وقت کی خرابیوں اور دیگر مسائل میں تحفظ کے لیے حروف نورانی کا نقش خاص

جنوری کے سورج اور چاند گہن سے متعلق اوقات گزشتہ کالم میں دیے گئے تھے اور اس وقت سے فائدہ اٹھانے کے لیے دو عمل بھی لکھے گئے تھے، ہمارے اکثر قارئین نے شکایت کی کہ صرف دو عمل کافی نہیں ہیں، اس موقع پر زیادہ ضروریات زندگی کا احاطہ ہونا چاہیے، چناں چہ فرمائش پوری کی جارہی ہے،مزید اعمال گہن اس بار دیے جارہے ہیں۔
6 جنوری کا سورج گہن جزوی تھا اور زیادہ طاقت ور اثر کا حامل نہیں تھا، البتہ 21 جنوری کو مکمل چاند گہن ہوگا اور یہ زیادہ طاقت ور اثر ظاہر کرے گا، قارئین کو چاہیے کہ اس وقت سے ضرور فائدہ اٹھائیں، دیگر اعمال کے علاوہ اس موقع پر خصوصی نقش تحفظ کی تیاری کا طریق کار بھی دیا جارہا ہے،یہ نقش ایک بیش بہا تحفہ ہے، جو لوگ تیار کرکے پاس رکھیں گے، خود اس کی افادیت محسوس کرلیں گے، یہاں ایک بار پھر 21 جنوری کے چاند گہن کا درست وقت دیا جارہا ہے، یاد رہے کہ یہ چاند گہن حروف صوامت یا دیگر اعمال کی زکات ادا کرنے کے لیے بھی موزوں ہے۔
21 جنوری کو اس سال پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پہلا چاند گہن 07:37 am کوشروع ہوگا اور 09:41 am پر مکمل ہوگا، جب کہ انتہائی عروج 10:45 am پر ہوگا، گہن کا اختتام 12:48 pm پر ہوگا، گہن کا کل دورانیہ 6 گھنٹے 12 منٹ ہوگا، پاکستان میں نظر نہیں آئے گا لیکن مصر، ترکی، پرتگال، ہنگری، یونان، فرانس، اسپین، امریکا، کنیڈا، میکسیکو، ارجنٹائن وغیرہ میں دیکھا جاسکے گا، دیگر ممالک کے افراد پاکستان سے اپنے ملک کے وقت کا فرق مذکورہ وقت میں جمع یا نفی کرکے درست کرلیں۔
یونانی علم نجوم کے مطابق یہ گہن برج اسد میں ہوگا، جب کہ ویدک سسٹم کے مطابق برج سرطان میں لگے گا، گہن کے نحس اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے اتوار اور پیر کے روز صدقہ دینا چاہیے، اتوار کے روز گندم، چنے کی دال وغیرہ خیرات کریں یا غریب بال بچے دار افراد کی مدد کریں، پیر کے روز چاول اور دیگر سفید اشیا کا صدقہ دیں، غریب بال بچے دار عورت کی مدد کریں، کثرت سے پانچواں کلمہ اپنے ورد میں رکھیں، حاملہ خواتین کو گہن کے وقت کوئی کام نہیں کرنا چاہیے، آرام سے اپنے بستر پر دراز رہیں اور استغفار کا ورد کرتی رہیں، کسی خوف میں مبتلا نہ ہوں، منفی سوچوں سے گریز کریں، خوش گواری اور خوش امیدی مادر شکم میں موجود بچے کے لیے اچھے اثرات کا باعث ہوتی ہے۔

