ایسی چنگاری بھی یا رب اپنی خاکستر میں تھی

برج اسد کی شاہانہ صفات اور برج جوزا کی ذہانت

ارادہ تو یہی تھا کہ آئندہ کسی پاکستانی سیاست داں کے بارے میں نہ لکھا جائے جس کا اظہار ہم نے گزشتہ دنوں کیا تھا لیکن ہمارے بعض قریبی کرم فرما بہ ضد تھے کہ جب بلاول بھٹو پر لکھا ہے تو مریم نواز شریف پر لکھنا بھی ضروری ہے کیوں کہ مستقبل کے سیاست دانوں میں ان کا نام بھی نہایت اہم ہے،جناب نواز شریف کی جانشین وہی نظر آتی ہیں۔
عزیزان من! ہم پہلے بھی یہ گزارش کرچکے ہیں کہ ہمارے ملک میں سیاست دانوں ، اداکاروں اور کھلاڑیوں کی درست تاریخ پیدائش اور وقت پیدائش وغیرہ کا حصول خاصا مشکل کام ہے،عام طور پر جو تاریخ پیدائش ریکارڈ پر موجود ہوتی ہے،وہ درست نہیں ہوتی اور وقت پیدائش معلوم کرنا تو جوئے شیر لانے کے مترادف ہے،کسی بھی ایسٹرولوجر کو اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے وقت پیدائش کا تعین کرنا پڑتا ہے۔
مریم صفدر جو مریم نواز کے نام سے ہی مشہور ہیں،28 اکتوبر 1972 کو لاہور میں پیدا ہوئیں، وقت پیدائش ہماری نظر میں شب 01:32 am ہے اور طالع پیدائش برج اسد ہے،جس کا حاکم سیارہ شمس تیسرے گھر برج میزان میں ہبوط یافتہ ہے،زائچے کے دوسرے گھر سنبلہ میں سیارہ زہرہ ہبوط یافتہ ہے،سیارہ مریخ بھی دوسرے گھر میں ہے،عطارد چوتھے گھر برج عقرب میں اور سیارہ مشتری پانچویں گھر برج قوس میں عروج یافتہ نہایت طاقت ور ہے،راہو بھی پانچویں گھر میں موجود ہے،سیارہ زحل دسویں گھر میں جب کہ قمر اور کیتو گیارھویں گھر میں قریبی قران رکھتے ہےں۔
زائچے کی سب سے اہم خوبی یہ ہے کہ کوئی بھی سیارہ کسی منحوس گھر میں نہیں ہے،راہو کیتو کے علاوہ سیارہ قمر زائچے کے منحوس اثر رکھنے والے سیارے ہیں،قمر سے مشتری ساتویں گھر میں ہمسا یوگ بنارہا ہے جو پنچم مہا پرش یوگ میں سے ایک یوگ ہے،ہمسا یوگ کے حامل افراد غیر معمولی طور پردانش مند اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیںاورمعاشرے میں اہم مرتبے اور عہدے کے حامل ہوتے ہیں،ایک شاندار زندگی گزارتے ہیں۔
ساتھ ہی مشتری کے ساتھ راہو کی موجودگی ”گروچنڈال“ یوگ بھی ترتیب دے رہی ہے،یہ یوگ زائچے کے پانچویں گھر میں اور قمر سے ساتویں گھر میں تشکیل پارہا ہے جو محبت کی شادی کے علاوہ زندگی میں بعض پیچیدہ مسائل کی نشان دہی کر تا ہے،گروچنڈال یوگ کے حامل افراد یقینا عجیب و غریب رویوں اور طرز زندگی کے حامل ہوتے ہیں،بڑی شعلہ و شبنم شخصیت وجود میں آتی ہے جس میں نفسیاتی مسائل بھی شامل ہوتے ہیں،ایسے لوگوں کو سمجھنا آسان نہیں ہوتا، ان کے انتہائی قریبی لوگ بھی اکثر حیران ہوجاتے ہیں،یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ کب کیا کربیٹھیں گے،سیارہ زحل زائچے کے دسویں گھر میں قابض ہے۔

طالع اسد

آئیے ان کے کردار و عمل کے حوالے سے زائچے کے پہلے گھر کے قابض برج اسد کا جائزہ لیتے ہیں، یہ اس برج کے زیر اثر پیدا ہونے والی خواتین کی عمومی خصوصیات ہیں۔
