محبت کی خصوصی کشش رکھنے والے بروج کے رنگ ڈھنگ
محبت کا کلاسیکل تصور دنیا کے مشہور محبت کرنے والوں کی مثالوں سے واضح کیا جاتا ہے مثلاً لیلیٰ مجنوں، شیریں فرہاد، رومیو جیولٹ، ہیر رانجھا، سسی پنوں،عمر ماروی، وغیرہ کی مثالیں ہمارے معاشرے میں عام ہیں،ان محبت کرنے والے دیوانوں کے حقیقی واقعات میں کتنی حقیقت ہے اور کتنا فسانہ، ہمیں اس بحث میں نہیں پڑنا چاہیے لیکن اس حقیقت سے تو انکار ممکن نہیں ہے کہ محبت اور نفرت دو ازلی اور ابدی حقیقتیں ہیں ، یہ دنیا میں ہمیشہ نت نئے انداز اور رنگ ڈھنگ سے اپنے جلوے دکھاتی رہتی ہیں اور دوسروں کے لیے مثال بنتی ہیں،کوئی بھی دور اور کوئی بھی زمانہ محبت اور نفرت کے جذبات و تجربات سے کبھی خالی نہیں رہا اور کوئی بھی انسان ان جذبوں سے انکار نہیں کرسکتا،زمانہ ءقدیم سے حضرت یوسفؑ کے عشق میں زلیخا کی دیوانگی کا تذکرہ تو دنیا کی سب سے عظیم اور معتبر ترین کتاب قرآن پاک میں موجود ہے،الغرض محبت کے نت نئے رنگ ہمیشہ سے ہی دنیا میں موجود رہے ہیں اور آج بھی دنیا بھر میں نظر آتے ہیں،محترم رئیس امروھوی نے کیا خوب کہا تھا
یا رب ! غم عشق کیا بلا ہے؟
ہر شخص کا تجربہ نیا ہے
محبت اور نفرت کے جذبے کو علم نجوم کی روشنی میں دیکھنا خاصا دلچسپ کام ہے، دائرئہ بروج کے 12مختلف برج ان جذبوں کے حوالے سے اپنے علیحدہ علیحدہ رنگ اور طور طریقے رکھتے ہیں ، آج کی نشست میں محبت کی خصوصی کشش رکھنے والے بروج پر بات ہوگی اور یقیناً یہ موضوع بھی ہمارے قارئین کو پسند آئے گا۔
یوں تو 12بروج میں سے ہر برج محبت کے معاملے میں اپنی خاص گنجائش اور صلاحیت رکھتا ہے لیکن بعض برج خاص طور سے محبت کے جذبے کی گرمی کو محسوس کرتے ہیں ، انہیں کم عمری میں شادی یا ایک پُرمسرت ازدواجی زندگی کی ضرورت ہوتی ہے۔
برج میزان ، ثور، سرطان ، اسد اور حوت محبت کے جذبات سے پوری طرح سرشار اور پُرکشش ہیں،وہ محبت کو دعوت دیتے ہیں لہٰذا ان برجوں میں سورج ، چاند یا زہرہ کی پوزیشن محبت کے معاملات میں بے حد اہم کردار ادا کرتی ہے، ان کا رجحان محبت کے حوالے سے نہایت مثبت ہوتا ہے،اگر ان بروج میں سے کسی بھی برج میں شمس ہو تو یہ محبت کے بارے میں آپ کی امیدوں اور ارادوں کو ظاہر کرتا ہے،اگر چاند ہو تو یہ محبت کے بارے میں آپ کے رویے اور نقطہ ءنظر کی وضاحت کرتا ہے، اگر زہرہ مذکورہ بالا بروج میں پیدائش کے وقت جلوہ فرما ہو تو یہ آپ کے اظہار محبت کے انداز پر روشنی ڈالتا ہے کہ آپ کیسے محبت کرتے ہیں اور کیا چاہتے ہیں۔
برج ثور کے رنگ ڈھنگ
برج ثور کا حاکم سیارہ زہرہ ہے ، اگر شمس پیدائش کے وقت برج ثور میں ہو جیسا کہ 15 مئی سے 15جون کے درمیان پیدا ہونے والے افراد برج ثور میں شمس کے حامل ہوتے ہیں تو یہ لوگ محبت کے ساتھ دولت کو بھی مدنظر رکھتے ہیں،کوئی حسین وجمیل دولت مند شریک حیات ان کا انتخاب ہوسکتا ہے کیوں کہ ایسے مردو خواتین محبت کے لیے پُرتعیش ماحول چاہتے ہیں،مفلسی کی محبت ان کے لیے پُرلطف نہیں ہوتی، بے شک یہ محبت کے معاملے میں بھی ثابت قدم اور مستقل مزاج ہوتے ہیں اور ایک بار جب کوئی تعلق قائم ہوجائے تو اسے آخر وقت تک نبھاتے ہیں ، ثور مرد و خواتین عموماً شادی کے بعد کسی ناچاقی کی صورت میں طلاق سے بچنے کی انتہائی کوشش کرتے ہیں، محبت اور ازدواجی زندگی کی مشکلات یا پریشانیوں کو بڑے صبروتحمل سے برداشت کرتے ہیں۔
