رجعتِ عطارد کے اثرات اور احتیاط کے تقاضے

چاند کے بعد سیارہ عطارد ہماری زمین کا ایک قریبی پڑوسی ہے، علم نجوم میں اسے منشیء فلک بھی کہا جاتا ہے، قدیم نظریات کے مطابق یہ دیوتاؤں کا ایلچی یا پیغام رساں ہے،جدید نظریات کے مطابق عطارد کا تعلق ذہانت، تعلیمی سرگرمیوں ، تحریرو تقریر اور سفر یا ذرائع نقل و حمل سے ہے، تمام ذرائع ابلاغ بھی اسی کے ماتحت ہیں، ویدک علم نجوم میں اسے ’’بدھا‘‘ کہا گیا ہے، اس کے معنی بھی عقل مند اور دانش ور کے ہیں۔
ایسٹرولوجی کے ماہرین اور طلبہ اچھی طرح یہ بات جانتے ہیں کہ جب عطارد رجعت کرتا ہے یعنی اپنی الٹی چال پر ہوتا ہے تو زندگی بھی پسپائی اختیار کرلیتی ہے اور پیچھے چلی جاتی ہے لہٰذا عطارد کی رجعت کے وقت کوئی نیا کام یا پروجیکٹ شروع کرنے سے یا کسی نئے سفر کا آغاز کرنے سے منع کیا جاتا ہے اور اپنی تیز رفتاری کی وجہ سے یہ سال میں تین مرتبہ مختلف بروج میں رجعت کرتا ہے یعنی اپنی الٹی چال پر ہوتا ہے ۔
عطارد کی الٹی چال کا یہ مطلب نہ لیا جائے کہ وہ سیدھا چلتے چلتے اچانک پلٹ کر پیچھے کی طرف مڑ جاتا ہے بلکہ کسی بھی سیارے کی رجعت کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ وہ ہماری زمین سے پیچھے رہ جاتا ہے اور زمین آگے نکل جاتی ہے ۔
صدیوں کے مشاہدات و تجربات ہمیں بتاتے ہیں کہ جب سیارہ عطارد گردش کرتے ہوئے کسی ایک مقام پر رک جائے (اس پوزیشن کو اسٹیشن کہا جاتا ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ عطارد اور زمین برابر برابر آگئے ہیں ، جیسے دو کاریں ریس لگاتے ہوئے ساتھ ساتھ چلنے لگیں ) اور واپسی کا سفر شروع کردے تو ہمیں بعض کاموں اور سرگرمیوں سے پرہیز کرنا چاہیے خصوصاً ایسے وقت میں ہم کوئی معاہدہ نہ کریں، اہم دستاویزات پر دستخط نہ کریں یا بعض مخصوص اشیاء جیسے الیکٹرونکس کے سامان کی خریداری سے گریز کریں ورنہ ہمیں نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے، جب عطارد مستقیم ہوجاتا ہے تب ہم پر یہ راز کھلتا ہے کہ ہم نے اس دوران میں جو فیصلے کیے تھے اور جو اقدام کیے تھے وہ ہمارے لئے پھندا بن گئے ہیں اور اب نہ اگلتے بنتی ہے نہ نگلتے۔
عطارد کی رجعت کے دوران میں احتیاط سے بڑی دانش مندی کوئی نہیں لیکن اس کی رجعت کے وقت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنا ہمیں بے عمل ہونے کا احساس دلا سکتا ہے لہٰذا ہمیں ایسے طریقے ڈھونڈنے چاہئیں جن سے ہم فائدہ اٹھاسکیں، ان افراد کے لئے جو اپنی ذہنی صلاحیتوں سے کام لیتے ہیں ، اپنے محسوسات کے زیر اثر رہنا بے حد پریشان کن ہوسکتا ہے، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کسی کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اسے گاڑی ڈرائیو کرنے کا مشورہ دیا جائے، دراصل عطارد کی رجعت کے وقت ہمیں کام کرنے اور بات کرنے میں بے حد شعوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، یہ وقت دوبارہ کام کرنے ، نظر ثانی کرنے، تجدید ، دوبارہ سوچنے یا کوشش کرنے اور غور و فکر کرنے کے لئے بہترین ہے ۔