شاہ مزاجی اس برج سے منسوب ہے، اس کا نشان ببر شیر ہے،اپنی خصوصیت میں یہ غیرتغیر پذیر ہے، اس کا عقیدہ ہے کہ ”میں حق دار ہوں“ اپنے عنصر میں یہ آتشی ہے اور اپنی نفسیات میں وجدانی۔
اسد عورت سیروتفریح کی دل دادہ ، اعلیٰ درجے کے ریستوران میں کھانا کھانے کی شوقین ، فلم تھیٹر وغیرہ سے دلچسپی رکھنے والی ہوگی، وہ چاہے گی کہ اس کی شادی بھی نہایت دھوم دھام سے ہو، آپ سے ملاقات کو وہ یادگار بنانے کی خواہش مند ہوگی، اگر پہلی ملاقات اس کی توقعات کے مطابق نہ ہو تو شاید دوسری ملاقات کی نوبت ہی نہ آئے۔
جس طرح اسد مرد کی زندگی میں کمتر اور گھٹیا درجے کی چیزوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوتی بالکل اسی طرح ایک اسد عورت بھی یہی چاہتی ہے کہ اس کی زندگی میں جو کچھ بھی ہو وہ بہت شاندار اور اعلیٰ درجے کا ہو، ساتھ ہی اسد عورت کو اپنی عزت نفس کا بڑا خیال ہوتاہے، وہ بات چیت میں بھی کوئی کمتر درجے کی گھٹیا بات برداشت نہیں کرسکتی، آپ ہمیشہ اسے عزت و احترام سے مخاطب کریں اور یہ احساس دلائیں کہ اس سے زیادہ اہم اور نمایاں شخصیت کوئی دوسری نہیں ہے۔
فطری طور پر وہ عمدہ قسم کی انتظامی صلاحیتوں سے مالامال ہے، وہ دوسروں سے کام لینا جانتی ہے لہٰذا صرف ایسے کاموں کے لیے موزوں ہے جن میں اسے مکمل اختیارات حاصل ہوں، آپ اسے نچلے درجے کی ملازمہ سمجھنے کی غلطی نہ کریں، وہ ان کاموں کے لیے پیدا نہیں ہوئی ہے، وہ ایک شاندارعورت ہے،اسے اس کے شایان شان مقام ملنا چاہیے۔
برج اسد کی بادشاہ مزاجی اسد عورت میں بھی نمایاں ہوتی ہے، وہ حکم چلانا پسند کرتی ہے، آپ یا آپ کی فیملی کا کوئی بھی فرد اسے حکم دینے کی غلطی نہ کرے، اپنے ضروری کاموں کے سلسلے میں آپ اس سے درخواست کرسکتے ہیں، وہ بہت خوش ہوگی، اسی طرح اپنی ذات پر تنقید بھی وہ برداشت نہیں کرسکتی، وہ اپنی تعریف سننا چاہتی ہےں، آپ اسے یہ احساس دلاکر کہ وہ آپ کے لیے بہت اہم ہے اور اس کے بغیر آپ ادھورے ہیں، اس کا دل جیت سکتے ہیں، بعض اسد خواتین کے ذاتی زائچے میں اگر سیارگان خصوصاً سیارہ شمس نحس اثرات سے متاثرہ ہو تو ایسی خواتین بہت نک چڑھی ، مغرور، فضول خرچ اور منفی انانیت کا شکار ہوسکتی ہے، ان کے ساتھ گزارا کرنا خاصا مشکل کام ہوجاتا ہے، انھیں ایک فرماں بردار اور نہایت کمزور شخصیت کا حامل شوہر درکار ہوتا ہے،زیر نظر زائچے میں سیارہ شمس کا ہبوط یافتہ ہونا کردار و عمل میں منفی انانیت اور تنگ نظری ظاہر کرتا ہے۔
طالع میں برج اسد کے 9 درجات طلوع ہیں جو قمری منزل ماگھ میں ہےں، ماگھ کا مطلب طاقت ور اور عظمت والا ہے، یہ عزم ، لیڈر شپ، گھرانے کے فخر اور وفاداری کا اظہار کرتا ہے، کسی مقصد کے لیے خود کو وقف کردینے والے لوگ ہوتے ہیں اور روایت کی پاسداری کرتے ہیں، ان کے پاس دولت اور خدمت گار ہوتے ہیں،ان کی پسند نا پسند بھی مخصوص ہوتی ہے،اپنے والدین اور آباو¿اجداد سے گہری عقیدت رکھتے ہیں، اس قمری منزل کا حاکم کیتو ہے گویا جاہ و جلال کے ساتھ ایک مجذوبانہ روحانی تجربہ دیکھنے میں آتا ہے مگر چوں کہ یہ منزل برج اسد میں ہے اور اس کا حاکم اقتدار کا سیارہ شمس ہے لہٰذا روحانی تجربات میں سادگی یا درویشی نہیں ہوتی،اس منزل کا نشان پالکی ہے یعنی شاہی سواری،اس کی فطرت غیر انسانی(راکھ شس) ہے،بنیادی محرک مادّی ترقی ہے،امید ہے اس تشریح سے محترمہ کے کردار و عمل کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