برج ثور میں قمر محبت میں روایتی مردانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے،اگر یہی صورت کسی عورت کے زائچے میں پائی جائے تو اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ محبت کے معاملے میں روایت کو قبول کرتی ہے اور روایتی معیار کو اپنا رہنما مانتی ہے،سماجی اصول و ضوابط کے مطابق محبت کا کھیل کھیلتی ہے،ثور میں قمر کے مطابق یہ اصول رومان اور پھر شادی کے مروجہ معیار کی تصدیق کرتا ہے لیکن یہ شادی کے علاوہ پرائیویٹ طور پر رومانی اور جنسی بے اعتدالیوں کے خدشات بھی ظاہر کرتا ہے اور یہ خدشات مردوعورت دونوں کے حوالے سے برابر ہیں،خاص طور پر قمری درجات یا طالع کے درجات اس حوالے سے خصوصی اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں اور عورت یا مرد کے کردار کی اچھائی یا برائی پر روشنی ڈالتے ہیں۔
برج ثور میں زہرہ کی جلوہ نمائی تروتازہ حسن کا شیدائی ہونے اور محبت کے تقاضوں کو بھرپور طریقے سے اور ثابت قدمی سے پورا کرنے کی مردانہ خواہش اور قوت کی عکاسی ہے،عورت کے زائچے میں بھی برج ثور میں زہرہ کچھ ایسے ہی رنگ ڈھنگ دکھاتا ہے، ایسی عورت کسی بد صورت مرد کے ساتھ خوش نہیں رہ سکتی، اس کا معیار حسن دوسری خواتین کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا اور جذبہ ءمحبت بھی فنکارانہ خصوصیات کا حامل ہوگا۔وہ اپنے گھر اور دیگر استعمال کی اشیاءمیں بھی حسن و خوبصورتی کا خصوصی خیال رکھے گی۔
برج میزان کے انداز و اطوار
برج میزان کا حاکم بھی حسن و محبت کا سیارہ زہرہ ہے، یہ برج محبت کے معاملے میں بے حد حساس ہے،میزان کی جذباتی لہریں ثور کے سیدھے سادھے براہ راست جذبات کے مقابلے میں بہت پُرجوش ہیں،اگر پیدائش کے وقت شمس میزان میں ہو (15اکتوبر سے 16 نومبر) تو آپ کے رومانوی عزائم محبت یا شادی کے لیے ایک مثالی شریک حیات کے متلاشی ہوتے ہیں، ایسا شریک حیات جو آپ کو دل و جان سے چاہتا ہو، خیال رہے کہ مشہور اصطلاح ”نرگسیت“ اکثر میزانی افراد میں تلاش کی جاسکتی ہے،یہ لوگ محبوبیت کے طالب ہوتے ہیں اور اپنے چاہنے والے کی ذرا سی توجہ میں کمی کو بھی فوراً محسوس کرلیتے ہیں مگر ضروری نہیں ہے کہ اس کا اظہار بھی کریں، محبت کے معاملات میں بھی یہ ہاتھ میں ترازو لے کر بیٹھتے ہیں اور مستقل اس ناپ تول میں مصروف رہتے ہیں کہ ان کی محبت ، خلوص اور وفاداری کے جواب میں انہیں کیا مل رہا ہے؟اگر اس میں کمی بیشی محسوس کریں تو بے چین اور بد مزہ ہوتے ہیں، انہیں شکایات پیدا ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔
اگر پیدائش کے وقت قمر میزان میں ہو تو محبت کے معاملے میں آپ کا رویہ اطمینان بخش ہوگا، شادی اور ازدواجی زندگی کی ذمہ داری کو دونوں فریقین کے درمیان متوازن رکھنا ضروری ہے،آپ کو اپنے چاہنے والے کی نیت اور ارادوں سے زیادہ اس کے رویے سے سروکار ہوتا ہے، بہر حال یہاں بھی میزانی حساسیت نمایاں رہتی ہے بلکہ مزید گہری اور پختہ نظر آتی ہے، قمر یا طالع کے مخصوص درجات میزان میں بھی کردار کی صحت مندی کو جانچنے میں معاون ہوتے ہیں،ان سے کردار کی مضبوطی یا کمزوری کا اندازہ ہوتا ہے کیوں کہ قمر در میزان کی بعض صورتیں کردار کی کمزوری بھی ظاہر کرتی ہیں خصوصاً خواتین میں جنسی بے اعتدالی یا عصمت فروشی کہ خدشات پائے جاتے ہیں۔
میزان میں زہرہ انتہائی شاندار اظہار محبت کا تقاضا کرتا ہے، آپ انتہائی لطافت ، نزاکت اور نفاست سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے لیکن جسمانی ملاپ میں انتہا پسندی نمایاں ہوگی،لطف و انبساط کی آخری حدوں کو چھونے کی کوشش۔
میزان میں زہرہ محبت میں ورائٹی پر زور دیتا ہے اور یہ آپ کی ایک خوبی معلوم ہوتی ہے ، آپ محبت کے کھیل میں زیادہ سے زیادہ حسن ، دل کشی، جاذبیت اور جدت پیدا کرسکتے ہیں مگر اس میں بعض خطرات بھی موجود ہیں ، پیدائشی زائچے کے بعض نحس زاویے اور اثرات کج روی کا میلان پیدا کرسکتے ہیں،ہم بعض ہم جنس پرستوں اور عصمت فروشی کرنے والوں کے زائچوں میں ایسی صورت حال دیکھتے ہیں ۔
برج حوت کا جنون محبت
برج حوت کا حاکم سیارہ نیپچون پُراسراریت اور روحانیت کے لیے مشہور ہے اور حسن و عشق کا سیارہ زہرہ برج حوت میں شرف کی قوت حاصل کرتا ہے لہٰذا برج حوت کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد (15مارچ سے 15اپریل)محبت کی زبردست پذیرائی کرتے ہیں اور غیر معمولی جوش و خروش سے محبت کے لطیف جذبات کا جواب دیتے ہیں۔
برج حوت میں شمس محبت کے معاملے میں ایک گہری روحانیت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے گویا محبت کا جذبہ براہ راست ان لوگوں کی روح کو متاثر کرتا ہے،کسی کی محبت میں گرفتار ہوکر یہ لوگ اپنی سُدھ بدھ کھو بیٹھتے ہیں، دنیا جہاں سے بے گانہ ہوجاتے ہیں اور ان کی کیفیت تقریباً ایسی ہی ہوجاتی ہے جیسا کہ مرحوم شکیل احمد ضیاءنے کہا تھا
یا ترا تذکرہ کرے ہر شخص
یا کوئی ہم سے گفتگو نہ کرے
اکثر حوت افراد ساری زندگی محبت کی پیاس محسوس کرتے رہتے ہیں اور ایک مستقل تشنگی کی کیفیت سے دوچار رہتے ہیں،محبت میں ناکامی کی صورت میں خود کشی جیسے اقدام کے بارے میں سوچتے ہیں،دنیا سے بے زار ہوجاتے ہیں اور حیرت انگیز بات یہ کہ محبت میں کامیابی بھی انہیں مطمئن و شاد نہیں رکھتی،چھوٹی چھوٹی باتوں کا بہت گہرا اثر لیتے ہیں اور انہیں ایک بڑا مسئلہ بنادیتے ہیں ، نتیجے کے طور پر ازدواجی زندگی مسائل سے بھرپور ایک جہنم بن جاتی ہے اور ناکامی کا منہ بھی دیکھنا پڑتا ہے،اس کی اولین اور نمایاں مثال ہالی ووڈ اسٹار الزبتھ ٹیلر ہے جس نے 9 شادیاں کیں اور دو مرتبہ رچرڈ برٹن سے شادی کی جو عقرب تھا ، محبت میں دیوانگی کے وہ مظاہرے سامنے آئے کہ اُس وقت کے پوپ پال کو بھی سرزنش کرنا پڑی اور ان کے لیے بعض پابندیوں کا اعلان کرنا پڑا۔