گویا پہلے سے جاری معاملات پر ازسر نو نظر ڈالنے کی ضرورت کا تقاضا کرتا ہے، صفائی ستھرائی کے لئے اس سے بہتر کوئی وقت نہیں ہے، مثال کے طور پر پرانی جمع شدہ اشیاء کی چھان پھٹک کریں اور فالتو چیزیں نکال دیں، اگر اس دوران میں کسی معاہدے پر دستخط کرنا انتہائی ضروری ہوجائے تو معاہدے میں ایسی کسی شق کا اضافہ کرائیں جس کے تحت آئندہ ترمیم و اضافے کی گنجائش رہے یا وہ معاہدہ عبوری مدت کے لئے کریں، یاد رکھیں عطارد کی رجعت عام طور سے 19، 20 دن یا زیادہ سے زیادہ 24 دن تک رہتی ہے اس کے بعد اگر آپ کو معلوم ہو کہ صورت حال اطمینان بخش نہیں ہے تو آپ اسے تبدیل کرسکتے ہیں۔
عطارد کی رجعت کے دوران میں ہم ان معاملات کی اچھی طرح چھان بین کرسکتے ہیں جن کا تعلق ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی سے ہے، مثلاً کوئی نئی جاب ، نیا کاروبار، محبت، منگنی یا نکاح ، زمین و مکان کی خریداری یا کسی نئے مکان میں منتقلی ، بیرون ملک سفر کا پروگرام وغیرہ۔جب عطارد مستقیم ہوکر اپنی سیدھی چال پر آجائے گا تو ہمیں معلوم ہوگا کہ درست کیا ہے اور غلط کیا تھا؟
سیارہ عطارد کی رجعت سے متعلق معاملات کو اچھی طرح سمجھنے کے لئے سب سے پہلے ہمیں عطارد کی سالانہ گردش کا علم ہونا چاہیے اور سال کے مختلف اوقات میں اس کی رجعت و استقامت کے اوقات کو نوٹ کرنا چاہیے، ساتھ ہی یہ بھی معلوم کرنا چاہیے کہ رجعت کون سے بروج میں ہورہی ہے اور متعلقہ برج کا عنصر کیا ہے؟ ہم ہر ماہ کی فلکیاتی صورت حال سے اپنے قارئین کو با خبر کرتے رہتے ہیں اور عطارد کی رجعت یا استقامت کی اطلاع بھی پابندی سے دی جاتی ہے ، اگر آپ اپنی ڈائری میں یہ معلومات نوٹ کرلیا کریں تو فائدے میں رہیں گے ۔

جعلسازی اور دھوکے بازی

عطارد کی رجعت کے دوران میں دھوکہ اور جعلسازی ایک بڑا مسئلہ ہے، یہ دھوکہ ہم خود بھی کھاتے ہیں اور دوسرے بھی اس حوالے سے ہمیں معاف نہیں کرتے، جہاں تک جعلسازی کا تعلق ہے تو منفی سوچ ذہن میں جگہ بناسکتی ہے اور ہم اپنے مقاصد اور خواہشات کے حصول کے لئے کچھ بھی کرنے کے لئے تیار ہوسکتے ہیں، خاص طور پر وہ وقت نہایت خطرناک ہوسکتا ہے جب راجِع عطارد کے ساتھ پراسرار نیپچون یا یورینس نظر بازی کر رہا ہو ،اس وقت میں ’’بھروسے‘‘ کا لفظ خاصا متنازع ہوجاتا ہے، اپنے پرائے کی پہچان ہوسکتی ہے، قابل بھروسا ملازم ، ماتحت یا باس کا امتحان ہوسکتا ہے، تمام رابطوں اور تعلقات کو جانچنے اور پرکھنے کا موقع ملتا ہے، چناں چہ یہاں بھی اس اصول کو یاد رکھا جائے کہ کوئی حتمی رائے قائم کرنے سے پہلے عطارد کی استقامت کا انتظار کرلیا جائے، فوری طور پر فیصلہ کرنے سے گریز کیا جائے۔
عطارد زائچے کے بارہ گھروں میں
