قوس عورت
دائرۂ بروج کا نواں برج قوس اپنے مزاج میں سچائی پسند ہے، اس کا حاکم سیارہ مشتری علم اور عقل و دانش کا سیارہ ہے، اس کا نشان تیرانداز ہے، یہ کہتا ہے ”میں دیکھتا ہوں“ اس کا خاصہ تغیر پذیری ہے، برج قوس کے زیر اثر پیدا ہونے والے افراد من موجی، آزادی پسند، خوش قسمت اور سیروتفریح کے دل دادہ ہوتے ہیں، وہ منہ پھٹ، فلسفی اور کسی نصب العین کے پابند ہوتے ہیں۔
ایک قوس عورت بھی اپنے فلسفیانہ نصب العین کی پابند ہوتی ہے، مہم جوئی اور سیروتفریح کو پسند کرتی ہے، اسے کسی گھر میں قید کرکے نہیں رکھا جاسکتا، وہ بغاوت پر آمادہ ہوسکتی ہے۔
مشہور ادیبہ لوئی سامے ہیلکوٹ ایک قوس شخصیت تھی، وہ کہتی ہے”آگ جلانے کے لیے دو چقماقی پتھروں کی ضرورت ہوتی ہے“
گویا قوس عورت کسی یکطرفہ قسم کی شراکت کو پسند نہیں کرتی، اسے برابر کے حقوق چاہئیں اور اس حوالے سے بھی اس کے اپنے فلسفیانہ نظریات ہوسکتے ہیں، البتہ اس کی سچائی پسندی کسی شک و شبے سے بالاتر ہے، سچ بولنا اس کی کمزوری ہے، اس حوالے سے وہ کوئی موقع محل بھی نہیں دیکھتی۔
وہ ہر صورت حال کو برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ رکھتی ہے لیکن بوریت اسے برداشت نہیں ہے، کسی بھی ناپسندیدہ ماحول اور صورت حال میں اس کے پیروں میں کھجلی شروع ہوجاتی ہے اور وہ جگہ بدلنے کے بارے میں سوچتی ہے، اس کی سب سے بڑی تفریح دنیا دیکھنا ہے، کہتے ہیں کہ کسی قوس عورت سے آپ کی ملاقات کسی ائرپورٹ، ریلوے اسٹیشن یا بس اسٹینڈ پر ہوگی، وہ کہیں سے آرہی ہوگی اور کہیں جارہی ہوگی۔
اپنے گھر کی تمام ضروریات کے لیے وہ خود شاپنگ کے لیے جانا پسند کرے گی، ممکن ہے دوسروں کی خریداری اس کی سمجھ میں نہ آئے کیوں کہ زندگی کے ہر معاملے میں اس کا اپنا ایک فلسفیانہ نقطہ ء نظر ہے جس سے کسی کے اتفاق یا اختلاف سے کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ جو کچھ صحیح سمجھتی ہے بس وہی صحیح ہے اور جو وہ غلط سمجھتی ہے وہ غلط ہے،بے شک معقول علمی دلیل سے اسے قائل کیا جاسکتا ہے۔
جب آپ کسی قوس لڑکی کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں تو پہلی ملاقات کے لیے کسی ایسی جگہ کا انتخاب کریں جو اس کے لیے نئی ہو، وہ پہلے کبھی وہاں نہ آئی ہو تو ایسا تفریحی مقام یا ریسٹورنٹ جو اس کے لیے اجنبی ہو وہ نہایت شوق اور ذوق کے ساتھ وہاں جانے کے لیے تیار ہوجائے گی۔
آپ کو اس غلط فہمی سے بھی نجات پانے کی ضرورت ہوگی کہ وہ آپ کی پابند ہوکر رہے، وہ اپنی مرضی کی مالک ہے، بے شک وہ بہت گرم جوش، بے تکلف، دل کش ہے لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ چند ملاقاتوں اور تھوڑے عرصے کی بات چیت کے بعد وہ آپ سے متاثر ہوجائے، کسی بھی مرحلے پر وہ اچانک پٹری بدل سکتی ہے اور آپ کو اس طرح بھلا سکتی ہے جیسے کبھی کوئی واقفیت ہی نہ رہی ہو، اس کے ساتھ زندگی بھر کا بندھن باندھنا بڑا مشکل کام ہے، اس کی آزادی اور سچائی پسندی اسے کسی رشتے میں بندھنے سے روکتی ہے، اکثر قوسی خواتین شادی کے معاملے میں ذرا دیر سے سنجیدہ ہوتی ہیں اور کبھی کبھی یہ تاخیر بہت زیادہ ہوجاتی ہے۔
