جولائی کی سیاروی گردش ،ایک اور سخت مہینہ

موجودہ حکومت کے لیے مزید مشکلات اور چیلنجز

ملکی حالات روز بہ روز پیچیدہ اور بد سے بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں،موجودہ حکمرانوں کو اس صورت حال سے کوئی پریشانی نہیں ہے،شاید انھوں نے سوچ لیاہے کہ ہمارا وقت ختم ہونے والا ہے،اب جو کچھ بھی کرنا ہے وہ کوئی اور کرے ،ہمیں صرف اپنے ذاتی مفادات کو مدنظر رکھنا ہے،اس کی تازہ مثال جس پر میڈیا میں بھی خاصا واویلا نظر آتا ہے،سینیٹ چیئرمین اور دیگر سینیٹرز کی مراعات سے متعلق بل اس موقع پر نہایت شرم ناک ہے۔
عزیزان من! گروچنڈال یوگ اگرچہ 20جون تک اپنی شدت دکھاتا رہا اور اب مشتری اور راہو کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے مگر اس بدترین یوگ کے اثرات نومبر تک جاری رہیں گے،ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اس کا ثبوت ہے،آئین جس کی پچاسویں سالگرہ اس سال 14 اگست کو منائی جارہی ہے، ایک تماشا بن کر رہ گئی ہے،ذاتی مفادات کے لیے نئی نئی قانون سازیاں ہورہی ہیں،جن کا عوامی مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہے،مشتری کا راہو سے جدا ہونا بہر حال ایک خوش گوار بات ہے لیکن سیارہ زحل کی رجعت اور زہرہ اور مریخ کا ایک ہی برج میں تقریباً قران کی حالت میں رہنا نہایت خطرناک نظر آتا ہے،یہ صورت حال بچی کچی نام نہاد جمہوریت کی بساط بھی لپیٹ سکتی ہے۔
جولائی کا مہینہ بھی گزشتہ مہینوں سے مختلف نظر نہیں آتا جس میں زہرہ اور مریخ کا اشتراک جمہوری رویوں کو مزید کمزور کرے گا اور آمرانہ سوچ کو بڑھاوا دے گا،سیارہ مشتری کی راہو سے آزادی کسی حد تک عدلیہ کو فعال کرے گی جس کی پہلی مثال وہ مقدمہ ہے جو سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے جس میں یہ سوال سپریم کورٹ کے سامنے رکھا گیا ہے کہ آیا سویلین افراد کے کیسز ملٹری کورٹس میں جانے چاہئیں یا نہیں؟ بدقسمتی سے سپریم کورٹ کے اندر جاری باہمی اختلافات نے اس موقع پر بھی کردار ادا کیا اور مستقبل کے چیف جسٹس جناب قاضی فائز عیسیٰ اور ان کے ایک ساتھی اس بنچ سے علیحدہ ہوگئے،جاتے جاتے انھوں نے اس بنچ پر بھی اعتراض کردیا لہٰذا امکان یہی ہے کہ بنچ کے فیصلے بھی حکومت کے لیے قابل قبول نہ ہوں گے اور وہ ماضی کی طرح آئینی تقاضوں کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی من مانی کرے گی۔
سیارہ مریخ کی نئی پوزیشن یعنی برج اسد میں قیام حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے اور امکان یہی ہے کہ موجودہ حکومت شاید جولائی میں ہی اسمبلیاں توڑ کر کوئی عبوری حکومت لے آئے،اسی مہینے سے راہو کیتو بھی برج حمل اور میزان میں اپنے قیام کے آخری مرحلے کی طرف بڑھتے ہوئے ستمبر تا نومبر اسٹیشنری پوزیشن اختیار کریں گے جس کے نتیجے میں معاشی بحران جو پہلے ہی بے قابو ہے مزید الجھ کر رہ جائے گا،عوام کی تکلیفات میں مزید اضافہ ہوگا اور اپوزیشن کو مکمل طور سے ختم کرنے کی کوشش عروج پر ہوگی مگر اس کے ساتھ ہی خود حکومتی اتحاد میں بھی اختلافات بڑھیں گے اور گمان غالب ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے راستے جدا ہوجائیں گے،سیاسی میدان میں نئے اتحاد جنم لے سکتے ہیں گویا ایک بار پھر ذاتی مفادات کا کھیل ہی سرفہرست رہے گا،ملک اور عوام کسی کی ترجیح نہیں ہوں گے،الا ماشاءاللہ۔
ماضی میں 1971 کے علاوہ ایساکبھی نہیں ہوا کہ کسی بڑے ملکی بحران کے دوران میں پاکستان کے مقتدر حلقے ملک اور عوام کے مفادات سے غافل ہوکر فیصلے کریں،چناں چہ ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ اس بار بھی ایسا نہیں ہوگا،مقتدر حلقے مفاد پرست سیاست دانوں کی چالوں سے خود کو دوررکھتے ہوئے ملک کی بقا اور عوام کے مفادات کو مدنظر رکھیں گے،پاکستان کے نئے آرمی چیف جناب جنرل عاصم منیر الحمد اللہ حافظ قرآن بھی ہیں اور اپنی گفتگو میں قرآنی آیات کو بہت اہمیت دیتے ہیں،ہمیں یقین ہے کہ وہ اس بدترین مرحلے پر سیاست دانوں کو سیدھی راہ دکھانے میں کامیاب رہیں گے اور سیاست دانوں کی خدمت میں ہم اللہ رب العزت کا یہ اہم پیغام پیش کرنے کی سعادت ضرور حاصل کریں گے۔
”وہ اپنی چالیں چل رہے تھے اور اللہ اپنی چال چل رہا تھا اور اللہ سب سے بہتر چال چلنے والا ہے “(سورة الانفال)
جولائی کی سیاروی گردش
سیارہ شمس برج جوزا میں ہے،18 جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوگا،یہاں اسے اوج کی قوت حاصل ہوتی ہے،سیارہ عطارد برج جوزا میں حرکت کر رہا ہے اور شمس کے قریب ہونے کی وجہ سے غروب حالت میں ہے،9 جولائی کو برج سرطان میں داخل ہوگا اور پھر 25 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوجائے گا،سیارہ زہرہ برج سرطان میںہے، 7 جولائی کو برج اسد میں داخل ہوگا اور 24 جولائی کو اسے رجعت ہوجائے گی،سیارہ مریخ برج اسد میں داخل ہوچکا ہے،پورا مہینہ اسی برج میں رہے گا،سیارہ مشتری برج حمل میں رہے گا جب کہ سیارہ زحل بحالت رجعت برج دلو میں حرکت کرے گا،سیارہ یورینس برج حمل میں اور نیپچون برج حوت میں ، پلوٹو برج جدی میں حرکت کریں گے،راس و ذنب بالترتیب برج حمل اور میزان میں ہوں گے،یہ رفتار سیارگان ویدک سسٹم کے مطابق ہےں۔