عطارد کی رجعت کے واضح اثرات کا تعین کرنے کے لئے زائچے کے اس گھر یا گھروں کا جائزہ لینا ضروری ہوگا جو رجعت سے متاثر ہورہے ہیں، یقیناً عطارد ان گھروں کی منسوبات سے متعلق معاملات پر حد سے زیادہ توجہ دینے کا تقاضا کرتا ہے، اس کے لیے آپ کے پاس اپنا درست برتھ چارٹ یعنی زائچہ پیدائش ہونا ضروری ہے تاکہ آپ جان سکیں کہ عطارد سال کے کس حصے میں کس برج میں ہے اور زائچے کے کون سے گھر سے گزر رہا ہے ، ان گھروں کے حوالے سے بہت زیادہ فعالیت اور سرگرمی نمایاں ہوتی ہے۔ مثلاً بچوں کے یا رومانی و تفریحی معاملات کی وجہ سے بڑھی ہوئی مصروفیات تخلیقی کاموں میں آڑے آتی ہیں، اگر رجعت پانچویں گھر میں ہورہی ہو۔اسی طرح اگر ایک گھر پر حد سے زیادہ زور ہے تو اس کا جواب یا توازن کبھی کبھی اس کے سامنے والے گھر سے متعلق ہوسکتا ہے، مثال کے طور پر کریئر پر حد سے زیادہ زور (دسواں گھر) فیملی اور گھر سے متعلق معاملات (چوتھا گھر)۔
اکثر عطارد رجعت کے دوران میں ایک گھر سے دوسرے گھر تک واپسی کا سفر کرتا ہے، ایسی صورت میں عطارد کے اہم پیغام کو دونوں گھروں کی منسوبات کے مطابق سمجھنے کی ضرورت ہوگی، مثال کے طور پر پہلے گھر سے بارھویں گھر کی طرف رجعت اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ کسی بڑے کام یا معاملے میں حد سے زیادہ جذباتی وابستگی (بارھواں گھر) اپنے ذاتی مفادات (پہلا گھر) کی قربانی پر منتج ہوئی ہے یا حد سے زیادہ انا پرستی (پہلا گھر) انسانیت کے مسائل ، مثلاً فلاحی کاموں یا روحانی عمل (بارھواں گھر) کو نظر انداز کرنے پر منتج ہوئی ہے۔
عام طور سے پہلے گھر سے عطارد کی رجعت ایک ذاتی سوچ کے دھارے پر مبنی تجربے کو ظاہر کرتی ہے۔دوسرے گھر میں عطارد کا سفر عزت نفس ، ذاتی امیج اور اختیارات کے حصول سے متعلق پیغامات لاتا ہے (خاص طور سے جب مالی صلاحیت سے اب تک بھرپور طریقے سے استفادہ نہ کیا گیا ہو) تیسرے گھر سے ہوکر گزرنے والا عطارد کمیونیکیشن میں بگاڑ پیدا کرتا ہے اور اس کا سارا فوکس اسی پر ہوتا ہے۔رابطوں میں ، معاہدوں میں ،بات چیت میں، تحریری طور پر غلط فہمی ہوتی ہے، خاص طور سے بچوں اور پڑوسیوں کے ساتھ گفتگو اور معاملت میں الجھن پیدا ہوتی ہے اور ادھوری یا غلط اطلاعات موصول ہونے (یا دینے) کے امکانات میں بے حد اضافہ ہوجاتا ہے، کسی بات کا غلط مطلب نکال لیا جاتا ہے اور یہ غلط فہمی ہمیشہ سے عطارد کی رجعت کا خاصا رہا ہے۔
چوتھے گھر میں عطارد کی رجعت گھر اور فیملی کو پیغام دیتی ہے جب کہ پانچویں گھر کے ذریعے رومانوی صورت احوال ، بچوں سے متعلق معاملات اور تخلیقی زندگی کی صحت یا اس کے احیاء کی ضرورت پر نظر ثانی کرنے کا تقاضا ہوتا ہے، چھٹے گھر کی رجعت کے دوران میں اپنی جاب ، معمول کی سرگرمیوں نیز اپنی صحت اور ہر اس معاملے کے لئے عطارد کے پیغامات پر نظر رکھیں جسے آپ فرض یا خدمت سے تعبیر کرتے ہیں، جب عطارد ساتویں گھر میں راجع ہو تو یہ اپنے اور شریک حیات کے بارے میں اندازہ کرنے اور دونوں کے درمیان ربط و تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، آٹھویں گھر کی رجعت میں کوئی فیصلہ کرنے ، خریداری کرنے اور معاہدہ کرنے سے گریز کریں، عطارد کے مستقیم ہونے کا انتظار کریں۔