نقش برائے تحفظ 

گرہن کے اوقات میں عموماً بندش اور غلط کاموں سے روکنے کے اعمال کیے جاتے ہیں جو پہلے بھی کئی بار دیے جاچکے ہیں اور اس بار بھی دیے جارہے ہیں، یہ اعمال خاص طور سے حروفِ صوامت کی مدد سے تیار کیے جاتے ہیں اور حروفِ صوامت کی زکواۃ بھی گرہن کے اوقات میں ادا کی جاتی ہے لیکن علمائے جفر نے حروفِ صوامت سے دیگر اُمور میں بھی کام لیا ہے۔ خاص طور سے تحفظِ جان ومال میں بھی یہ حُروف نہایت زود اثر ثابت ہوتے ہیں۔
اس حقیقت سے تو اَنکار ممکن نہیں کہ موجودہ دور خطرات و حادثات سے خالی نہیں۔ اس کے علاوہ بھی نفسا نفسی کا وہ عالم ہے کہ انسان بھی انسان کا دشمن بنا ہوا ہے۔ اعلیٰ روایات اور اخلاقی قدریں ناپید ہوتی جارہی ہیں۔ حسد ، جلن ، بدنظری ،خودغرضی اور مفاد پرستی کا یہ عالم ہے کہ اپنے پرائے کی پہچان مشکل ہو گئی ہے ۔اس دورِ خرابی میں یقیناًایسی روحانی قوت کی ضرورت محسوس ہوتی ہے جس کی مدد اور تعاون سے انسان حادثات وآفات سے ہی نہیں، حاسدین و مخالفین کے شر سے بھی محفوظ رہ سکے ۔اس حوالے سے علمائے جفر نے جو طریقے متعارف کرائے ہیں اُن میں سے اپنا مجّرب اور معتبر طریقہ ہم بیان کر رہے ہیں جو حضرت کاش البرنیؒ کا عطیہ ہے۔

حروفِ نورانی

حُروفِ صوامت ایسے حُروف کو کہا جاتا ہے جو بے نقاط ہوں۔اٹھائیس حروف تہجی میں ایسے حرو ف کی تعداد 13ہے جو یہ ہیں۔
’’ ا ، د ، ھ ، و ، ح ، ط ، ک ، ل ، م ، س ، ع ، ص ، ر ‘‘
ابجدقمری سے ان 13 حُروف کی عددی قیمت 543 ہے۔ حُروفِ صوامت کی طرح 14 حُروف نورانی ہیں جو قرآنِ کریم میں حروف مقطعات کے طور پر آئے ہیں اور اکثر علمائے جفر کا عقیدہ یہ بھی ہے کہ اﷲربّ العزت نے حروف مقطعات کے ذریعے قرآن کریم کی تا قیامت حفاظت کا اہتمام کیا ہے۔
ان حُروف مقطعات میں سے آلم  طٰہٰ طٰٓسٓ طٰسٓمٓ عٓسٓقٓ نٓ کے اعداد بھی 543 ہیں۔
543 کانقش مثلث خاکی چال سے تیار کر کے نقش کے نیچے مقصداور نام مع والدہ لکھ لیا جائے اور یہ کام عین گرہن کے وقت تمام شرائط و قواعد کے مطابق کیا جائے تو یہ ایک ایسا نقش تحفظ ہو گا جو حادثات اِرضی و سماوی کے علاوہ نظرِبد،سحرو جادو ، آسیب و جنّات ، مخالفین کی زبان کے شر اور حاسدوں کے حسد سے محفوظ رکھے گا۔ اس نقش کو سفید کاغذ یا سیسے کی دھات کے پترے پر لکھ کر پاس رکھیں۔لکھتے ہوئے لوبان یا اگر بتی ضرور جلائیں۔کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی کے قلم سے لکھ لیں۔ سیسے کا پترابہت نرم ہوتا ہے۔ اس پر کسی بھی نوک دار شئے سے باآسانی کندہ کر سکتے ہیں۔ ایسے لوگ جو نقوش کے حسابی قواعد سے واقف نہیں ہیں اُن کی آسانی کے لیے نقش اور اس کی چال ہم دے رہے ہیں ۔

 

 