فطری خصوصیات

عزیزان من! ہمارا شمسی برج جو عام لوگوں کے علم میں ہوتا ہے اور وہ اسی کو سب کچھ سمجھتے ہیں جو ایک غلط نظریہ ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ شمسی برج کے ذریعے صرف ہماری ظاہری شخصیت پر روشنی پڑتی ہے،ہم اپنے کردار و عمل میں کیسے ہیں ، یہ جاننے کے لیے طالع پیدائش (لگن) کا جائزہ لینا چاہیے لیکن ہماری فطرت جو کبھی تبدیل نہیں ہوتی ،ہمارے قمری برج اور قمری منزل کی مرہون منت ہے،محترمہ کا قمر برج جوزا میں واقع ہے، جوزا ایک ذوجسدین برج (Double body sign) ہے جس کے تحت ایک نہایت بے چین و بے قرار روح جنم لیتی ہے،بے شک یہ لوگ ذہین ،عمدہ، سیکھنے سمجھنے کی صلاحیت رکھنے والے ، ورسٹائل خصوصیات کے حامل ، پارہ صفت ہوتے ہیں،اگر بقول اقبال یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا پلٹنا جھپٹنا، جھپٹ کر پلٹنا، ان کے نزدیک لہو گرم رکھنے کا ایک بہانہ ہے۔
قمر یہاں منزل پنروسو میں ہے جس پر عقل و دانش کے سیارے مشتری کی حکمرانی ہے،گویا ذہانت کے ساتھ دانش بھی اس منزل کا طرئہ امتیاز ہے،اس کی علامت کمان اور ترکش ہے،فطرت دیوا(Divine) اور بنیادی محرک مادّی ترقی ہے،یہ لوگ زندگی میں جو کچھ حاصل کرنا چاہیں اس کی طاقت رکھتے ہیں،خوش و خرم رہنا جانتے ہیں اور مال دار و خوش حال ہوسکتے ہیں،عموماً ان کی ازدواجی زندگی میں الجھاو ہوسکتا ہے،اس منزل میں پیدا ہونے والی خواتین مکمل طور پر ایک ہاوس وائف کی حیثیت سے خوش نہیں رہ سکتیں،انھیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہ ملے تو ڈپریشن کا شکار ہوجاتی ہیں،بعض کیسوں میں ایسی صورت میں ازدواجی زندگی میں ناکامی اور شوہر سے علیحدگی بھی دیکھنے میں آتی ہے۔
قمر زائچے میں کیتو کے ساتھ قریبی قران رکھتا ہے اور راہو کی نظر بھی اس پر ہے،یہ پوزیشن سیاست سے گہری دلچسپی اور سیاست میں فعالیت کا سبب ہے،خوش قسمتی سے سیاست ورثے میں مل گئی ہے،ان کے والد جناب نواز شریف ملک کے نامور سیاست داں اور تین بار وزیراعظم رہنے والے غیر معمولی انسان ہیں،یہ سوال بڑا اہم ہے کہ وہ کس حد تک اپنے والد کی وراثت سے انصاف کرسکیں گی،عملی طور پر وہ مستقل مزاج ہیں، انتظامی صلاحیت رکھتی ہیں لیکن فطری طور پر صورت حال اس کے برعکس ہے،برج جوزا میں قمر اور میزان میں شمس ، سنبلہ میں زہرہ اس حوالے سے ان کے لیے مشکلات پیدا کرنے کا سبب ہےں،مسلم لیگ ن کو متحد رکھنا ان کے لیے مشکل ہوگا،دوسری صورت میں پرانے ن لیگیوں کی جگہ نئے لوگوں کو جگہ دینا پڑے گی اور ضروری نہیں ہے کہ وہ ان کے ساتھ اسی طرح مخلص رہیں جیسے ان کے والد کے ساتھ تھے ۔

اہم سیاروی امتزاج

