پاکستان اور عام افراد کے لیے مشکلات و مسائل میں کمی کا آغاز

اگست کے مہینے کا آغاز ہورہا ہے جو پاکستان کی آزادی اور قیام مملکت کا مہینہ ہے،تقریباً جون سے جاری نہایت سخت قسم کی سیاروی پوزیشن اس ماہ اپنے اختتام کو پہنچے گی،یقیناً بے شمار افراد ایسے ہوں گے جو ان مہینوں میں کسی نہ کسی طور وقت و حالات کی سختی کا شکار رہے ہوں گے، پاکستان اور دنیا کے بعض دوسرے ممالک بھی جن کی نشان دہی ہم پہلے کرچکے ہیں، اس سیاروی گردش سے متاثر ہوئے ہیں، دنیا بھر میں آفات ارضی و سماوی کا زور رہا ہے، زلزلے ، سیلاب اور سمندری طوفان اس سال مسلسل مختلف ملکوں کے لیے پریشانی کا باعث رہے، اسی طرح پہلے سے جاری تنازعات بھی اپنے عروج تک پہنچ گئے، ایران، روس، چائنہ اور امریکی بلاک کے درمیان باہمی کشیدگی جاری ہے، آئیے اگست کی فلکیاتی صورت حال کا جائزہ لیتے ہیں۔

اگست کے ستارے

سیارہ شمس اپنے ذاتی برج اسد میں حرکت کر رہا ہے اور 23 اگست کو برج سنبلہ میں داخل ہوجائے گا، سیارہ عطارد یکم اگست سے مستقیم ہوگا، برج سرطان میں حرکت کررہا ہے اور 12 اگست کو برج اسد میں داخل ہوگا، سیارہ زہرہ برج اسد میں ہے اور 21 اگست سے اپنے ہبوط کے برج سنبلہ میں داخل ہوجائے گا، سیارہ مریخ برج اسد میں حرکت کر رہا ہے اور 18 اگست کو برج سنبلہ میں داخل ہوگا، سیارہ مشتری بحالت رجعت برج قوس میں حرکت کر رہا ہے اور 11 اگست کو مستقیم ہوگا، سیارہ یورینس برج ثور میں حرکت کر رہا ہے ، 12 اگست سے اسے رجعت ہوجائے گی، سیارہ نیپچون برج حوت میں ہے اور رجعت میں ہے، پلوٹو برج جدی میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے، راس و ذنب بالترتیب برج سرطان اور جدی میں حرکت کر رہے ہیں اور اپنی اسٹیشنری پوزیشن پر ہیں، یہ پوزیشن 17 اگست تک رہے گی، یہ سیاروی پوزیشن یونانی سسٹم کے تحت دی گئی ہیں۔

