سورج اور چاند گہن سے متعلق ضروری اعمال و وظائف کی نشان دہی

جولائی کا مہینہ پاکستان میں خاصا سرگرم اور تیز رفتار نظر آتا ہے، حالات و واقعات اہم ہوں گے، اس ماہ میں 3 جولائی کو سورج گہن اور 17 جولائی کو چاند گہن ہوگا، سورج گہن زائچے کے دوسرے گھر میں لگے گا جو معاشی صورت حال کو مزید سخت کرسکتا ہے، مہنگائی میں اضافہ اور عوامی مشکلات سامنے آسکتی ہیں،چاند گہن پاکستان کے زائچے کے آٹھویں گھر میں ہوگا، بعض جارحانہ حکومتی اقدامات اور فیصلے دیکھنے کو ملیں گے، ملک میں احتساب کے حوالے سے جاری عمل بھی مزید تیز ہوگا، نئی گرفتاریاں اور مقدمات توجہ کا مرکز رہیں گے، میڈیا بدستور زیر عتاب رہے گا، بچوں سے متعلق جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوگا، جولائی کے تیسرے ہفتے سے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور اپوزیشن پارٹیاں زیادہ فعال اور جارحانہ انداز اختیار کریں گی لیکن ان سب کے باوجود حکومت کو فی الحال کوئی خطرہ نظر نہیں آتا۔
جولائی کا مہینہ بین الاقوامی صورت حال میں بھی کوئی نئی سنسنی خیزی لاسکتا ہے، امریکا کے ایران کے خلاف فیصلے اور اقدام سامنے آسکتے ہیں اور اس حوالے سے روس اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے (واللہ اعلم بالصواب)

