مئی کا آگ برساتا مہینہ جاری ہے، اس دوران میں رمضان المبارک کی عبادات و سعادات سے فیض یاب ہونے کا موقع بھی تمام مسلمانوں کو حاصل ہے، کورونا وائرس نے دنیا میں جو خوف و دہشت کی فضا پیدا کی تھی اس میں بھی کمی آرہی ہے، دنیا کے بیشتر ممالک آہستہ آہستہ اپنے سابقہ معمولات پر واپس آرہے ہیں، پاکستان میں بھی وفاقی حکومت نے لاک ڈاو¿ن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے، گزشتہ دنوں ایک حدیث مبارک بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی جس کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ ستارہ ثریا جب صبح سویرے طلوع ہونے لگے گا تو وباءکا زور ٹوٹ جائے گا، اس حدیث کے حوالے سے لوگوں کی مختلف آراءسامنے آتی رہیں، علمائے کرام کم از کم اس بات پر متفق تھے کہ حدیث شریف درست اور مستند ہے، ہم نے بھی نشان دہی کردی تھی کہ مئی کے مہینے میں پاکستانی اُفق پر ستارہ ثریا طلوع ہوگا، وہ وقت بھی قریب آگیا ہے، اللہ سے دعا ہے کہ اس وباءسے جلد از جلد دنیا کو نجات دے۔
کورونا وائرس کی وباءجب شروع ہوئی تو ماہرین وائرس اور نہایت اہم و قابل ڈاکٹر صاحبان کا موقف یہ تھا کہ اس وائرس کا تعلق موسمی اثرات سے کم و بیش نہیں ہوسکتا جیسا کہ خیال کیا جارہا تھا کہ یہ وائرس جو ایک طرح کی چکنائی ہے، گرم موسم میں خود بہ خود ختم ہوجائے گا مگر ڈاکٹر حضرات اس خیال سے متفق نہیں تھے، اس تمام عرصے میں ہمارا مشاہدہ یہ رہا کہ ڈاکٹر صاحبان کی رائے درست نہیں تھی، گرم ممالک میں اس وائرس کی شدت سرد ممالک کے مقابلے میں کم رہی اور امید کی جانی چاہیے کہ مئی جون تک اس کا مکمل خاتمہ ہوسکے گا۔
جب کوئی وباءیا مصیبت آتی ہے تو اس کا مقابلہ کرنے اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے ضروری اقدام اور احتیاط سے کام لیا جاتا ہے، جن ملکوں نے ایسا کیا وہ جلد اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوچکے ہیں، یہ احتیاط آئندہ بھی ضروری ہوں گی، اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وائرس کی وباءنے پوری دنیا کو اب یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ وہ مستقبل میں نئی حکمت عملی کیا اختیار کریں، پوری دنیا کی معیشت تباہ ہوچکی ہے اور یہ صورت حال دنیا بھر میں ایک نئی معاشی کشمکش کو جنم دینے کا باعث بن رہی ہیں، وہ سپر پاورز ہوں یا عام چھوٹے ممالک، سب ہی بدترین معاشی دباو¿ میں آچکے ہیں، حیرت انگیز طور پر چائنا جہاں سے اس وباءکا آغاز ہوا تھا بہت جلد اس سے نجات پاکر اپنی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے پوری طرح میدان میں آچکا ہے، اس کا حریف امریکا تاحال کورونا کے دباو¿ سے نہیں نکل سکا ہے، یہ دونوں بڑے ممالک اور ان کے اتحادی اب مستقبل میں اپنی معیشت کو بحال کرنے اور مزید توانا کرنے کے لیے کون سی حکمت عملیاں اختیار کریں گے ، یہ قابل توجہ ہوگا، کیا نئی معاشی جنگ کسی نئی عالم گیر جنگ کا سبب بنے گی؟تازہ صورت حال میں اس کا امکان اور اندیشہ موجود ہے، شاید اتحادی گروپوں میں نئی صف بندیاں بھی دیکھنے میں آئیں، بہر حال یہ علیحدہ سے ایک بڑا موضوع ہے جس پر پھر کسی وقت گفتگو ہوگی۔
سیارہ زہرہ کا غیر معمولی قیام
