مارچ کی سیاروی گردش اور ایک طوفانی مہینہ

مارچ کی سیاروی گردش اور ایک طوفانی مہینہ

مکمل چاند گہن اور مریخ و راہو کا انگارک یوگ

اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ 2026 اپنے آغاز ہی سے نہایت سنسنی خیز سال کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔ دنیا کے اکثر ممالک کسی نہ کسی نوعیت کے مسائل اور تنازعات کا سامنا کر رہے ہیں.

ایران میں پہلے عوامی احتجاج کی لہر شدت سے اٹھی پھر امریکا کے بحری بیڑے خلیج فارس میں پہنچ گئے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران پر حملے کی دھمکیاں دینے لگے ، اس سے پہلے وینزویلا میں جو کچھ ہوا وہ بھی خاصا دلچسپ کھیل تھا۔ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، یمن، صومالیہ، پاکستان ، بنگلادیش اور بھارت میں بھی صورت حال اطمینان بخش نہیں ہے۔

کوئی نہ کوئی مسئلہ یا فکر وپریشانی ان ملکوں کی حکومتوں کو درپیش ہے، اسرائیل کی جارحیت اور غزہ کی صورت حال ابھی تک ایک سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ اقوام متحدہ کے بغیر ایک نیا امن اتحاد بنانے میں مصروف ہیں جس میں پاکستان بھی شامل ہے ۔ قصہ مختصر یہ کہ جنوری سے جاری سیاروی گردش روز بہ روز کوئی نیا رنگ بدلتی ہے اور ایک نیا پنڈورا بکس کھل جاتا ہے۔

17فروری کا سورج گہن نہایت اہمیت کا حامل تھا، ہم نے اس حوالے سے ہر پہلو پر روشنی ڈالی تھی ۔ اب 3مارچ کو مکمل چاند گہن بھی بہت اہمیت کا حامل ہے جو برج اسد میں واقع ہوگا۔ اکثر ملکوں کے یا افراد کے زائچے میں برج اسد کی پوزیشن کے مطابق نئی صورت حال سامنے آئے گی

پاکستان، بھارت، مصر، ملائشیا، انڈونیشیا وغیرہ کے زائچوں میں برج اسد چوتھے داخلی امور اور عوام سے متعلق گھر میں ہے لہٰذا ان ملکوں میں داخلی طور پر اضطراب اور بے چینی پیدا ہوسکتی ہے، لوگ عدم اطمینان کا شکار ہوں گے، ایران ،امریکا ، ترکی ، روس کے زائچوں میں دوسرا گھر برج اسد ہے۔ چناں چہ اقتصادی معاملات اور فیملی سے متعلق مسائل سامنے آئیں گے کیوں کہ ان ملکوں میں زائچے کا آٹھواں گھر بھی اہم سیارگان کی گزرگاہ ہے لہٰذا حادثات و سانحات یا دیگر غیر معمولی نوعیت کے انکشافات بھی ہوسکتے ہیں۔

 سعودی عرب کا طالع پیدائش یعنی لگن برج اسد ہے ، زائچے کے پہلے گھر میں یہ گہن واقع ہوگا لہٰذا سعودی حکومت کے لیے بھی دوسروں سے تعلقات اور روابط کے مسائل پے چیدہ ہوسکتے ہیں۔

اس مہینے چاند گہن کے علاوہ ایک اور سنگین نوعیت کی سیاروی صورت حال بھی پیش نظر رہنی چاہیے۔ 4 مارچ کو سیارہ مریخ جو برج دلو میں حرکت کر رہا ہے قمری منزل ست بھیش میں داخل ہوگا جہاں پہلے سے راہو موجود ہے اور اس منزل کا حاکم بھی راہو ہے، گویا سیارہ مریخ راہو سے قران کے لیے پیش قدمی شروع کردے گاجب کہ باقاعدہ قران کی حالت میں 7مارچ سے آجائے گا۔ یہ قران 20مارچ تک جاری رہے گا۔

راہو اور مریخ کا قران علم نجوم کی اصطلاح میں ”انگارک یوگ“ کہلاتا ہے۔ سیارہ مریخ انرجی ہے ، ہتھیار ہے ، جنگ ہے جب کہ راہو سایہ ہے ، دھواں ہے، پھیلاو لانے والا ہے، دونوں کا باہم بغل گیرہونا علم نجوم میں نہایت نحس اثرات کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ خطرہ ہے کہ یہ قران کہیں جلتی پر تیل کا کام نہ دے، کسی مفاہمت کی طرف بڑھتے ہوئے قدم رک نہ جائیں، کوئی تنازع شدت اختیار کرکے جنگ کی صورت نہ اختیار کرلے۔

اس دوران میں فضائی حادثوں کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔ بہتر ہوگا کہ 7مارچ سے 20مارچ تک فضائی سفر سے گریز کریں اور اپنے روز مرہ کے معاملات میں ٹھنڈے دل و دماغ سے کام لیں۔ کسی تنازع یا بحث و تکرار سے گریز کریں، یاد رکھیں کہ سیارہ عطارد بھی بحالت رجعت راہو سے قران کرے گا۔