جولائی میں گردشِ سیارگان

سیارہ شمس برج سرطان میں ہے، 23 جولائی کو اپنے ذاتی برج اسد میں داخل ہوگا، سیارہ عطارد برج اسد میں حرکت کر رہا ہے، 8 جولائی کو اسے رجعت ہوجائے گی اور 19 جولائی کو واپس برج سرطان میں بحالت رجعت ہوگا، سیارہ زہرہ برج جوزا میں ہے لیکن 3 جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوگا اور 28 جولائی کو برج اسد میں چلا جائے گا، سیارہ مریخ 2 جولائی سے اپنے اوج کے برج اسد میں داخل ہوگا اور پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا، سیارہ مشتری پورا مہینہ برج قوس میں بحالت رجعت حرکت کرے گا جب کہ سیارہ زحل بھی بحالت رجعت پورا مہینہ برج جدی میں رہے گا، سیارہ یورینس برج ثور میں جب کہ نیپچون بحالت رجعت برج حوت میں اور پلوٹو بحالت رجعت برج جدی میں ہوگا، راس و ذنب برج سرطان اور جدی میں حرکت کریں گے،یہ سیاروی پوزیشن یونانی علم نجوم کے مطابق ہیں۔
نظرات و اثرات سیارگان
سیاروی اثرات کے اعتبار سے جولائی کا مہینہ نہایت اہم ہے،اس مہینے میں دو سورج اور چاند گہن بھی موجود ہیں، اہم سیارگان کے درمیان قائم ہونے والے زاویوں میں چار مقابلے ، تین تربیعات، تین قرانات اور تین تسدیس کے زاویے قائم ہوں گے جب کہ صرف ایک زاویہ تسدیس کا ہوگا، مقابلے اور تربیع کے زاویے نحس اثرات کے حامل ہوتے ہیں جب کہ تسدیس اور تثلیث کے زاویے سعد اثر رکھتے ہیں، البتہ قران کے اثرات کا انحصار سیارگان کے باہمی تعلقات اور کسی زائچے کے انفرادی امور پر منحصر ہے۔
8 جولائی: زہرہ اور یورینس کے درمیان تسدیس کا سعد زاویہ قائم ہوگا، غیر متوقع طور پر معاملات کو بہتر بنانے میں معاون و مددگار ہوگا، خاص طور پر بگڑے ہوئے یا الجھے ہوئے مسائل کے حل میں مدد ملے گی، محبت، منگنی یا شادی جیسے معاملات میں کوئی سرپرائز مل سکتا ہے۔
9 جولائی: عطارد اور مریخ کے درمیان قران کا زاویہ ٹیکنیکل نوعیت کے کاموں میں مددگار ہوگا لیکن کسی جلدبازی یا بے احتیاطی کا نتیجہ نہایت نقصان دہ بھی ہوسکتا ہے، مشینری کی خریدوفروخت کے سلسلے میں اس وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی،ڈرائیونگ کرتے ہوئے بھی محتاط رہیں۔
اسی تاریخ کو شمس اور زحل کے درمیان مقابلے کی نظر نحس اثر رکھتی ہے، اعلیٰ عہدے و مرتبے کے حامل افراد کے لیے یہ اچھا وقت نہیں ہے، وہ کسی پریشانی یا مصیبت کاشکار ہوسکتے ہیں، ملکی معاملات میں عام افراد خصوصاً مزدور طبقہ پریشانیوں اور مسائل کا شکار ہوگا۔
11 جولائی: شمس اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا سعد زاویہ حکومت کے بہتر اور دور رس نتائج کے حامل فیصلوں یا اقدام کی نشان دہی کرتا ہے، عام افراد کے لیے یہ وقت غوروفکر اور اپنی وجدانی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا ہے، مستقبل کے لیے بہتر پلاننگ کی جاسکتی ہیں۔
اسی تاریخ کو مریخ اور یورینس کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ قائم ہوگا، یہ انتہائی منحوس اثر رکھنے والا وقت ہے، اچانک کوئی حادثہ یا شرپسندی سامنے آسکتی ہے،ممالک یا دو افراد کے درمیان کشیدگی انتہا کو پہنچ سکتی ہے،مشینری اور الیکٹرونکس کے معاملات بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔
14 جولائی: شمس اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کی نظر نحس اثر رکھتی ہے جس کا شکار صاحب حیثیت ، اعلیٰ عہدہ و مرتبہ رکھنے والے افراد ہوسکتے ہیں، یہ وقت گورنمنٹ کے لیے بھی چیلنجنگ ثابت ہوسکتا ہے، عام افراد اس نظر سے زیادہ متاثر نہیں ہوں گے۔
17 جولائی: زہرہ اور زحل کے درمیان مقابلے کی نظر توازن اور ہم آہنگی کا فقدان لاتی ہے خصوصاً ازدواجی زندگی میں تناو¿ اور کشیدگی کا باعث بنتی ہے، ملکی معاملات میں حکومت اور وزیراعظم کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔
18 جولائی: زہرہ اور نیپچون کے درمیان تثلیث کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے،اعلیٰ درجے کی تخلیقی اور آرٹسٹک صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے، فنکارانہ نوعیت کے کاموں سے فائدہ ہوتا ہے، رومانی اور تفریحی دلچسپیاں پُرلطف رہتی ہیں۔
21 جولائی: زہرہ اور پلوٹو کے درمیان مقابلے کی نظر شدت پسندی لاتی ہے، خصوصاً باہمی تعلقات پر دباو¿ پڑتا ہے، آپ دوسروں کے مطالبات ماننے پر مجبور ہوتے ہیں، محبت کے معاملات میں بھی انتہا پسندانہ فیصلے اور اقدام ہوتے ہیں۔
اسی تاریخ کو شمس اور عطارد کے درمیان قران کا زاویہ نحس اثر رکھتا ہے، یہ وقت سفر سے متعلق کاموں میں رکاوٹ یا التوا لاسکتا ہے، تحریری امور میں غلطیاں ہوسکتی ہیں، اس دوران میں کسی بحث مباحثے سے گریز کرنا چاہیے، لوگوں سے رابطے اور بات چیت میں بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
25 جولائی: عطارد اور زہرہ کا قران اگرچہ سعد اثر رکھتا ہے لیکن چوں کہ عطارد کی پوزیشن بہتر نہیں ہے لہٰذا یہ وقت سعد کاموں کے لیے موافق نہیں ہوگا۔
اسی تاریخ کو مریخ اور مشتری کے درمیان تثلیث کا زاویہ سعد اثر رکھتا ہے، مشینری کی خریدوفروخت بہتر رہے گی، ٹیکنیکل نوعیت کے کام آسانی سے انجام پائیں گے۔
28 جولائی: عطارد اور نیپچون کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ محتاط رہنے کی نشان دہی کرتا ہے خصوصاً کسی دھوکے یا فراڈ سے ہوشیار رہیں، یہ وقت بدگمانیوں ، غلط فہمیاں اور دھوکے بازی لاتا ہے، اس وقت دوسروں پر اندھا اعتماد نہ کریں، اپنے طور پر معاملات کی اچھی طرح جانچ پڑتال کریں، سفر کرتے ہوئے محتاط رہیں۔
30 جولائی: شمس اور یورینس کے درمیان تربیع کا نحس زاویہ غیر متوقع حادثات و سانحات کو جنم دیتا ہے لہٰذا محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی، اچانک کوئی پروگرام شروع نہ کریں، پہلے سے مقررہ کاموں پر ہی توجہ رکھیں، کوئی بھی نئی مہم جوئی نئے مسائل پیدا کرسکتی ہے، ملکی معاملات میں وزیراعظم اور دیگر اہم افراد کے لیے پریشانی لانے والا زاویہ ہے۔

