حکومت اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب
سال کا آخری سورج گہن نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ 2اکتوبر کو اسلام آباد کے اُفق پر گہن کے وقت طالع جوزا طلوع ہوگااور گہن زائچے کے چوتھے گھر میں لگے گا، گہن کے وقت سیارہ شمس و قمر کے علاوہ عطارد بھی موجود ہوگا، گویا تین سیارے گہن کی لپیٹ میں ہوں گے، پاکستان کے زائچے میں یہ پانچویں گھر میں لگے گا۔
قمر و شمس کی گہن زدہ پوزیشن آئندہ دنوں میں عوام اور حکومت دونوں کے لیے نئے چیلنج اور مسائل لائے گی،یہ بھی ممکن ہے کہ موجودہ حکومت کے بجائے کوئی اور حکومت بنانے پر غوروفکر شروع ہوجائے یا حکومت کے بعض ارکان کو اپنی جگہ چھوڑنا پڑے، اس گہن کے اثرات آئندہ سال کے مارچ تک جاری رہیں گے۔
اکتوبر ہی کے مہینے میں ایک نہایت اہم ٹرانزٹ سیارہ مریخ کا شروع ہورہا ہے، 20اکتوبر کو مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں داخل ہوگا۔خیال رہے کہ سیارہ مریخ کا تعلق دنیاوی نجوم میں ایک سپاہی یا محافظ کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہے لیکن زائچہ پاکستان کے مطابق اس کا تعلق بیرونی عناصر سے ہے۔ مریخ کی یہ کمزور ترین پوزیشن فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت کو کمزور کرنے کا سبب ہوگی، سیارہ مریخ برج سرطان میں نہایت سست رفتاری سے سفر کرتے ہوئے 7دسمبر کو رجعت میں چلا جائے گا اور اسی طرح اپنی الٹی چال سے 22 جنوری 2025کو دوبارہ برج جوزا میں واپس آئے گا، 25فروری 2025کو مستقیم ہوگا اور پھر 3اپریل کو دوبارہ برج سرطان میں داخل ہوگا۔بالآخر 7جون 2025کو برج سرطان سے طویل قیام اپنے اختتام کو پہنچے گا۔
عزیزان من! سیارہ مریخ بنیادی طور پر انرجی کا نمائندہ ہے، ایک طویل عرصہ اس کا قیام کمزور حالت میں دنیا بھر کے لیے بہت سے مسائل کا سبب ہوسکتا ہے، ۔ ہر ملک کا زائچہ اس حوالے سے یہ نشان دہی کرسکتا ہے کہ اس کے لیے مریخی قوت میں کمی کون سے مسائل پیدا کرے گی۔ پاکستان کے زائچے میں جیسا کہ نشان دہی کی گئی ہے کہ وہ بارھویں اور ساتویں گھر کا حاکم ہے لہٰذا بیرونی مداخلت کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔مزید یہ کہ ملک میں طاقت کے زور پر جو اقدام کیے جائیں گے وہ بھی زیادہ موثر اور دیرپا نہیں ہوں گے۔
پاکستان سیارہ مشتری کے دور اکبر کے آخری مرحلے سے گزر رہا ہے جس کا اختتام دسمبر کے آخر تک ہوگا اور اس کے بعد سیارہ زحل کا 19سالہ دور اکبر شروع ہوگا ۔ امید رکھنا چاہیے کہ زحل کا دور اکبر پاکستان کے لیے ترقی اور عوام کے لیے خوشیاں لائے گا مگر یہ سب بھی اتنی جلد اور آسانی سے ممکن نظر نہیں آتا کیوں کہ گزشتہ چند سالوں میں ہم جس حال کو پہنچ گئے ہیں اس سے نکلنے اور سنبھلنے کے لیے خاصا وقت درکار ہوگا لیکن اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ دور زحل مثبت اثرات کا حامل دور ہوگا۔خصوصاً اس دور میں جو حکومتیں بنیں گی وہ ملک اور قوم کی حقیقی ضروریات کو سامنے رکھ کر فیصلے اور اقدام کریں گی۔شاید ان لوگوں کے خواب ادھورے رہ جائیں جو اس ملک پر طویل عرصہ اپنی من مانی کرکے حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ یہی دور زحل کا خاصہ ہوگا۔