اگر وہ آپ پر دل و جان سے فدا ہوچکی ہے تو بھی زیادہ خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وفاداری کا لفظ اس کی لغت میں کچھ شرائط کے ساتھ ہے، اگر آپ ان شرائط کی کبھی بھی خلاف ورزی کریں تو وہ آپ سے علیحدگی اختیار کرنے کے بارے میں سوچنے لگے گی۔
قوس عورت ایک شاندار شریک حیات ثابت ہوتی ہیں، وہ مردانہ وار فیملی کی تمام ذمے داریاں اٹھانے کی اہل ہے، اپنے کام نہایت پھرتی سے بروقت انجام دینا اور اس کے بعد اپنی بیرونی دلچسپیوں کے لیے وقت نکالنا ضروری سمجھتی ہےِ،وہ دولت سے زیادہ علم اور دانش کی قدردان ہے، ہر معاملے پر کھل کر گفتگو کرنا پسند کرتی ہے، سیروتفریح کی شوقین ہے لہٰذا چھٹی کے دنوں میں آپ اسے گھر میں نہیں بٹھاسکتے، وہ کھلے ہاتھ سے خرچ کرنا چاہتی ہے، آپ کی کنجوسی کو برداشت نہیں کرے گی، عام طور سے قوسی افراد کا رجحان مذہب کی طرف ہوتا ہے، وہ بھی مذہبی سوچ رکھتی ہے اور ممکن ہے اسے روحانیت سے بھی دلچسپی ہو، آپ اس کی دلچسپیوں اور سرگرمیوں پر پابندی عائد کرکے اسے خوش نہیں رکھ سکتے۔
قوس خواتین چاہتی ہیں کہ وہ اپنی گھریلو ذمے داریاں کے ساتھ ساتھ کوئی بیرونی سرگرمی میں بھی حصہ لیں، ان میں ورکنگ پاور بہت ہوتی ہے تو بہتر ہے کہ انھیں ان کی مرضی کے مطابق کام کرنے دیں، کس طرح وہ کسی بھی مشکل معاشی مرحلے پر آپ کی مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
وہ کبھی دانستہ بے وفائی کی مرتکب نہیں ہوتیں لیکن ان کی محبت کے معاملات میں جذباتی اتار چڑھاؤ بہت ہوتا ہے اور یہ اس قدر پیچیدہ ہوتا ہے کہ خود ان کی بھی سمجھ میں نہیں آتا، بعض خواتین کھیل کود کی بھی شوقین ہوتی ہیں،وہ گھریلو زندگی کی زیادہ عادی نہیں ہوتیں یا یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ گھریلو زندگی انھیں پسند نہیں ہوتی،وہ اسے پاؤں کی زنجیر سمجھتی ہیں،شادی شدہ زندگی میں وہ شوہر کو مکمل آزادی دینے کے حق میں ہوں گی اور اس سے بھی مکمل آزادی کی خواہش رکھیں گی، ازدواجی زندگی میں اگر ان کی زبان چلنے لگے تو ہوشیار ہوجائیں کہ اس برج کا نشان تیرانداز ہے۔
ایک قوس جوڑی ابتدا میں بہت گرم جوش اور طوفانی ہوتی ہے لیکن بعد میں کسی مرحلے پر وہ علیحدگی کے بارے میں بھی سوچ سکتے ہیں۔
قوس افراد کے لیے ہومیو پیتھک میڈیسن پکرک ایسڈ اور بائیو کیمک سالٹ سلیشیا ہے۔
جدی عورت
دائرۂ بروج کا دسواں برج جدی ہے، اس کا نشان پہاڑی بکرا ہے جو سر جھکا کر خاموشی سے پہاڑ کی بلندی کی طرف بڑھتا چلا جاتا ہے، اس کی نظر پہاڑ کی سب سے بلند چوٹی پر ہوتی ہے، اس کے دائیں بائیں کیا ہورہا ہے،وہ اس کی پروا نہیں کرتا، اپنی آہستہ چال سے خراماں خراماں آگے ہی آگے بڑھتا رہتا ہے اور بالآخر بلند ترین چوٹی پر پہنچ کر اپنا مقام حاصل کرلیتا ہے۔