قمر در عقرب

قمر اس ماہ اپنے ہبوط کے برج عقرب میں پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 10 جولائی کو داخل ہوگا اور درجہ ءہبوط پر 05:59 pm سے 07:44 pm تک ہبوط یافتہ رہے گا، یہ انتہائی نحس وقت ہوگا، بندش اور رکاوٹ کے لیے اس وقت عملیات و وظائف کیے جاسکتے ہیں، سورج اور چاند گہن سے متعلق جو عملیات دیے جارہے ہیں یہ بھی اس وقت میں کرنا مناسب ہوگا۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں 25 جولائی کو داخل ہوگا اور درجہ ءشرف پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق 06:36 am سے 08:32 am تک رہے گا، یہ سعد اور مبارک وقت ہے، اس وقت اپنے نیک اور جائز مقاصد کے حصول کے لیے عمل و وظائف کیے جاسکتے ہیں، گھر میں خیروبرکت اور اتفاق و اتحاد کے لیے اس وقت میں بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ پڑھ کر کچھ چینی پر دم کرلیں اور یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں تاکہ گھر کے تمام افراد استعمال کرسکیں، جب چینی ختم ہونے لگے تو اس میں مزید چینی ملالیا کریں۔

اوج مریخ

سیارہ مریخ کو برج اسد میں اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،تقریباً ڈیڑھ سال بعد یہ موقع آرہا ہے، پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق سیارہ مریخ اپنے اوج کے درجے پر 30 جولائی کو دوپہر 12:36 pm سے یکم اگست شب 02:25 am تک رہے گا، اس دوران میں لوح صحت تیار کی جاتی ہے جو خاص طور پر جملہ بیماریوں کے لیے معاون و مددگار ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس وقت میں جسمانی طاقت کے لیے خاتم مریخ بھی تیار کی جاسکتی ہے، ضرورت مند لوح یا خاتم کی تیاری کے لیے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں۔

اعمال و وظائف برائے سورج و چاند گہن

سورج اور چاند گہن کے درمیان حروف صوامت کی زکات ادا کی جاتی ہے تاکہ ان حرفوں سے کام لیا جاسکے،اس بار زکات کے لیے مناسب ترین وقت چاند گہن کا ہوگا، جو لوگ زکات ادا کرنے چاہیں ، وہ براہ راست رابطہ کرکے پہلے اجازت حاصل کریں،اسی دوران میں سورئہ اخلاص یا سورئہ کوثر کی زکات بھی ادا کی جاسکتی ہے مگر خیال رہے کہ وہی لوگ زکات ادا کریں جو عملیاتی امور میں نہ صرف یہ کہ دلچسپی رکھتے ہوں بلکہ علم جفر کے بنیادی اصول و قواعد سے بھی واقف ہوں۔
عام افراد کی ضروریات کے لیے جو خاص اعمال یہاں دیے جارہے ہیں، ان کی عام اجازت ہے، بس اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کی ضرورت جائز حدود میں ہو، کسی کے ساتھ زیادتی اور ناجائز نہ کریں، اس کے ذمے دار آپ خود ہوں گے۔