بہر حال اکتوبر ایک نہایت رنگ بدلتا مہینہ نظر آتا ہے۔ چوں کہ سیارہ مشتری جو زائچے کے آٹھویں گھر کا حاکم ہوکر نہایت منحوس اثر کا حامل ہوچکا ہے اور مشتری کا تعلق آئین و قانون ، عدلیہ ، الیکشن کمیشن وغیرہ سے ہے ، وہ اپنا سخت اثر دکھا رہا ہے ، جو کچھ بھی ہورہا ہے اس پر سب کی نظر ہے ۔ امکان ہے کہ ایک نئی آئینی ترمیم لانے میں حکومت کامیاب ہوجائے گی اور اس کے نتیجے میں جو کچھ بھی ہوگا وہ ہم سب دیکھیں گے لیکن مشتری 9اکتوبر سے رجعت میں چلا جائے گا لہٰذا وہ تمام امور جو انجام دیے جاچکے ہوں گے انھیں ایک بار پھر دوبارہ انجام دینے کی ضرورت پیش آئے گی۔ممکن ہے مزید آئینی ترامیم کی ضرورت پیش آجائے ۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ سیارہ مشتری پاکستان کے زائچے میں اس وقت ایسی پوزیشن پر ہے جہاں وہ پیدائشی مشتری کے مقابل ہے لہٰذا ملک میں جس نوعیت کے حادثات اور سانحات ہورہے ہیں ان میں اور اضافہ ہوگا۔ کسی تفصیل میں جانے کی ضرورت نہیں ہے، سوشل میڈیا کے ذریعے ہر روز کسی سانحے یا حادثے کی خبر ہمیں مل جاتی ہے۔سیارہ مشتری اپنی اس پوزیشن پر آئندہ سال 14مئی تک رہے گا۔
دیگر تمام سیارگان زحل ، یورینس ، نیپچون اور پلوٹو بھی حالت رجعت میں ہے۔چناں چہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ جو کچھ پہلے ہوچکا ہے ، اسے دوبارہ کسی اور طریقے سے کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے، جیسا کہ ابھی حال ہی میں پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے ذریعے جو تبدیلی لائی گئی تھی اسے ایک آرڈیننس کے ذریعے تبدیل کرنا پڑا، ایسا ہی آئندہ بھی ہوگا ، اس عرصے میں جو تبدیلیاں لائی جائیں گی ، وہ ہمیشہ قائم نہیں رہیں گی۔
پاکستانی میڈیا کی خاصی مٹی پلید ہوچکی ہے۔ جو کثر رہ گئی ہے، وہ بھی اس مہینے کے آخر تک پوری ہوجائے گی۔بہت سے تجزیہ نگاروں اور رپورٹرز کے چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں، اس بات کا خطرہ موجود ہے کہ اس مہینے کوئی صحافی مطعون و راندئہ درگاہ ہوجائے۔اسی طرح سول و ملٹری سروسز میں بعض تبدیلیاں بھی نمایاں طور پر سامنے آسکتی ہیں۔(واللہ اعلم بالصواب)
اکتوبر کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے اور 2اکتوبر کو اسی برج میں اسے گہن بھی لگے گا، 17اکتوبر کو اپنے برج ہبوط میزان میں داخل ہوجائے گا، سیارہ عطارد بھی اپنے شرف کے برج سنبلہ میں حرکت کر رہا ہے اور غروب کی حالت میں ہے، گہن کے وقت بھی شمس کے قریب ہوگا، 10اکتوبر کو برج میزان میں داخل ہوجائے گا اور بہت تیزی سے حرکت کرتے ہوئے پھر 29اکتوبر کو اپنے اوج کے برج عقرب میں داخل ہوگا۔