اہم نظرات و اثراتِ سیارگان

یہ ماہ سیاروی نظرات و اثرات کے اعتبار سے خاصا دلچسپ اور مثبت ہے، اہم سیارگان کے درمیان خاصی کم تعداد میں اہم زاویے قائم ہوں گے جب کہ نحس زاویے کم اور سعد زیادہ ہوں گے، اس ماہ تثلیث کے 6 زاویے بنیں گے جب کہ تسدیس کا کوئی زاویہ نہیں ہوگا، دو قرانات اور دو تربیعات ہوں گی جن کی تفصیل درج ذیل ہے.
2 اگست: زہرہ اور یورینس کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ قائم ہوگا، یہ نظر توازن اور ہم آہنگی میں اچانک خرابی لاتی ہے، صورت حال ہماری توقع کے خلاف تبدیل ہوتی ہے، ملک میں جاری سیاسی کشیدگی اچانک کوئی نیا رنگ اختیار کرسکتی ہے، عام افراد کی زندگی میں یہ نظر باہمی تعلقات میں اور خصوصاً ازدواجی زندگی میں نئے مسائل لاتی ہے۔
7 اگست: تثلیث کا شمس اور مشتری کے درمیان زاویہ قائم ہوگا، یہ سعد نظر ہے، مثبت اثر دیتی ہے، حکومت اور آئینی اداروں کے معاملات بہتر ہوں گے، عام افراد گورنمنٹ سے متعلق کاموں اور دیگر امور سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں، مالی مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے، بینکنگ سیکٹر اور اسٹاک مارکیٹ کے معاملات میں بھی بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔
9 اگست: زہرہ اور مشتری کے درمیان قران کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے، اس وقت باہمی تعلقات میں بہتری آتی ہے اور نئے تعلقات استوار کرنے میں مدد ملتی ہے، مالی امورمیں بھی یہ سعد وقت معاون و مددگار ثابت ہوتا ہے، خصوصاً انعامی اسکیموں کے ذریعے اس وقت فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
14 اگست: شمس اور زہرہ کا قران ایک نحس اثر کا حامل وقت ہے، حکومت کے لیے کوئی نیا چیلنج یا تنازع پیدا ہوسکتا ہے، عام افراد کو اس وقت شادی بیاہ یا منگنی وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے، باہمی تعلقات کے حوالے سے بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔
16 اگست: عطارد اور یورینس کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ سے متعلق منفی خبریں لاسکتا ہے، عام افراد کے لیے بھی یہ وقت سفر میں اچانک التوا یا سفری امور میں نئے مسائل پیدا کرسکتا ہے، تحریری غلطیوں کا امکان ہوتا ہے۔
21 اگست : عطارد اور مشتری کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ سفر اور تعلیمی امور میں مددگار ثابت ہوگا، اس وقت نئے منصوبوں کے لیے کوشش کی جاسکتی ہے، تجارتی سرگرمیاں بہتر ہوں گی، قانونی نوعیت کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
24 اگست : زہرہ اور مریخ کے درمیان قران کا زاویہ ملکی معاملات میں نحس اثر لاسکتا ہے، خصوصاً سخت نوعیت کے حکومتی اقدامات ، عدالتوں کے فیصلے سامنے آسکتے ہیں، عام افراد کے لیے یہ نظر محبت ، دوستی اور شادی جیسے معاملات میں مددگار ثابت ہوتی ہے خاص طور پر عورت اور مرد سے متعلق تعلقات میں بہتری آتی ہے۔
26 اگست : زہرہ اور یورینس کے درمیان تثلیث کی نظر سعد اثر رکھتی ہے، اس وقت میں خاص طور سے دوسروں سے تعلقات اور محبت ، منگنی شادی جیسے معاملات میں کوئی سرپرائز مل سکتا ہے۔
28 اگست : مریخ اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ مثبت اثر رکھتا ہے، خاص طور پر انجینئرنگ ، مشینری اور الیکٹرونکس سے متعلق کاموں میں مدد ملتی ہے،نئی ایجادات اور اختراعات سامنے آتی ہیں،یہ وقت غیر روایتی انداز میں کام کرنے اور نئے آئیڈیاز اور خیالات پر توجہ دینے کا ہے۔
30 اگست : شمس اور یورینس کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ مثبت اثر رکھتا ہے، حکومت کے چونکا دینے والے مثبت اقدام اور فیصلے سامنے آسکتے ہیں، عام افراد کے لیے یہ وقت گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں غیر متوقع کامیابیاں لاتا ہے۔
قمر در عقرب
پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قمر اپنے درجہ ءہبوط پر 6 اگست کو رات 11:57 pm سے 7 اگست 01:41 am تک رہے گا، یہ انتہائی نحوست کا وقت ہوگا، اس وقت بندش اور علاج معالجے سے متعلق عملیات کرنا موزوں ہوتا ہے، جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق قمر اپنے درجہ ءہبوط پر 6 اگست کو شام 06:57 pm سے 08:41 pm تک رہے گا، دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے ملک کا فرق معلوم کرکے اس وقت کو درست کرسکتے ہیں۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے درجے پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 21 اگست کو 01:34 pm سے 03:32 pm تک رہے گا، جی ایم ٹی ٹائم کے مطابق 21 اگست کو 08:34 am سے 11:32 am تک شرف یافتہ ہوگا، اس وقت میں نیک اور جائز مقاصد کے لیے عمل و نقوش کیے جاسکتے ہیں۔