میاں بیوی میں محبت کے لیے عمل خاص

زن و شوہر میں اختلافات، مزاجی ناہمواری، باہمی لڑائی جھگڑا، محبت کی کمی وغیرہ کے لیے یہ ایک مجرب طریقہ ہے اور صرف شادی شدہ خواتین و حضرات ہی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نہایت آسان بھی ہے۔ گرہن کے درمیانی وقت میں ایک سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے پوری بسم اﷲ لکھ کر سورہ الم نشرح پوری لکھیں پھر یہ آیت لکھیں۔
والقیت علیک محبة فلاں بن فلاں (یہاں مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں) علیٰ محبة فلاں بنت فلاں (یہاں طالب کا نام مع والدہ لکھیں) کما الفت بین آدم و حوا و بین یوسف و زلیخا و بین موسیٰ و صفورا و بین محمد و خدیجة الکبریٰ و اصلح بین ھما اصلاحاً فیہ ابداً
اب تمام تحریر کے ارد گرد حاشیہ ( چاروں طرف لکیر) لگا کر کاغذ کو تہہ کر کے تعویز بنا لیں اور موم جامہ کر کے بازو پر باندھ لیں یا پھر اپنے تکیے میں رکھ لیں۔
خیال رہے کہ مندرجہ بالا نقوش لکھتے ہوئے باوضو رہیں، پاک صاف کپڑے پہنیں، علیحدہ کمرے کا انتخاب کریں، لکھنے کے دوران مکمل خاموشی اختیار کریں اور اپنے مقصد کو ذہن میں واضح رکھیں کہ آپ کیا چاہتے ہیں، رجال الغیب کا خیال رکھیں کہ آپ جس طرف رخ کر کے بیٹھے ہوں وہ آپ کے سامنے نہ ہوں، رجال الغیب کا نقشہ اس کتاب میں دیا جارہا ہے ، اس سے مدد لیں۔

ناجائزو ناپسندیدہ تعلق کا خاتمہ

اکثر والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی ایسی محبت یا وابستگی سے پریشان رہتے ہیں جو ان کے نزدیک ناپسندیدہ ہوتی ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا لڑکا یا لڑکی ایک غلط راستے پر چل رہے ہیں۔
ایسی صورت میں طریقہ یہ ہے کہ گہن کے وقت کسی علیحدہ کمرے میں باوضو بیٹھ کر مندرجہ ذیل سطور کسی سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں اور کا غذ کو تہہ کر کے تعویذ کی شکل بنا لیں اور پھر اس کاغذ کو کسی بھاری وزنی چیز کے نیچے دبا دیں یا قبرستان میں دفن کردیں، اگر ایسے دو نقش تیار کیے جائیں اور دونوں کو لڑکا اور لڑکی انشاءاللہ دونوں کے درمیان علیحدگی ہوجائے گی۔
”احد رسص طعک لموہ لادیا یا غفور یا غفور بستم تعلق فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں عَقدَت قُلوبِھم ابداً یا حراکیل بحق یا قابض یا مانع العجل العجل الساعة الساعة“