نیا چاند

اس ماہ قران شمس و قمر 17 جولائی رات 11:33 pm پر ہوگا،چناں چہ 18 جولائی کی شام رویت ہلال ممکن ہوگی،قران شمس و قمر نحس اثرات کا حامل ہوتا ہے کیوں کہ قمر غروب حالت میں تحت الشاع ہوجاتا ہے،اس موقع پر حروف صوامت سے متعلق بندش کے اعمال کیے جاسکتے ہیں،ایسے اعمال کے لیے 17 جولائی کو 10:35 pm سے 18 جولائی 12:33 am تک موثر وقت ہوگا۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ کسی کے دل میں محبت کے جذبات پیدا ہوں تو اس کے لیے یہاں ایک طریقہ دیا جارہا ہے۔
دیے گئے وقت پر باوضو رجال الغیب کی سمت کا خیال رکھ کر بیٹھیں اور کسی سفید کاغذ پر کالی روشنائی سے مندرجہ ذیل سطور تحریر کریں۔
”احد رسص طعک لموہ لادیا یا غفور یا غفور بستم خواب و خود فلاں بن فلاں در غرض و حق فلاں بن فلاں جب تک نہ دیکھے چین نہ پائے یا حراکیل العجل العجل الساعة الساعة“
پہلے فلاں بن فلاں کی جگہ مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں اور دوسرے فلاں بن فلاں کی جگہ طالب کا نام مع والدہ ، اس کے بعد نقش کو طے کرکے کسی وزنی چیز کے نیچے دبادیں،ان شاءاللہ مطلوب کے دل میں محبت و خلوص پیدا ہوگا۔

قمر در عقرب

قمر اپنے ہبوط کے برج میں 30 جون صبح 09:51 am پر داخل ہوگا اور 2 جولائی دوپہر 12:48 pm تک برج عقرب میں رہے گا،یہ تمام عرصہ نحوست کا ہے،اس دوران میں کوئی نیا کام شروع نہ کریں،اپنے روز مرہ کے فرائض کی ادائیگی پر ہی توجہ دیں،قمر کی ہبوط زدہ حالت میں علاج معالجہ کرانا بہتر ہوتا ہے،اس کے علاوہ بندش کے عملیات بھی اس عرصے میں کیے جاتے ہیں،خصوصاً بری عادتوں سے نجات ، مخالفین کی زبان بندی، بھاگنے والے کو روکنا وغیرہ،ضرورت کے مطابقعملیات ہماری ویب سائٹ پر جفر آثار کے لنک سے مل سکتے ہیں، یہاں مخالفین کی زبان بندی کے لیے ایک مجرب عمل دیا جارہا ہے۔
”احد رسص طعک لموہ لادیا یا غفور یا غفور عقد الاسان فلاں بن فلاں در غرض و حق فلاں بن فلاں ہر گز خلاف نہ ہو یا حراکیل العجل العجل الساعة الساعة“
پہلے فلاں بن فلاں کی جگہ مطلوب کا نام مع والدہ لکھیں اور دوسرے فلاں بن فلاں کی جگہ طالب کا نام مع والدہ ، اس کے بعد نقش کو طے کرکے کسی وزنی چیز کے نیچے دبادیں،ان شاءاللہ کبھی مخالفت نہیں کرے گا۔

شرف قمر

قمر اپنے شرف کے برج ثور میں اس ماہ 13جولائی کو رات 01:29 am پر داخل ہوگا اور 15جولائی 10:52 am تک شرف یافتہ رہے گا،اس تمام عرصے میں 13 جولائی کو رات 08:56 pm سے 09:46 pm تک زیادہ موثر وقت ہوگا جس میں ضروری ور د ووظائف کیے جاسکتے ہیں۔
اس سعد وقت پر بسم اللہ الرحمن الرحیم 786 مرتبہ مرتبہ اول آخر گیارہ بار درود شریف کے ساتھ پڑھیں اور کچھ چینی پر دم کرلیں،یہ چینی گھر میں استعمال ہونے والی چینی میں ملادیں،جب ختم ہونے لگے تو مزید چینی ڈال دلیں تاکہ گھر کے تمام افراد اس چینی کو استعمال کرسکیں،اس کی برکت سے گھر کے افراد میں محبت و اخوت بڑھے گی،باہمی تنازعات ختم ہوں گے،اس کے علاوہ بھی رزق میں برکت ہوگی۔