تثلیث شمس و مشتری

شمس اور مشتری کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 6 اگست 11:50 am سے شروع ہوگا اور 8 اگست 01:16 pm تک جاری رہے گا، یہ سعد اور مبارک وقت لوح شمس و مشتری کی تیاری کے لیے موافق ہوتا ہے، اس وقت میں مقدمات میں کامیابی اور گورنمنٹ سے متعلق کاموں میں کامیابی کے لیے الواح و نقوش تیار کیے جاتے ہیں، اس وقت لوح اسم اعظم یا لوح مشتری بھی تیار ہوسکتی ہے۔

قران زہرہ و مشتری

زہرہ اور مشتری کے قران کو ”قران السعدین“ کہا جاتا ہے، پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق اس قران کی ابتدا 10 اگست 08:10 pm سے ہوگی اور 18 اگست 02:08 am تک یہ قران جاری رہے گا، اس سعد اکبر وقت میں بھی لوح مشتری ، لوح زہرہ کے علاوہ کاروباری ترقی ، باہمی محبت اور دوستی کے لیے ، شہرت کے حصول کے لیے الواح و نقوش تیار کیے جاتے ہیں۔

قران زہرہ و مریخ

زہرہ کو عورت سے منسوب کیا گیا ہے جب کہ مریخ مرد کی نمائندگی کرتا ہے، زہرہ اور مریخ کا قران یعنی ملاپ عورت و مرد کے درمیان قربت و محبت سے متعلق اعمال کے لیے اہم ہوتا ہے، اس کے علاوہ اس وقت میں مردانہ قوت سے متعلق انگوٹھی بھی تیار ہوتی ہے کیوں کہ زہرہ اور مریخ کا تعلق سیکس سے بھی ہے، اس ماہ اس قران کا آغاز 23 اگست 06:13 am سے ہوگا اور اس کا خاتمہ 26 اگست 01:54 pm پر ہوگا۔
نوٹ: مندرجہ بالا تمام اہم نظرات سیارگان سے متعلق نقوش و عملیات کے لیے ضرورت مند براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔
ایک بار پھر ہمارے پیش نظر شادی کا موضوع ہے، اس موضوع پر ہم نے پہلے بھی بہت لکھا ہے، فی زمانہ یہ مسئلہ کچھ زیادہ ہی سنجیدگی کا متقاضی ہوچکا ہے، شادی زندگی کا اہم ترین مسئلہ ہے، کرنے والوں کے لیے بھی اور نہ کرنے والوں کے لیے بھی، اس حوالے سے عجیب عجیب اور دلچسپ کہاوتیں بھی مشہور ہیں، کہا جاتا ہے کہ جو کرتا ہے ، وہ پچھتاتا ہے اور جو نہیں کرتا وہ بھی پچھتاتا ہے لیکن ظاہر ہے یہ لوگوں کے ذاتی تجربے اور پیش آمدہ حالات و واقعات پر منحصر ہے، اس حوالے سے بھی ہر شخص کا تجربہ مختلف ہے، لاکھوں کی تعداد میں ایسے لوگ موجود ہیں جو نہایت کامیاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں اور لاکھوں ہی کی تعداد میں ایسے لوگ بھی مل جائیں گے جن کی ازدواجی زندگی ناکام یا جہنم کا نمونہ ہوسکتی ہے۔