سیارہ زہرہ دائرئہ بروج کا ایک تیز رفتار سیارہ ہے جو عموماً تقریباً 27 دن میں ایک برج سے گزر جاتا ہے اور ایک سال سے بھی کم عرصے میں پورے دائرئہ بروج کا دورہ مکمل کرلیتا ہے لیکن ہر ڈیڑھ سال بعد کوئی موقع ایسا بھی آتا ہے جب یہ ایک ہی برج میں طویل عرصہ قیام کرتا ہے، اس سال بھی صورت حال کچھ ایسی ہی ہے۔
اس سال سیارہ زہرہ 29 مارچ 2020 ءکو اپنے ذاتی برج ثور میں داخل ہوا تھا اور تاحال اسی برج میں حرکت کر رہا ہے، برج ثور میں اس کا قیام 2 اگست تک رہے گا، گویا تقریباً چار ماہ یہ برج ثور میں گزارے گا، ظاہر ہے یہ معمول کے خلاف ہے، برج ثور سیارہ زہرہ کا اپنا ذیلی برج ہے یہاں اس کی پوزیشن اچھی ہوتی ہے، اس دوران میں رجعت و استقامت کے مرحلے بھی آئیں گے، 13 مئی سے اسے رجعت ہوگی، اس وقت یہ تقریباً 27 درجے پر ہوگا، بحالتِ رجعت 25 جون تک اسی برج میں حرکت کرے گا اور پھر مستقیم ہوکر دوبارہ آگے کی طرف سفر کا آغاز کرے گا، زہرہ کا یہ طویل قیام مختلف برجوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کیا فوائد اور نقصانات لائے گا، اس کا درست اندازہ تو کسی کے ذاتی انفرادی زائچہ ءپیدائش سے ہی ہوسکتا ہے، جہاں تک جرنل اثرات کا تعلق ہے تو اس کا جائزہ یہاں پیش کیا جارہا ہے لیکن خیال رہے کہ اپنا برج معلوم کرنے کے لیے صرف اپنی تاریخ پیدائش پر انحصار نہ کریں بلکہ تاریخ پیدائش کے ساتھ وقت پیدائش اور مقام پیدائش کی بنیاد پر جو برج ہوگا، وہی اہم تصور کیا جائے گا، وہ لوگ جنہوں نے کبھی اپنا زائچہ نہیں بنوایا انھیں نہیں معلوم ہوتا کہ ان کا پیدائشی برج کیا ہے؟ زیادہ تر افراد کی اکثریت صرف اپنے سن سائن کی بنیاد پر اپنا برج معلوم کرتی اور اس کے مطابق حالات و واقعات جاننے کی کوشش کرتی ہے جو ہمارے نزدیک ایک غلط طریقہ ہے، اگر آپ کو اپنا پیدائشی برج معلوم نہیں ہے تو اپنا درست زائچہ بنوائیں، دوسری صورت یہ ہے کہ اپنا پیدائشی برج معلوم کرنے کے لیے آپ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں، صرف برج بتانے کی کوئی فیس نہیں ہوتی، اپنا نام، اپنی مکمل تاریخ پیدائش، وقت پیدائش، پیدائش کا شہر لکھ کر میسج کریں تو ہم آپ کو آپ کا درست پیدائشی برج بتادیں گے تاکہ اسی کے مطابق آپ آئندہ زندگی میں درست رہنمائی حاصل کرسکیں مگر یہ خیال رہے کہ میسج کرنے والے خواتین و حضرات اس معاملے میں میسج کرنے کے بعد کسی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں، یہ ممکن نہیں ہے کہ ہم اپنے تمام کام چھوڑ کر فوراً ہی آپ کو جواب دیں، تھوڑا سا انتظار ضروری ہوگا۔
طالع برج حمل
برج حمل والوں کے زائچے میں سیارہ زہرہ دوسرے اور ساتویں گھر کا حاکم ہے گویا ذرائع آمدن اور دوسروں سے تعلقات سیارہ زہرہ سے وابستہ ہیں، بے شک زہرہ کا یہ طویل قیام اس حوالے سے اچھے نتائج لاسکتا ہے لیکن مئی میں تقریباً 20 مئی سے 24 مئی تک کا وقت زائد اخراجات یا کوئی مالی نقصان لاسکتا ہے، اس دوران میں دوسروں سے کوئی تنازع یا اختلاف رائے بھی سامنے آسکتا ہے،برج حمل والوں کی قسمت کا ستارہ مشتری 30 جون تک اپنے برج ہبوط میں ہے لہٰذا اس تمام عرصے میں انھیں صرف قسمت پر بھروسا کرکے نہیں بیٹھنا چاہیے، ان کی کوششیں اور محنت ہی کامیابی لاسکتی ہے، جولائی سے مشتری کی پوزیشن بہتر ہوگی تو یقیناً قسمت بھی ساتھ دے گی اور زہرہ کی موجودہ پوزیشن ان کے معاملات میں مزید بہتری لائے گی۔
طالع برج ثور
