ماہِ مبارک میں اگرچہ عبادات میں مصروف ہیں، ملک میں دہشت گردی کی لہر عروج پر ہے اور اس صورت حال پر قابو پانے کے لیے اسمبلی میں ایک اہم اجلاس حال ہی میں منعقد ہوا ہے جس میں دہشت گردی کے خلاف سخت فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔

دعا کرنی چاہیے کہ اس مبارک مہینے میں دعائیں قبول ہوتی ہیں، رب کریم اس ملک کی سلامتی کے خلاف اٹھنے والے قدموں کو روک دے اور ملک کے عوام کو امن و سکون کی فضا میسر ہو۔

گیارہ مارچ کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر علیحدگی پسند دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور تقریباً 400 مسافروں کو یرغمال بنالیا۔

اللہ کا بڑا کرم ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے تمام یرغمالی مسافروں کو بچالیا اور بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

عزیزان من! راہو اور کیتو اسٹیشنری پوزیشن میں زائچے کے پانچویں اور گیارھویں گھر میں ایسے درجات پر مقیم ہیں جو زائچے کے تقریباً چھ گھروں کو ہِٹ کر رہے ہیں۔ یہ حادثہ بھی اسی پوزیشن کا خمیازہ ہے۔

راہو کیتو کی یہ پوزیشن یکم فروری سے جاری ہے اور اس کا خاتمہ 14 اپریل کو ہوگا۔ اس کی وجہ سے زائچے کا پہلا، پانچواں اور نواں گھر کیتو سے متاثر ہے جب کہ ساتواں، گیارھواں اور تیسرا گھر راہو سے متاثر ہے۔

ایسے حادثات مزید بھی ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس وقت میں بہت سوچ سمجھ کر اور باہمی مشاورت کے ساتھ اہم فیصلے کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ ضروری نہیں ہے کہ اس وقت کیے گئے فیصلے درست بھی ہوں اور ان کے نتائج ہماری توقع کے مطابق ہوں۔

اسی مہینے کی 29 تاریخ کو جزوی سورج گہن بھی زائچے کے گیارھویں گھر میں لگ رہا ہے اور سیارہ زحل بھی اپنا برج تبدیل کر رہا ہے، گویا راہو کے ساتھ 6 سیارے ایک ہی برج حوت میں ہوں گے۔

شمس، قمر، عطارد، زہرہ، نیپچون اور زحل یقینا یہ ایک غیر معمولی اجتماع سیارگان ہے جس کے ساتھ سورج گہن بھی ہے۔ یہ اجتماع سیارگان اس سال پاکستان میں اہم تبدیلیوں اور دنیا بھر میں نئی تبدیلیوں کی نشان دہی کر رہا ہے۔

پاکستان کے پیدائشی زائچے میں گیارھویں گھر میں سیارہ مریخ پہلے سے موجود ہے اور سیارہ زحل برج حوت میں داخل ہوتے ہی مریخ سے قران کرے گا۔

بہر حال ان شاءاللہ آنے والے ہفتے میں نئے مہینے کے گردشِ سیارگان کے آرٹیکل میں اس موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔

وظیفہ و نقشِ جمعتہ الوداع

پاکستانی عوام کے مسائل اگرچہ بے پناہ ہیں لیکن سب سے بڑا مسئلہ روزگار کا ہے کیوں کہ اس کے بغیر کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔

بے روزگاری سب سے بڑا جہنم ہے جس کی آگ میں ہمارا ملک جل رہا ہے، حقیقت یہ ہے کہ یہ مسئلہ صرف پاکستان میں ہی نہیں دنیا بھر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

ہمیں یاد ہے کہ برسوں پہلے جب ہماری شادی ہوئی تو ہمارے ایک بزرگ دوست جو ہم سے بے تکلف بھی تھے؛ لیکن ان دنوں مالی پریشانیوں کا شکار تھے لہٰذا ہماری شادی پر ہمیں کوئی تحفہ نہ دے سکے، مبارک باد دیتے ہوئے صرف اتنا کہا “میاں! ہماری طرف سے آپ کے لیے دو جملے بطورِ تحفہ حاضر ہیں اور وہ یہ کہ اللہ اگر روزگار دے تو ازدواجی زندگی سے بڑی جنت اور کوئی نہیں ہے ورنہ اس سے بڑا جہنم بھی کوئی نہیں ہے”۔

ہم نے اُن کی یہ بات اپنی گرہ میں باندھ لی تھی اور کبھی اپنے روزگار کی طرف سے غافل نہیں رہے لیکن انسان کی زندگی میں اچھے اور برے اوقات آتے رہتے ہیں۔

بعض لوگ اپنی بہترین کوششوں کے باوجود روزگار کے معاملات میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کرپاتے، ایسے افراد کے لیے ہم پہلے بھی مخصوص اوقات کی مناسبت سے ورد و وظائف عملیات و نقوش کی نشان دہی کرتے رہے ہیں۔