سیارہ زہرہ اپنے ذاتی برج برج میزان میں عروج یافتہ ہے، 13اکتوبر کو برج عقرب میں داخل ہوگا، سیارہ مریخ برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور 20اکتوبر کو برج سرطان میں داخل ہوگا جو اس کا برج ہبوط ہے۔اس برج میں اس سال مریخ کا داخلہ خاصا طویل ہوگا جو کہ ایک غیر معمولی بات ہے یعنی سال کے آخر تک سیارہ مریخ برج سرطان ہی میں رہے گا۔
سیارہ مشتری برج ثور میں حرکت کر رہا ہے ۔ 9اکتوبر کو اسے رجعت ہوجائے گی، سیارہ زحل بحالت رجعت ذاتی برج دلو میں حرکت کر رہا ہے، سیارہ یورینس بحالت رجعت برج ثور میں، نیپچون بحالت رجعت حوت میں اور پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں حرکت کریں گے جب کہ راہو اور کیتو بدستور برج حوت اور سنبلہ میں اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
سورج گہن
اس سال کا آخری جزوی سورج گہن پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق برج سنبلہ کے 16درجے پر لگے گا، اس کی ابتدا 2 اکتوبر کو رات 08:42:59 پر ہوگی۔مکمل گہن شب 11:45:04 پر ہوگا، اس کا خاتمہ 3 اکتوبر کودوپہر 01:39:15 پر ہوگا جب کہ اس کے مکمل اثرات 02:47 پر ختم ہوں گے۔ یہ گہن 6 گھنٹہ 5منٹ 59 سیکنڈ تک رہنے والا طویل گہن ہے جو پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔
زائچہ پاکستان میں یہ پانچویں گھر میں لگے گا جس کا تعلق انٹرٹینمنٹ، تفریحات ، زندگی کی خوشیاں ، تعلیمی امور اور بچوں کے معاملات سے ہے، بہتر ہوگا کہ اس دوران میں خصوصی طور پر صدقات و خیرات کیے جائیں اور کثرت سے استغفار کا ورد کیا جائے۔
حسب دستور اس بار بھی عام نوعیت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری اعمال و وظائف دیے جارہے ہیں، حاجت مند ان سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں، اس کے لیے اجازت عام ہے۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے برج ہبوط عقرب میں اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق6اکتوبر شام 05:03 پر داخل ہوگا اور 9 اکتوبرقبل طلوع آفتاب 03:38 تک ہبوط زدہ رہے گا،یہ تمام عرصہ نحس تصور کیا جاتا ہے،اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں، کسی کام کی ابتدا نہ کریں مثلاً کوئی نیا ایگریمنٹ سائن کرنا ، نئی جاب جوائن کرنا یا نیا کاروبار شروع کرنا ، شادی بیاہ کرنا فائدہ بخش ثابت نہیں ہوتا، اس وقت میں علاج معالجہ کرانا ، خراب کاموں کی روک تھام کرنا ، بری عادات سے چھٹکارا پانا یا اس کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتا ہے۔
ہبوط کا عین وقت 6اکتوبر رات 09:00 سے 10:59 تک ہوگا،اس وقت میں ایسے اعمال و وظائف کیے جاسکتے ہیں جو بری عادتوں سے نجات یا بعض خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ضروری ہوں۔
برائے محبت و توجہ
مراد یہی ہے کہ کسی کی توجہ حاصل کی جائے یعنی وہ ہمیشہ آپ کے لیے بے چین اور بے قرار رہے ، اس مقصد کے لیے درج ذیل نقش لکھ کر کسی وزنی چیز کے نیچے دبائیں ،یہ نقش قمر در عقرب یا سورج یا چاند گہن میں لکھا جائے گا۔ایسا نہیں ہے کہ اس نحس وقت میں کوئی عمل خیر نہیں کیا جاسکتا، بنیادی بات ہماری نیت اور جائز خواہش کی ہے، اگرچہ یہ بھی ایک بندش کا ہی عمل ہے ۔درج ذیل عبارت کو سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے مقررہ وقت میں رجال الغیب کا خیال رکھتے ہوئے تحریر کریں اور عبارت کے ارد گرد حاشیہ لگادیں پھر تہہ کرکے نقش بنالیں اور اسے کسی وزنی چیز کے نیچے دبادیں، ان شاءاللہ مقصد حاصل ہوگا، بعد ازاں دو کلو چینی اور دو کلو چاول چیونٹیوں یا دیگر حشرات الارض کو ڈال دیں۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور بستم خواب و خود فلاں بن فلاں (یہاں اس کا نام مع والدہ لکھیں جس کے دل میںمحبت پیدا کرنا ہے) علے حب فلاں بن فلاں( اپنا نام مع والدہ) یا حراکیل
شرف قمر
قمر اپنے شرف کے برج میں اس ماہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق19اکتوبر بہ روز ہفتہ سہ پہر 03:40 پر داخل ہوگا اور 21اکتوبر بہ روزپیر شام 05:44 تک شرف یافتہ رہے گا،درجہ ءشرف پر 19 اکتوبر کو شام 06:53 سے شب 08:31 تک رہے گا۔
قمر کے شرف کا وقت سعد اور مبارک ہوتا ہے، اس وقت اپنے جائز مقاصد کے حصول کے لیے کوشش کرنا چاہیے ، اس وقت میں دعا بھی پرتاثیر ہوتی ہے اور ہم ہمیشہ ایسے وقت کے لیے مختلف اعمال و وظائف تجویز کرتے رہتے ہیں جن سے فائدہ اٹھانا چاہیے، اس بار بھی ایک وظیفہ اپنے قارئین کی نذرکر رہے ہیں۔
اس وظیفہ کے لیے ضروری نہیں ہے کہ صرف شرف کے درجے پر ہی عمل کیا جائے بلکہ جب تک قمر برج ثور میں یعنی اپنے شرف کے برج میں موجود ہے ، یہ عمل کسی وقت بھی کیا جاسکتا ہے، اپنی سہولت کو دیکھتے ہوئے وقت کا انتخاب کریں، یاد رکھیں قمر 19 اکتوبر سے 21اکتوبر تک اپنے شرف کے برج میں ہوگا۔
عمل محبت
دو دلوں میں رنجش ہوگئی ہو وہ عورت ہو یا مرد یا میاں بیوی ہوںیا محلے میں سے کوئی ہو یا خاندان کا کوئی فرد ہو یا آپ کے آفس میں کوئی شخص آپ سے نفرت کرتا ہے تواس کے لیے بھی یہ وظیفہ کام دے گا۔
شرف کے اوقات میں گھر میں کھیر پکائیں، ذرا عمدہ قسم کی اور رات میں اس کھیر کو کھلے آسمان تلے باریک کپڑا ڈھانپ کر رکھ دیں، صبح فجر کی نماز سے پہلے اٹھالیں اور پھر باوضو ہوکر اسم الٰہی یا ودودُ کا ورد 200 بار کریں اور کھیر پر دم کردیں، بعد ازاں یہ کھیر جس سے رنجش ہو اسے کھلائیں ، ان شاءاللہ وہ رنجش جو نفرت دور ہوگی اور اس کے دل میں آپ کے لیے محبت اور نرمی پیدا ہوگی۔ آپ کی مزید آسانی کے لیے ہم یہ بھی اضافہ کر رہے ہیں کہ اگر آپ کے لیے کھیر پکانا ممکن نہ ہو تو اسی شرف قمر کے وقت میں کسی اچھی مٹھائی کی دکان سے کوئی سفید رنگ کی مٹھائی مثلاً قلا قند، برفی، چم چم ، رس گلا یا ربڑی وغیرہ منگالیں او ر اسے رات میں کھلے آسمان تلے رکھیں اور صبح اٹھ کر اسم الٰہی پڑھ کر دم کریں اور پھر مخالف کو کھلائیں، یہ عمل ایک سے زیادہ افراد کے لیے بھی کیا جاسکتا ہے یعنی وہ کھیر یا مٹھائی آپ اپنے چار پانچ یا اس سے زیادہ مخالفین کو پیش کرسکتے ہیں۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر دے گا اور دلوں سے نفرت و کدورت دور کرنے میں مدد دے گا۔