دگرگوں ہے جہاں تاروں کے گردش تیز ہے ساقی
فروری کی سیاروی گردش، ایک نہایت ہنگامہ خیز مہینہ
نئے سال کا پہلا مہینہ نہایت الم ناک رہا، کراچی میں گل پلازہ کا سانحہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
کراچی کے اکثر شاپنگ سینٹر غیر محفوظ نظر آتے ہیں، حکومت کو اس صورت حال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ ایسے مزید حادثات بھی ظہور میں آسکتے ہیں۔ بہر حال اس حادثے میں کراچی کی صورت حال پر ایک کھلے مکالمے کی ضرورت ہے اور ہر سطح پر اس حوالے سے آواز اٹھائی جارہی ہے، یہ صورت حال کا ایک مثبت پہلو ہے اور امید کی جاسکتی ہے کہ مستقبل میں کراچی پر مزید توجہ دی جائے گی۔
عزیزان من! ہر ماہ کا نیا چاند علم نجوم میں اہمیت کا حامل ہوتا ہے، نئے چاند کی بنیاد پر زائچے کشید کیے جاتے ہیں اور اس کے مطابق پورے مہینے کی سیاروی گردش کو مدنظر رکھ کر پیش گوئیاں کی جاتی ہیں۔
گزشتہ مہینہ سے سیارگان اجتماعی طور پر ایک ہی برج میں اکٹھا ہورہے ہیں، زائچہ پاکستان کے مطابق دسمبر میں تمام سیارگان مشتری اور زحل کے علاوہ برج قوس میں جمع تھے اور نیا چاند بھی اسی برج میں ہوا جو پاکستان کے زائچے کا آٹھواں گھر ہے جس کی نحوست مشہور ہے۔
اگرچہ یہ ہر سال کی طرح تقریباً معمول کی بات ہے لیکن اس سال اس سیاروی اجتماع میں سیارہ مریخ بھی شامل تھا اور برج قوس کا حاکم سیارہ مشتری زائچے کے دوسرے گھر سے اپنے ہی برج قوس کے مقابل تھا۔
جنوری میں نیو مون 19 جنوری کو برج جدی میں ہوا ہے، یہ زائچہ پاکستان کا نواں گھر ہے۔ یہاں پیدائشی زائچے میں قمر اور زہرہ اور راہو موجود ہیں۔
کسی بھی سیاروی اجتماع میں اگر شمس بھی شامل ہو تو تقریباً تمام سیارگان غروب ہوجاتے ہیں اور تنہا بادشاہت دائرئہ بروج کے شہنشاہ سیارہ شمس کی ہی ہوتی ہے اور شمس کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہ ایک آتشی سیارہ ہے اور برج قوس بھی آتشی برج ہے۔ بہر حال 19جنوری کا نیو مون خاکی برج جدی میں ہے اور خاک میں آگ ٹھنڈی ہوتی ہے، دیگر تمام سیارگان عطارد ، زہرہ و مریخ یا پلوٹو غروب ہیں۔
زائچے کا نواں گھر مذہب، آئین و قانون، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور خارجہ پالیسی سے متعلق ہے، چناں چہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ نئی آئین سازی یعنی اٹھائیسویں آئینی ترمیم کی باز گشت بھی فضا میں موجود ہے۔
نئے صوبوں یا نظام میں کسی نمایاں نوعیت کی تبدیلی پر بھی مکالمہ جاری ہے، بے شک ایسے ڈائیلاگ ہوتے رہنا چاہیے لیکن ڈائیلاگ میں شامل افراد کو یا اسٹیک ہولڈرز کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اس میں حصہ لینا چاہیے اور ہر صورت میں ملک و قوم کے طویل المدتی مفادات کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
نہایت افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ صورت حال سو فیصد ایسی نہیں ہے ، یہاں سب اپنے اپنے مفادات اور خواہشات کے اسیر نظر آتے ہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں کوئی ایسا تھنک ٹینک نہیں ہے جو ارباب حل و عقد کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ انجام دے۔چناں چہ اب جو خدا دکھائے سولاچار دیکھیے۔
عزیزان من! جنوری کا نیو مون چارٹ آئینی و قانونی اور مذہبی نوعیت کی مثبت یا منفی سرگرمیوں کا آئینہ دار ہے، امکان ہے کہ اس مہینے میں کسی نئی آئینی ترمیم کا تصور بھی واضح ہوجائے گا جب کہ فروری کا نیو مون 17فروری کو برج دلو میں ہوگا اور اس کے ساتھ ہی سیارہ شمس کو گہن بھی لگے گا کیوں کہ برج دلو جو کہ زائچے کا دسواں اور حکومت و کابینہ سے متعلق گھر ہے، زیادہ فعال ہوجائے گا۔