ہم نے ہمیشہ اس موضوع پر علم نجوم کی روشنی میں بات کی ہے اور شادی ہونے یا نہ ہونے یا شادی کے بعد ازدواجی زندگی میں کامیابی یا ناکامی کے ایسٹرولوجیکل اسباب پر روشنی ڈالی ہے، ہمارا تجربہ و مشاہدہ طویل عرصے سے یہی ہے کہ بعض افراد کی شادی میں تاخیر یا کسی رکاوٹ کا سبب اس کے پیدائشی زائچے کی کوئی خرابی ہوتی ہے، اسی طرح شادی کے بعد ازدواجی زندگی میں اختلافات اور تنازعات کا باعث بھی کوئی ایسٹرولوجیکل مسئلہ ہوتا ہے، ہم برسوں سے رات دن اس صورت احوال کا مطالعہ اور مشاہدہ کر رہے ہیں اور اس موضوع پر بارہا اظہار خیال بھی کرچکے ہیں۔
شادی میں تاخیر یا شادی نہ ہونے کا سبب عام طور پر کسی بھی زائچے میں شادی سے منسوب سیارگان کی کمزور یا نامناسب پوزیشن ہوتی ہے جب کہ شادی کے بعد ازدواجی زندگی میں تلخیاں اور ناکامیاں ایک الگ موضوع ہے،اس کی پہلی وجہ تو دو افراد کے درمیان مزاجی و فطری ہم آہنگی کا فقدان ہوتا ہے اور دوسری وجہ دونوں میں سے کسی کے زائچے کی کوئی اور خراب پوزیشن بھی ہوتی ہے، اس حوالے سے ضروری ریمیڈی یا دیگر علاج معالجہ ممکن بھی ہوتا ہے اور بعض صورتوں میں ناممکن بھی لیکن ہمارا تجربہ اور مشاہدہ یہی ہے کہ اگر رشتہ طے ہونے سے قبل دونوں افراد کے درست زائچے بناکر دیکھ لیے جائیں اور ان کی باہمی مزاجی و فطری ہم آہنگی کا جائزہ لے لیا جائے تو شادی میں ناکامی اور دیگر تلخ تجربات سے کافی حد تک نجات مل جاتی ہے، دوسری اہم بات شادی کا یعنی نکاح کا وقت اور تاریخ وغیرہ ہے،اگر ایسٹرولوجیکل وقت اچھا اور مبارک منتخب کرکے اس رسم کو انجام دیا جائے تو بھی بہتر نتائج کے حصول کی توقع کی جاسکتی ہے لیکن عام طور پر ایسا نہیں ہوتا، لوگ ان باتوں کا خیال نہیں رکھتے چناں چہ ہمارے خیال میں دنیا بھر میں ناکام شادیوں کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، پہلے انڈیا میں خصوصاً ہندو مذہب میں ان باتوں کا خصوصی خیال رکھا جاتا تھا، شادی سے پہلے دو افراد کی جنم پتری کے ذریعے میچنگ معلوم کی جاتی تھی اور پھر شادی کے دن اور وقت کا تعین بھی علم نجوم کی روشنی میں کیا جاتا تھا مگر اب ہماری معلومات کے مطابق انڈیا میں بھی یہ رواج کم ہوتا جارہا ہے۔