نقش کی چال بہت آسان ہے۔ پہلاخانہ وہ ہے جس میں 177لکھاہے۔ دوسرا خانہ 178 کا ہے۔ اُس کے بعد ترتیب وار 179 ، 180 ، 181 ، 182 ، 183 ، 184 ، 185تک خانے بھرتے چلے جائیں۔یہی نقش کی خاکی چال ہے۔ نقش کے اوپر ۷۸۶ لکھیں۔ چاروں کونوں پر قولہ الحق و لہ الملک اور چاروں ملائکہ جبرائیل ،عزرائیل، میکائیل ، اور اسرافیل لکھیں۔ نقش کے دائیں طرف کھٰیٰعص اور بائیں طرف حٰمعسق لکھیں۔اُس کے بعد نقش کے چاروں طرف حروفِ صوامت اس طرح لکھیں۔
احد رسص طعک لموہ
حُروفِ صوامت کے یہ چار الفاظ کی ایک ایک سطر نقش کے چاروں طرف آئے گی ۔اِس کے بعد چاروں طرف لکیر کھینچ کر نقش کے ارد گرد حاشیہ لگا دیں ۔اب نقش کے نیچے یا پُشت پر مقصد کے مطابق عزیمت نام مع والدہ کے ساتھ لکھیں ۔
اگر یہ نقش نظر بد، آسیب و جنّات اور سحر و جادو سے حفاظت کے لیے بنانا چاہتے ہیں تونقش کے نیچے اس طرح لکھیں۔

 

 

 

نقش تیار کرنے کے بعد اسے طریقے کے مطابق تہہ کر کے رکھ لیں اور کچھ مٹھائی پر فاتحہ دیں ۔تمام انبیاء و اولیاء کے ساتھ حضرت کاش البرنی ؒ کو بھی ایصال ثواب کریں ۔ نقش کو موم جامہ کر کے گلے میں ڈالیں یا بازو پر باندھیں ۔اگر اس طرح کوئی قباحت محسو س ہو تو سامنے کی جیب میں بھی رکھ سکتے ہیں۔

مخالف کی زبان بندی

عین گرہن کے وقت مندرجہ ذیل سطور کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں یا سیسے کی تختی پر کسی نوکدار چیز سے کندہ کریں اور پھر کسی بھاری چیز کے نیچے دبا دیں یا کسی نم دار جگہ دفن کر دیں۔ انشاء اﷲ وہ شخص آپ کی مخالفت سے باز آجائے گا۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور عقد اللسان فلاں بن فلاں فی الحق فلاں بن فلاں یا حراکیل

برائے توجہ و محبت

ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور بستم خواب و خود فلاں بن فلاں (یہاں اس کا نام مع والدہ لکھیں جس کے دل میں محبت پیدا کرنا ہے) علے حب فلاں بن فلاں( اپنا نام مع والدہ) یا حراکیل

میاں بیوی میں محبت کے لئے عمل خاص

زن و شوہر میں اختلافات، مزاجی ناہمواری، باہمی لڑائی جھگڑا، محبت کی کمی وغیرہ کے لئے یہ ایک مجرب طریقہ ہے اور صرف شادی شدہ خواتین و حضرات ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نہایت آسان بھی ہے۔ گرہن کے درمیانی وقت میں ایک سفید کاغذ کالی یا نیلی روشنائی سے پوری بسم اﷲ لکھ کر سورہ الم نشرح پوری لکھیں پھر یہ آیت لکھیں۔
والقیت علیک محبۃ فلاں بن فلاں (یہاں مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں) علیٰ محبۃ فلاں بنت فلاں (یہاں طالب کا نام مع والدہ لکھیں) کما الفت بین آدم و حوا و بین یوسف و زلیخا و بین موسیٰ و صفورا و بین محمدؐ و خدیجۃ الکبریٰ و اصلح بین ھما اصلاحاً فیہ ابداً
اب تمام تحریر کے ارد گرد حاشیہ (لکیر) لگا کر کاغذ کو تہہ کر کے تعویز بنا لیں اور موم جامہ کر کے بازو پر باندھ لیں یا پھر اپنے تکیے میں رکھ لیں۔
خیال رہے کہ مندرجہ بالا نقوش لکھتے ہوئے باوضو رہیں، پاک صاف کپڑے پہنیں، علیحدہ کمرے کا انتخاب کریں، لکھنے کے دوران مکمل خاموشی اختیار کریں اور اپنے مقصد کو ذہن میں واضح رکھیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، رجال الغیب کا خیال رکھیں کہ آپ جس طرف رخ کر کے بیٹھے ہوں وہ آپ کے سامنے نہ ہوں۔ ان اعمال کے علاوہ گرہن کے اوقات میں تالے والا سورہ کوثر کا عمل بھی کیا جا سکتا ہے۔