نویں گھر میں عطارد کی رجعت آپ کو اعلیٰ تعلیم ، مذہب ، اشاعت یا سفر کے پچھلے تجربات کا دوبارہ جائزہ لینے کی دعوت دیتی ہے اور آپ کی زندگی کے فلسفے کو آزما سکتی ہے، جب کہ دسویں گھر کی رجعت آپ کے کریئر سے متعلق اہداف کو سیدھ میں لا سکتی ہے اور آپ کی سابقہ ساکھ کے پوشیدہ عناصر کو آپ پر ظاہر کرسکتی ہے، آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ آپ کہاں کھڑے ہیں؟گیارھویں گھر میں عطارد کی رجعت دوستوں اور گروہی، اجتماعی سرگرمیوں کو نمایاں کرے گی،نئے اندازے اور نئے تعلقات سامنے آئیں گے اور کوئی پرانا تعلق ٹوٹ بھی سکتا ہے، زندگی کے خوابوں اور خواہشات کو بھی دہرایا جاسکتا ہے، جب عطارد بارھویں گھر سے ہوکر گزرتا ہے تو دنیا کے بارے میں ہمارے نظریات بدل سکتے ہیں، ہم فلاحی کاموں پر دوبارہ غور کرسکتے ہیں ، روحانی مشاغل کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں، دنیا کی چمک دمک سے بے زاری کا احساس ہوسکتا ہے، تنہائی پسندی کا غلبہ اور نیک کاموں کا رجحان ہوسکتا ہے، اس وقت مراقبہ کرنا بہتر رہتا ہے۔
ایک بار پھر یہ بات دہرا دی جائے کہ عطارد کی رجعت کے دوران کوئی بڑا فیصلہ یا بڑا قدم اٹھانا بہت اچھی بات نہیں ہے خواہ آپ کتنے ہی ذہین ، ہوشیار اور صاحب وجدان کیوں نہ ہوں، صورت حال پر مضبوط جذباتی گرفت ہی کیوں نہ رکھتے ہوں، یہ طے ہے کہ عطارد کا ’’دھوکے باز‘‘ہاتھ اپنا کام دکھا دے گا اور آپ کا ذہن بدل جائے گا اور بھی چند باتیں ہیں جنہیں آپ عطارد کی رجعت کے دوران میں اپنے لئے سود مند پائیں گے۔دوسروں کی باتوں کا بہت سنجیدگی سے نوٹس نہ لیں، آپ جو ڈاک یا پارسل بھیج رہے ہیں یا وصول کر رہے ہیں وہ آپس میں تبدیل ہوسکتے ہیں یا ان کے پہنچنے میں غیر معمولی تاخیر ہوسکتی ہے، انٹرنیٹ یا کیٹ لاگ کے ذریعے سامان منگوانے سے گریز کریں، ممکن ہے اس کے چارجز مناسب نہ ہوں۔انٹرنیٹ کے استعمال میں کوئی مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے، کمپیوٹر میں وائرس آسکتا ہے یا آپ کی آئی ڈی ہیک ہوسکتی ہے یا کسی بھی نوعیت کی کوئی خرابی آپ کو پریشان کرسکتی ہے۔
اگر دو افراد کے درمیان اختلافات ہیں یا جدائی ہے اور دوسرے لوگ مصالحتی کردار ادا کر رہے ہیں تو مصالحت کرنے میں جلد بازی سے کام نہ لیں بلکہ عطارد کے مستقیم ہونے کا انتظار کریں، کیوں کہ اس دوران میں جو مصالحت ہوگی ، وہ پائیدار نہیں ہوگی،دوبارہ اختلافات جنم لیں گے۔اگر اس بات کا امکان ہے کہ رجعت کے دوران میں مصالحت نہ کی گئی تو ہمیشہ کے لئے تعلق ختم ہوجائے گا تو جان لیں کہ یہ بات دونوں کے حق میں بہتر ہی ہوگی۔