طالع ثور کا ذیلی حاکم اگرچہ سیارہ زہرہ ہے مگر چھٹے گھر کا حاکم بھی یہی ہے، اس لیے زہرہ برج ثور والوں کے لیے نت نئے مسائل کا باعث بنتا ہے، تقریباً چار ماہ کا قیام برج ثور میں رہے گا جس کی وجہ سے ان لوگوں کو مختلف معاملات میں دوسروں کے ساتھ اختلافات یا تنازعات کا سامنا ہوسکتا ہے، اس عرصے میں اگر کسی مقدمے بازی میں الجھے ہوئے ہیں تو بہتر ہوگا کہ کسی فیصلے کے لیے جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں، مزید یہ کہ انھیں اپنی صحت کے سلسلے میں بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،خاص طور پر 20 مئی سے 24 مئی کے دوران میں انھیں کسی بدمزگی یا ناخوش گواری کا سامنا ہوسکتا ہے اور جون کے پہلے ہفتے میں بھی بعض ذاتی نوعیت کے مسائل پریشان کرسکتے ہیں لیکن یہ بھی خیال رہے کہ ثور والوں پر اس تمام عرصے میں کام کا دباو¿ بڑھے گا اور زیادہ کمانے کا موقع ملے گا۔
طالع برج جوزا
برج جوزا والوں کے زائچے میں سیارہ زہرہ پانچویں اور بارھویں گھر کا حاکم ہوکر بارھویں گھر میں چار مہینے قیام کرے گا گویا زہرہ کی یہ پوزیشن موافقت میں نہیں ہوگی، جوزا والوں کی قسمت کا ستارہ زحل پہلے ہی خراب پوزیشن میں ہے لہٰذا اس عرصے میں انھیں زیادہ محتاط رہ کر فیصلے اور اقدام کرنا ہوں گے، کوئی رسک لینا ان کے لیے مناسب نہیں ہوگا، بچوں کے معاملات یا خوش قسمتی سے متعلق امور میں فکر مندی رہے گی، دوسروں سے تعلقات میں بھی مایوسی ہوسکتی ہے،خاص طور پر ان لوگوں کو 15 مئی سے 15 جون تک مختلف معاملات میں دباو¿ اور فکر مندی کا سامنا ہوسکتا ہے ، اس دوران میں کوئی نیا کام ، نیا معاہدہ نہ کریں، اپنے روز مرہ کے معاملات پر توجہ رکھیں لیکن 15 جون کے بعد سے یقیناً صورت حال بہتر ہوگی اور وہ کسی بھی دباو¿ سے نکلنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔
طالع برج سرطان
طالع سرطان والوں کے لیے سیارہ زہرہ گیارھویں اور چوتھے گھر کا مالک ہوکر چار ماہ گیارھویں گھر میں گزارے گا، زہرہ کی یہ پوزیشن مبارک اور فائدہ بخش ہے، البتہ جون کے پہلے ہفتے میں کچھ ذاتی نوعیت کے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے، خیال رہے کہ مئی کا مہینہ سرطان والوں کے لیے کسی حد تک سخت ہوگا کیوں کہ پیشہ ورانہ امور سے متعلق سیارہ مریخ زائچے کے آٹھویں گھر سے گزر رہا ہوگا جب کہ مشتری اور زحل کی پوزیشن بھی نئے چیلنج اور مسائل لاسکتی ہے، اسی طرح 15 جون سے 15 جولائی کے درمیان بھی برج سرطان والوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی لیکن اس کے علاوہ ان کے معاملات میں بہتری آئے گی اور زہرہ کے سعد اثرات ان کی اہم خواہشات کی تکمیل کا باعث بنیں گے۔
طالع برج اسد
طالع اسد کے زائچے میں سیارہ زہرہ دسویں اور تیسرے گھر کا حاکم ہے، تقریباً چار ماہ دسویں گھر میں قیام کرے گا لہٰذا اس عرصے میں صحت اور کرئر کے معاملات میں نئے چیلنج اور مسائل لاسکتا ہے مگر جن لوگوں کے پیدائشی زائچے میں زہرہ مضبوط ہے وہ آسانی سے نئے چیلنجز کا مقابلہ کرلیں گے اور اپنے کاروباری معاملات میں ترقی کریں گے، خیال رہے کہ مشتری اور زحل زائچے کے ساتویں گھر میں موجود ہےں لہٰذا برج اسد والوں کو دوسروں سے تعلقات کے حوالے سے دشواری کا سامنا رہے گا اور کاروباری یا لائف پارٹنر شپ میں مسائل پیدا ہوسکتے ہیں، انھیں زیادہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا، اپنے بھی پرائے ہوسکتے ہیں، انھیں چاہیے کہ دوسروں پر بالکل انحصار یا بھروسا نہ کریں، نئے فیصلے اور اقدام سے پہلے اچھی طرح غوروفکر کرلیں ممکن ہے ان کا کوئی فیصلہ یا اقدام درست نہ ہو، جولائی سے صورت حال میں بہتری آئے گی۔
