قمر، زہرہ، مریخ کا باقوت وقت اور پہلا مکمل چاند گہن

کووڈ 19 کی تباہ کاریاں عروج پر ہیں، دنیا کے بیشتر ممالک اس عذاب ارضی سے پریشان ہیں، سارے کاروبار زندگی معطل ہورہے ہیں اور انسانی جان کی ارزانی دیدنی ہے، بھارت میں اس خوف ناک وائرس نے گھر کے گھر اجاڑ دیے ہیں، کل ہی ہمارے ایک بھارتی شاگرد نے واٹس ایپ پر ہمیں بتایا کہ وہ کووڈ 19 کا شکار ہوچکے ہیں اور نہایت تیزی سے ان کی صحت تباہ ہوئی ہے، گردے بھی متاثر ہوئے ہیں، ڈاکٹر علاج کے لیے کئی لاکھ روپے مانگ رہے ہیں، ہم نے انھیں فوراً ہومیو پیتھک دوائیں لینے کا مشورہ دیا، اللہ ان کے حال پر رحم فرمائے۔
ہم نے پہلے بھی بھارت کے حوالے سے لکھا تھا کہ نیا سال 2021 ء بھارت کے لیے نہایت تکلیف دہ سال ہے، نہ صرف بھارتی عوام بلکہ بھارتی حکومت بھی اس سال کی سختی برداشت نہیں کرسکے گی،حکومت کے لیے اصل چیلنجز جون سے شروع ہوں گے، ہر چند بھارت ہمارا دشمن ہے اور خاص طور سے بھارتی موجودہ حکومت سخت متشدد اور انتہا پسند ہے لیکن عوام ہر ملک کے معصوم ہوتے ہیں،سیاست دانوں کی باتوں میں آجاتے ہیں، بہر حال عوام کی فلاح و بہبود اور صحت و زندگی کے لیے دعا کرنی چاہیے، اللہ انھیں اس مصیبت سے نجات دے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے سنسنی پھیلادی ہے، کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے، تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں اور مزید سخت اقدام کیے جارہے ہیں،زائچہ پاکستان کے مطابق 15 اپریل سے 15 مئی تک کا وقت ہمیشہ ہی نقصانات، پریشانیاں اور خوف لاتا ہے، گزشتہ سال بھی یہ وقت بہت سے نقصانات اور سانحات لایا تھا۔
زائچے کا سب سے منحوس سیارہ مشتری 5 اپریل کو برج دلو میں داخل ہوا تھا جس کا تعلق زائچے کے مطابق دسویں گھر سے ہے، حکومت، پارلیمنٹ، تجارت اس گھر سے متعلق ہے، فوری طور پر ملک میں تحریک لبیک کو شدید نوعیت کے احتجاج سے ملکی داخلی صورت حال درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے، مشتری دسویں، دوسرے، چوتھے اور پانچویں گھر سے نظر قائم کررہا تھا، اصولی طور پر یہ نظر ابھی تک قائم ہے،البتہ اس کا زور ٹوٹ گیا ہے، دوسری طرف زائچے کا دوسرا منحوس سیارہ مریخ زائچے کے دوسرے گھر جوزا میں داخل ہوا ہے تو صورت حال مزید خراب ہوئی، تحریک لبیک پر پابندی عائد کی گئی، ساتھ ہی کورونا وائرس کی دست درازیوں میں بھی اضافہ ہوا، اللہ سے دعا کرنی چاہیے کہ اس مصیبت سے جلد از جلد نجات دے۔
15 مئی کے بعد امید کرنی چاہیے کہ صورت حال میں بہتری شروع ہوجائے گی،مئی کے بعد سیارہ مریخ اپنے ہبوط کے برج سرطان میں داخل ہوگا تو ملک میں بیرونی مداخلت کا خطرہ ختم ہوجائے گا، سیاروی گردش بھی اگست تک موافق رہے گی، جہاں تک مہنگائی کے طوفان پر کنٹرول کا سوال ہے تو اس حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے کیوں کہ اس وقت پوری دنیا تجارتی اعتبار سے بدترین صورت حال کا شکار ہے، پاکستان پہلے ہی تجارتی معاملات میں بہت پیچھے ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اس ملک میں گزشتہ چالیس سال میں نئی انڈسٹری لگانے کی حوصلہ افزائی ہی نہیں کی گئی اور جو پہلے سے موجود چھوٹی موٹی صنعتیں تھیں انھیں بھی تباہ کرنے والے قانون بنائے گئے، جس ملک میں انڈسٹری نہ ہو وہ دنیا میں کیسے تجارت کرسکتا ہے؟
موجودہ حکومت میں بھی تقریباً وہی لوگ وزیراعظم کے ارد گرد اکٹھا ہیں جو پچھلی حکومتوں میں سیاسی کاروبار کرتے رہے ہیں، جب تک سیاست کا دھندا کرنے والے ممبران اسمبلی سے نجات نہیں ملے گی، یہ ملک ترقی نہیں کرسکے گا،امکان ہے کہ رمضان کے بعد اسمبلی میں نئی قانون سازی پر توجہ دی جائے گی اور نئی اصلاحات کا آغاز ہوگا۔
26 مئی کو سال کا پہلا چاند گہن زائچے کے ساتویں گھر برج عقرب میں لگے گا، یہ ایک مکمل گہن ہوگا، دلچسپ بات یہ ہے کہ قمر اپنے ہبوط کے برج میں ہوگا، اس گہن کے اثرات خصوصی طور پر وزیراعظم کی طرف سے بعض اہم فیصلے اور اقدام کا سبب ہوں گے، خصوصاً غیر ملکی تعلقات کے سلسلے میں اہم فیصلے سامنے آسکتے ہیں اور ضروری نہیں ہے کہ وہ فیصلے مثبت بھی ہوں، بہتر ہوگا کہ گہن سے 15 دن پہلے اور 15 دن بعد تک اہم نوعیت کے معاملات میں فیصلے نہ کیے جائیں کیوں کہ ان کے نتائج توقع کے مطابق نہیں ہوں گے(واللہ اعلم بالصواب)