درحقیقت حوت افراد ایسی محبت کے متلاشی ہیں جو روحوں کا ملاپ ثابت ہو،جسمانی ملاپ بھی ان کے لیے اہم ہے اور یہ دنیا میں سب سے بہتربیڈ پارٹنرثابت ہوتے ہیں لیکن درحقیقت یہ لوگ ایک مکمل روحانی اتحاد کے ذریعے جسمانی ملاپ کی معراج تک پہنچنا چاہتے ہیں جو یقیناً ایک بڑا کٹھن مرحلہ ہے، عام طور پر اس حوالے سے ان کی نا آسودگی محبت کی پیاس کو عمر بھر بڑھاتی رہتی ہے،سنبلہ ، عقرب ، سرطان کسی حد تک حوت افراد کی روحانی محبت میں معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
برج حوت میں قمر آپ کو اپنی محبت میں ، تقدس، پاکیزگی اور احترام کا جذبہ عطا کرتا ہے،آپ اپنی اس محبت پر بھرپور بھروسا کرتے ہیں جس نے آپ کے اعتماد کو پوری طرح اپنی گرفت میں لے رکھا ہے اور اگر یہ محبت ناکام ہوتی ہے تو آپ نفسیاتی اعتبار سے المناک انجام سے دوچار ہوتے ہیں،اگرچہ فلسفیانہ مو شگافیاں ہمیں بتاتی ہیں کہ محبت میں کبھی کوئی نہیں مرتا لیکن جب برج حوت میں قمر یا زہرہ والے محبت میں بے وفائی کا شکار ہوتے ہیں تو وہ روحانی اعتبار سے مر جاتے ہیں اور ان کی کیفیت ایک زندہ لاش جیسی ہوجاتی ہے،ایسے کیسوں میں شاذونادر ہی ایسا ہوتا ہے کہ ویسی ہی شدید محبت دوبارہ ان کے دلوں میں جنم لے،کوئی محبت دوبارہ ان کے دل و دماغ کو پہلی محبت کی طرح اپنی گرفت میں نہیں لے سکتی گویا محبت پر سے ان کا اعتبار اٹھ جاتا ہے اور وہ بقول فیض احمد فیض یہ کہہ سکتے ہیں مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ۔
حوت میں قمر یا زہرہ والے اکثر افراد محبت میں ناکامی کے بعد روحانیت اور تصوّف کی جانب مائل ہوتے ہیں اور باقی زندگی کسی سنیاسی ، سادھو،ملنگ،مجذوب کے طور پر گزارتے ہیں، اگر زائچے میں کچھ دوسرے نحس عوامل بھی کارفرما ہوں تو ایسے لوگ بڑے تباہ کن ثابت ہوتے ہیں اور اپنی محبت میں ناکامی کا دنیا سے عجیب طرح سے انتقام لیتے ہیں ۔
برج حوت میں زہرہ نہایت ہی سحر انگیز لطافت سے محبت کا اظہار کرتا ہے، آپ کا رویہ میزان کے مقابلے میں زیادہ جذباتی ہوسکتا ہے لیکن جمالیاتی اعتبار سے دونوں کے اظہار محبت میں مشابہت ہوتی ہے،بہر حال آپ کسی بھی دوسرے ٹائپ کے محبت کرنے والوں کے مقابلے میں زیادہ محبت آمیز اور جذباتی رویے کا اظہار کرتے ہیں، اپنے محبوب سے زیادہ ہمدردی اور مروت سے پیش آتے ہیں،اپنے محبوب سے خدمت لینے کے بجائے اُس کی خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن اولین شرط یہی ہے کہ زہرہ ہر طرح کی کثافت یعنی نحس اثرات سے پاک ہو خصوصاً راہو کی قربت یا نظر اس پر نہ ہو ورنہ بڑی پیچیدہ اور بھیانک نوعیت کی خرابیوں کو جنم دیتا ہے جس کی ہزاروں مثالیں نت نئے رنگ ڈھنگ سے سامنے آتی ہیں،روحانی محبت میں سیکس کے نئے تجربات کا میلان نظر آتا ہے اور اس حوالے سے بہت زیادہ آزادی کی طلب محسوس ہوتی ہے،مذہب اور معاشرتی قوانین کی پابندیاں ناگوار محسوس ہوتی ہیں،الغرض ایسے لوگ ایک طرح کی ایب نارمل زندگی اپنالیتے ہیں۔(جاری ہے)