زائچے میں بعض غیر معمولی سیاروی یوگ (Combinations) موجود ہیں جو انھیں ایک غیر معمولی شخصیت بناتے ہیں جن میں سرفہرست ”ہمسا یوگ، گج کیسری یوگ، پری ورتن یوگ ،گروچنڈال یوگ“ نمایاں ہیں، خصوصاً سیارہ مشتری کی پانچویں گھر میں اور اپنے برج میں موجودگی نہایت طاقت ور اور اعلیٰ شعوری صلاحیتوں کی مظہر ہے،ہمسا یوگ کے حامل افراد اعلیٰ عہدے و مرتبے تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،خصوصاً سیاسی میدان میں،عوام میں مقبول ہوتے ہیں،ان کی شخصیت نہایت پرکشش نظر آتی ہے،اسی طرح گج کیسری یوگ کے حامل افراد نہایت جذباتی ہونے کے ساتھ اپنے دشمنوں کو تباہ و برباد کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں،ہر قسم کی مخالفت کا دلیری کے ساتھ سامنا کرتے ہیں اور وہ سب کچھ حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں جس کی انھیں خواہش ہوتی ہے،زائچے میں پری ورتن یوگ عطارد و مریخ بنارہے ہیں،یہ بھی اقتدار کی راہ داریوں کی سمت رہنمائی کرتا ہے اور دولت کے حصول میں مددگار ثابت ہوتا ہے،ایسے لوگ اعلیٰ درجے کے لباس اور رہن سہن کے رسیا ہوتے ہیں،ان کی زندگی شاہانہ طور طریقوں سے عبارت ہوتی ہے،اعلیٰ پوزیشن حاصل کرتے ہیں اور زندگی میں اتھارٹی چاہتے ہیں ۔
عزیزان من! زائچے میں منفی و مثبت اثرات کے حامل بہت سے یوگ تشکیل پاتے ہیں جن کے نتیجے میں ہمارے سامنے ایک منفرد نوعیت کی شخصیت وجود میں آتی ہے،کسی خاتون کے زائچے میں طالع پیدائش اور شمس و قمر اگر طاق بروج میں ہوں تو وہ یقینا ایک ورکنگ وومن ہوگی،اسے گھر کی چار دیواری تک محدود رکھنا تقریباً ناممکن ہوگا،بے شک اپنی ازدواجی زندگی کی ذمے داریوں اور بچوں کی پرورش کی حد تک ضرور اسے گھر داری سے دلچسپی ہوگی لیکن صرف یہی اس کی زندگی کا حاصل نہیں ہوگا،وہ اس سے بڑھ کر بھی زندگی میں کچھ کرنے کے لیے مضطرب و بے قرار رہے گی،صاحب زائچہ ایک دولت مند گھرانے میں پیدا ہوئیں اور اقتدار کی راہ داریوں میں زندگی کا زیادہ عرصہ گزارا، ان کے والد وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم پاکستان رہے،کم عمری میں ہی من پسند شادی ہوگئی لہٰذا وہ تمام خواہشات ابتدائی زندگی میں ہی تکمیل پاگئیں جو کسی لڑکی کے کے لیے اہمیت کی حامل ہوسکتی ہیں،اس کے بعد یقینا اپنے زائچے کی دیگر اہم خصوصیات کے اظہار کے لیے انھیں سیاست کے میدان میں آنا ہی تھا، ایک سجی سجائی بساط سیاست پہلے سے ان کی منتظر تھی، ان کے بھائیوں میں کسی کو اس میدان میں مصروف عمل ہونے کا یقینا کوئی شوق نہیں رہا ہوگا،وہ ضرور بزنس مائنڈ ہوں گے اور بزنس ہی میں مصروف رہے مگر یہ کیسے ممکن ہے کہ خاتون ہوتے ہوئے بھی شاہانہ مزاج برج اسد اقتدار کے ایوانوں سے دور رہے۔
ہمیں یہ تجزیہ کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہے کہ اس جمہوری ملک میں ”جمہوری سوچ “کے حامل سیاست دانوں کا فقدان ہے،شاید یہی اس ملک کی بدقسمتی ہے،محترمہ کو بھی ہم مکمل طور سے جمہوریت پسند خیال نہیں کرتے۔