بھاگنے والے کو روکنا یامفرور کی واپسی

اگر کوئی بچہ یا بڑا گھر سے بھاگتا ہو یا گھر چھوڑ کر چلا گیا ہو تو اس کے لیے سورج یا چاند گہن کے وقت نقش بنانے کا طریقہ یہ ہے۔
حسب دستور علیحدہ کمرے میں بیٹھ کر سفید کاغذ پر کالی یا نیلی روشنائی سے اس طرح نقش لکھیں۔ حروف صوامت کی چار سطریں دائیں بائیں اور اوپر نیچے اس طرح لکھیں کہ درمیان کی جگہ خالی رہے اور حروف کی سطروں سے ایک چوکور خانہ بن جائے۔ پھر اس خانے کے درمیان بیچ میں بھاگنے والے کا نام مع والدہ لکھیں۔ اس کے بعد حروف صوامت کی سطور کے اوپر سات سات مرتبہ یہ چار آیات لکھ دیں۔
صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَرجعُون ۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یَعقِلُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لا یُبصِرُون۔ صُم بُکم عُمی فَھُم لایُتکَلِمُون۔
اب اگر بھاگنے والے کو روکنا مقصود ہے تو بیچ کے خانے میں اس کے نام کے ساتھ اس جملے کا اضافہ کردیں ” بستم قدم درون خانہ“۔ اس تعویذ کو اس کے تکیے میں یا سرہانے کسی جگہ رکھ دیں۔ انشاءاللہ گھر سے بھاگنے سے باز آجائے گا اور زیادہ وقت گھر میں ہی گزارے گا۔ اگر بھاگے ہوئے کو واپس بلانا مقصود ہے تو اس نقش کو کسی لکڑی کے تختے یا موٹے گتےّ پر چپکادیں اور پھر اسے گھر کی جنوبی دیوار پر ایک کیل ٹھونک کر لٹکادیں۔ بھاگنے والے کا نام جو درمیان میں لکھا ہے،اس کے پہلے حرف پر کوئی سوئی یا آل پن چبھو دیں۔ انشاءاللہ 13 دن میں واپس آئے گا یا اس کی کوئی خبر ملے گی۔ عمل کے بعد مٹھائی پر فاتحہ ضرور دیں اور 300روپے خیرات کردیں۔

دو افراد کے درمیان عداوت و دشمنی

اکثر دو افراد کے درمیان عداوت یا دشمنی اس قدر بڑھ جاتی ہے اور پورے خاندان کے لیے عذاب بن جاتی ہے،اس کا خاتمہ ضروری ہے، اکثر تو اس بنیاد پر باہمی قریبی رشتوں میں دراڑیں پڑجاتی ہیں، ایسی صورت حال کے لیے درج ذیل عمل مفید ثابت ہوگا، دیکھنا یہ ہوگا کہ دونوں میں سے حق پر کون ہے اور ناحق کون کر رہا ہے؟ لہٰذا نقش لکھتے ہوئے پہلے اُس فریق کا نام مع والدہ لکھیں جو ظلم و زیادتی کر رہا ہو اور بعد میں اس کا نام لکھیں جو حق پر ہو اور اس ساری دشمنی میں اپنا دفاع کر رہا ہو۔
احدرسص طعک لموہ لادیایا غفور یا غفور بستم اختلاف و عداوت فلاں بن فلاں و بین فلاں بن فلاں بحق صمُ بکمُ عمیُ فہم لایعقلون یا حراکیل العجل العجل العجل الساعة الساعة الساعة الوحا الوحا الوحا
کسی صاف کاغذ پر نیلی یا کالی روشنائی سے دو نقش گہن کے وقت لکھیں اور موم جامہ یا اسکاچ ٹیپ لپیٹ کر اُس راستے میں دائیں بائیں کسی سائیڈ دفن کردیں، جہاں سے اُن کا گزر ہوتا ہو، زمین میں دفن کرنے سے پہلے نقش پر کوئی وزنی پتھر بھی رکھ دیں، بعد ازاں کچھ مٹھائی پر فاتحہ دے کر بچوں میں تقسیم کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں۔

مخالف کی زبان بندی

عین گہن کے وقت مندرجہ ذیل سطور کالی یا نیلی روشنائی سے لکھیں یا سیسے کی تختی پر کسی نوکدار چیز سے کندہ کریں اور پھر کسی بھاری چیز کے نیچے دبا دیں یا کسی نم دار جگہ دفن کر دیں۔ انشاءاﷲ وہ شخص آپ کی مخالفت سے باز آجائے گا۔
ا ح د ر س ص ط ع ک ل م و ہ لا د یا یا غفور یا غفور عقد اللسان فلاں بن فلاں فی الحق فلاں بن فلاں یا حراکیل