برج جدی کا حاکم سیارہ زحل جس کی سخت مزاجی مشہور ہے اور عنصر مٹی ہے،یہ منقلب یعنی متغیر برج ہے، اپنے عنصر کی وجہ سے مادّیت اس کی فطرت میں شامل ہے،یہ لوگ تصورات کی دنیا میں نہیں رہتے بلکہ زندگی کے حقائق کو سمجھ کر زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سیاست داں ہیری کولڈ وائر ایک جدی شخصیت ہے اس کا کہنا ہے ”میں آپ کو یہ بتادوں کہ آزادی کے دفاع میں انتہا پسندی کوئی جرم نہیں ہے اور میں آپ کو یہ بھی بتادوں کہ حق و انصاف کی تلاش میں اعتدال پسندی کوئی وصف نہیں ہے“
مندرجہ بالاالفاظ سے ظاہر ہوتا ہے کہ جدی افراد کس قدر مادّی اقدار پر یقین رکھتے ہیں اور وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔
برج جدی کے تحت پیدا ہونے والی خواتین شاید دائرۂ بروج کی سب سے مشکل ترین خواتین ہیں، یہ نہایت سخت جان، مسلسل محنت اور جدوجہد کرنے والی اور کبھی نہ تھکنے والی،اپنے مقصد کو فراموش نہ کرنے والی ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ برج اسد تو صرف بدنام ہے، اصل ڈکٹیٹر تو برج جدی ہے تو یہ غلط نہیں ہے، جدی افراد اپنی بات منوانے اور اپنا حکم چلانے کے عادی ہوتے ہیں لیکن وہ خود کو منوانے کے لیے اپنی کارکردگی کو ہتھیار بناتے ہیں، براہ راست کسی پر دباؤ نہیں ڈالتے، ان کی مستقل مزاجی اور مسلسل جدوجہد بالآخر انھیں دوسروں کے سامنے سرخروکرتی ہے۔
جدی خواتین خوش لباس ہوتی ہیں، اپنی آرائش و زیبائش کا پورا خیال رکھتی ہیں کیوں کہ وہ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ دنیا انھیں دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرے گی، وہ باذوق ہوتی ہیں اور سج دھج کر رہنا پسند کرتی ہیں، فطری طور پر مزاحمت پسند ہوتی ہیں، آپ ان سے فوراً فری ہونے کی کوشش نہ کریں وہ آسانی سے کسی پر بھروسا نہیں کرتیں، کوئی فیصلہ کرنے میں بہت دیر لگاسکتی ہیں یعنی جب تک وہ آپ سے مطمئن نہ ہوجائیں، آپ کے ساتھ وقت گزارنا بھی پسند نہیں کریں گی، مزاحمت برج جدی کا امتیازی نشان ہے، آپ کے اکثر سوالوں کے جواب میں کیوں؟ کیا؟ کیسے؟ کب؟ جیسے جواب آپ کو ملیں گے اور ممکن ہے کسی وقت آپ ان کے جوابات سے جھلّا جائیں، وہ بہت زیادہ باتیں کرنا پسند نہیں کرتیں، صرف اس بات پر ان کا معقول ریسپانس آئے گا جس میں انھیں اپنا کوئی مفاد نظر آتا ہو، عام طور پر وہ اپنے کام اور فیملی کے بارے میں باتیں کرنا پسند کریں گی لیکن کچھ دیر کے بعد آپ یہ سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ کیا وہ بھی آپ کے بارے میں جاننا چاہتی ہے؟جی بالکل ایسا ہے لیکن اس کی سمجھ میں نہیں آتا کہ آپ سے کیسے پوچھیں، کہیں اس کا کچھ پوچھنا شوخی یا گستاخی سے تعبیر نہ کیا جائے چناں چہ وہ بہت محتاط رہ کر کوئی سوال کرتی ہے۔