ان کے زائچے میں پیدائش کے وقت ہی سیارہ مشتری کا دور اکبر طلوع ہوگیا تھا لیکن تقریباً گیارہ سال کی عمر سے زحل کا طویل دور شروع ہوا جو تیس سال کی عمر تک جاری رہا اور اس کے بعد سیارہ عطارد کا دور 2019 تک جاری رہا، عطارد کے دور میں انھیں اپنی حیثیت کو نمایاں کرنے کے مواقع ملے، وہ راہو کے سب پیریڈ میں باقاعدہ طور پر سیاست میں فعال ہوگئیں۔نومبر 2019 سے ان کے زائچے میں کیتو کا دور اکبر شروع ہوا جو نومبر 2026 تک جاری رہے گا، اس دور کو مثبت اثرات کا حامل نہیں کہا جاسکتاالبتہ کیتو کے دور میں سیارہ مشتری کا دور اصغر 13 نومبر 2023 سے شروع ہوگا جو یقینا مثبت اثر کا حامل ہوگااور اس دور میںوہ ملکی سیاست میںکوئی نمایاں مقام حاصل کرسکیں گی، یہ دور اکتوبر 2024 تک جاری رہے گا اور اس کے بعد زحل کا دور اصغر ہوگا،فوری طور پر ان کے وزیراعظم بننے کا امکان نظر نہیں آتا، البتہ بعد میں ایسے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
زائچے میں سیاروی گردش بھی اہم اثرات کا باعث ہوتی ہے جو اکثر ادوار کے اثر پر حاوی ہوتی ہے،2020 سے چھٹے ساتویں گھر کا حاکم سیارہ زحل زائچے میں چھٹے گھر میں آگیا تھا جس کے باعث وہ سیاسی میدان میں کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہیں کرسکیںاورقیدوبند کے ساتھ مقدمات کا سامنا کرتی رہیں،گزشتہ سال اپریل سے سیارہ مشتری بھی زائچے کے آٹھویں گھر میں موجود ہے،یہ بھی کوئی موافق پوزیشن نہیں ہے لہٰذا ہم دیکھتے ہیں کہ 2020 سے انھیں سیاسی میدان میں مشکلات ہی کا سامنا رہا ہے،اب صورت حال تبدیل ہورہی ہے،سیارہ زحل ساتویں گھر میں بہتر پوزیشن میں ہے،سیارہ مشتری 14 اپریل کے بعد زائچے کے نویں گھر میں داخل ہوگا تو انھیں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا موقع ملے گا، وہ سیاسی میدان میں زیادہ نمایاں حیثیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
زائچے میں تیسرے گھر کا حاکم سیارہ زہرہ اپنے برج ہبوط میں رہتے ہوئے دوسرے گھر میں ہے گویا اپنے گھر سے بارھویں گھر میں اس کی پوزیشن قریبی عزیزوں سے خصوصاً بہن بھائیوں اور کزنز سے اختلافات کی نشان دہی کرتی ہے اور دلچسپ صورت حال یہ ہے کہ ان کے تمام قریبی عزیز بھی سیاست میں ہیں جن سے اختلافات ہوسکتے ہیں، یہ صورت حال آگے چل کر مزید متنازع ہوسکتی ہے،اس حقیقت میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ مسلم لیگ ن کے قائد محترمہ کو اپنا جانشین مقرر کریں گے، دیکھنا یہ ہوگا کہ وہ اپنی پارٹی کو کس حد تک متحد رکھنے میں کامیاب رہیں گی، ان کے زائچے کی پوزیشن دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ انھیں پارٹی کی تشکیل نو کرنا پڑے گی،طالع برج اسد کی شاہانہ مزاجی ایسے لوگوں کو اپنے قریب برداشت نہیں کرسکتی جو ان کی حکم عدولی کریں یا ان کے معاملات میں مشورے دیں، ان لوگوں کی ایک کمزوری یہ بھی ہے کہ خوشامدی لوگوں کو اپنے ارد گرد اکٹھا کرلیتے ہیں چوں کہ وہ ہمیشہ تعریف سے خوش رہتے ہیں اور اکثر ایسے لوگوں سے دھوکا کھاتے ہیں۔