طالع برج سنبلہ
سیارہ زہرہ طالع سنبلہ والوں کے لیے نہایت اہم پوزیشن رکھتا ہے، وہ زائچے میںد وسرے اورنویں گھر کا حاکم ہے، ان گھروں کا تعلق حیثیت ، ذرائع آمدن اور فیملی سے ہے، زہرہ نویں گھر میں چار ماہ قیام کرے گا، اس کی یہ پوزیشن سعد اور مبارک ہے لیکن وقتاً فوقتاً زہرہ کو دیگر سیاروں کے نحس اثرات کا سامنا ہوگا، خاص طور پر جون کا پہلا ہفتہ مالی نقصانات یا زائد اخراجات لاسکتا ہے، اگر پیدائشی زائچے میں زہرہ کی پوزیشن مضبوط ہے تو بہت زیادہ نقصانات نہیں ہوں گے، بہر حال مئی کے آخری ہفتے اور جون کے پہلے ہفتے میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوگی، فیملی سے متعلق مسائل بھی سامنے آسکتے ہیں، اس کے علاوہ مجموعی طور پر زہرہ کی نویں گھر میں پوزیشن ترقی کے نئے راستے کھولے گی اور برج سنبلہ والوں کو مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
طالع برج میزان
برج میزان والوں کا حاکم سیارہ زہرہ ہے اور ان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، زائچے میں زہرہ آٹھویں گھر کا بھی حاکم ہے اور تقریباً چار مہینے اسی برج میں گزارے گا، زہرہ کی یہ پوزیشن میزان والوں کے لیے موافق نہیں ہے، انھیں نت نئے چیلنجز کا سامنا رہے گا، ذہنی دباو¿ اور کاموں میں رکاوٹ کا سامنا ہوگا، لوگوں سے تعلقات میں بھی دشواری ہوگی، 15 مئی سے 15 جون تک کا عرصہ زیادہ مشکلات اور فکر مندی لاسکتا ہے، خیال رہے کہ طالع برج میزان کے لیے مبارک ترین سیارہ مشتری بھی اپریل سے جون تک اپنے برج ہبوط میں رہتے ہوئے میزانی افراد کو اپنی بے بسی کا احساس دلاتا رہے گا یعنی جو وہ کرنا چاہتے ہوں گے ، وہ کر نہیں پائیں گے،بہر حال 15 جون کے بعد سے صورت حال میں بہتری کا آغاز ہوگا اور یکم جولائی کے بعد ان کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔
طالع برج عقرب
طالع عقرب والوں کے لیے سیارہ زہرہ ساتویں اور بارھویں گھر کا حاکم ہے لہٰذا عملی طور پر ناموافق اثرات دیتا ہے، زائچے کے ساتویں گھر میں چار ماہ قیام کے دوران میں 15 اپریل سے 15 جون تک مسلسل حالات میں سختی اور نت نئے چیلنج لاسکتا ہے، برج عقرب والوں کے لیے سیارہ مشتری دوسرے گھر کا حاکم ہوکر نہایت اہم ہوجاتا ہے، اپریل سے جون تک چوں کہ یہ بھی اپنے برج ہبوط میں ہوگا لہٰذا عقربی افراد کے لیے یہ تمام عرصہ خاصا سختی اور ذہنی پریشانی کا ہوسکتا ہے، انھیں بہت پابندی سے جمعہ کے روز اور منگل کے روز اپناصدقہ دینا چاہیے اور کثرت سے استغفار کا ورد کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ یکم جولائی کے بعد ہی عقربی افراد کے حالات میں بہتری کے آثار شروع ہوں گے اور 15 جولائی سے انھیں اپنے کاموں میں کامیابی کے حصول کا موقع ملے گا، جون کے پہلے ہفتے میں ممکن ہے بعض عقربی افراد کو اپنی جاب یا پروفیشن کے حوالے سے بھی کسی نئی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے۔
طالع برج قوس