مسیحا میرج بیورو

عزیزان من! چوں کہ طویل عرصے سے شادی اور اس سے متعلقہ مسائل و معاملات ہمارے مطالعے اور مشاہدے کا حصہ رہے ہیں اور اس حوالے سے لوگوں کی پریشانیاں بھی ہم دیکھتے رہتے ہیں، اکثر ہمارے پاس آنے والے افراد ہم سے یہ فرمائش بھی کرتے ہیں کہ آپ کی نظر میں کوئی مناسب رشتہ ہو تو آپ ہمیں بتادیں اور اکثر ہم نے اس معاملے میں لوگوں کی رہنمائی بھی کی ہے، بہت عرصے سے یہ خیال ذہن میں تھا کہ اس کام کو باقاعدہ طور پر شروع کیا جائے چناں چہ اس ماہ سے اس کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے اور ”مسیحا میرج بیورو“ کی سروس شروع کی جارہی ہے، ہمارے قارئین کو یقیناً اس اعلان سے خوشی ہوگی۔
وہ لوگ جو پابندی سے ہماری ویب سائٹ کا وزٹ کرتے ہیں وہ ہماری ویب سائٹ پر مسیحا میرج بیورو کا لنک دیکھ سکتے ہیں، اسے کھولنے کے بعد ایک ضروری فارم سامنے آئے گا جسے بھر کے آپ ای میل کے ذریعے ہمیں بھیج سکتے ہیں یا اس سلسلے میں براہ راست فون پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے،ہمارا کام صرف اتنا ہوگا کہ مناسب رشتے تک آپ کی رسائی ہوسکے یعنی متعلقہ افراد کا باہمی رابطہ کرادیا جائے اور اس کے بعد اگر مزید کسی ایسٹرولوجیکل تعاون کی ضرورت ہو تو وہ بھی مہیا کردیا جائے،شادی کے لیے مناسب اور سعد وقت کی نشان دہی کردی جائے، اگر شادی میں تاخیر ہورہی ہے یا شادی ناممکن ہوکر رہ گئی ہے تو اس حوالے سے بھی ضروری ریمیڈی کی نشان دہی کردی جائے، اسی طرح ازدواجی زندگی میں اگر خرابیاں موجود ہیں تو ان کا حل بھی بتادیا جائے۔
واضح رہے کہ ہمارے ملک میں خاص طور پر نام نہاد پیر فقیر یا ایسٹرولوجر شادی میں تاخیر اور ازدواجی زندگی میں تلخیوں یا ناکامیوں کا سبب عموماً سحروجادو اور آسیب و جنات تشخیص کرتے ہیں اور سادہ لوح افراد اس پر یقین بھی کرلیتے ہیں جب کہ 99 فی صد کیسوں میں ایسا نہیں ہوتا، اصل خرابی آپ کے زائچہ ءپیدائشی میں موجود ہوتی ہے۔
یہاں ایک اور تلخ حقیقت کا اظہار بھی ضروری ہے، جھوٹ ہمارے معاشرے کی ایک روایت بن چکا ہے اور اکثر ہم انتہائی اہم معاملاتِ زندگی میں بھی جھوٹ بولتے ہیں، خاص طور پر لڑکا لڑکی کی تاریخ پیدائش کے حوالے سے غلط بیانی کی جاتی ہے، ہمارے ملک میں برسوں سے یہ رواج بھی پروان چڑھ گیا ہے کہ شناختی کارڈ میں عمر کم دکھانے کے لیے ایک دو سال کم کرادیے جائیں، بعض لوگ تو اس چکر میں یعنی عمر کم ظاہر کرنے کے لیے نیا شناختی کارڈ بنوالیتے ہیں اور پھر اپنی اسی غلط تاریخ پیدائش پر زندگی گزارتے ہیں، کسی رشتے کے موقع پر اگر تاریخ پیدائش پوچھی جائے تو درست تاریخ بتانے میں حیل و حجت کرتے ہیں اور عجیب عجیب طرح کی جاہلانہ باتیں کرتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ بعد میں جب کسی مسئلے یا مصیبت کا شکار ہوتے ہیں تو اسے کسی دوسرے کی دشمنی کا نتیجہ قرار دےنے کی کوشش کرتے ہیں۔
عزیزان من! ہمارا مشورہ ہے کہ زندگی کے اس اہم ترین موڑ پر اس جھوٹ سے سخت پرہیز کریں، اپنی صحیح تاریخ پیدائش بتائیں، کسی مصلحت کے سبب اسے چھپانے کی کوشش نہ کریں، خاص طور پر اگر دو افراد کے درمیان باہمی مزاجی ، فطری اور ازدواجی تعلق کا جائزہ لینا مقصود ہو ، اس حوالے سے پیدائش کا وقت بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، بعض اوقات اکثر لوگوں کو پیدائش کا وقت بھی معلوم نہیں ہوتا، اس سے بھی درست زائچہ بنانے میں دشواری ہوتی ہے اور حقیقی امکانات کا جائزہ نہیں لیا جاسکتا۔امید ہے کہ مسیحا میرج بیورو کی سروس سے آپ فائدہ اٹھائیں گے۔