بھاگنے والے کو روکنا یامفرور کی واپسی

اگر کوئی بچہ یا بڑا گھر سے بھاگتا ہو یا گھر چھوڑ کر چلا گیا ہو تو اس کے لیے سورج یا چاند گہن کے وقت نقش بنانے کا طریقہ یہ ہے ۔ حسب دستور علیحدہ کمرے میں بیٹھ کر سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے اس طرح نقش لکھیں۔ حروف صوامت کی چار سطریں دائیں بائیں اور اوپر نیچے اس طرح لکھیں کہ درمیان کی جگہ خالی رہے اور حروف کی سطروں سے ایک چوکور خانہ بن جائے۔ پھر اس خانے کے درمیان بیچ میں بھاگنے والے کا نام مع والدہ لکھیں۔ اس کے بعد حروف صوامت کی سطور کے اوپر سات سات مرتبہ یہ چار آیات لکھ دیں۔
صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَرجعُون ۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَعقِلُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یُبصِرُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لایُتکَلِمُون۔
اب اگر بھاگنے والے کو روکنا مقصود ہے تو بیچ کے خانے میں اس کے نام کے ساتھ اس جملے کا اضافہ کردیں ’’ بستم قدم درون خانہ‘‘۔ اس تعویذ کو اس کے تکیے میں یا سرہانے کسی جگہ رکھ دیں۔ انشاء اللہ گھر سے بھاگنے سے باز آجائے گا اور زیادہ وقت گھر میں ہی گزارے گا۔ اگر بھاگے ہوئے کو واپس بلانا مقصود ہے تو اس نقش کو کسی لکڑی کے ٹکڑے یا موٹے گتیّ پر چپکادیں اور پھر اسے گھر کی جنوبی دیوار پر ایک کیل ٹھونک کر لٹکادیں۔ بھاگنے والے کا نام جو درمیان میں لکھا ہے۔اس کے پہلے حرف پر کوئی سوئی یا آل پن چبھو دیں۔ انشاء اللہ 13 دن میں واپس آئے گا یا اس کی کوئی خبر ملے گی۔ عمل کے بعد مٹھائی پر فاتحہ ضرور دیں اور 103روپے خیرات کردیں۔

ناجائزو ناپسندیدہ تعلق کا خاتمہ

اکثر والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی ایسی محبت یا وابستگی سے پریشان رہتے ہیں جو ان کے نزدیک ناپسندیدہ ہوتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا لڑکا یا لڑکی ایک غلط انتخاب کر بیٹھا ہے۔
ایسی صورت میں طریقہ یہ ہے کہ گہن کے وقت کسی علیحدہ کمرے میں باوضو بیٹھ کر مندرجہ ذیل سطور کسی سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں اور کا غذ کو تہہ کر کے تعویذ کی شکل بنا لیں اور پھر اس کاغذ کو کسی بھاری وزنی چیز کے نیچے دبا دیں یا قبرستان میں دفن کردیں، انشاء اللہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوجائے گی۔
’’ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لادیا یا غفور یا غفور بستم تعلق فلاں بن فلاں بین فلاں بن فلاں عَقدَت قُلوبِھم ابداً یا حراکیل بحق یا قابض یا مانع العجل العجل الساعۃ الساعۃ‘‘
خیال رہے کہ جہاں مرد کا نام مع والدہ آئے اس میں ’’بن‘‘ کا لفظ استعمال کیا جائے گا اور جہاں عورت کا نام آئے گا وہاں بن کے بجائے ’’بنت‘‘ آئے گا۔
عزیزان من! مندرجہ بالا تمام خصوصی عملیات اپنی ضرورت کے تحت آپ شرائط کی پابندی کے ساتھ کرسکتے ہیں، اجازت عام ہے، کوئی بات اگر وضاحت طلب ہو تو براہ راست رابطہ کرکے اپنی الجھن دور کرسکتے ہیں۔