رجعت سے پہلے یا سیدھی چال پر آتے ہوئے عطارد ساکت ہوجاتا ہے، جسے اصطلاحاً استقامت کہا جاتا ہے، یہ بھی نہایت اہم وقت ہوتا ہے اس موقع پر ذہنی تناؤ پیدا ہوگا، لہٰذا ترنگ میں آکر کچھ کر گزرنے کی تحریک پیدا ہوتی ہے، اس سے گریز کریں، کیوں کہ اس سے نہایت عارضی فائدہ ہوگا اور شاید آپ کو اس پر پچھتانا پڑے گا، رجعت کے دوران آپ یہ بھی نہ سمجھیں کہ آپ دوسروں کی باتوں کا مطلب بہت اچھی طرح سمجھ رہے ہیں، یہ بھی ایک فریب ہوسکتا ہے ، مجموعی طور پر آپ جتنے لچک دار ہوں گے ، غیر متوقع اطلاعات کے بارے میں جتنے کھلے ہوئے ہوں گے اور عطاردی بہاؤ کے ساتھ بہتے رہیں گے، اتنے ہی زیادہ کامیاب ہوں گے اور آپ کو زیادہ پریشانی بھی نہیں ہوگی۔عطارد مستقیم ہونے کے بعد جب اس درجے پر دوبارہ آئے گا جہاں سے اسے رجعت ہوئی تھی تو آپ کو اپنی صبرو برداشت کا بہت اچھا پھل ملے گا۔
امید ہے ہمارے قارئین عطارد کے اثرات اور کردار کو سمجھ گئے ہوں گے اور یہ بھی جان گئے ہوں گے کہ قمر کے بعد عطارد کس قدر اہمیت کا حامل ہے ، اسے نظر انداز کرکے ہم کسی صورت زندگی سے متعلق بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکتے کیوں کہ انسانی زندگی میں اس کا تعلق ذہانت سے ہے اور ہماری کارکردگی میں ذہانت سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے ، ایک طالب علم حیران ہوتا ہے کہ اس نے بہترین تیاری کی تھی لیکن امتحان کے دوران میں نہ معلوم اسے کیا ہوا کہ وہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا اور نتیجہ اس کی امیدوں کے برخلاف آیا ، یہی صورت حال کاروباری معاملات میں بھی نمایاں ہوتی ہے کہ ہم عطارد کی رجعت یا کم زور پوزیشن میں اعلیٰ درجے کی ذہانت کے مظاہرے سے قاصر رہتے ہیں ۔

پتھروں کا استعمال

اس کم زوری کو دور کرنے کے لیے عام طورپر لوگ عطارد سے متعلق پتھر بھی استعمال کرتے ہیں لیکن پتھروں کا استعمال بڑا نازک کام ہے ، بے شک ان کے ذریعے عطارد کی قوت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے لیکن جب عطارد رجعت میں ہو یا ٹرانزٹ کے دوران میں کسی منحوس پوزیشن میں ہو تو عطارد کی قوت میں اضافہ کسی بڑے نقصان کا باعث بھی ہوسکتا ہے ، عطارد کا پتھر یا کسی بھی ستارے کا پتھر اس وقت تک استعمال نہیں کرنا چاہیے جب تک کسی اچھے ایسٹرولوجسٹ سے مشورہ نہ کرلیا جائے اور وہ آپ کو یہ اطمینان نہ دلادے کہ عطارد کا پتھر آپ کے لیے ہر صورت میں مفید ثابت ہوگا ، عطارد سے متعلق پتھر زمرد (ایمرلڈ ) گرین ترملین ، جیڈ ، فیروزہ اور دانہ فرہنگ ہیں ۔

علمِ جفر اور کلامِ الٰہی

علم جفر کے طریقہ کار کے مطابق جو الواح ونقوش شرف عطارد یا اوج عطارد کے اوقات میں تیار کیے جاتے ہیں ان کے استعمال میں وہ خطرات نہیں ہوتے جو پتھروں کے استعمال میں پائے جاتے ہیں ، لہٰذا یہ محفوظ ترین طریقہ تصور کیا جاتا ہے ، اسی ضرورت کے پیش نظر ’’ لوح شرف عطارد ‘‘ اور ’’ خاتم عطارد ‘‘ کی تیاری کا طریقہ لکھا گیا تھا جس سے ہر شخص با آسانی فائدہ اُٹھاسکتا ہے،ہم نے ہر بات نہایت تفصیل کے ساتھ بیان کردی ہے، شرف کے اوقات اور ساعات بھی لکھ دی گئی ہیں ، امید ہے کہ اس اہم وقت سے فائدہ اُٹھانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی، کسی مشکل یا مجبوری کی صورت میں براہِ راست رابطہ کیا جاسکتا ہے۔