اسی مناسبت سے رمضان المبارک کے مقدس ترین مہینے میں جمعتہ الوداع سے متعلق ایک وظیفہ اور ایک نقش پیش کیا جارہا ہے جو مجرّب ہے اور انشاءاللہ تمام مسلمانوں کے لیے فائدہ بخش ثابت ہوگا۔ وظیفہ بہت آسان ہے اور صرف تھوڑی سی دیر کی محنت ہے، اس محنت کے صلے میں ایک قیمتی تحفہ ہاتھ آجائے گا۔

وظیفہ برائے جمعتہ الوداع

عمدہ خالص چنبیلی یا زیتون کا تیل حاصل کرلیں اور جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد اول آخر سات بار درود شریف کے ساتھ سورہ والعادیات سات بار پڑھ کر چنبیلی کے تیل پر دم کرلیں اور اسے محفوظ رکھیں۔ تمام اقسام کے جسمانی درد اور نزلے کے لیے مفید ہے۔

اکثر آرتھرائیٹس کے مریضوں کو بھی جوڑوں کے درد میں آرام ملا ہے، پرانے نزلے کی صورت میں اس تیل کی سر پر مالش مفید ثابت ہوگی۔

نقش برائے جمعتہ الوداع

جمعتہ الوداع

دوسرا عمل تھوڑا سا مشکل ضرور ہے لیکن اس کی افادیت بھی کم نہیں ہے۔ جمعتہ الوداع کی صبح فجر کی نماز کے بعد سورج طلوع ہونے سے پہلے سورہ الاعراف کی آیت نمبر 10 کا نقش ہرن کی جھلّی یا عمدہ سفید کاغذ پر عرق گلاب میں زعفران ملاکر لکھ لیں۔ اگر زعفران نہ مل سکے تو عرق گلاب میں ہلدی ملا کر روشنائی بنالیں۔ بعد ازاں نقش کو عمدہ خوشبو سے معطر کریں اور اپنی دکان، دفتر یا کاروبار و ملازمت کی جگہ پر رکھیں تو انشا اللہ بے انتہا خیر و برکت ہوگی، کاروبار ترقی کرے گا۔

اگر ملازمت ہے تو پائیدار ہوگی اور ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، اگر گھر میں رکھیں تو بے برکتی ختم ہوجائے گی۔ قرض ہے تو اس کی ادائیگی میں آسانی ہوگی، فی الواقع نہایت موثر اور مجرب المجرب عمل ہے۔

جمعتہ الوداع کا نقش لکھنے کے بعد سفید رنگ کی مٹھائی پر فاتحہ دے کر ایصال ثواب کریں اور حضرت کاش البرنی ؒ  کے لیے بھی دعائے خیر کریں۔

جمعتہ الوداع کا نقش پاس رکھنے کے بعد حسب توفیق صدقہ وخیرات کریں، جمعتہ الوداع کے نقش کو تعویذ کے طریقے پر تہہ کرکے موم جامہ کرلیں اور گلے میں پہنیں یا بازو پر باندھیں تو آپ کی ذاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

اگرآپ چاہیں تو فریم کراکے دکان یا دفتر میں یا گھر میں مغرب کی سمت دیوار پر آویزاں کرلیں، اگر نقش کو پوشیدہ رکھنا چاہیں تو چار تہہ کرلیں اور موم جامہ یا پلاسٹک کوٹڈ کرکے کاروبار کی جگہ یا گھر میں کسی محفوظ مقام پر رکھیں۔

نقش بھرنے کے لیے مناسب ہوگا کہ نقش کے خانے پہلے سے تیارکرلیے جائیں اورعین وقت پر بسم اللہ پڑھ کر نقش مکمل کیا جائے۔

سب سے پہلے نقش کی پیشانی پر 786 لکھیں پھر نقش کے چاروں کونوں پر قولہ الحق ولہ الملک اور چاروں ملائیکہ کے نام، کٓھٓیٰعٓصٓ اور حٰمٓعٓسٓعق لکھیں۔ پھر نقش کے بیرونی خانوں میں پوری آیت اسی طرح نقل کرلیں جیسے کہ لکھی ہوئی ہے۔

آخر میں درمیانی نقش مثلث بھریں، یہ مثلث اسی آیت شریف کا ہے  کیوں کہ آیت کے کل اعداد 2199 ہیں۔

جس خانے میں 729 کے اعداد ہیں، یہ نقش کا پہلا خانہ ہے۔ اس کے بعد ترتیب وار 730 ، 731 ، 732 ، 733 ، 734 ، 735 ، 736 اور آخری خانے میں 737 لکھ کر نقش مکمل کرلیں۔

خیال رہے کہ نقش کے خانے بھرنے کی ترتیب یہی رہے گی، بس کام مکمل ہوگیا۔  مٹھائی پر فاتحہ دیں اور ایصال ثواب کریں، اللہ سے اپنے نیک مقاصد کے لیے دعا کریں۔ بعد ازاں مٹھائی خود بھی کھائیں اور دوسروں میں بھی تقسیم کردیں۔

سمجھ لیں ایک بیش قیمت تحفہ ہاتھ آگیا ہے، اس کی حفاظت کریں اور ہمارے حق میں بھی دعائے خیر کریں۔