چناں چہ زبان پر کنٹرول رکھنا ضروری ہوگا ورنہ یہ وقت نت نئے فتنوں کے بیج بوئے گا۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ سے متعلق امور میں بھی کوئی پرابلم سامنے آسکتی ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے غیر معمولی سرگرمیاں نمودار ہوسکتی ہیں جو دنیا کو حیران کردیں۔

دنیا کے بہت سے ممالک اس انگارک یوگ سے متاثر ہوں گے جن میں پاکستان ، بھارت ، افغانستان ، بنگلا دیش بھی شامل ہیں ۔ ان ملکوں میں انارکی و انتشار بڑھے گا۔ حکومتوں کے لیے سخت نوعیت کے چیلنجز سامنے آئیں گے، بعض حکومتی عہدیدارتنزلی یا برطرفی کا شکار بھی ہوسکتے ہیں ، قصہ مختصر یہ کہ جنوری فروری کے بعد مارچ کا مہینہ بھی کسی طور پرسکون نظر نہیں آتا بلکہ کچھ زیادہ ہی ہنگامہ خیزی ساتھ لائے گا، جب کہ اپریل تک اس مہینے کی سیاروی گردش کے اثرات جاری رہیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے زائچے میں یہ گہن چوتھے گھر میں لگے گا جب کہ انگارک یوگ دسویں گھر میں نمودار ہوگا، گویا عوامی بے چینی اور اضطراب تو اپنی جگہ ہے لیکن دسویں گھر کا مطلب حکومت اور کابینہ ہے جو بہت زیادہ دباو  میں آسکتی ہے اور اس بات پر مجبور ہوسکتی ہے کہ اپوزیشن سے مذاکرات کے راستے کھولے جائیں ، عمران خان کے زائچے میں یہ گہن نویں گھر میں لگے گا، گویا بھاگیا استھان میں۔

عمران خان کی رہائی کے لیے عدالتیں اپنا کردار ادا کرنے کی طرف راغب ہوسکتی ہیں اور امکان ہے کہ مارچ اپریل میں ان کے بعض مقدمات عدالت میں آجائیں، دوسری طرف مذاکرات کے دروازے بھی کھلنے لگیں اور یہ صورت حال برسر اقتدار سیاسی جماعتوں کے لیے پریشانی کا باعث بن جائے۔

اٹھائیسویں آئینی ترمیم بھی مارچ، اپریل میں متوقع ہے جو خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ اس ترمیم کے حوالے سے بہت سے ایسے خدشات موجود ہیں، خصوصاً صوبہ سندھ میں ، جن کی وجہ سے عوامی سطح پر بحث و مباحثے کا ایک طوفان بدتمیزی عروج پر ہے۔

اٹھائیسویں یا انتسویں آئینی ترمیم عوامی مرضی کے مطابق نہیں ہوگی، ارباب حل و عقد ہی اپنی ضرورت کے مطابق آئین کے ناک کان مروڑیں گے لہٰذا عوام کو بلاوجہ کے متعصبانہ مناظروں سے گریز کرنا چاہیے اور تماشائی کی حیثیت سے تماشا دیکھنا چاہیے۔ ممکن ہے کوئی ترمیم عوام کی فلاح و بہبود اور خوش حالی کا سبب بن جائے ۔ ہمارے ارباب اختیار ملک کو ترقی اور خوش حالی کی طرف لے جانے کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں، سو انھیں مصروف رہنے دیں اور نتائج کا انتظار کریں ، اللہ سے دعا کریں کہ ان کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں۔

بلوچستان کی صورت حال بہت زیادہ کشیدہ ہے، اس کشیدگی میں مزید اضافہ ممکن ہے، طاقت ور حلقے اس کا حل طاقت کے استعمال سے ہی نکالنا چاہتے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ کسی سیاسی حل کی طرف بھی توجہ دی جائے، دوسری طرف افغانستان سے محاذ آرائی میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

دہشت گرد مسلسل افغان سرزمین سے پاکستان میں آکر دہشت گردی کی وارداتیں کر رہے ہیں، ایسی وارداتوں میں بھی مزید اضافہ ہوسکتا ہے، حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان بھی اختلافات جنم لے سکتے ہیں اور اس صورت حال میں کسی نئی قومی حکومت کی تشکیل کے بارے میں امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ قصہ مختصر یہ کہ مارچ سے ملکی صورت حال ایک نئی کروٹ لیتی نظر آتی ہے جو آنے والے مہینوں میں کوئی نیا منظر نامہ سامنے لائے گی (واللہ اعلم بالصواب)۔

مارچ کی سیاروی گردش

سیارہ شمس برج دلو میں حرکت کر رہا ہے، 15مارچ کو برج حوت میں داخل ہوگا، اس ماہ ہونے والے چاند گہن کی وجہ سے راہو اور کیتو کے محور سے بھی متاثر ہوگا۔

سیارہ عطارد برج دلو میں حرکت کر رہا ہے، 28فروری کو اسے رجعت ہوگئی جو 21مارچ تک رہے گی۔ پورا مہینہ اسی برج میں قیام کرے گا۔ سیارہ زہرہ برج دلو میں ہے۔ 2مارچ کو اپنے شرف کے برج حوت میں داخل ہوگا اور پھر 26مارچ کو برج حمل میں چلا جائے گا۔

سیارہ مریخ برج دلو میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔ برج دلو میں راہو کے ساتھ قران کرے گا جو انگارا یوگ کا سبب ہوگا۔

سیارہ مشتری برج جوزا میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے۔ 11مارچ کو مستقیم ہوگا اور اپنی سیدھی چال پر آجائے گا۔ سیارہ زحل برج حوت میں حرکت کر رہا ہے ، پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔

سیارہ یورینس برج ثور میں، نیپچون برج حوت میں جب کہ پلوٹو بدستور برج جدی میں حرکت کریں گے ۔

راہو اور کیتو بالترتیب برج دلو اور اسد میں پورا مہینہ اسٹیشنری پوزیشن میں رہیں گے۔

سال کا پہلا مکمل چاند گہن

پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 3مارچ کو اس سال کا مکمل چاند گہن ہوگا جس کی ابتدا دوپہر 01:44 سے ہوگی اور مکمل گہن 04:35 پر ہوگا جب کہ اس کا اختتام شام 07:23 پر ہوگا۔ یہ طویل گہن برج اسد کے 18درجہ 40دقیقہ پر لگے گا، پاکستان کے کچھ شہروں میں جزوی طور پر دیکھا جاسکے گا جب کہ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ، جاپان، کوریا، روس اور چائنا کے مختلف علاقوں میں مکمل دیکھا جاسکے گا۔

قمر در عقرب

پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق چاند اپنے ہبوط کے برج عقرب میں بہ روز پیر 9 مارچ کی صبح 08:59 پر داخل ہوگا اور بہ روز بدھ 11 مارچ کی رات ساڑھے 9 تک ہبوط زدہ رہے گا۔ اس دوران میں اپنے درجہ ء ہبوط پر 9 مارچ کو دوپہر 12:58 سے 02:59 تک ہوگا۔

قمر در عقرب کا وقت نہایت نحوست زدہ خیال کیا جاتا ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام یا نئی ابتدا نہیں کرنی چاہیے ، اپنے معمول کے فرائض کی انجام دہی تک محدود رہنا چاہیے۔

یہ وقت حساسیت کو بڑھاوا دیتا ہے اور انسان جذباتی غلطیاں بھی کرتا ہے، البتہ یہ وقت علاج معالجے کے لیے بہتر ہوتا ہے یا بری عادتوں سے نجات ، مخالفت کرنے والوں کی زبان بندی یا دشمنوں کے شر سے حفاظت کے لیے اس وقت میں اعمال و وظائف کیے جاتے ہیں، چاند اور سورج گہن کی مناسبت سے جو اعمال دیے گئے تھے، وہ بھی اس وقت میں موثر ہوتے ہیں ۔

شرف قمر

پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 23مارچ بہ روز پیر قبل طلوع آفتاب 03:43 پرداخل ہوگا اور بہ روز بدھ 25مارچ صبح 05:47 تک برج ثور میں شرف یافتہ رہے گا۔ اپنے درجہ ءشرف پر 23مارچ بہ روز پیر صبح 07:01 سے 08:40 تک ہوگا۔

علم نجوم میں شرف قمر کا وقت سعد تصور کیا جاتا ہے۔ اس وقت نئے کاموں کی ابتدا یا نئے منصوبوں پر غور و فکر بہتر نتائج کا حامل ہوتا ہے، اس وقت میں اپنے جائز مقاصد کے لیے اعمال و وظائف کرنا موثر ثابت ہوتا ہے۔ خیال رہے کہ یہ شرف قمر عروج ماہ میں ہوگا ۔

شرف زہرہ

سیارہ زہرہ اس مہینے اپنے شرف کے برج حوت میں حرکت کرے گا اور پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق22مارچ بہ روز اتوار شب 10:57 سے 22مارچ 06:22 تک اپنے درجہ ءشرف پر ہوگا۔

سیارہ زہرہ علم نجوم میں ہماری زندگی کے اہم ترین معاملات پر اثر انداز ہے، خصوصاً دوسروں سے تعلقات، پیار و محبت ، شادی اور ازدواجی زندگی جیسے امور کا نمائندہ سیارہ زہرہ ہی ہے۔ چناں چہ ان تمام معاملات میں بہتری اور کامیابی کے حصول کے لیے شرف زہرہ کے موقع پر خصوصی الواح و طلسم تیار کیے جاتے ہیں، ان شاءاللہ آئندہ شرف زہرہ سے متعلق اعمال پیش کیے جائیں گے ۔

ہر ہفتے نئے آرٹیکل کی اپ ڈیٹ اپنے ای میل پر حاصل کرنے کے لیے ہمارے سبزکرائبر بنیں

یاد رہے کہ سبزکرپشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے اپنا ای میل ان باکس یا اسپیم فولڈر ضرور چیک کریں

ہم اسپیم ای میل نہیں بھیجتے۔ مزید معلومات کے لیے ہماری پرائیوسی پالیسی پڑھیں۔