ایک جدی لڑکی اکثر اعصابی تناؤ کا شکار رہتی ہے،شاید آپ محسوس کریں کہ وہ ایک پتھر کا بُت ہے، آپ کی کوشش کے باوجود بھی اپنی جگہ سے نہیں ہل رہا، ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنا رویہ بہت نرم رکھیں اور ہلکی پھلکی گفتگو سے آغاز کریں، وہ جلد ہی دلچسپی لینے لگے گی،اسے اپنے خاندان کے بارے میں ضرور کچھ بتائیں، وہ دلچسپی سے سنے گی، اس کی ماں بہنوں سے دلچسپیوں اور مشاغل کو اپنے ذہن میں نوٹ کرلیں پھر اس کی ماں کے لیے کوئی تحفہ پیش کریں، اس کی خوشیوں کا کوئی ٹھکانہ نہ ہوگا، تحفہ ایسا ہو جو کام آئے اور پائیدار ہو۔
جدی لڑکی محبت کے معاملے میں اکثر پتھر کا بُت ثابت ہوتی ہے،آخر وقت تک اس کا مزاحمتی رویہ آپ کو بدمزہ کرسکتا ہے،وہ اپنی محبت دوسروں پر نچھاور نہیں کرتی، اس میں اصول پسندی اور فرض شناسی تو موجود ہوتی ہے لیکن رومان کے معاملے میں یہ خاصی خشک مزاج ہوتی ہے، ہم کہہ سکتے ہیں جدی عورت بہت اعلیٰ معیار کی چاہنے والی نہیں ہوتی، اس برج کا خاکی عنصر اسے اس قدر عملی سوچ اور رویوں کا عادی بنادیتا ہے کہ یہ لوگ اپنی حقیقت پسندی کے خبط میں رومانیت کے افسانوی لطف کو غارت کر بیٹھتے ہیں (اگر انفرادی زائچے میں برج جدی کے ساتھ واٹر سائن سرطان، عقرب، حوت نہ ہوں)
برج جدی کو شادی یا ازدواجی زندگی کا زیادہ شوق نہیں ہوتا، اسی طرح محبت کے معاملے میں یہ صنف مخالف کی دلچسپی و وارفتگی کا جواب مثبت انداز میں تو ضرور دیں گے مگر خود ان کی دلچسپی اور جوش و جذبہ احتیاط کے حصار میں قید نظر آئے گا جسے محسوس کرکے ان سے محبت کرنے والے پرجوش افراد کا دل ٹوٹ سکتا ہے مگر انھیں اس کی بھی پروا نہیں ہوگی، یہاں بھی اس کی حقیقت پسندی اسے ”پاگل“ قرار دے کر آگے بڑھ جائے گی، ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایک جدی لڑکی شاید زندگی میں اپنے بہت سے چاہنے والوں کے دل توڑ چکی ہوگی۔
ایک جدی بیوی شادی کے بعد اپنی ذمے داریاں اور ازدواجی حقوق بڑی خوش اسلوبی سے ادا کرتی ہے یعنی شریک حیات کی ہر ضرورت کا پورا طرح خیال رکھتی ہے، غرض ہر دنیاوی سہولت اسے فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے مگر صرف ایک چیز اس کے پاس نہیں ہوتی اور وہ ہے تھوڑی سی رومانیت اور روایتی انداز محبت، انھیں چاہیے کہ دوسروں کے احساس محبت کا خیال کریں اور انھیں جذباتی تسکین بھی فراہم کرے، یوں زندگی زیادہ رنگین اور پرسکون ہوجائے گی، ان کی زندگی میں جو لوگ آئیں انھیں تھوڑی سی توجہ دینے، محبت اور تعریف کے دو بول دینے سے کوئی نقصان نہیں ہوگا یا آپ کمتر نہیں ہوجائیں گے بلکہ جواب میں آپ کو بھی سچی محبت کی رومانی خوشی ملے گی،صرف آپ کی ہی اصول پسندی اور فرض شناسی ہی زندگی میں سارے رنگ نہیں بھر سکتی، زندگی کا اصل اور دلچسپ ترین رنگ تو محبت ہے۔