حکومت سے متعلق بعض تبدیلیاں بھی اس دوران میں زیر غور آسکتی ہیں، سیارہ شمس کا تعلق اعلیٰ عہدہ و منصب پر تعینات افراد سے ہے جو اس گہن کا شکار ہوسکتے ہیں۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے حوالے سے اہم فیصلے سامنے آسکتے ہیں۔اس حوالے سے فروری کا تیسرا اور چوتھا ہفتہ اور مارچ کے پہلے پندرہ دن اہم ہوسکتے ہیں، گویا یہ مہینہ خاصا ہنگامہ خیز ثابت ہوسکتا ہے ۔اس دوران میں شمالی علاقہ جات میں جاری آپریشن کی رفتار میں بھی اضافہ ہوگا اور دہشت گردی کے واقعات بھی بڑھ سکتے ہیںیعنی اندرون خانہ حادثات و سانحات کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
دوسری طرف اپوزیشن کی طرف سے 8فروری کے موقع پر ہڑتال کی کال دی گئی ہے اور یوم سیاہ بھی منایا جائے گا جس کا اعلان مولانا فضل الرحمن کرچکے ہیں۔ فروری میں طویل عرصے کی بندش کے بعد بسنت کا تہوار بھی منانے کی باتیں ہورہی ہیں۔
قصہ مختصر یہ کہ فروری کو بھی نہایت فعال اور سرگرم مہینہ سمجھنا چاہیے جس میں منفی رخ زیادہ نظر آسکتا ہے ۔
ایران پر امریکی حملہ
امریکا اور خاص طور پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایک عجیب و غریب شخصیت کے مالک ہیں۔ ہم کئی بار ان کے ذاتی زائچے پر اظہار خیال کرچکے ہیں اور بتاچکے ہیں کہ وہ ایک ایسے انسان ہیں جن سے ہر قسم کی توقع کی جاسکتی ہے۔ خاص طور پر جب وہ کسی بھی ارادے یا خواہش کے زیر اثر ہوں تو انھیں روکنا یا ارادے سے باز رکھنا تقریباً ناممکنات میں سے ہے۔
بے شک وہ اپنے مشیروں سے یا دیگر دوست ممالک سے مشورے بھی کرتے ہیں لیکن یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ اپنی خواہش اور ارادے کو کسی بھی دباؤ سے ملتوی کریں ۔
ایران کے زائچے میں دسمبر کا نیو مون چھٹے گھر میں تھا جس کے نتیجے میں اختلاف رائے پیدا ہوا اور معاشی صورت حال کے سبب لوگ گھروں سے باہر نکل آئے مگر ساتھ ہی اسرائیلی ایجنٹ اور امریکی سی آئی اے نے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی مگر جنوری میں ایرانی حکومت صورت حال پر قابو پانے میں کامیاب رہی۔
16جنوری کے بعد سے سیارگان کا اجتماع زائچے کے آٹھویں گھر میں ہوگا اور نیو مون کے ساتھ سورج گہن بھی زائچے کے آٹھویں گھر میں لگے گا۔ تقریباً یہی صورت حال امریکا کے زائچے میں بھی ہوگی لہٰذا اس امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ ایک بار پھر صورت حال ایرانی حکومت کے لیے پریشانی کا باعث بن جائے اور ایسی صورت حال سے اسرائیل اور امریکا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں چناں چہ ایران پر امریکی حملے کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
مزید یہ کہ ایرانی قیادت اور خاص طور پر ایرانی سپریم کمانڈر محترم آیت اللہ خامنہ ای بھی امریکی اور اسرائیلی ایجنٹوں کا ہدف ہوسکتے ہیں ، اللہ سے دعا ہے کہ وہ انھیں اپنے حفظ و امان میں رکھے اور اس مشکل وقت میں ایک اسلامی حکومت کی مدد فرمائے ؎ دگرگوں ہے جہاں تاروں کے گردش تیز ہے ساقی۔
فروری کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج جدی میں حرکت کر رہا ہے، 13فروری کو برج دلو میں داخل ہوگااور پورا مہینہ اسی برج میں حرکت کرے گا۔
سیارہ عطارد بھی برج جدی میں ہے، 3فروری کو برج دلو میں داخل ہوجائے گا۔ اسی مہینے میں 26فروری کو اسے رجعت ہوگی جو 21مارچ تک رہے گی۔
سیارہ زہرہ بھی برج جدی میں حرکت کر رہا ہے اور 6فروری کو برج دلو میں داخل ہوگا۔
سیارہ مریخ اپنے شرف کے گھر برج جدی میں ہے۔ 23فروری کو برج دلو میں داخل ہوگا۔
سیارہ مشتری بحالت رجعت برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا۔
سیارہ زحل برج حوت میں اور نیپچون بھی برج حوت میں حرکت کر رہے ہیں۔
سیارہ یورینس برج ثور میں بحالت رجعت حرکت کر رہا ہے جب کہ پلوٹو برج جدی میں پورا مہینہ رہے گا۔