مئی میں سیاروی صورت حال

سیارہ شمس اپنے شرف کے برج حمل میں حرکت کر رہا ہے، 14 مئی کو برج ثور میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد برج ثور میں یکم مئی کو داخل ہوگا اور 26 مئی کو برج جوزا میں داخل ہوجائے گا، سیارہ زہرہ برج حمل میں غروب ہے، 4مئی کو اپنے ذاتی برج ثور میں داخل ہوگا اور 5 مئی سے طلوع ہوجائے گا، سیارہ مریخ برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ مشتری برج دلو میں پورا مہینہ رہے گا، سیارہ زحل اپنے ذاتی برج جدی میں ہے اور راہو برج ثور میں جب کہ کیتو برج عقرب میں شرف یافتہ ہیں۔

شرف قمر

چاند اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 12 مئی بہ روز بدھ صبح 05:45 am پر داخل ہوگا، ابتدائی 5 درجات کمزوری کے ہیں لہٰذا 13 مئی بہ روز جمعرات قمر باقوت اور شرف یافتہ ہوگا، خوش قسمتی سے اُس وقت دیگر سیارگان کی پوزیشن بھی نہایت باقوت اور با اثر ہوگی، یہ ایسا وقت ہوگا جس میں سیارہ زہرہ قمر سے قران کررہا ہوگا اور اپنے ذاتی برج ثور میں باقوت ہوگا، سیارہ مریخ برج جوزا میں باقوت ہوگا، سیارہ مشتری برج دلو میں باقوت ہوگا اور سیارہ زحل برج میزان میں باقوت ہوگا، ان تمام سیارگان کی سعادت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سے متعلق اعمال کیے جاسکتے ہیں، خصوصاً لوح قمر یا برکاتی انگوٹھی، لوح زہرہ یا خاتم زہرہ، لوح مریخ یا خاتم مریخ، لوح مشتری یا لوح زحل تیار کی جاسکتی ہے، ہم یہاں صرف قمر سے متعلق اوقات کے عمل کی نشان دہی کر رہے ہیں۔
13 مئی پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق صبح 04:02 am سے 04:28 am تک شرف قمر کا نہایت مؤثر ترین وقت ہوگا، اس کے چند منٹ بعد ہی 04:48 am سے 05:17 am تک دوبارہ سعد وقت شروع ہوگا، چناں چہ درمیانی وقفے میں کام روک دیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ راہو اور کیتو بھی برج ثور میں ہیں، درمیانی وقت میں درجات کے اعتبار سے وہ تمام گھروں کو متاثر کر رہے ہوں گے۔
یہ احتیاط خصوصاً نقش یا طلسم لکھنے میں کی جائے البتہ اگر آپ کوئی وظیفہ پڑھ رہے ہوں تو اسے جاری رکھیں اور صبح 4 بجے سے 05:15 am تک اسے جاری رکھیں، اس موقع پر خصوصاً اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم کا ورد 556 مرتبہ کرکے اپنے جائز مقاصد کے لیے دعا کرنا چاہیے۔