ایک جدی بیوی کو ازدواجی زندگی میں بہت سے چیلنج درپیش ہوتے ہیں، اپنی عملی سوچ اور حقیقت پسندانہ فطرت کی وجہ سے ان میں بہت سی نسوانی خصوصیات مفقود ہوتی ہیں جو اعلیٰ درجے کے تعلقات اور جذبہ ء محبت کے فروغ کے لیے ضروری ہیں، دوسری اہم ترین بات یہ ہے کہ جدی بیوی آپ کی فرماں بردار بن کر نہیں رہ سکتی بلکہ وہ خود شوہر کواپنا فرماں بردار دیکھنا چاہتی ہے،گویا وہ بادشاہ کی ملکہ نہیں بلکہ غلام کی مالکہ بننا چاہتی ہے۔
عام طور سے جدی عورت کی ازدواجی زندگی میں ناخوش گواری کی وجہ وہ خود ہوتی ہے کیوں کہ وہ شوہر سے رومانی تعلق بنانے کے بجائے حقیقت پسندانہ رویوں پر زور دیتی ہے، ہر وقت زندگی کی ضروریات اور ان کی تکمیل اس کے پیش نظر رہتی ہے، چناں چہ صرف جدی، سنبلہ یا ثور شوہر ہی اسے برداشت کرسکتا ہے کیوں کہ وہ خود بہت حقیقت پسند ہوتا ہے، دیگر بروج جو اپنی زندگی میں رومانس کو ضروری سمجھتے ہیں وہ بالآخر ایک جدی عورت سے مایوس اور بے زار ہوجاتے ہیں۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جدی عورت بڑی باصلاحیت اور قابل بھروسا ہوتی ہے، وہ اپنے شوہر و بچوں کے لیے بھی مشکل وقت میں بڑی حوصلہ مندی کا مظاہرہ کرتی ہے،ایک ماں کی حیثیت سے وہ اعلیٰ درجے کی منتظم ہوتی ہے،اپنے بچوں کو بھی نظم و ضبط کا پابند بناتی ہے بلکہ ان کی تعلیم و تربیت کے معاملے میں خاصی سخت اور اصول پسند ثابت ہوتی ہے، اس کا عملیت پسندانہ رویہ بعض اوقات بچوں میں جذباتی اور نفسیاتی مسائل پیدا کردیتا ہے، اس کی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ اس کے بچے ہر معاملے میں اور ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھائیں اور زیادہ سے زیادہ محنت کریں بلکہ اپنی استعداد اور صلاحیت سے زیادہ کامیابیاں حاصل کریں، یہ خواہش اور کوشش بعض مواقع پر خطرناک ثابت ہوتی ہے،بچوں میں مخالفانہ جذبات اور باغیانہ عنصر پیدا ہوتاہے اور ماں اور بچوں کے درمیان جذباتی تعلق گہرا نہیں ہوپاتا، انھیں چاہیے کہ اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ لگاؤ اور محبت کا احساس پیداکرے اور اس کا کھل کر اظہار مصلحتوں کوبالائے طاق رکھ کر کیا کریں حالاں کہ خود اپنی ذات اور جذبات کے حوالے سے آپ کو کھلے اظہار کی عادت نہیں ہے، شوہر آپ کی ایک مسکراہٹ کے لیے ہی ترستا رہتا ہے مگر اپنے بچوں کے جذبات و احسات کو سمجھنے اور ان کی تعریف کے اظہار کی عادت ڈالنی ہے اس طرح نہ صرف آپ کی جذباتی زندگی زیادہ اطمینان بخش و خوش گوار ہوگی بلکہ آپ کو اپنے حقیقی مقاصد کے حصول میں بھی آسان ہوگی، آپ کی اولاد بھی آپ کو ایک ماں کا حقیقی مقام دے گی۔
ہومیو پیتھک میڈیسن پلاٹینا اور بائیو کیمک سالٹ کلکیریا فاس جدی خواتین کے لیے بہت فائدہ بخش ہیں۔