طالع قوس والوں کے لیے سیارہ زہرہ چھٹے اور گیارھویں گھر کا حاکم ہے، تقریباً چار ماہ چھٹے گھر میں قیام کرے گا، گویا کاروباری مفادات یا دیگر فوائد کا حصول ان کے لیے آسان نہیں ہوگا، ان کا اپنا ستارہ مشتری بھی اپریل تا جون برج ہبوط میں ہوگا جس کی وجہ سے وہ محسوس کرسکتے ہیں کہ کسی شدید دباو¿ کا شکار ہیں، 15 مئی سے 15 جون تک انھیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی کیوں کہ اس عرصے میں قسمت ساتھ نہیں دے گی، ان کی ذاتی کوشش اور محنت ہی ان کے لیے مددگار ہوسکتی ہے، بہر حال قوسی افراد نڈر اور حوصلہ مند ہوتے ہیں، وہ کسی نئے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیںانھیں اپنی کوشش پر جدوجہد جاری رکھنا چاہیے،اگست کے مہینے سے وہ ہر قسم کے دباو¿ سے نکلنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
طالع برج جدی
طالع برج جدی کے لیے زہرہ پانچویں اور دسویں گھر کا حاکم ہوکر نہایت اہمیت اختیار کرجاتا ہے، پانچواں گھر زندگی کی خوشیوں اور دسواں گھر پیشہ ورانہ معاملات سے متعلق ہے، چناں چہ چار مہینے پانچویں گھر میں قیام خاصا خوش کن اور فائدہ بخش ثابت ہوگا، البتہ جون کا پہلا ہفتہ کرئر کے معاملات میں کوئی نیا چیلنج سامنے لاسکتا ہے جس سے نمٹنا زیادہ مشکل نہیں ہوگا کیوں کہ جدی والوں کا حاکم سیارہ زحل ان کے زائچے کے پہلے گھر میں اچھی پوزیشن رکھتا ہے، مزید یہ کہ چوتھے اور گیارھویں گھر کا حاکم سیارہ مریخ بھی اس تمام عرصے میں ان کے لیے معاون و مددگار رہے گا، زہرہ کی موجودہ پوزیشن ان کی زندگی میں نئی خوشیاں اور پروفیشنل معاملات میں نئی کامیابیاں لائے گی۔
طالع برج دلو
طالع دلو کے لیے سیارہ زہرہ چوتھے اور نویں گھر کا حاکم ہے اور زائچے کے چوتھے گھر میں چار ماہ رہتے ہوئے برج دلو والوں کو نئے مواقع اور نئی کامیابیاں دے سکتا ہے، البتہ جون کا پہلا ہفتہ محتاط رہنے کا ہوگا کیوں کہ اس وقت زہرہ کی پوزیشن اچھی نہیں ہوگی، کوئی رسک لینا یا نیا منصوبہ شروع کرنا نامناسب ہوگا، خیال رہے کہ سیارہ مشتری جو برج دلو والوں کے لیے اعلیٰ مفادات کا سیارہ ہے اپریل تا جون ہبوط یافتہ رہے گا لہٰذا انھیں اس عرصے میں بہت زیادہ اور اہم امور میں فوائد کی امید نہیں رکھنی چاہیے،اسی طرح 20 مئی سے 24 مئی کے دوران بھی کوئی ناخوش گوار بات مایوسی کا باعث بن سکتی ہے، بہر حال جولائی سے کاروباری مفادات کا سلسلہ شروع ہوگا اور سیارہ زہرہ کا موجودہ قیام بھی ان کے لیے فائدہ بخش ثابت ہوگا۔
طالع برج حوت
طالع حوت کے لیے زہرہ تیسرے اور آٹھویں گھر کا حاکم ہوکر زائچے کا فعلی منحوس سیارہ بن جاتا ہے، چار مہینے اس کا قیام تیسرے گھر میں رہے گا، اس کی وجہ سے برج حوت والوں کو وقتاً فوقتاً نت نئے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، سیارہ مشتری زائچے کے دسویں گھر کا حاکم ہے یہ بھی اپریل تا جون اپنے برج ہبوط میں ہوگا جس کے نتیجے میں کاروباری معاملات میں پریشانی کا سامنا رہے گا، گویا اپریل تا جون تین مہینے کسی طور بھی حوت والوں کے لیے خوش گوار نہیں ہوسکتے، البتہ جولائی سے ان کے معاملات میں بہتری کے آثار شروع ہوسکتے ہیں، خیال رہے کہ جولائی کے بعد سیارہ مریخ بھی بہتر پوزیشن میں آجائے گا جو برج حوت والوں کے لیے نہایت فائدہ بخش اور نئی توانائی دینے والا سیارہ ہے، چناں چہ وہ ایک اچھے اور کامیاب وقت میں داخل ہوجائیں گے۔