قمر در عقرب

پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق قمر اپنے برج ہبوط عقرب میں 25 مئی بہ روز منگل شب 10:25 pm پر داخل ہوگا اور 27 مئی بہ روز جمعرات شب 09:58 pm تک ہبوط یافتہ رہے گا، ہمارے نزدیک یہ تمام وقت نہایت نحوست کا ہے، اس عرصے میں کوئی بھی نیا کام شروع نہ کریں، اہم کاموں کو روک دیں، صرف روز مرہ کے ضروری فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔
اس وقت میں بندش اور روک تھام سے متعلق اعمال کیے جاتے ہیں، ان کے لیے ضروری ہے کہ سیارگان کی ساعتوں کا انتخاب کیا جائے، کام کی نوعیت اور ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ساعت منتخب کریں مثلاً خواب بندی، دو افراد کے درمیان عداوت ختم کرنا، باہمی محبت میں اضافہ، بری عادتوں سے نجات کے لیے ساعتِ قمر میں عمل کریں،استحکام، روک تھام، قبضہ و قیام کے لیے ساعتِ زحل کا انتخاب کریں، دشمن سے نجات یا اسے نقصان پہنچانے کے لیے ساعتِ مریخ میں عمل کریں، زبان بندی، مخالفین کی بدگوئی، بدتمیزی سے نجات کے لیے ساعت عطارد میں عمل کریں، اعلیٰ افسران یا حکام کے خلاف عمل کرتے ہوئے ساعت شمس منتخب کریں۔
امید ہے اس وضاحت کے بعد یہ شکایت نہیں رہے گی کہ آپ نے قمر در عقرب کا بنیادی وقت نہیں لکھا، ہماری نظر میں قمر جب تک برج عقرب میں رہے گا ہبوط یافتہ ہوگا اور اس دوران میں اپنی ضرورت کے مطابق عمل کے لیے آپ کو سیارگان کی حسب مطلب ساعت کا انتخاب کرنا ہوگا،جو لوگ عملیات کا شوق رکھتے ہیں انھیں بہر حال ساعتوں کے علم سے ضرور آگاہی حاصل کرنی چاہیے اس حوالے سے ہماری کتاب مسیحا حصہ اول پاس رکھنا چاہیے۔

اوقات برائے اعمال مریخ

جیسا کہ پہلے نشان دہی کی ہے کہ سیارہ مریخ بھی اس عرصے میں خصوصی قوت کا حامل ہوگا، لوح مریخ یا خاتم مریخ وغیرہ کے لیے باقوت اور مناسب وقت کی نشان دہی کی جارہی ہے۔
گیارہ مئی بہ روز منگل صبح 04:28 am سے 04:57 am تک ایک مؤثر وقت ہوگا، اس کے بعد 12 مئی شب 03:04 am سے 03:29 am تک مؤثر اور باقوت وقت ہوگا، اگر کام ایک وقت میں نہ ہوسکے تو باقی کام دوسرے وقت میں کرلیں۔

اوقات برائے اعمال زہرہ

سیارہ زہرہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب رہا ہے،برج حوت میں اگرچہ شرف یافتہ تھا لیکن غروب حالت میں تھا جس کی وجہ سے شرف کی قوت میں بھی کمی واقع ہوجاتی ہے، اب 4 مئی سے اپنے ذاتی برج ثور میں ہوگا، اس ماہ زہرہ کی باقوت اور سعد پوزیشن کی نشان دہی کی جارہی ہے، اعمال کا شوق رکھنے والے خواتین و حضرات اس وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لوح زہرہ نورانی،خاتم زہرہ یا طلسم زہرہ وغیرہ اس وقت میں تیار کرسکتے ہیں۔
سیارہ زہرہ 22 مئی بہ روز ہفتہ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10:15 am سے 11:01 am تک باقوت پوزیشن میں ہوگا، اس کے بعد 12:39 pm سے 01:25 pm تک باقوت ہوگا۔
23 مئی بہ روز اتوار سیارہ زہرہ 10:16 am سے 11:03 am تک باقوت رہے گا، ان اوقات میں زہرہ سے متعلق نقوش و طلسم کی تیاری کی جاسکتی ہے۔
پہلا مکمل چاند گہن
مئی کے مہینے میں سال کا پہلا مکمل چاند گہن 28 مئی بہ روز بدھ 01:39 pm سے شروع ہوگا، جزوی گہن کا آغاز دوپہر 02:45 pm سے ہوگا جب کہ مکمل قمری گہن سہ پہر 04:11:26 pm سے 04:26pm تک رہے گا جب کہ گہن کا اختتام شام 06:50 pm پر ہوگا،یہ اوقات پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق ہیں، اس میں سے 5 گھنٹے کم کرلیں تو جی ایم ٹی ٹائم نکل آئے گا۔
کوریا، امریکا، فلپائن، آسٹریلیا، سنگاپور، چین، میکسیکو،تائیوان، انڈونیشیا، جاپان کے اکثر علاقوں میں مکمل گہن کا نظارہ کیا جاسکے گا جب کہ پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک میں گہن نظر نہیں آئے گا۔
چوں کہ گہن مکمل ہے اور نہایت طاقت ور اثر رکھتا ہے لہٰذا حاملہ خواتین کو اس تمام عرصے میں سخت احتیاط کرنا ہوگی، وہ کوئی کام نہ کریں، صرف بستر پر آرام سے لیٹ کر استغفار کا ورد کریں،گہن کی نحوست سے نجات کے لیے پورا پانچواں کلمہ 313 مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نحوست سے نجات کے لیے دعا کرنی چاہیے اور صدقے کے طور پر چاول، سفید ماش کی دال، آٹا، دودھ، دہی وغیرہ صدقے کے طور پر دینا چاہیے۔
گہن سے متعلق ضروری عملیات و وظائف ان شاء اللہ آئندہ دیے جائیں گے۔

طلسم زہرہ

 

اس وقت چاندی کی انگوٹھی پر طلسم کندہ کر کے آپ ایک ایسا تحفہ حاصل کرسکتے ہیں جسکاکوئی ثانی نہیں۔ اس طلسم کو زہرہ کے مخصوص پتھر یا کسی بھی زرد، سبز یا سفید پتھر پر بھی کندہ کیا جاسکتا ہے۔ کندہ کرتے وقت برادہ سفید صندل اور لوبان ملا کر جلائیں اور انگوٹھی یا پتھر کو زہرہ کی سعد ساعتوں میں دھونی دیں۔ جب اس کام سے فارغ ہوجائیں تو پھر کسی بھی جمعے یا جمعرات کو ساعتِ زہرہ میں دائیں ہاتھ میں پہن لیں۔ بعدازاں اس طلسم کی قوت تسخیر کا آپ کو خود اندازہ ہوجائے گا۔ رزق میں کشادگی، ملازمت کا حصول یا ترقی، شادی میں رکاوٹ، محبت میں کامیابی، لوگوں میں مقبولیت اور شہرت، الغرض ایسے بے شمار فوائد اس طلسم زہرہ کی تاثیرات میں شامل ہیں۔ اس طلسم کو کندہ کرنے سے پہلے اس کی زکوٰۃ و صدقات کا طریقہ سمجھ لیں۔جس روز ساعتِ زہرہ میں طلسم لکھنا ہے۔ اس سے چند روز پہلے یا دو تین روز پیشتر اس کی زکوٰۃ کے لیے تیاری کریں۔ وہ اس طرح کہ روزانہ زہرہ کی جو ساعتیں بھی مل رہی ہیں ان میں سے 6 ساعتوں میں جو سعد ترین سعد ہو، ایک سفید کاغذ پر سبز روشنائی سے 6 بار اس طلسم کو لکھ لیں۔ اس طرح 6 ساعتوں میں 36 مرتبہ لکھا جائے گا۔ کسی ایک ہی کاغذ پر مقررہ ساعات میں 6 بار لکھ لیا کریں۔ بعد میں اسے حفاظت سے رکھ دیا کریں۔ جب 6 ساعتوں میں 36 مرتبہ ہوجائے تو علیحدہ علیحدہ کاٹ کر آٹے میں ملا کر گولیاں بنالیں اور دریا یا سمندر پر جاکر مچھلیوں کو ڈال دیں۔ بعدازاں واپسی پر 6 قسم کا اناج لیں مثلاً گندم، چاول، چنے کی دال، ماش کی دال، مونگ کی دال، مسور کی دال وغیرہ۔ حسب توفیق برابر وزن میں لے لیں چاہے ایک ایک پاؤ ہی کیوں نہ ہو۔ گھر لا کر اسے جس طرح مناسب سمجھیں عمدہ طریقے سے پکالیں۔ اگر حلیم بنائیں تو مرغی یا بکرے کا گوشت ڈالیں یا جس طرح مناسب سمجھتے ہوں میٹھا یا نمکین پکالیں اور اس پر فاتحہ دے کر خود بھی کھائیں دوسروں کو بھی کھلائیں۔ بس یہی اس عمل کی زکوٰۃ و صدقہ ہے۔ اس کے بعد ساعتِ زہرہ میں یہ طلسم چاندی کی انگوٹھی پر کندہ کرلیں۔ اگر وہ بھی بھی میسر نہ ہو تو ہرن کی جھلی پر سبز قلم سے لکھ کر رکھ لیں اور بعد میں کسی انگوٹھی میں رکھ کر اس کے اوپر سبز، سفید یا زرد رنگ کا نگینہ جڑوالیں۔