راہو اور کیتو بالترتیب برج دلو اور اسد میں حرکت کر رہے ہیں اور اب مستقیم پوزیشن پر آگئے ہیں، گویا 7اپریل تک ایک ہی درجے پر قیام کریں گے ۔
وہ لوگ جن کے طالع پیدائش کے درجات 9درجے سے 19درجے تک ہیں، ان کے لیے یہ ایک سخت وقت ہوگا یا ان کے زائچے کا کوئی سیارہ راہو کیتو کی زد میں آئے گا تو بھی مسائل پیدا ہوں گے۔
سال کا پہلا سورج گہن
اس سال کا پہلا سورج گہن پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 17فروری بہ روز منگل دوپہر 02:56 سے شروع ہوگا، مکمل گہن شام 05:12 اور گہن کا اختتام رات 07:27 پر ہوگا، اس گہن کا دورانیہ چار گھنٹہ 23منٹ ہے، گہن برج دلو کے 4درجہ 36دقیقہ پر واقع ہوگا۔
سورج گہن سے متعلق ضروری اعمال و وظائف ان شاء اللہ آئندہ ہفتے دیے جائیں گے۔
قمر در عقرب
سیارہ قمر اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10فروری بہ روز منگل شب 12:40پر داخل ہوگا اور 12فروری بہ روز جمعرات 01:12 تک ہبوط زدہ رہے گا، اپنے درجہ ء ہبوط پر 10فروری کو صبح 04:45 سے 06:42 تک ہوگا۔
برج عقرب میں قمر کی موجودگی نحس اثرات کا باعث ہوتی ہے، اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہیں کرنا چاہیے ، کوئی نئی جوائننگ ، نیا ایگریمنٹ، منگنی یا نکاح وغیرہ سے گریز کرنا چاہیے ورنہ نتائج مثبت برآمد نہیں ہو۔
البتہ اس دوران میں علاج معالجہ کرانا ، عادات بد سے نجات کے لیے کوشش کرنا بہتر ہوتا ہے ۔ اس عرصے میں بری عادتوں سے روکنے یا مخالفین کی زبان بندی وغیرہ کے لیے اعمال کیے جاتے ہیں، اس سلسلے میں ہماری ویب سائٹ سے مدد لی جاسکتی ہے۔
شر ف قمر
سیارہ قمر اپنے شرف کے برج ثور میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 23فروری بہ روز پیر شام 09:42 پر داخل ہوگا اور 26فروری بہ روز جمعرات شب 12:24 تک شرف یافتہ رہے گا، اپنے درجہ ء شرف پر 24فروری کی شب 01:03سے 02:45تک ہوگا۔
یہ سعد وقت ہے، اس وقت میں اہم کام انجام دینا چاہئیں۔ خصوصاً ایسے کام جن میں پائیداری اور استحکام مقصود ہو، اس کے علاوہ اس وقت میں اسمائے الٰہی یا رحمن یا رحیم جو سیارہ قمر کے اسمائے الٰہی ہیں۔ 556مرتبہ اول آخر درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے کسی بھی جائز مقصد کے لیے اللہ سے دعا کریں۔
اس ماہ شرف قمر چاند کی شروع تاریخوں یعنی عروج ماہ میں آرہا ہے اور اس وقت رمضان المبارک کا بھی آغاز ہوگا، چناں چہ سیارہ قمر کا یہ شرف زیادہ موثر اور ذود اثر ہے۔ لوح قمر نورانی اس موقع پر تیار کرنا نہایت افضل ہوگا۔ جو لوگ خود تیار نہ کرسکیں ، وہ براہ راست رابطہ کریں۔
شرف مریخ
ویدک سسٹم کے مطابق سیارہ مریخ کو اس ماہ 19فروری بہ روز جمعرات شرف کی قوت حاصل ہوگی، سیارہ مریخ اپنے درجہ ء شرف پرسہ پہر 03:54سے 20فروری10:23 رات تک ہوگا۔اس دوران میں سیارہ مریخ کی ساعات قابل عمل ہوں گی۔
سیارہ مریخ کا تعلق طاقت اورطالع آزمائی سے ہے، یہ سیاروی کونسل کا سپہ سالار ہے۔ جن لوگوں کے پیدائشی زائچے میں اس کی پوزیشن کمزور ہوتی ہے، ان میں ہمت اور حوصلے کی کمی ہوتی ہے ،جسمانی طور پر بھی وہ طاقت ور توانا نہیں ہوتے۔
سیارہ مریخ انسانی خون پر اثر انداز ہے، جسم میں خون کی کمی کو دور کرنے کے لیے یا مردانہ قوت میں اضافے کے لیے اس موقع پر خاتم یا لوح تیار کی جاتی ہے، اس کے علاوہ مقابلے میں کامیابی اور دشمنوں کو زیر کرنے کے لیے بھی لوح مریخ بنائی جاتی ہے۔وہ لوگ جو اعمال جفر کا شوق رکھتے ہیں۔ اس وقت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔لوح مریخ یا خون میں کمی اور مردانہ قوت کے لیے انگوٹھی اگر آپ خود نہ تیار کرسکیں تو براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔

